Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی میں ڈمپر حادثات میں  اموات  کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    کراچی میں ڈمپر حادثات میں اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر

    کراچی : ڈمپر حادثات میں اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی ، جس میں کہا گیا ہے کہ عدالت ڈمپرز کی رجسٹریشن اور فٹنس سے متعلق ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈمپر حادثات کے باعث ہونے والی اموات کے خلاف سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

    درخواست میں چیف سیکرٹری سندھ، ہوم سیکرٹری، آئی جی سندھ اور دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے۔

    درخواست تحریک بحالی کراچی کے اشرف جبار قریشی ودیگر کی جانب سے دائر کی گئی ، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ڈمپر چلانے والے ڈرائیوروں کی اکثریت ٹریفک قوانین کی پابندی نہیں کرتی، جس کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں۔

    مزید پڑھیں :  کراچی میں رواں برس ہیوی ٹریفک 168 افراد کی جانیں نگل چکا

    عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ ڈمپرز کی رجسٹریشن اور فٹنس سے متعلق مکمل ریکارڈ طلب کیا جائے اور فریقین کو سپریم کورٹ و ہائیکورٹ کے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا جائے۔

    خیال رہے کراچی میں ڈمپر، ٹینکر اور ٹریلر پر مشتمل ہیوی ٹریفک شہریوں کا قاتل بن چکا ہے اور ہر روز کوئی نہ کوئی انسانی جان اس کے پہیوں تلے روندی جا رہی ہے۔

    ڈمپر ٹینکر ٹریلر رواں برس میں اب تک 168 افراد کی جانیں لے چکے ہیں لیکن حادثات کا سلسلہ تھم نہیں رہا۔

  • کراچی میں بے لگام ڈمپر نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دی

    کراچی میں بے لگام ڈمپر نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھا دی

    کراچی(15 اگست 2025): شہر میں بے لگام ڈمپر نے ایک اور گھر میں صف ماتم بچھادی، سی وی سے واپس آنے والے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ کراچی میں ایم ٹی خان روڈ مائی کلاچی کے قریب پیش آیا ہے جہاں ڈمپر کی زد میں آکر دو افراد میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ ڈمپر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے باعث پیش آیا ہے، حادثے میں موٹر سائیکل سوار مرد اور خاتون جاں بحق ہوئے ہیں جن کی شناخت مہر اور بلال کے ناموں سے ہوئی ہے۔

    حکام کا مزید بتانا ہے کہ جاں بحق ہونیوالے میاں بیوی ہیں اور اورنگی ٹاؤن کے رہائشی ہیں، لواحقین دونوں میاں بیوی سی ویو سے واپسی پر ڈمپر  کی زد میں آئے ہیں۔

    مزید پڑھیں : راشد منہاس روڈ حادثہ، 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دیے گئے

    واضح رہے کہ کراچی میں بے لگام ڈمپروں کا معاملہ ایک سنگین مسئلہ ہے جو شہریوں کی جان و مال کے لیے خطرہ بنا ہوا ہے، حالیہ اطلاعات کے مطابق تیز رفتار ڈمپروں کے باعث متعدد المناک حادثات پیش آئے ہیں۔

    جن میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں، اگست 2025 میں فیڈرل بی ایریا، راشد منہاس روڈ پر لکی ون مال کے قریب ایک ڈمپر نے موٹرسائیکل سوار بہن بھائی، 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا کو کچل دیا تھا، جس سے دونوں جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کے والد شدید زخمی ہوئے۔ اس واقعے کے بعد مشتعل شہریوں نے 6 سے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی اور ڈرائیور پر تشدد کیا، جسے بعد میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔

  • ملک بھر میں چہلم امام حسینؓ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

    ملک بھر میں چہلم امام حسینؓ عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے

    (15 اگست 2025): ملک بھر میں میں حضرت محمد ﷺ کے نواسے حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کا چہلم روایتی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے علم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے، نوحہ خوانی اور ماتم برپا کرکے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔

    ادھر، کراچی میں چہلم  شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا، چہلم کے لیے کراچی میں سیکیورٹی کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، ایم اے جناح روڈ جلوس کے راستوں کے اطراف کی سڑکیں اور گلیاں کنٹینرز رکھ کر بند کردی گئی ہیں۔

    کراچی میں جلوس کے روٹ پر مارکیٹوں کو بم ڈسپوزل یونٹ نے سرچنگ کے بعد سیل کردیا، چہلم  شہدائے کربلا کا مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے نشتر پارک سے برآمد ہوگا۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ جلوس کی سیکیورٹی کیلئے 4 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیےگئے ہیں، شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے جبکہ جلوس کے روٹ پر موبائل فون سروس جزوی معطل ہوگی۔

    لاہور میں چہلم امام حسینؑ کا مرکزی جلوس حویلی الف شاہ دہلی دروازہ سے برآمد ہوگا جبکہ جلوس روایتی راستوں سے ہو کر کربلا گامے شاہ پر اختتام پزیر ہو گا۔

    پنجاب میں 382 جلوسوں اور مجالس کے لیے 30 ہزار پولیس افسران و اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ چہلم امام حسین کے لیے لاہور پولیس نے سیکیورٹی انتظامات مکمل کرلیے۔

    چہلم حضرت امام حسین چہلم امام حسین کے موقع پر لاہور پولیس کے 5 ہزار سے زائد اہلکار تعینات ہیں، 40 مجالس اور 12 عزاداری جلوسوں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں جبکہ 12ایس پیز کی نگرانی میں 400 سے زائد اپر سب آرڈینیٹس بھی ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔

    پشاور میں چہلم امام حسین کے سلسلے میں آج 2 جلوس ذوالجناح برآمد ہوں گے، جلوسوں کے لیے سخت سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔

    پہلا جلوس امام بارگاہ آخوندآباد سے سہ پہر 3 بجے برآمد ہوگا جبکہ دوسرا جلوس جامع مسجد کوچہ رسالدار سے 3 بجے برآمد ہوگا اور امام بارگاہ علمدار کربلا میں مجلس 12 بجے برپا کی جائے گی۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا۔

  • کراچی میں جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ کرنیوالے 90 سے زائد ملزمان گرفتار

    کراچی میں جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ کرنیوالے 90 سے زائد ملزمان گرفتار

    کراچی: جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ کرنے والے 90 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، 100 سے زائد مقدمات درج کرلیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس نے بتایا کہ کراچی میں یوم آزادی کے موقع پرفائرنگ میں ملوث 90 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزمان سے 68 غیرقانونی اسلحہ برآمد ہوا جبکہ ان کےخلاف 111 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    کراچی میں ہوائی فائرنگ کرنے والوں سے متعلق پولیس نے بتایا کہ قتل اور اقدام قتل کے مزید مقدمات بھی درج کیے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ پولیس سرجن کا کہنا ہے کہ یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 114 لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    پولیس سرجن نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ بچی بھی شامل ہے، سب سے زیادہ عباسی شہید اسپتال میں 43 زخمیوں کو لایا گیا، جناح اسپتال 41، شہید بےنظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں 30 زخمیوں کو لایا گیا۔

    ہوائی فائرنگ سے متعلق پولیس سرجن نے مزید بتایا کہ یوم آزادی پر اس سے قبل کبھی اتنے افراد جاں بحق اور زخمی نہیں ہوئے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ سال یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ کی وجہ سے 100 افراد زخمی ہوگئے تھے اور 2 جاں بحق ہوئے تھے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-aerial-firing-news-14-august-2025/

  • کراچی ٹریفک پولیس نے آزادی کا جشن کس طرح منایا؟

    کراچی ٹریفک پولیس نے آزادی کا جشن کس طرح منایا؟

    ٹریفک پولیس کا ماننا ہے کہ ہمارا ملک بہت مضبوط ہے، یہ آگے بھی بہت ترقی کرے گا، ہمیں جو آزادی ملی ہے اس میں بہت سے قربانیاں شامل ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق یوم آزادی پر مادر وطن سے محبت کا اظہار کرنے کےلیے کراچی میں ٹریفک پولیس اہلکار نے سبز ہلالی پرچم لیے کاروں اور موٹرسائیکلوں پر سوار ہوکر شہر کی سڑکوں پر ریلی کی شکل میں پیٹرولنگ کی اور جشن آزادی کا لطف دوبالا کیا۔

    یوم آزادی پر اے آر وائی سے گفتگو کرتے ہوئے لیڈی ٹریفک وارڈن نے کہا کہ بہت اچھا محسوس ہورہا ہے کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہتے ہیں جو بھی پاکستان میں رہتا ہے اسے یہی احساس ہوتا ہے۔

    مرد ٹریفک پولیس اہلکار نے کہا کہ بہت اچھا لگ رہا ہے، ہم جشن آزادی کے موقع پر تمام پاکستانیوں کی خوشی میں اکھٹے ہیں ان کے ساتھ شریک ہیں۔

    ایک اور لیڈی پولیس اہلکار کا عوام کو مشورہ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ اگر آپ قانون کی پابندی کریں گے تو جو لوگوں کو ٹریفک پولیس سے شکایت ہے کہ یہ چالان کردیتے ہیں اس چیز سے عوام کو ریلیف مل جائے گا۔

    سینئر ٹریفک پولیس اہلکار نے کہا کہ میں یہی پیغام دوں گا کہ اپنے ملک سے محبت کریں اور مخلص رہیں، ٹریفک کے قوانین کی پابندی کریں اور ہیلمٹ پہنیں اور روڈ سیفٹی کا خیال کریں جبکہ ڈرائیونگ لائسنس بھی ساتھ رکھیں۔

  • کراچی کے 3 مقامات پر نہاتے ہوئے 8 افراد ڈوب گئے

    کراچی کے 3 مقامات پر نہاتے ہوئے 8 افراد ڈوب گئے

    کراچی کے 3 مقامات پر نہاتے ہوئے 8 افراد ڈوب گئے، ریسکیوحکام نے ڈوبنے والے 3 افراد کو بچا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ 14 اگست کے موقع پر کراچی کے 3 مقامات پر نہاتے ہوئے 8 افراد ڈوب گئے جس میں سے 3 افراد کو بچا لیا گیا جبکہ 5 کی تلاش جاری ہے۔

    منوڑہ پوائنٹ پر 5 افراد ڈوبے جن میں سے 3 کو بچا لیا گیا،2 کی تلاش جاری ہے، حب ڈیم میں 2 نوجوان اور حب ندی میں ایک بچہ ڈوب گیا۔

    ریسکیو حکام نے بتایا ڈوبنے والے افراد کو ڈھونڈنے کے حوالے سے بتایا کہ ریسکیو اہلکار ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں۔

    دریں اثنا پولیس سرجن نے بتایا کہ یوم آزادی پر ہوائی فائرنگ سے 3 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 114 لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں۔

    پولیس سرجن نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں میں 8 سالہ بچی بھی شامل ہے، سب سے زیادہ عباسی شہید اسپتال میں 43 زخمیوں کو لایا گیا، جناح اسپتال 41، شہید بےنظیر بھٹو ٹراما سینٹر میں 30 زخمیوں کو لایا گیا۔

    ہوائی فائرنگ سے متعلق پولیس سرجن نے مزید بتایا کہ یوم آزادی پر اس سے قبل کبھی اتنے افراد جاں بحق اور زخمی نہیں ہوئے۔

  • کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں طلاق کے بعد حوالگی کے تنازع پر ماں نے اپنے بچوں کو قتل کردیا

    کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں طلاق کے بعد حوالگی کے تنازع پر ماں نے اپنے بچوں کو قتل کردیا

    کراچی(14 اگست 2025): ڈیفنس فیز 6 خیابان مجاہد میں طلاق کے بعد حوالگی کے تنازع پر ماں نے دو بچوں کو قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے ڈیفنس فیز 6 خیابان مجاہد میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ماں نے اپنے 2 بچوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، جس کے بعد خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق اس واقعے میں قتل ہونے والوں میں ایک بچہ اور بچی شامل ہیں جبکہ ماں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، بچوں کی عمریں 4 سے 7 سال کے درمیان ہیں۔

    پولیس حکام کا اس حوالے سے مزید بتانا ہے کہ طلاق کے بعد بچوں کی حوالگی کے تنازع پر واقعہ پیش آیا ہے، خاتون کی ستمبر 2024 میں طلاق ہوئی تھی، بچے ہفتے میں ایک یا دو بار والدہ سے ملنے آتے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول بچوں میں 7 سالہ ضرار اور 4 سالہ سنیعہ شامل ہیں، مقتول بچوں کے والد پرائیویٹ کمپنی میں ملازم ہیں، گزشتہ رات بچے والدہ کے پاس رہنے کیلئے آئے تھے، والدہ نے دوپہر کے وقت دونوں بچوں کو تیز دھار آلے سے قتل کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-defence-robbers-robbing-14-lacs/

  • کراچی: آزادی کے نام پر ہوائی فائرنگ نے کئی گھر اجاڑ دیے

    کراچی: آزادی کے نام پر ہوائی فائرنگ نے کئی گھر اجاڑ دیے

    کراچی(14 اگست 2025): شہر قائد میں آزادی کے جشن کے نام پر تین گھر اجڑ گئے جبکہ 82 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں آزادی کے جشن کے نام پر تین گھر اجڑ گئے جبکہ 82 افراد کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے فائرنگ کے واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے پر سخت نوٹس لے لیا۔

      آزادی کے نام پر ایک گھنٹے کے دوران فائرنگ سے 82 افراد زخمی 3 جان سے گئے، عزیزآباد میں 8 سالہ بچی سر پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئی جبکہ کورنگی اور لیاری میں معمر افراد سر اور گردن پر گولی لگنے سے جاں بحق ہوئے۔

    ایسٹ زون میں 30 ویسٹ میں 43 ساوتھ میں 12 شہریوں کو گولیاں لگی، ہوائی فائرنگ سے 51 مرد 24 خواتین 6 بچے 1 بچی زخمی ہوئی، آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا فائرنگ کے واقعات پر سخت نوٹس لے لیا۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا کہ ہوائی فائرنگ سے قیمتی جانیں گئی جس پر بہت افسوس ہے جشن آزادی کا مقصد یہ نہیں کہ آپ کسی کی جان لے لیں، پولیس قانون کے مطابق اپنی کارروائی کر رہی ہے کراچی بھر سے 57 افراد گرفتار 57 ہتھیار برآمد ہوئے۔

    غلام نبی میمن نے کہا کہ گرفتار افراد کے خلاف اقدام قتل کے تحت مقدمات ہورہے ہیں تمام گرفتار افراد کو کیسز کا سامنا کرنا پڑے گا ہوئی فائرنگ ایک نامناسب عمل ہے عوام کو پرہیز کرنا چاہیے ایسا عمل کریں جس سے لوگ خوش ہوں نا کہ تکلیف کا باعث بنے۔

  • کراچی کیلیے 100 ملین گیلن اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح ہو گیا

    کراچی کیلیے 100 ملین گیلن اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح ہو گیا

    حب (13 اگست 2025): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کراچی کے لیے 100 ملین گیلن اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی کے لیے اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں حب میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی موجود تھے۔

    بلاول بھٹو نے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد کے عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کر دیا ہے اور آج کراچی کیلیے اضافی پانی کے منصوبے کا افتتاح کیا ہے۔ اب حب ڈیم سے نئی کینال کے ذریعہ کراچی کو پانی ملے گا اور کراچی میں پانی کا مسئلہ حل ہوگا۔ مجھے یقین دلایا گیا ہے یہاں سے پانی لیاری کو بھی فراہم کریں گے۔

    پی پی چیئرمین نے کہا کہ کراچی کو 100 ایم جی ڈی پانی دینے کے قابل ہو گئے۔ ہم اس منصوبے کے ذریعے ضلع شرقی اور کیماڑی کو پانی فراہم کریں گے۔ جلد اس 100 ملین گیلن منصوبے کو 200 ایم جی ڈی تک لے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ سمندر کے پانی کو میٹھا کرنے پر بھی کام کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور حیدرآباد کے جیالوں نے ہمیشہ جدوجہد کی اور دونوں شہروں کے عوام نے پی پی پر اعتماد کیا۔ اب کراچی اور حیدرآباد میں کام ہو رہا ہے اور پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ صوبائی اور بلدیاتی حکومتیں مل کر کام کر رہی ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد کیلیے مزید بھی کام کریں گے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر دیا۔ بلدیاتی انتخابات میں کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں سے درخواست کی تھی کہ جیالا میئر منتخب کریں گے تو مسائل حل کروں گا اور آج یہ افتتاح اسی سلسلےکی کڑی ہے۔

  • کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ ، آج رات کون کون سے راستے بند ہوں گے؟

    کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ ، آج رات کون کون سے راستے بند ہوں گے؟

    کراچی: جشن آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر  میں نیشنل اسٹیڈیم میں میوزیکل نائٹ کے حوالے سے خصوصی ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی خوشی میں نیشنل اسٹیڈیم میں میوزیکل نائٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ٹریفک پولیس نے اس موقع پر خصوصی ٹریفک پلان اور پارکنگ کے انتظامات کی تفصیلات جاری کر دی ہیں۔

    ٹریفک پولیس نے بتایا کہ وہ گاڑیاں جنہیں اسٹیکر جاری ہوئے ہیں، وہ نیشنل اسٹیڈیم کے گیٹ نمبر 1 اور 11 سے داخل ہوں گی۔

    تقریب میں آنے والے شہری ایکسپو سینٹر اور چائنا گراونڈ میں پارکنگ کر سکیں گے جبکہ انہیں شٹل سروس کے ذریعے نیشنل اسٹیڈیم پہنچایا جائے گا۔

    ٹریفک پولیس نے شہریوں سے کہا ہے کہ نیشنل اسٹیڈیم اور سر شاہ سلیمان روڈ پر متوقع ٹریفک کے دباؤ سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ بس، منی بس اور دیگر کمرشل گاڑیوں کو متبادل راستوں کی جانب بھیجا جائے گا اور ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔

    شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں سروس روڈ پر نہ کھڑی کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ تقریب کے دوران آمد و رفت آسان اور محفوظ ہو۔