Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی : راشد منہاس روڈ حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات ،  تحقیقاتی ٹیم تشکیل

    کراچی : راشد منہاس روڈ حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات ، تحقیقاتی ٹیم تشکیل

    کراچی: راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے کے بعد ڈمپروں کو آگ لگانے کے واقعات کی تحقیقات کے لئے 4 رکنی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب راشد منہاس روڈ پر ڈمپر اور موٹر سائیکل کے خوفناک حادثے کے بعد شر پسندوں کی جانب سے سات ڈمپرز کو اگ لگانے کے واقعے کی تحقیقات کے لئے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے چار رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی۔

    ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان علی بلوچ کی سربراہی میں تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جس میں ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل شامل ہیں۔

    ٹیم کو ملزمان کی شناخت، گرفتاری اور ٹھوس شواہد جمع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور تحقیقات کی پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : راشد منہاس روڈ حادثہ، 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دیے گئے

    اس سے قبل ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے امن و امان قائم رکھنے میں ناکامی اور فرائض میں غفلت برتنے پر ایس ایچ او یوسف پلازہ افتخار خانزادہ اور ایس ایچ او فیڈرل بی صنعتی ایریا شاہد بلوچ کو معطل کرکے بی کمپنی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

    یاد رہے کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ پر گزشتہ شب ڈمپر اور موٹر سائیکل کے خوفناک حادثے میں بہن بھائی جاں بحق اور والد شدید زخمی ہوگئے تھے ، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سالہ ماہ نور اور 14 سالہ احمد رضا شامل تھے۔
    .
    ماہ نور کی آئندہ ماہ شادی طے تھی اور گھر میں تیاریاں جاری تھیں۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے سات ڈمپرز کو آگ لگا دی، پولیس اور رینجرز نے موقع پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا جبکہ ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا تھا.

    بعد ازاں پولیس نے ہنگامہ آرائی اور ڈمپر جلانے کے الزام میں 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا تھا۔

  • کراچی میں جدید طرز کا ریلوے اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا

    کراچی میں جدید طرز کا ریلوے اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا

    فیصل آباد(11 اگست 2025): وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے اعلان کیا ہے کہ 10 ستمبر کو کراچی میں جدید ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق حنیف عباسی نے فیصل آباد ریلوے سٹیشن کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق پاکستان ریلوے آپریشنز کو جدید بنانے کے لیے ملک بھر میں مختصر اور طویل المدتی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ سندھ حکومت کے ساتھ معاہدے کے تحت روہڑی ریلوے اسٹیشن کو لاہور ماڈل پر اَپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ کراچی میں جدید طرز کا اسٹیشن 10 ستمبر کو افتتاح کے لیے تیار ہو جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ سبی تا روہڑی 250 کلومیٹر سیکشن اور روہڑی تا کراچی 480 کلومیٹر ٹریک کی فزیبلٹی رپورٹ آئندہ دو ماہ میں مکمل ہو گی جس کے بعد اگلے سال جون تک تعمیر کا آغاز متوقع ہے۔

    وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ ریلوے کی ڈیجیٹلائزیشن کے تحت ٹکٹنگ سسٹم مکمل طور پر آن لائن کر دیا گیا ہے، ٹرین ٹریکنگ سسٹم فعال ہے، بڑے اسٹیشنز پر اے ٹی ایم مشینیں نصب کر دی گئی ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے تعاون سے صوبے کے 40 ریلوے اسٹیشنز پر وائی فائی سروس فراہم کرنے کا عمل جاری ہے۔

    حنیف عباسی نے کہا کہ لاہور میں اس کا آغاز ہو چکا ہے اور جلد کراچی، حیدرآباد، فیصل آباد اور دیگر شہروں تک یہ سہولت توسیع پائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ ریلوے کی آؤٹ سورسنگ کا عمل 30 ستمبر تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے تحت نو سے گیارہ مسافر ٹرینیں، فریٹ ٹرینز، مہمان خانے، خصوصی سلونز، اسپتال، اسکولز اور دیگر سہولیات نجی شعبے کے حوالے کی جا رہی ہیں تاکہ سروسز کے معیار میں بہتری اور ادارے کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہو۔

    اس کے علاوہ شاہدرہ تا رائیونڈ تک لینیئر پارک کی تعمیر کا کام شروع ہوگیا ہے جسے 2 ارب 35 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، اسی طرح کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ٹیکسلا اسٹیشنز کی اپ لفٹ اور بلوچستان میں شیخ زید سے کچلاک تک 50 کلو میٹر سیکشن کی اَپ گریڈیشن بھی شامل ہے۔

    Modern railway station set to be inaugurated in Karachi next month

  • اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے نکالنے کی کوشش کرنیوالا ملزم گرفتار

    اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے نکالنے کی کوشش کرنیوالا ملزم گرفتار

    کراچی: مددگار 15 نے کراچی کے علاقے قائد آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اے ٹی ایم مشین توڑ کر پیسے نکالنے کی کوشش کرنیوالاملزم گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کالر نے اطلاع دی کہ اے ٹی ایم میں ایک شخص موجود ہے اور الارم بج رہا ہے، مددگار 15 فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ملزم کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ATM کو چیک کیا گیا تو مشین کا نیچے کاحصہ کھلا ہوا تھا، ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اے ٹی ایم مشین سے 30 لاکھ کی رقم چوری:

    بھارت میں تلنگانہ کے ضلع رنگاریڈی میں ملزمان نے انتہائی مہارت سے کارروائی کرتے ہوئے ATM مشین میں سے 30 لاکھ روپے کی رقم چرالی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق چار رکنی گروہ ایک کار میں ایس بی آئی اے ٹی ایم پہنچا، نقاب پوش افراد نے سی سی ٹی وی کیمروں پر اسپرے کیا۔

    ملزمان نے ایمرجنسی سائرن کو بجنے سے روکنے کے لیے سینسر کے وائر بھی کٹ کردیئے، بعد ازاں انہوں نے کٹر اور لوہے کی سلاخوں کی مدد سے ATM کو توڑدیا۔

    اے ٹی ایم کارڈ کے بغیر پیسے کیسے نکال سکتے ہیں؟

    رپورٹس کے مطابق چار منٹ کے اندر انہوں نے ATM توڑ کر رقم نکال لی۔ اس کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، مقامی افرادکی اطلاع کی بنیاد پر پولیس کے اعلی عہدیدار وہاں پہنچ گئے۔

    پولیس کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ شواہد اکٹھے کرلئے ہیں، جبکہ مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

  • راشد منہاس روڈ حادثہ، 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دیے گئے

    راشد منہاس روڈ حادثہ، 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دیے گئے

    کراچی (11 اگست 2025): شہر قائد میں راشد منہاس روڈ پر گزشتہ روز پیش آنے والے نہایت افسوس ناک ٹریفک حادثے (ڈمپر حادثہ) کو غفلت قرار دیتے ہوئے 2 تھانوں کے ایس ایچ اوز معطل کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کے واقعے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے غفلت اور لاپروائی پر 2 ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا ہے۔

    ایس ایچ او یوسف پلازہ افتخار خانزادہ، اور ایس ایچ او فیڈرل بی صنعتی ایریا شاہد بلوچ معطل کیے گئے ہیں، ان ایس ایچ اوز کو بی کمپنی رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔


    کراچی میں ڈمپر اور موٹرسائیکل حادثے کی ویڈیو سامنے آگئی


    واضح رہے کہ کراچی میں ایڈووکیٹ ناصر ملک کے قتل کے واقعے کے بعد بھی پولیس حکام نے ایس ایچ او سولجر بازار تھانہ وقار عظیم کو معطل کر دیا ہے۔ اس میں کیس میں ملوث مرکزی ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم محسن مقتول ایڈووکیٹ ناصر ملک کا رشتے دار نکلا ہے۔

    خیال رہے کہ راشد منہاس روڈ حادثے کی ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس سے معلوم ہوا ہے کہ غلطی ڈمپر کی نہیں تھی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بائیک سوار بائیں سے اچانک دائیں ہو گیا تھا، بائیک اچانک اچھلی اور سلپ ہو کر ڈمپر کے نیچے آ گئی۔

  • کراچی میں 2011 سے جرائم کی دنیا میں سرگرم 3 کار چور گرفتار

    کراچی میں 2011 سے جرائم کی دنیا میں سرگرم 3 کار چور گرفتار

    کراچی (11 اگست 2025): شہر قائد میں 2011 سے جرائم کی دنیا میں سرگرم 3 کار چور گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں اے وی ایل سی اور کار چور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں 2 زخمیوں سمیت 3 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان سے 2 پستول، چوری کی گئی کار، گاڑیوں کا لاک توڑنے والا راڈ اور چابیاں برآمد ہوئیں، ملزمان کی شناخت امان اللہ، ندیم اور نادر علی کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزم امان اللہ 2011 سے جرائم کی دنیا میں سرگرم ہے، اور ملزمان کا تعلق شہر کے بڑے منظم کار چور گروہ سے ہے، گرفتار ملزمان کے ساتھی عمران اور زکریا مفرور ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


    سی ٹی ڈی اور پولیس کی بڑی کارروائی، فتنہ الخوارج کے 2 دہشت گرد گرفتار


    ملزمان بلوچستان کی تحصیل جھٹ پٹ کے رہائشی حاجی کو چوری کی گاڑیاں فروخت کرتے تھے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ اقبال مارکیٹ میں مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔

  • کراچی والوں کو بجلی کا نیا بل کیسا ملے گا؟ کے الیکٹرک نے رونمائی کرا دی

    کراچی والوں کو بجلی کا نیا بل کیسا ملے گا؟ کے الیکٹرک نے رونمائی کرا دی

    کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک نے اب صارفین کو فراہم کیے جانے والے نئے بل کی شکل متعارف کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) نے گزشتہ دنوں بجلی کے بل میں تبدیلی کا اعلان کیا تھا۔ اب اس بل کی نئی شکل کی رونمائی بھی کرا دی گئی ہے۔

    ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ادارے نے بجلی کے بل کی نئی شکل متعارف کرا دی ہے۔ بل میں کوئی ٹیرف یا سلیب تبدیل نہیں کیا گیا ہے۔

    ترجمان کا کہنا ہے کے نیابل کے الیکٹرک کے ماحول دوست عزم کی ایک اور عملی کاوش ہے۔ نیا لے آؤٹ صارف دوست ہے۔ جس میں حسابات اور معلومات کو یکجا کر دیا گیا ہے۔

    صارفین کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر نئے لے آؤٹ کی تفصیلات دیکھ سکتے ہیں۔

    نئے بجلی بل کا اگلا حصہ

    نئے بجلی بل کا پچھلا حصہ

    واضح رہے کہ اس سے قبل کے الیکٹرک نے تین سال قبل 2022 میں بجلی کے بل میں تبدیلی کی تھی اور بل کے حجم کم کرتے ہوئے چھوٹے سائز کا ہرے رنگ کا بل متعارف کرایا تھا۔

    اس وقت کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ بجلی کے بل کے سائز میں تبدیلی کا مؤثر اقدام لگ بھگ 92 ٹن کاغذ پر مبنی کچرے کو کراچی کی لینڈ فلز سائٹ میں جانے بچانے کے ساتھ ساتھ 4200 سے زائد درختوں کو محفوظ بنائے گا اور سالانہ بنیادوں پر 265 ملین لیٹر پانی کی بچت کو بھی یقینی بنائے گا۔

    کے الیکٹرک کا تعارف

    کے الیکٹرک (کے ای) ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے۔ 1913ء میں بنی کمپنی کی پاکستان میں شمولیت کے ای ایس ای کے نام سے ہوئی۔ کے ای پاکستان کی واحد عمودی طور پر مربوط یوٹیلیٹی ہے جو کراچی اور اُس کے ملحقہ علاقوں سمیت 6500 مربع کلومیٹر علاقے کو بجلی فراہم کرتی ہے۔

  • راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے نے بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا، چچا ذاکر

    راشد منہاس روڈ ڈمپر حادثے نے بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا، چچا ذاکر

    کراچی (10 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے ایف بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر ڈمپر حادثے میں جاں بحق ہونے والے بہن بھائی کے چچا نے بتایا ہے کہ ڈمپر نے دراصل بچی کا جہیز جمع کرنے والا خاندان اجاڑ دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راشد منہاس روڈ پر ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے چچا ذاکر نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا بھائی شاکر (جاں بحق بچوں کا باپ) جناح اسپتال میں ایڈمٹ ہے، اور ان کے دماغ میں شدید چوٹیں آئی ہیں، وہ کپڑے کا کام کرتے ہیں۔

    چچا ذاکر کے مطابق متاثرہ فیملی ملیر سے واپس گھر جا رہی تھی کہ حادثہ پیش آیا، اور جاں بحق ماہ نور کی اگلے ماہ شادی تھی، ہم بچی کا جہیز جمع کر رہے تھے، لوگ صبر کا کہتے ہیں کہاں سے لائیں صبر، کیسے کریں صبر۔


    کراچی میں مشتعل افراد نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی، 10 شہری گرفتار


    انھوں نے بتایا کہ ابھی تو زخمی والد کو معلوم ہی نہیں کہ ان کا بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہو گئے ہیں، اس لیے میری اپیل ہے کہ ان حادثات کو روکا جائے اور ہمیں صرف انصاف چاہیے۔

    قبل ازیں ریسکیو حکام نے بتایا تھا کہ بد قسمت باپ بچوں کو شادی کی تقریب میں ملیر لے کر گیا تھا، واپس گھر نیو کراچی جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آیا، بہن اور بھائی ٹریفک حادثے کی بھینٹ چڑھ کر دم توڑ گئے، جب کہ باپ زخمی ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ڈمپر ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپروں کو پکڑ کر آگ لگا دی، پولیس نے 10 شہریوں کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے۔

  • کراچی: راشد مہناس روڈ پر موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا

    کراچی: راشد مہناس روڈ پر موٹر سائیکل کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا

    کراچی(10 اگست 2025): راشد منہاس روڈ پر موٹر سائیکل سوار فیملی کو ٹکر مارنے والے ڈمپر ڈرائیور کا بیان سامنے آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے فیڈرل بی ایریا میں راشد منہاس روڈ پر تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل کو روند ڈالا تھا جس کے نیتجے میں بہن بھائی جاں بحق اور باپ شدید زخمی ہو گیا، جاں بحق ہونے والوں میں 22 سال کی ماہ نور اور 14 سال کا احمد رضا شامل ہیں۔

    ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل ڈالا

    اس حادثے کے بعد مشتعل افراد نے علاقے میں 7 ڈمپرز جلا دیے تھے، پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے جائے حادثہ پر پہنچ کر صورت حال پر قابو پایا اور ڈمپر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

    تاہم اب ڈمپر ڈرائیور نے بتایا کہ میرا نام فردوس اور مالک کا نام سرخان رسول ہے، میں ڈمپر آہستہ چلا رہا تھا، موٹر سائیکل سوار خود نیچے آگئے، موٹر سائیکل ڈمپر کے نیچے کیسے آئی دیکھ نہ سکا تھا۔

    ڈرائیور خان رسول نے گاڑی کے کاغذات سے متعلق بتایا کہ کاغذات گاڑی پر رکھا ہے گھر پر بھی ہے، موبائل اور گاڑی کی چابی وہ سب عوام لے گئے، موبائل تھا، پیسے تھے، شناختی کارڈ، لائسنس تھا اب میرے پاس کچھ نہیں ہے۔

  • کراچی کا موسم آئندہ 3 روز تک کیسا رہے گا؟

    کراچی کا موسم آئندہ 3 روز تک کیسا رہے گا؟

    کراچی(10 اگست 2025):  شہر قائد میں آئندہ چند روز کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ ہلکی بارش اور بوندا باندی متوقع ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا جبکہ سمندری ہوائیں بند ہیں، تیز دھوپ کے ساتھ موسم مرطوب ہے اور شہریوں کو شدید حبس کا سامنا ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 3 روز تک مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہنے کا امکان ہے، صبح اور رات کے اوقات میں ہلکی بوندا باندی یا رم جھم متوقع ہے۔

    کراچی میں نمی کا تناسب بڑھنے سے موسم مزید مرطوب رہے گا، آج درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے اس کے علاوہ مغربی سمت سے 11 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

  • سندھ میں خواتین ورکرز کے ساتھ اور کس کو ای بائیکس ملیں گی؟

    سندھ میں خواتین ورکرز کے ساتھ اور کس کو ای بائیکس ملیں گی؟

    کراچی (10 اگست 2025): ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ نے خواتین کے ساتھ ساتھ اقلیتی محنت کشوں کو بھی ای بائیکس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری رفیق قریشی نے کہا ہے کہ سندھ کی اقلیتی برادری کے لیے بڑی خوش خبری ہے، محکمہ ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ نے خواتین کے ساتھ اقلیتی برادری کے صنعتی محنت کشوں کو بھی الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    سیکریٹری محنت رفیق قریشی نے کہا بورڈ کی منظوری سے ایس ای سی پی کی منظور شدہ شریعہ کمپلائنٹ سکوک بانڈز میں 3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنے جا رہے ہیں تاکہ محنت کشوں کو مزید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ حادثاتی ہیلتھ انشورنس اسکیم میں محنت کشوں کو سالانہ 7 لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس کے ساتھ ملک کے 270 اسپتالوں میں علاج میسر ہوگا۔

    فلیٹس کی بجائے ورکرز کے لیے مکمل سولرائزڈ گھر تعمیر کیے جائیں گے، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ماتحت اسکولوں کو بھی سولرائز کیا جا رہا ہے، سال میں 2 باربچوں کو اسکول یونیفارم دیا جائے گا۔

    سیکریٹری محنت رفیق قریشی نے مزید کہا کہ ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تمام شعبوں کو ڈیجیٹلائز کر رہے ہیں، تاکہ محنت کشوں کو منصفانہ طور پر سہولیات فراہم کر سکیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ڈیتھ گرانٹ کی رقم 7 سے 10 لاکھ اور شادی گرانٹ کی رقم 3 سے 5 لاکھ روپے کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا یہ اقدامات ورکرز ویلفیئر بورڈ سندھ کی جانب سے محنت کشوں کے حقوق اور فلاح و بہبود کے لیے ایک نئی امید اور روشن مستقبل کی ضمانت ہیں، جو نہ صرف محنت کش طبقے کے معیارِ زندگی کو بہتر بنائیں گے بلکہ تعلیم، رہائش، صحت اور توانائی کے شعبوں میں پائیدار ترقی کی راہ بھی ہموار کریں گے۔