Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی : شوہر نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

    کراچی : شوہر نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا

    کراچی : لیاری میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تاہم پولیس نے ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ پر رات گئے افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شوہر نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے اپنی بیوی کو قتل کر دیا۔

    پولیس نے بتایا کہ واقعہ کوئلہ گودام، گلی نمبر 7 میں پیش آیا، جہاں 45 سالہ خاتون بختاور کو اس کے شوہر نواب نے گھریلو تنازع کے دوران گولی مار کر قتل کردیا۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچی اور خاتون کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کیاگیا جبکہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم نواب کو اسلحے سمیت گرفتار کر لیا۔

    مزید پڑھیں : کراچی: شوہر نے بیوی کو تیزاب پلاکر قتل کردیا

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر گھریلو جھگڑے کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم واردات کی مزید تفتیش جاری ہے اور ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے کورنگی میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں شوہر نے اپنی بیوی دو بیٹیوں کی ماں کو مبینہ طور پر تیزاب پلا کر قتل کردیا تھا۔

    نور عائشہ نامی خاتون کو جمعرات کو جناح اسپتال منتقل کیا تھا، تشویشناک حالت میں پہنچنے والی خاتون اسپتال میں دم توڑ گئی تھی۔

  • شاہ لطیف تھانے کا ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد گرفتار

    شاہ لطیف تھانے کا ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد گرفتار

    کراچی (05 اگست 2025): تھانے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد شاہ لطیف تھانے کا ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے شاہ لطیف تھانے میں فائرنگ سے ایک شخص کی ہلاکت کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں تھانے کے ایس ایچ او، ہیڈ محرر سمیت 4 افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    پولیس حکام نے کہا ہے کہ ایس ایچ او سمیت تمام افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ایس ایس پی ملیر نے شاہ لطیف تھانہ میں فائرنگ کے واقعے کی انکوائری کی تو معلوم ہوا کہ فائرنگ کرنے والا اور اس کا ساتھی ایس ایچ او کی اسپیشل پارٹی میں شامل تھے، جب کہ ایس ایچ او اور ہیڈ محرر نے واردات کے ثبوت بھی مٹائے۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق اس واقعے میں ایس ایچ او شاہ لطیف، ہیڈ محرر، اور فائرنگ کرنے والے عاطف اور شاہ زیب گرفتار ہیں۔


    کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق


    قبل ازیں یہ پولیس کی جانب سے یہ اطلاع دی گئی تھی کہ 2 نوجوان ایک شخص کو پکڑ کر شاہ لطیف تھانے لائے اور بتایا کہ یہ ڈکیت ہے، پھر نوجوانوں کا لائے گئے شخص کے ساتھ جھگڑا ہوا، ایک نے پستول نکال لی، تھانے میں جھگڑے کے دوران گولی چلی جو مبینہ ڈکیت کو لگ گئی۔

    ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر خالق پیرزادہ کے مطابق گولی لگنے سے نوجوان موقع پر دم توڑ گیا تھا، دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے کر تحقیقات کی گئی کہ تھانے کے اندر مارا گیا شخص ڈاکو ہے یا نہیں، تو معلوم ہوا کہ وہ دونوں ایس ایچ او کی اسپیشل پارٹی میں شامل تھے۔

  • کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی میں تھانے کے اندر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق

    کراچی : شاہ لطیف تھانے کے اندر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

    اے آ ر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق 2نوجوان ایک شخص کو پکڑ کر تھانے لائے اور پولیس کو بتایا کہ یہ ڈکیت ہے۔

    پولیس نے بتایا کہ اس موقع پر نوجوانوں کا لائے گئے شخص کے ساتھ جھگڑا ہوا، جس پر ایک نے پستول نکال لی۔

    تھانے میں جھگڑے کے دوران اچانک گولی چلی جو مبینہ ڈکیت کو لگ گئی، مبینہ ڈکیت نے موقع پر ہی دم توڑ دیا۔

    پولیس کے مطابق مبینہ ڈکیت کو لانے والے دونوں نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والے شخص سے متعلق تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔

    ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر خالق پیرزادہ کا کہنا ہے کہ تھانے کے اندر مارا گیا شخص ڈاکو ہے یا نہیں تحقیقات کر رہے ہیں۔

  • کراچی: مریضہ کے پیٹ سے بغیر سرجری تالا نکال لیا گیا

    کراچی: مریضہ کے پیٹ سے بغیر سرجری تالا نکال لیا گیا

    کراچی (4 اگست 2025): لیاری جنرل اسپتال میں ایک اور غیر معمولی کیس آیا جس میں ڈاکٹروں نے بغیر سرجری لڑکی کے پیٹ سے تالا نکال لیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے لیاری جنرل اسپتال میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے نوجوان لڑکی کے پیٹ سے بغیر سرجری کے تالا نکالنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔

    لیاری جنرل اسپتال کی سرپرست ڈاکٹر انجم رحمان کے مطابق ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے لیپرو اسکوپی کے ذریعہ آپریشن کے ذریعہ لڑکی کے پیٹ سے تالا نکالا۔

    ڈاکٹر انجم کے مطابق ملیر کھوکھرا پار کی رہائشی مریضہ 23 سالہ لڑکی ذہنی طور پر مفلوج ہے، جس نے لوہے کا تالا نگل لیا تھا اور اس کو آج صبح تشویشناک حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔

    سرپرست اسپتال کا کہنا ہے کہ یہ کیس انتہائی پیچیدہ تھا تاہم ڈاکٹروں نے مہارت کا ثبوت دیتے ہوئے بغیر آپریشن تالا پیٹ سے نکالا۔ اب مریضہ کی حالت بہتر ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل 30 جولائی کو لیاری اسپتال میں ہی 40 سالہ خاتون کی کامیاب سرجری کر کے ڈاکٹروں نے ان کے پیٹ سے 10 کلو وزنی ٹیومر نکالا گیا تھا۔

    مذکورہ خاتون 6 سال سے پیٹ کے شدید درد میں مبتلا تھیں۔ انہوں نے کئی اسپتالوں کے چکر لگائے لیکن متعدد اسپتالوں میں ان کے ٹیومر کے آپریشن سے انکار کر دیا تھا۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-10kg-tumor-was-removed-from-a-womans-stomach-after-operation/

  • کراچی میں نئی نمبر پلیٹ لگوانے کے لیے مزید مہلت مل گئی

    کراچی میں نئی نمبر پلیٹ لگوانے کے لیے مزید مہلت مل گئی

    کراچی میں گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کردی گئی۔

    محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق گاڑیوں کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی تاریخ 14 اگست سے بڑھا کر 31 اکتوبر کردی گئی ہے۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو سے وزیر ایکسائز مکیش چاؤلہ کی ملاقات ہوئی، بلاول بھٹو کی ہدایت پر نمبر پلیٹ کی تاریخ میں توسیع کی گئی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ اسکیم کراچی سے کشمور تک سندھ بھر کیلیے ہے، اب تک 20 لاکھ نئی نمبر پلیٹس جاری کرچکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : اجرک والی جعلی نمبر پلیٹ لگوانے والے ہو جائیں خبردار، بڑی خبر آگئی

    یاد رہے وزیر محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے ایسے شہریوں کو خبردار کیا تھا جو سڑکوں پر اسٹالز اور دکانوں سے جعلی نمبر پلیٹ خرید کر گاڑیوں اور موٹرسائیکل پر لگوا رہے ہیں۔

    مکیش کمار چاولہ نے نجی نیوز سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ خصوصی فیچر کی حامل اجرک والی نمبر پلیٹ 2022 میں لانچ ہوئی، پچھلے 3 سال کے دوران ہزاروں گاڑیوں اور موٹرسائیکل کو یہ نمبر پلیٹ دی جا چکی ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ یہ سکیورٹی فیچرڈ نمبر پلیٹ ہے جو سیف سٹی پروجیکٹ سے منسلک ہے، پچھلے ایک سال سے میں اسمبلی کے فلور پر اور میڈیا کے ذریعے بتا چکا ہوں کہ مستقبل میں تمام شہریوں کو یہ والی نمبر پلیٹ لگانی ہوگی۔

    کراچی کی خبریں

  • شادمان نالے میں گرنے سے ماں اور بچے کی ہلاکت  : 99 لاکھ  ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

    شادمان نالے میں گرنے سے ماں اور بچے کی ہلاکت : 99 لاکھ ہرجانہ ادا کرنے کا حکم

    کراچی : سٹی کورٹ نے شادمان نالے میں گرنے سے خاتون اور بچے کی موت پر ایم سی اور ڈی ایم سی کو ہر جانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا ۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سٹی کورٹ نے شادمان نالے میں موٹرسائیکل گرنے سے خاتون اور دو ماہ کے بچے کی ہلاکت کے کیس کی سماعت ہوئی۔

    عدالت ن فیصلہ سناتے ہوئے کے ایم سی اور ڈی ایم سی وسطی کو متاثرہ خاندان کو 99 لاکھ روپے سے زائد ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

    کراچی کی خبریں

    وکیل عثمان فاروق نے بتایا کہ یہ افسوسناک واقعہ 2022 کی شدید بارشوں کے دوران پیش آیا، جب متاثرہ خاندان موٹرسائیکل پر سفر کر رہا تھا کہ اچانک گاڑی شادمان نالے میں جاگری، جس کے نتیجے میں خاتون اور ان کا دو ماہ کا بیٹا جاں بحق ہوگئے۔

    عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ریکارڈ سے ظاہر ہوتا ہے کہ حادثہ دونوں سرکاری اداروں کی غفلت کے باعث پیش آیا، فریقین کی قانونی ذمہ داری تھی کہ وہ نالے، سیوریج سسٹم اور اس کے اردگرد کے علاقوں کی مناسب دیکھ بھال کرتے اور شہریوں کا تحفظ یقینی بناتے، جو وہ کرنے میں ناکام رہے۔

    مدعی کی جانب سے جان لیوا حادثات ایکٹ کے تحت ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ انتظامیہ نے نالے کے اردگرد کوئی حفاظتی اقدامات نہیں کیے تھے، جس کی وجہ سے یہ المناک حادثہ پیش آیا۔

    عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ کے ایم سی اور ڈی ایم سی وسطی اپنے عوامی فرائض کی انجام دہی میں ناکام رہے اور متاثرہ خاندان کو بھاری مالی نقصان اور ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنا پڑا۔

  • کراچی : ڈیفنس لائبریری کے قریب تیز رفتار ٹرالر رہائشی بنگلے سے ٹکرا گیا

    کراچی : ڈیفنس لائبریری کے قریب تیز رفتار ٹرالر رہائشی بنگلے سے ٹکرا گیا

    کراچی : ڈیفنس لائبریری کے قریب ٹرالر کے رہائشی بنگلے سے ٹکرانے کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس لائبریری کے قریب ایک رہائشی علاقے میں تیز رفتار ٹر بے قابو ہو کر ایک بنگلے کی دیوار سے جا ٹکرایا، جس کے نتیجے میں ٹر یلر ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

    حادثے کے بعد دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

    پولیس نے کہا حادثہ بوندا باندی کے دوران سڑک پر پھسلن کے باعث پیش آیا۔ زخمیوں کی شناخت 32 سالہ رمضان (ٹر یلر ڈرائیور) اور 29 سالہ ارشد (کلینر) کے طور پر ہوئی ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کی گردن میں فریکچر ہوا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔

    مزید پڑھیں : کراچی: سرجانی ناردرن بائی پاس پر ٹرالر نے 15 سالہ لڑکے کو کچل دیا

    حادثے کے نتیجے میں رہائشی بنگلے کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے، تاہم خوش قسمتی سے بنگلہ خالی تھا اور مکین فیملی اسلام آباد میں موجود ہے۔

    پولیس کے مطابق بنگلے کا مالک آئندہ روز کراچی پہنچے گا اور متاثرہ جگہ کا معائنہ کرے گا۔

    پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ٹرالر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا ہے تاہم  ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر ٹر یلر مالک نے نقصان کا ازالہ کر دیا تو بنگلے کا مالک قانونی کارروائی نہیں کرے گا۔

  • شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی، موسم خوشگوار‎

    شہر قائد کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی، موسم خوشگوار‎

    کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی سے شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ چند روز تک کراچی کا موسم مرطوب رہے گا، بادل چھائے رہیں گے۔

    شہر میں صبح اوررات میں بوندا باندی متوقع ہے، جنوب مغربی سے 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہرمیں ہوا میں نمی کا تناسب 74 فیصد ہے، دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 سے 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    موسم سے متعلق خبریں

    دوسری جانب ملک کے بالائی علاقوں میں آج بھی بارش کا انتباہ جاری کیا گیا ہے جس کے پیش نظر عوام کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

  • کراچی میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2 ملازمین جاں بحق، ڈکیتی یا ذاتی دشمنی واضح نہیں ہو سکا

    کراچی میں ہوٹل پر فائرنگ سے 2 ملازمین جاں بحق، ڈکیتی یا ذاتی دشمنی واضح نہیں ہو سکا

    کراچی (04 اگست 2025): شہر قائد میں مبینہ ڈکیتی مزاحمت کا ایک اور افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، بلدیہ ٹاؤن میں ایک ہوٹل پر فائرنگ سے 2 ملازمین جاں بحق ہو گئے ہیں، تاہم یہ ابھی واضح نہیں ہو سکا ہے کہ واقعہ ڈکیتی پر مزاحمت کا نتیجہ ہے یا ذاتی دشمنی کا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن، گلشن مزدور میں ایک ہوٹل پر فائرنگ کی گئی ہے جس میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے، جن کی شناخت 25 سالہ وہاب اور 28 سالہ حبیب اللہ کے ناموں سے ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ عینی شاہد نے بتایا کہ یہ واقعہ دوران ڈکیتی مزاحمت پر پیش آیا، عینی شاہد نے بتایا ’’قریب ہی میرا پھلوں کا ٹھیلا ہے، مجھے اچانک فائرنگ کی آواز آئی، جس پر میں ہوٹل کی طرف بھاگا تو دیکھا 2 افراد کو گولیاں لگی تھیں، ایک زخمی سے بات کرنے کی کوشش کی اس نے بتایا کہ ڈاکو آئے تھے۔‘‘

    https://urdu.arynews.tv/rawalpindi-ninth-grade-student-killed-for-resisting-robbery/

    ہوٹل ملازم نے بھی بتایا کہ ہوٹل پر ڈکیتی کی واردات ہوئی، ملزمان موبائل فون چھین کر فرار ہوئے، نشانہ بننے والے دونوں جاں بحق افراد ہوٹل پر کام کرتے تھے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ جاں بحق افراد کا آبائی تعلق کوئٹہ سے ہے، اور فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ بھی ہو سکتا ہے، کیوں کہ ان افراد کا چند روز قبل جھگڑا بھی ہوا تھا، تاہم واقعے کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

  • 8 ٹریفک حادثات میں 7 جاں بحق، خاتون بچی سمیت چنگچی سے گر گئی، بس نے کچل دیا

    8 ٹریفک حادثات میں 7 جاں بحق، خاتون بچی سمیت چنگچی سے گر گئی، بس نے کچل دیا

    کراچی (04 اگست 2025): شہر قائد میں گزشتہ دن سڑکوں پر ایک خونی دن کی طرح گزرا، 24 گھنٹوں میں 8 ٹریفک حادثات میں 2 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق حادثات نیو سبزی منڈی، ناظم آباد، ریڈیو پاکستان، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، منگھوپیر، لانڈھی اور گلستان جوہر میں پیش آئے ہیں، نیو سبزی منڈی کے قریب حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، متوفی کی شناخت شیراز حمید کے نام سے ہوئی ہے۔

    ناظم آباد ایک نمبر میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوئیں، جس کی شناخت نہیں ہو سکی، شاہ فیصل کالونی پل پر چلتی چنگچی سے خاتون گر گئی، جس کو بس نے کچل دیا، 24 سال کی اقرا جاں بحق اور 5 ماہ کی بچی صبیحہ شدید زخمی ہو گئی۔

    منگھوپیر میں موٹر سائیکل سوار بس تلے کچل کر جان سے گیا، ریڈیو پاکستان کے قریب رکشے کی ٹکر سے راہ گیر جاں بحق ہوا، گلستان جوہر میں گاڑی کی ٹکر سے فوڈ ڈیلیوری رائیڈر زخمی ہو گیا۔


    جرگے کے حکم پر قتل ہونے والی لڑکی کی لاش لے جانے کی ویڈیو منظرعام پر


    پولیس کے مطابق منگھوپیر پختون آباد والے واقعے میں تیز رفتار مسافر بس نے رانگ وے آتے ہوئے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا، حادثے میں علی حسن نامی نوجوان زندگی کی بازی ہار گیا، جب کہ عباس نامی شہری زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

    حادثے کے بعد پولیس نے مسافر بس کے ڈرائیور کو گرفتار کر کے بس تحویل میں لے لی ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ کس کی غفلت کی وجہ سے پیش آیا اس کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب شاہ فیصل کالونی برج پر چلتے چنگچی سے خاتون شیر خوار بچی سمیت گرنے سے بس کے پہیوں تلے کچل گئی، حادثے میں سالہ خاتون جاں بحق جب کہ 5 ماہ کی بچی شدید زخمی ہوئی۔

    رواں سال ٹریفک حادثات میں 536 شہری جان سے جا چکے ہیں، اور 6 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔

    ادھر ڈیفنس لائبریری کے قریب ٹریلر بنگلے کی دیوار سے ٹکرا گیا، جس سے ٹریلر ڈرائیور سمیت 2 افراد زخمی ہو گئے، جن میں 32 سالہ رمضان اور 29 سالہ ارشد شامل ہیں، پولیس حکام کے مطابق حادثے کے باعث رہائشی بنگلے کی دیوار کو نقصان پہنچا ہے، تاہم بنگلا خالی تھا اور فیملی اسلام آباد گئی ہوئی ہے، ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے۔

    ڈیفنس فیز فائیو خیابان شجاعت کے قریب 2 گاڑیوں میں بھی ٹکر ہوئی ہے، ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، حادثے کے باعث ایک گاڑی کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے۔