Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی میں ٹرک کی ٹکر سے 8 سالہ بچی جاں بحق

    کراچی میں ٹرک کی ٹکر سے 8 سالہ بچی جاں بحق

    کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں ٹرک کی ٹکر سے 8 سال کی بچی جاں بحق ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا بتانا ہے کہ 8 سالہ ادیبہ سڑک پارک کرتے ہوئے ٹرک کی زد میں آگئی، حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہوگیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کلینر کو گرفتار کرکے ٹرک تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل بنارس میں ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئی، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کنواری کالونی منگھوپیر کی رہائشی تھی۔

    یہ پڑھیں: کراچی میں ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار خاتون کو کچل دیا

    پولیس نے واقعے سے متعلق بتایا کہ ٹریلر ڈرائیور نے سائیڈ دی تو موٹر سائیکل سوار خاتون اپنا توازن برقرارنہ رکھ سکی۔

    خاتون موٹرسائیکل سے گری اور ٹریلر کی زد میں آگئی، پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر انکوائری شروع کردی۔

  • کراچی : انٹر پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کا اعلان، زرلٹ چیک کریں

    کراچی : انٹر پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کا اعلان، زرلٹ چیک کریں

    کراچی : انٹرمیڈیٹ پری انجینئرنگ گروپ کے نتائج کا اعلان کردیا گیا، جس میں کامیابی کا تناسب 54.94 فیصد فیصد رہا۔

    Check BIEK- HSC Part II- Pre-Engineering Results Here

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ بارہویں جماعت سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے سالانہ امتحانات برائے 2025ء کے نتائج کا اعلان کردیا۔

    چیئرمین انٹربورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں تینوں پہلی پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں ، پہلی پوزیشن مشترکہ طور پر دو طالبات نے حاصل کی۔

    سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں پہلی پوزیشن مشترکہ طورپر عثمان پبلک اسکول کیمپس ون کی طالبہ لائبہ انصاری اور بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ سیدہ عنزیلہ حیدر زیدی نے لی۔

    بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی طالبہ آئزل مرحا نے دوسری جبکہ ہمدرد انٹرمیڈیٹ کالج فار سائنس اینڈ کامرس بلاک ایچ نارتھ ناظم آباد کی طالبہ حفصہ عمران نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    گروپ کے امتحانات میں 21ہزار 617 امیدوارو ں نے رجسٹریشن حاصل کی اور 21ہزار 19 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے ، جس میں سے 11ہزار 547 امیدوار کامیاب قرار پائے

    کامیابی کا تناسب 54.94 فیصد فیصد رہا، امتحانات میں 1035امیدوار اے ون گریڈ، 1762 اے گریڈ، 2351 بی گریڈ، 2938 سی گریڈ، 3124 ڈی گریڈ، 296 ای گریڈمیں کامیاب قرار پائے۔

    Currency Rates in Pakistan Today- پاکستان میں آج ڈالر کی قیمت

  • کراچی میں ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار خاتون کو کچل دیا

    کراچی میں ٹریلر نے موٹرسائیکل سوار خاتون کو کچل دیا

    کراچی: بنارس چوک پر ٹریلر نے موٹرسائیکل سوارخاتون کو کچل دیا، خاتون کو ٹکر مارنے والے ٹریلر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا گیا۔

    بنارس میں ٹریلر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق ہوگئی، پولیس نے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے، پولیس نے بتایا کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والی خاتون کنواری کالونی منگھوپیر کی رہائشی تھی۔

    پولیس نے واقعے سے متعلق بتایا کہ ٹریلر ڈرائیور نے سائیڈ دی تو موٹر سائیکل سوار خاتون اپنا توازن برقرارنہ رکھ سکی۔

    خاتون موٹرسائیکل سے گری اور ٹریلر کی زد میں آگئی، پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لےلیا ہے، واقعے کا مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

  • کراچی: فیکٹری کا ملازم لفٹ میں دم گھٹنے سے جاں بحق

    کراچی: فیکٹری کا ملازم لفٹ میں دم گھٹنے سے جاں بحق

    کراچی کے علاقے کورنگی ویٹا چورنگی پر فیکٹری کا ملزم لفٹ میں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ویٹا چورنگی میں گارمنٹ فیکٹری کی لفٹ میں پھنسنے والا ملازم کاشف موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

    فیکٹری انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع نہیں دی اور واقعے کو چھپانے کی کوشش کی۔

    ذرائع کے مطابق کاشف جب لفٹ میں پھنسا تو فیکٹری انتظامیہ کے لیے چائے لینے جارہا تھا، جس کے جسم کا آدھا حصہ لفٹ کے اوپر اور آدھا حصہ نیچے پھنسا ہوا تھا۔

    فیکٹری انتظامیہ کی جانب سے کسی لفٹ کے ماہر یا تربیت یافتہ شخص کو نہیں بلایا گیا جس کی وجہ سے ملازم کی جان چلی گئی۔

    پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری شروع کردی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 19 کی ایک رہائشی عمارت میں افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا جس نے والدین کے اکلوتے بیٹے کی جان لے لی تھی۔

    حکام کے مطابق لفٹ کو کاٹ کر بچے کو باحفاظت نکالنے کی کوشش کی گئی، بچے کو سر نکال کر شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔

  • کراچی: 14 اگست کو ہوائی فائرنگ، مرحا کے گھر کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں

    کراچی: 14 اگست کو ہوائی فائرنگ، مرحا کے گھر کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں

    کراچی کے علاقے عزیز آباد میں 14 اگست کو ہوائی فائرنگ 6 سالہ معصوم بچی مرحا کی جان لے گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی میں 14 اگست کو جشن آزادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ سے معصوم بچی مرحا کے گھر کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہوگئی۔

    والد نے بتایا کہ مجھے 12:30 کے قریب بھابھی کی کال آئی کہ جلدی آجاؤ مرحا کو کچھ ہوگیا ہے۔

    دادی نے کہا کہ ہمارے تو پیروں تلے زمین نکل گئی جب یہ دیکھا کہ والدہ بچی کو خون میں لت پت لے کر پہنچی ہے۔

    والدہ نے کہا کہ ہمیں ہر جگہ بیٹی نظر آتی ہے، کچھ نہیں بس انصاف چاہیے۔

    یہ پڑھیں: کراچی : یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ کرنے والے 125 ملزمان گرفتار

    عزیزآباد پولیس نے جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 7 سالہ بچی کے قتل میں ملوث 3 ملزمان کو گرفتار کرکے نائن ایم ایم پستولیں برآمد کرلیں۔

    برآمد کی جانے والی پستول اور بچی کو لگنے والی نائن ایم ایم پستول کی گولی کا خول فارنزک رپورٹ کے لیے بھیج دیا گیا، رپورٹ سے معلوم ہو سکے گا بچی کو گولی کس اسلحہ سے چلنے والی گولی سے لگی تھی۔

    جشن آزادی کے موقع پرعزیزآباد تھانے کی حدود مکان نمبر 1146 بلاک 8 ایف بی ایریا میں ہوائی فائرنگ کی زد میں آکر 6 سالہ بچی مرحا عرف نیہا دختر وقاص جاں بحق ہوگئی تھی۔

  • کراچی والے تیار ہوجائیں !  شدید بارشوں  کی پیش گوئی

    کراچی والے تیار ہوجائیں ! شدید بارشوں کی پیش گوئی

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے کراچی میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کردی۔

    محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا کہ نیا مون سون سسٹم 17 اگست کی رات بھارت کے گجرات سے سندھ میں داخل ہوگا، جس کے باعث 18 اگست سے 23 اگست کے دوران سندھ کے مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔

    اس دوران کراچی میں بھی ایک سے دو بارش کے اسپیل برسنے کا امکان ہے، جس کے باعث اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

    دوسری جانب پنجاب پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے یومِ آزادی کے موقع پر لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں شدید بارشوں کی وارننگ جاری کردی ہے۔

    مزید پڑھیں : کلاؤڈ برسٹ : کیا بادل پھٹنے کی پیش گوئی کی جاسکتی ہے؟

    ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاتھیا کے مطابق مون سون کا ساتواں مرحلہ شروع ہوچکا ہے جو 21 اگست تک جاری رہے گا۔

    یہ اسپیل پچھلے مراحل کے مقابلے میں زیادہ شدید ہوسکتا ہے، جس سے بالائی دریا کے ایریاز اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

  • کراچی : جشنِ آزادی ریلی سے اغوا ہونے والا لڑکا بازیاب ، 4 ملزمان گرفتار

    کراچی : جشنِ آزادی ریلی سے اغوا ہونے والا لڑکا بازیاب ، 4 ملزمان گرفتار

    کراچی: رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے جشنِ آزادی ریلی کے دوران سے اغوا ہونے والے لڑکے کو بازیاب کراکر 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    کراچی: رینجرز نے نیو ایم اے جناح روڈ اسلامیہ کالج کے قریب کارروائی کرتے ہوئے جشنِ آزادی ریلی کے دوران اغوا ہونے والے 15 سالہ لڑکے کو بازیاب کرا لیا، جبکہ 4 ملزمان کو گرفتار کر کے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور پولیس کے جعلی سامان برآمد کر لیا گیا۔

    ترجمان رینجرز نے بتایا گرفتار ملزمان کی شناخت عامر علی، بلال علی، فیصل رانا اور خاتون گلزارہ کے نام سے ہوئی ہے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزمان شہریوں کے منظم اغوا کی وارداتوں میں ملوث تھے، کارروائی کے دوران ملزمان کے تین ساتھی موٹرسائیکلوں پر کار کو کور فراہم کر رہے تھے جو رینجرز کے پہنچنے پر موقع سے فرار ہوگئے۔

    گرفتار ملزمان کے قبضے سے پولیس کی وردی، ہتھکڑی، پولیس لائٹ لگی کالے شیشوں والی گاڑی اور اسلحہ برآمد ہوا۔

    ترجمان رینجرز نے مزید بتایا کہ کہ فرار ملزمان میں گینگ لیڈر نعمان، فرید الحق اور محمد نور شامل ہیں، جبکہ گرفتار خاتون گلزارہ گینگ لیڈر کی قریبی ساتھی ہے اور مجرمانہ سرگرمیوں میں معاونت فراہم کرتی رہی ہے۔

    مغوی لڑکے نے بیان میں بتایا کہ وہ ضلع لاڑکانہ کا رہائشی اور کراچی میں پنکچر کی دکان پر کام کرتا ہے۔ وہ مزارِ قائد پر جشن آزادی ریلی میں شریک تھا جہاں ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے اُسے تشدد کا نشانہ بنایا اور زبردستی گاڑی میں ڈال کر نامعلوم مقام پر لے جانے لگے۔

    ترجمان کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں جبکہ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

  • ’’اب تم خوش ہو جاؤ، تمہاری وجہ سے کیا ہوا ہے؟‘‘

    ’’اب تم خوش ہو جاؤ، تمہاری وجہ سے کیا ہوا ہے؟‘‘

    کراچی (16 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے ڈیفنس خیابان مجاہد میں اپنے 2 معصوم بچوں کو قتل کرنے والی قاتل ماں ادیبہ نے سفاکانہ عمل کے بعد شوہر کو ایک ایسا وائس میسج کیا جسے پڑھ کر در مند دل دہل جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابانِ مجاہد میں 14 اگست کو ادیبہ نامی خاتون نے اپنے دو بچوں کو تیز دھار آلے کے ساتھ گلا کاٹ کر قتل کر دیا تھا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے، معلوم ہوا کہ ادیبہ اور اس کے شوہر غفران میں 2024 میں طلاق ہو گئی تھی، اور بچوں کی حوالگی کا مسئلہ چل رہا تھا۔

    اب تم خوش ہو جاؤ!


    اب پولیس تفتیش میں اس سفاکانہ قتل کے سلسلے میں ایک اور انکشاف ہوا ہے، بچوں کو گھر کے واش روم میں بے دردی سے مارنے والی قاتل ماں نے واردات کے بعد شوہر کو وائس میسج کیا، جس میں اس نے کہا کہ ’’اب تم خوش ہو جاؤ، تمہاری وجہ سے کیا ہوا ہے؟؟؟‘‘

    اے آر وائی نیوز نے ابتدائی تفتیش کی اہم معلومات حاصل کر لی ہیں، جس کے مطابق قتل ہونے والے معصوم بچے جشن آزادی بھرپور طریقے سے منانا چاہتے تھے، معصوم سمہیا نے ماں سے ہی ’ایسی زمیں اور آسماں‘ گانا بھی سیکھ لیا تھا، اور قتل سے پہلے ماں کی فرمائش ہی پر غفران نے دونوں کو یوم آزادی کے کپڑے بھی دلوا دیے تھے۔

    14 اگست کی تیاری کے لیے ادیبہ اور غفران میں ہونے والے واٹس ایپ میسجز


    ابتدائی تحقیقات کے مطابق ادیبہ اور غفران واٹس ایپ پر روزانہ میسج اور فون پر بات کرتے تھے، ادیبہ نے میسج پر غفران کو کہا ’کیا ضرار کے پاس کل کے لیے شلوار قمیض ہے؟ کیا سمیہا کو بتایا کہ اسے کل کیا پہننا ہے؟‘ پھر کہا ضرار کے ایک یا دو سائز بڑے جوتے لینا، کیوں کہ وہ بڑا ہو رہا ہے، پھر میسج کیا کہ مما سنگاپور سے واپس آ گئی ہیں اور سمیہا کے کپڑے لائی ہیں اور کہا سمیہا نے کل کے لیے تیاری کر لی ہے، اس کے پاس جھنڈیاں بھی ہیں، ضرار کا سبز کرتا لے لینا، اگر پہلے سے سفید شلوار یا پینٹ ہے تو مت لینا۔ڈیفنس کراچی قاتل ماں ادیبہ 14 اگست

    تمام سوالوں کے جواب میں غفران کا جواب آیا کہ ٹھیک ہے، پھر ادیبہ نے کہا کل دفتر سے جلدی آنے کی کوشش کرنا، اسی دوران والد غفران کی جانب سے بچوں کو تیار کر کے تصاویر بھیجی گئیں، تصاویر میں بچوں نے جشن آزادی کی تیاری کی ہوئی تھی، ادیبہ تصاویر دیکھ کر بولی ماشاء اللہ، یہ کب تیار ہوئے، ضرار کی ٹوپی کہاں ہے؟


    کراچی : اپنے بچوں کو قتل کرنے والی ماں کیخلاف مقدمہ درج


    غفران کا جواب آیا اسکول جاتے وقت تیار ہوئے، ضرار نے ٹوپی نہیں پہنی، اور کہا سمہیا بہت خوش تھی، ضرار 7 بجے سمہیا 8 بجے نکلی، ماں نے کہا ضرار ہینڈ بینڈ بھی پہننا بھول گیا، ضرار کا کرتا کہاں سے لیا؟

    پھر ماں کا میسج آیا، بچے کہہ رہے ہیں آج رات رکنے کی اجازت لی ہے تم سے؟؟ والد غفران نے مسکرا کر کہا ہاں، اور قاری صاحب کو بھی بتا دینا، ادیبہ نے کہا ان کو تم خود بتا دو، میں ان سے رابطے میں نہیں، والد غفران نے کہا سمیہا کو کہنا وہ ایسی زمیں اور آسماں گائے۔ ماں نے جواب دیا میں نے اسے سکھا دیا ہے۔

    والد نے کہا سمیہا اس پر رقص بھی کرتی ہے، ماں نے جواب دیا میں نے اس کو رقص نہیں سکھایا، کیا تم فیس بک والی تصاویر بھیج سکتے ہو۔

  • ویڈیو رپورٹ: ماں کے منتظر ننھے بچے کو روندنے والا ٹینکر پولیس نے تلاش کر لیا، ڈرائیور فرار

    ویڈیو رپورٹ: ماں کے منتظر ننھے بچے کو روندنے والا ٹینکر پولیس نے تلاش کر لیا، ڈرائیور فرار

    کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 میں گزشتہ رات واٹر ٹینکر نے 4 سال کے بچے کو کچل دیا، جاں بحق ارسلان والدہ کے انتظار میں گھر کے باہر بیٹھا تھا، گلی سے گزرتے تیز رفتار ٹینکر نے روند ڈالا۔

    گلی میں موجود دیگر بچے ٹینکر کے پیچھے بھاگے، محلے والوں کو آوازیں دیتے رہے لیکن ڈرائیور تیز رفتاری سے فرار ہو گیا۔

    معصوم ارسلان کی والدہ نے بتایا ’’میں گھروں میں کام کرتی ہوں، بیٹا گھر کے باہر بیٹھا روز کی طرح میرا انتظار کر رہا تھا۔‘‘ عینی شاہد خاتون نے بتایا کہ گلی میں جگہ کم ہونے کے باوجود ڈرائیور تیز رفتاری سے آیا اور بچے کو روند ڈالا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے ٹینکر تحویل میں لے لیا گیا ہے، جب کہ مفرور ڈرائیور کی تلاش کی جا رہی ہے۔


    والدہ کے انتظار میں گھر کے باہر بیٹھے 6 سالہ ارسلان کو واٹر ٹینکر نے کچل دیا


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی:  نوجوان پر تشدد کیس  :  سلمان فاروقی کیخلاف مقدمہ ختم

    کراچی: نوجوان پر تشدد کیس : سلمان فاروقی کیخلاف مقدمہ ختم

    کراچی : عدالت نے نوجوان پرتشدد کیس میں ملزمان سلمان فاروقی اوراویس ہاشمی کیخلاف مقدمہ ختم کردیا ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ میں ڈیفنس فیز 6 میں نوجوان پرتشدد کیس کی سماعت ہوئی، عدالتی حکم پر تفتیشی افسر نے مقدمے کا چالان اور سی کلاس رپورٹ پیش کی۔

    جس میں بتایا گیا مدعی نوجوان دھیرج عرف دھن راج نے بیان دیا کہ وہ ملزمان سلمان فاروقی اور اویس ہاشمی کے خلاف کارروائی نہیں چاہتا۔

    پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ نوجوان نے مقدمے کو غلط فہمی کی بنیاد پر درج قرار دیا اور تحریری طور پر لکھ کر دیا کہ سلمان فاروقی نے بدتمیزی نہیں کی۔ مدعی نے حلف نامہ بھی جمع کرایا کہ وہ مقدمہ چلانا نہیں چاہتا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ مدعی کے بیان کے بعد جان سے مارنے کی دھمکی اوردیگرالزامات ختم کردیے ہیں۔

    عدالت نے پولیس رپورٹ پر ملزمان سلمان فاروقی اوراویس ہاشمی کیخلاف مقدمہ ختم کردیا۔

    مزید پڑھیں : ڈیفنس تشدد کیس : متاثرہ نوجوان نے سلمان فاروقی کو معاف کر دیا

    یاد رہے واقعے کا مقدمہ تھانہ گذری میں درج کیا گیا تھا، سوشل میڈیا پر موٹر سائیکل سوار سدھیر پر کار سوار کی جانب سے ہمشیرہ کی موجودگی میں تشدد کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔

    جس میں ملزم نے گالیاں اوردھمکیاں دیں اور نوجوان کی بہن ہاتھ جوڑتی رہی لیکن ملزم کے کان پرجوں تک نہ رینگی، خواتین کو بھی دھکے دیے ساتھ ہی جان سے مارنےکی دھمکیاں دیں، تشدد اور ہجوم میں بےعزت کیا۔

    بعد ازاں ڈیفنس تشدد کیس میں متاثرہ نوجوان نے سلمان فاروقی کو عدالت میں معاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ عدالت جو بھی فیصلہ کرے مجھے کوئی اعتراض نہیں۔

    عدالت نے پوچھا تھا کہ تمہیں کسی قسم کا دباوٴ کا سامنا تو نہیں تو متاثر نوجوان نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں کوئی کیس نہیں کرنا چاہتا، ملزم کو معاف کردیا ہے۔