Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • 14 اگست کو گیس بند ہوگی؟ اہم اعلان

    14 اگست کو گیس بند ہوگی؟ اہم اعلان

    کراچی (13 اگست 2025): سوئی سدرن نے 14 اگست کو گیس بندش کا اعلان واپس لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس جی سی نے اعلان کیا ہے کہ چودہ اگست کو گیس بند نہیں کی جائے گی، اور ڈسٹرکٹ ویسٹ کراچی میں گیس کی بندش نہیں ہوگی۔

    ایس ایس جی سی کے اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ یوم آزادی کی تعطیل پر صارفین کی سہولت کے لیے کیا گیا ہے، ترجمان نے بتایا کہ کراچی واٹر بورڈ کی لائنوں کی بحالی کا پروگرام بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ گیس معطلی سے متعلق منگل کو جاری بیان منسوخ تصور کیا جائے۔

    کراچی کی خبریں

    یاد رہے کہ گزشتہ روز ترجمان سوئی سدرن نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ واٹر بورڈ کی درخواست پر ہارون آباد سائٹ ایریا میں گیس پائپ لائن منتقل ہوگی، جس کی وجہ سے صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک گیس بند رہے گی۔

    ترجمان نے بتایا کہ شیرشاہ، سائٹ، جہان آباد، میانوالی کالونی، لاشاری محلہ، میٹروویل، باوانی چالی، پٹھان کالونی، پرانا گولیمار، ریکسر کالونی، حسن اولیا، مسلم آباد کے علاقوں میں گیس بند رہے گی۔ سائٹ انڈسٹریل ایریا، ہارون آباد، گلبائی، ماڑی پور، ٹکری ولیج، مسلم کالونی میں بھی گیس بند رہنی تھی۔

    Gold Price in Pakistan Today- پاکستان میں آج سونے کی قیمت

  • کراچی : گھر میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 10 تولے سونا اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ  کر فرار

    کراچی : گھر میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 10 تولے سونا اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار

    کراچی: گلشن حدید میں گھر میں ڈکیتی کی بڑی واردات میں ملزمان 10 تولہ سونا اور لاکھوں روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن حدید میں ملزمان نے گھر میں گھس کر ڈکیتی کی واردات انجام دی اور فرار ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق ملزمان گھر والوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر 10 تولہ سونا اور 15 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر لے گئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان واردات کے دوران جدید ہتھیاروں سے لیس تھے اور موٹر سائیکلوں پر ڈکیتی کے لیے آئے تھے۔

    حکام نے بتایا کہ واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی شروع کر دی گئی ہے

    یاد رہے کراچی میں ایک گھریلو ملازمہ گھر کا صفایا کر کے فرار ہوگئی تھی، شہید ملت روڈ پر رہائشی اپارٹمنٹ کے فلیٹ میں 48 تولے سونا اور ڈیڑھ لاکھ روپے نقدچوری کرلیے گئے تھے۔

    پولیس نے بتایا تھا کہ متاثرہ خاندان نے پندرہ روز قبل خاتون کو گھر پر ملازمہ رکھا تھا، ملازمہ ایک دوسری خاتون کو ساتھ لائی تھی، متاثرہ خاندان دوپہر میں کھانا کھانےگھر سے باہر گیا تھا۔

  • ملیر جیل کا قیدی محمد جاوید کیسے فرار ہوا؟

    ملیر جیل کا قیدی محمد جاوید کیسے فرار ہوا؟

    کراچی (13 اگست 2025): گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ملیر جیل سے قیدی محمد جاوید کے فرار کے واقعے کا مقدمہ درج ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملیر جیل کے قیدی کے فرار ہونے کے واقعے کا مقدمہ شاہ لطیف ٹاؤن تھانے میں کورٹ پولیس کے اے ایس آئی طلعت انور کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔

    مقدمے میں گرفتار 2 پولیس کانسٹیبلز محمد خالد اور نور احمد کو ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے، مدعی مقدمہ کے مطابق قیدی محمد جاوید سٹی کورٹ پیشی کے وقت پولیس حراست سے اچانک غائب ہو گیا تھا۔

    اے ایس آئی نے بتایا ’’میں سٹی کورٹ سے پرانے 14 قیدی اور 24 نئے قیدی جمع کرنے کے لیے ڈسٹرکٹ جیل ملیر کے گیٹ پر پہنچا تھا، میں پرانے 14 قیدیوں کو میں جیل کے اندر جمع کرانے چلا گیا، اور نئے 24 قیدیوں کو گیٹ کے باہر بٹھایا اور ان قیدیوں کو پر ڈیوٹی کے لیے پولیس کانسٹیبل محمد خالد اور نور احمد کو مامور کیا۔‘‘

    خاتون بینک ملازم کو کریڈٹ کارڈ بنوانے کے لیے دھوکے سے بلا کر زیادتی

    مدعی نے بتایا ’’جب میں قیدی جمع کروا کر واپس باہر آیا اور قیدیوں کی گنتی کی تو ایک قیدی کم تھا، وہاں 23 قیدی موجود تھے، معلومات کرنے پر ملزمان نے بتایا کہ ایک قیدی ہتھکڑی نکال کر بھاگ گیا ہے۔‘‘

    اے ایس آئی کے مطابق فرار ہونے والے قیدی کو کافی تلاش کیا لیکن اس کا کچھ پتا نہیں چل سکا، تحقیق کرنے پر یہ پتا چلا کہ قیدی محمد جاوید کو کینٹ ریلوے پولیس نے چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا تھا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز قیدی کے فرار ہونے پر کورٹ پولیس کے 2 اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا، جنھیں اب ایف آئی آر میں نامزد کیا گیا ہے۔

  • کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ، نیشنل اسٹیڈیم آنے والوں کے لیے اہم ہدایات جاری

    کراچی میں جشنِ آزادی کا سب سے بڑا ایونٹ، نیشنل اسٹیڈیم آنے والوں کے لیے اہم ہدایات جاری

    کراچی : معرکہ حق اورجشن آزادی کے سب سے بڑے ایونٹ میں نیشنل اسٹیڈیم آنے والے شہریوں کے لئے ہدایات جاری کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق حکومتِ سندھ کی جانب سے جشنِ آزادی اور "معرکہ حق” کے سلسلے کا سب سے بڑا ایونٹ آج کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا، جہاں معروف گلوکار راحت فتح علی خان، سجاد علی، حدیقہ کیانی سمیت دیگر فنکار پرفارم کریں گے۔

    وزیرِ بلدیات سندھ سعید غنی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ایونٹ میں شرکت کے لیے شہریوں کو اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی ہوگا اور ہر شہری صرف قومی پرچم ساتھ لاسکے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیشنل اسٹیڈیم کے کچھ انکلوژرز صرف فیملیز کے لیے مختص کیے گئے ہیں جن میں یونس خان اور جاوید میانداد سمیت پانچ انکلوژرز شامل ہیں۔

    صوبائی وزیر نے کہا کہ اسٹیڈیم میں آمد کے لیے دو اطراف سے راستے ہوں گے، ڈسٹرکٹ سینٹرل سے آنے والے شہریوں کے لیے ایکسپو سینٹر میں پارکنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جہاں سے نیشنل اسٹیڈیم تک شٹل سروس فراہم کی جائے گی، شٹل سروس مردوں اور خواتین کے لیے علیحدہ ہوگی۔

    انہوں نے بتایا کہ گیٹ نمبر 12، 13 اور 14 مردوں کی انٹری کے لیے مختص ہوں گے، جبکہ سیکیورٹی کے خاطر خواہ انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

  • کراچی : عائشہ منزل پر شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

    کراچی : عائشہ منزل پر شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

    کراچی : عائشہ منزل پر شہری نے فائرنگ کر کے ڈاکو کو موت کی نیند سلا دیا، موٹرسائیکل پر دو ملزمان شہری سے لوٹ مارکر رہے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس اور شہریوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں دو مختلف واقعات میں دو ڈاکو ہلاک جبکہ ان کے ساتھی فرار ہوگئے۔

    پہلا واقعہ عائشہ منزل کے قریب پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں راجہ نامی ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کر لیے گئے۔

    دوسرا واقعہ سائٹ کے علاقے نورس چورنگی کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ پولیس مقابلے میں حسن رضا نامی ڈاکو مارا گیا۔

    پولیس نے کہا کہ ہلاک ڈاکو سے اسلحہ اور موبائل فونز برآمد ہوئے جبکہ اس کی لاش اسپتال منتقل کردی گئی، واقعے کے دوران ڈاکو کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

  • کراچی: پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کا کریمنل ریکارڈ سامنے آگیا

    کراچی: پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم کا کریمنل ریکارڈ سامنے آگیا

    کراچی(13 اگست 2025): سائیٹ ایریا حبیب بینک چورنگی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم احسن کا کریمنل ریکارڈ سامنے آگیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے سائیٹ ایریا حبیب بینک چورنگی میں پولیس مقابلے میں ہلاک ہونیوالے ملزم احسن رضا سے متلعق بتایا کہ وہ پہلے بھی دو بار گرفتار ہوچکا ہے۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ملزمان شہری زاہد کے ساتھ واردات کررہے تھے، پولیس جائے واردات پر پہنچی تو ملزمان نے دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔

    ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ سے احسن رضا موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، ملزم کا ساتھی موٹرسائیکل پر فرار ہوگیا جبکہ ہلاک ملزم سے اسلحہ، موبائل برآمد ہوا۔

     دوسری جانب شہر قائد میں عزیز آباد پولیس نے عائشہ منزل فلائی اوور پر کارروائی کی اس دوران مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    چھیپا ذرائع کے مطابق واقعہ عزیزآباد تھانے کی حدود میں عائشہ منزل فلائی اوور پر پیش آیا، جہاں پولیس نے مشکوک موٹرسائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم انہوں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ دوسرا موقع سے فرار ہو گیا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک ڈاکو کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کر دی گئی، جہاں اس کی شناخت محمد راجا کے نام سے کی گئی۔

  • نارتھ ناظم آباد کی سندس کے چہرے کی آج سرجری ہوگی

    نارتھ ناظم آباد کی سندس کے چہرے کی آج سرجری ہوگی

    کراچی (13 اگست 2025): نارتھ ناظم آباد میں اسکول وین کی رکشے کو خوف ناک ٹکر کے باعث شدید طور پر زخمی ہونے والی طالبہ سندس کے چہرے کی آج سرجری ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نارتھ ناظم آباد میں فتح پارک کے قریب مین روڈ پر ایک اسکول وین نے رکشے کو ٹکر مار دی تھی، حادثے کے بعد وین ڈرائیور اسکول کے بچوں کو چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا، تاہم پولیس نے اسے پکڑ لیا ہے۔

    واقعے سے متعلق تھانہ حیدری مارکیٹ میں درج ایف آئی آر کے مطابق حادثے کے وقت ڈرائیور موبائل فون پر بات کر رہا تھا، اور لاپروائی کے ساتھ ایک گلی سے تیز رفتاری کے ساتھ سڑک پر آیا اور رکشے کو زبردست ٹکر مار دی۔

    اس حادثے میں زخمی ہونے والی 22 سالہ لڑکی میڈیکل کالج کی طالبہ تھی، بہادر آباد کی رہائشی سندس کو شدید زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ فیملی ذرائع کا کہنا ہے کہ سندس کے ماتھے سے گوشت اکھڑ گیا ہے، اندرونی چوٹیں لگی ہیں، ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے، گردن کی ہڈی پر بھی ضرب لگی ہے۔

    فیملی کا کہنا ہے کہ سندس کو پورے چہرے پر چوٹیں آئی ہیں، اور جسم کے مختلف حصے بھی متاثر ہوئے، ایک ہاتھ کی انگلی ٹوٹی، پیر پر بھی چوٹیں آئیں۔ فیملی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ سندس کے چہرے کی آج سرجری کی جائے گی۔

    فیملی کا کہنا ہے کہ حادثہ وین ڈرائیور کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا تھا، وین میں بیٹھے بچے نالے میں گر سکتے تھے اور بڑا نقصان ہو سکتا تھا، اس لیے ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کروائیں گے۔

    کراچی کی خبریں

  • خاتون بینک ملازم کو کریڈٹ کارڈ بنوانے کے لیے دھوکے سے بلا کر زیادتی

    خاتون بینک ملازم کو کریڈٹ کارڈ بنوانے کے لیے دھوکے سے بلا کر زیادتی

    کراچی (13 اگست 2025): بہادر آباد شیرپاؤ کالونی میں بینک میں کام کرنے والی ایک خاتون سے کریڈٹ کارڈ بنوانے کے بہانے زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ خاتون نے مقدمہ درج کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شیرپاؤ کالونی دھوراجی میں خاتون سے مبینہ زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، متاثرہ خاتون نے بہادر آباد تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کر لیا، جس کے مطابق ملزمان نے کریڈٹ کارڈ بنوانے کے بہانے انھیں بلا کر نشانہ بنایا اور ویڈیو بناتے رہے۔

    خاتون نے بیان میں بتایا ’’میں بینک میں گاڑیوں کی لیزنگ اور کریڈٹ کارڈ کا کام کرتی ہوں، گزشتہ ماہ ایک شخص نے مجھ سے کریڈٹ کارڈ بنوانے کے لیے رابطہ کیا، مجھے 10 اگست کو دھوراجی میں ایک اسپتال پر بلوایا گیا، اسپتال پہنچی تو سامنے والی گلی میں ایک مکان پر لے گئے۔‘‘

    خاتون کا کہنا تھا کہ گھر میں پہلے سے ایک مرد اور خاتون بھی موجود تھے، انھیں جوس پلایا گیا جس کے بعد وہ نیم بے ہوش ہو گئی، پھر دوسرے آدمی نے انھیں بیڈ پر باندھ دیا اور پہلا آدمی زیادتی کرتا رہا۔


    گھر بیٹھے نادرا میں پیدائش اور وفات کے آن لائن اندراج کا آغاز


    خاتون نے بتایا ’’ملزمان ایک گھنٹے تک زیادتی کرتے رہے اور دوران خاتون ویڈیوز بناتی رہی، اس شخص نے مجھے کہا دوبارہ ملنے آنا ورنہ ویڈیو وائرل کر دوں گا، اور مجھ سے کہا میں تمھیں جان سے بھی مار دوں گا۔‘‘

    متاثرہ خاتون نے کہا کہ وہ وہاں سے نکلنے کے بعد رکشے میں سیدھے جناح اسپتال پہنچی۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ خاتون کا میڈیکل ٹیسٹ کروا لیا گیا ہے، بلڈ سیمپل ثواب، شلوار قمیض اور دیگر شواہد سربمہر کر دیے گئے ہیں۔

  • خونی ڈمپر کراچی میں دہشتگردی کر رہے ہیں، گورنر سندھ

    خونی ڈمپر کراچی میں دہشتگردی کر رہے ہیں، گورنر سندھ

    کراچی (12 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں چلنے والے ڈمپر خونی ہیں جو دہشتگردی کر رہے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں جاں بحق بہن بھائی کے گھر نیو کراچی پہنچ کر اہلخانہ سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے حادثے کے زخمی کا کراچی کے سب سے بڑے اسپتال میں علاج کرنے کا بھی اعلان کیا۔

    اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی کی سڑکوں پر خونی ڈمپر دہشتگردی کر رہے ہیں۔ شہر قائد میں تواتر سے ایسے واقعات ہو رہے ہیں، لیکن کوئی پرسان حال نہیں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ ابھی جن والدین سے مل کر آ رہا ہوں، ان کی بیٹی کی ایک ماہ بعد شادی تھی۔ جاں بحق ہونے والے شاہ رخ کی ماں اس کے بغیر سوتی نہ تھی۔ اس حاثے کے ذمہ دار ڈمپر ڈرائیور کے پاس لائسنس نہیں تھا۔

    کامران ٹیسوری نے کہا کہ حادثات کے بعد گاڑیوں کو نہیں جلانا چاہیے۔ یہاں سے لسانی فساد شروع ہوتا ہے، یہ قانون کا کام ہے۔ حادثات کو لسانیت کا رنگ دیا جا رہا ہے۔ یہ لسانیت نہیں بلکہ کھلی دہشتگردی ہے اور سیدھا سیدھا 16 وہیلر کا مقابلہ 2 وہیلر سے ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ نہیں ہوگا کہ دو پہیوں والے کو 16 پہیے والا کچل دے اور پھر بدمعاشی دکھائے۔ کسی کا باپ ہمیں نہ بتائے کہ بدمعاشی کیا ہوتی ہے۔ ہمیں کسی نے ٹھیک نہیں کیا ہم خود ٹھیک ہوئے ہیں۔ ہم ایسی قانون سازی کریں گے کہ کوئی موٹر سائیکل سوار نہ کچلا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے بھی کہا کہ جو بھی قانون سازی کرنا ہے، اس پر ساتھ ہیں۔ میں ٹریلر ایسوسی ایشن کے ساتھ بیٹھ کر بت کرنے کو بھی تیار ہوں اور ڈمپرایسوسی ایشن کو بھی مذاکرات کی دعوت دیتا ہوں۔ یہ جو عوام کو مار کر بھاگ جاتے ہیں اس پر کوئی تو ایس اوپیز بنائیں۔

    گورنر سندھ نے سندھ حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ میری تقریروں اور باتوں کا جواب نہ دیں بلکہ کام کریں۔ وہ کام کریں گے تو ہم سراہیں گے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-heavy-traffic-accident-168-citizens-killed/

  • کراچی سے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے

    کراچی سے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے

    کراچی : چاکیواڑہ تھانے کی حدودسے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے ، جن میں عبدالرحمان، رحیم بخش، اویس اور حمزہ شامل ہیں، گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں 10 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

    سماعت کے دوران عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ چاکیواڑہ تھانے کی حدود سے 4 لاپتہ افراد گھر واپس آگئے ہیں،جن میں عبدالرحمان، رحیم بخش، اویس اور حمزہ شامل ہیں جبکہ دیگر کی تلاش کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

    جس کے بعد درخواست گزار نے متعلقہ افراد کی واپسی پر عدالت کو مطلع کردیا۔

    عدالت نے تھانہ گزری، تھانہ سچل سمیت دیگر علاقوں سے لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

    سرکاری وکیل نے بتایا کہ کچھ لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے جے آئی ٹی اجلاس بلایا جارہا ہے۔

    جسٹس ظفر احمد راجپوت نے استفسار کیا کہ کیا لاپتہ افراد کے اہلخانہ کو جے آئی ٹی اجلاس سے متعلق آگاہ کردیا گیا ہے؟ اس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ اجلاس کی سربراہی ایس ایس پی انویسٹی گیشن کررہے ہیں اور انہوں نے اہلخانہ کو آگاہ کردیا ہے۔