Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • 4 اگست کو کراچی کے کن علاقوں کو پانی کی فراہمی میں کمی متوقع ہے؟

    4 اگست کو کراچی کے کن علاقوں کو پانی کی فراہمی میں کمی متوقع ہے؟

    کراچی (3 اگست 2025): کل بروز پیر کراچی کے مختلف علاقوں کو پانی کی فراہمی میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا کہ کل 4 اگست کو کے-الیکٹرک کی جانب سے بن قاسم کلسٹر دھابیجی سب اسٹیشن اور گرڈ اسٹیشن پر مینٹیننس کا کام جائے گا۔

    ترجمان کارپوریشن نے بتایا کہ مینٹیننس کا کام صبح 10 سے شام 7 بجے تک جاری رہے گا، کے-الیکٹرک کی جانب سے شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے ہوگا۔

    یہ بھی پڑھیں: حب سے کراچی بڑے پیمانے پر پانی کی غیر قانونی ترسیل کا انکشاف

    انہوں نے بتایا کہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔

    واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق مینٹیننس کے کام کے باعث شہر کو پانی کی فراہمی میں 100 ملین گیلن کی کمی متوقع ہے، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد میں پانی کی فراہمی میں کمی ہوگی۔

    29 جولائی کو کے-الیکٹرک کی جانب سے دھابیجی سب اور گرڈ اسٹیشن پر مین ٹیننس کے کام کا آغاز کیا گیا تھا۔ ترجمان کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا تھا کہ دھابیجی گرڈ اسٹیشن پر مین ٹیننس کے کام کا آغاز کر دیا گیا، کے-الیکٹرک کی جانب سے شٹ ڈاؤن کا دورانیہ مجموعی طور پر 9 گھنٹے ہوگا، پمپنگ اسٹیشن کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی جزوی طور پر معطل ہے۔

    انہوں نے بتایا تھا کہ مین ٹیننس کے کام کے باعث پانی کی فراہمی میں 85 ملین گیلن کی کمی متوقع ہے، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل، بن قاسم، ڈی ایچ اے اور نارتھ ناظم آباد کو پانی کی فراہمی میں کمی ہوگی۔

    اس سے ایک روز ترجمان واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن نے بتایا تھا کہ کے-الیکٹرک کا حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کے بریک ڈاؤن صبح 7 بج کر 30 منٹ پر پیش آیا جس کے باعث حب رائزنگ مین نمبر دو متاثر ہوگئی۔

  • اب قتل کی سالانہ وارداتیں 500 سے بھی کم رپورٹ ہو رہی ہیں، آئی جی سندھ

    اب قتل کی سالانہ وارداتیں 500 سے بھی کم رپورٹ ہو رہی ہیں، آئی جی سندھ

    کراچی (03 اگست 2025): آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں قتل کی سالانہ وارداتیں بہت کم ہو گئی ہیں، اور عالمی سطح پر اس شہر کی جرائم کے لحاظ سے درجہ بندی کافی بہتر ہوئی ہے۔

    آج اتوار کو سندھ پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت کے لیے دو دریا کے مقام پر ریس کا انعقاد کیا گیا، اس موقع پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کہا اب کراچی میں قتل کی سالانہ وارداتیں 500 سے بھی کم رپورٹ ہو رہی ہیں۔

    انھوں نے کہا 2013 میں ٹارگٹ کلنگ کے سب سے زیادہ واقعات رپورٹ ہوئے، اور تب یہ شہر جرائم کے حوالے سے چھٹے نمبر پر تھا، پولیس اہلکاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا، لیکن اس کے بعد اہلکاروں نے جان کی پرواہ کیے بغیر امن قائم کیا، اوراب جرائم کے لحاظ سے شہر چھٹے سے 128 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔


    گلستان جوہر میں فائرنگ سے کار سوار جاں بحق


    سندھ پولیس کے شہدا کو خراجِ عقیدت کے لیے نجی ادارے کے تحت دو دریا کے مقام پر 5 کلو میٹر کی ریس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایک ہزار کے قریب مرد اور خواتین نے حصہ لیا، اور فاتح کھلاڑیوں میں 1 لاکھ سے 50 ہزار تک انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ اس موقع پر غلام نبی میمن نے کہا آج کے دن ملک بھر میں شہدا کو یاد کیا جاتا ہے، آج اگر امن ہے تو اس کا کریڈٹ شہدا کو جاتا ہے۔

    انھوں نے مزید کہا ہر عام آدمی کا سامنا ٹریفک پولیس سے ہوتا ہے، اس سلسلے میں سندھ حکومت سیف سٹی پراجیکٹ پر کام کر رہی ہے، اس منصوبے کے تحت 1300 کیمرے لگائے جائیں گے جن کی مدد سے چالان اب گھروں پر بھیجا جائے گا۔

  • آفاق احمد نے گاڑی پر اجرک کی بجائے پاکستانی پرچم والی نمبر پلیٹ لگا لی

    آفاق احمد نے گاڑی پر اجرک کی بجائے پاکستانی پرچم والی نمبر پلیٹ لگا لی

    کراچی (03 اگست 2025): آفاق احمد نے گاڑی پر اجرک کی بجائے پاکستانی پرچم والی نمبر پلیٹ لگا لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد نے گاڑی پر نئی نمبر پلیٹ لگا دی، تاہم انھوں نے اجرک والی پلیٹ کی بجائے پاکستانی پرچم والی لگائی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آفاق احمد نے نمبر پلیٹ پر اجرک والی پٹی پر اپنے ہاتھوں سے پاکستانی پرچم والا اسٹیکر چسپاں کیا۔

    یاد رہے کہ آفاق احمد نے یکم اگست سے نمبر پلیٹ پر قومی پرچم لگانے کی مہم کا اعلان کیا تھا، گزشتہ روز انھوں نے گاڑی کی پلیٹ پر قومی پرچم والا اسٹیکر لگا کر مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ نے کہا تھا کہ عوام کے پاس آپشن ہونا چاہیے کہ وہ اجرک والی پلیٹ لگائیں یا قومی پرچم والی، انھوں نے مؤقف اختیار کیا کہ موٹر سائیکل یا گاڑی کی خریداری کے وقت نمبر پلیٹ اجرا کی فیس لائف ٹائم وصول کی جاتی ہے، شہریوں سے دوبارہ رقم کا مطالبہ کرنا غلط ہے۔

  • ویڈیو رپورٹ: مٹھائیوں اور بیکری آئٹمز کی برآمدات میں اضافہ ہو گیا

    ویڈیو رپورٹ: مٹھائیوں اور بیکری آئٹمز کی برآمدات میں اضافہ ہو گیا

    کراچی میں جاری نمائش ’مائی کراچی‘ میں شریک کمپنیوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے مقامی فروخت میں کمی آئی ہے، تاہم کنفیکشنری مٹھائیوں، فروزن فوڈ اور بیکری ائیٹم کی ایکسپورٹ میں اضافہ ہو رہا ہے۔

    مائی کراچی نمائش کراچی کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے لیے ہر سال منعقد کی جاتی ہے، یہ نمائش نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پہچانی جاتی ہے، نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوڈ آئٹم کی بیرون ملک مانگ میں اضافہ ہوا ہے، نمکو، بیکری اور مٹھائیوں کی کینڈا، امریکا اور آسٹریلیا کو ایکسپورٹ میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔


    کیا دودھ اور آئس کریم سے ڈراؤنے خواب آتے ہیں؟


    نمائش میں شریک تاجروں کا کہنا تھا کہ مائی کراچی نمائش کا انعقاد شہر میں مثبت تجارتی سرگرمیوں کا ثبوت ہے، نمائش میں ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات رعایتی نرخوں پر پیش کر رہی ہیں، یہ تین روزہ نمائش کراچی والوں کو تفریح فراہم کرنے کے علاوہ بزنس ٹو بزنس میٹنگز کے لیے بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی: 97 لاکھ کی ڈکیتی کرنے والے 2 ملزمان گرفتار، 34 لاکھ برآمد

    کراچی: 97 لاکھ کی ڈکیتی کرنے والے 2 ملزمان گرفتار، 34 لاکھ برآمد

    کراچی(2 اگست 2025): کورنگی ڈسٹرکٹ پولیس نے دو روز قبل سیکیورٹی وین سے 97 لاکھ کیش لوٹ کر فرار ہونے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ساتھیوں کے ہمراہ 97 لاکھ کی ڈکیتی کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، 2 روز قبل کورنگی میں کیش وین پر فائرنگ اور ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

    ایس ایس پی کورنگی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں علی بخش اور پرویز شامل ہیں، گرفتار ملزمان سے 34 لاکھ 78ہزار کیش اور گاڑی برآمد ہوئی ہے، سیکیورٹی سپر وائزر سے چھینے گئے پستول سمیت 3 پستول بھی برآمد کیے گئے۔

    کراچی میں ڈکیتی کی بڑی واردات، ڈاکو 97 لاکھ نقدی رقم لوٹ کر فرار

    ایس ایس پی کورنگی کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 12 فونز بھی برآمد کیے گئے، ملزمان نے سیکیورٹی کمپنی کی کیش وین لوٹنے کے دوران فائرنگ بھی کی تھی، فائرنگ سے سیکیورٹی گارڈ سدھیر اور محمد خالق زخمی ہوئے تھے، ملزمان نے فرار ہوتے وقت شہری سے گاڑی بھی چھینی تھی۔

  • سندھ اسمبلی میں آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع

    سندھ اسمبلی میں آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع

    کراچی (02 اگست 2025): سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم نے آوارہ کتوں کے خلاف تحریک التویٰ جمع کرا دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آوارہ کتوں کے بڑھتے ہوئے حملوں کے واقعات کے خلاف ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے سندھ اسمبلی میں تحریک التویٰ جمع کرا دی۔

    رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی نے تحریک التویٰ میں مطالبہ کیا ہے کہ آوارہ کتوں کو مارنا حل نہیں ہے، سندھ حکومت اس سلسلے میں مؤثر حکمت عملی بنائے، کیوں کہ روزانہ بچے اور بزرگ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے زخمی ہو رہے ہیں، جس سے خوف اور بے چینی پھیل چکی ہے۔

    آوارہ کتے ایم کیو ایم سندھ اسمبلی
    ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی میں ہفتے کو آوارہ کتوں کے حوالے سے تحریک التویٰ جمع کرا رہے ہیں

    تحریک التویٰ کے مطابق عامر صدیقی نے کہا ہے کہ آوارہ کتوں کو ریبیز ویکسین دی جائے، اور ہر تحصیل میں ڈاگ شیلٹرز قائم کیے جائیں، نیز عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

    ایم کیو ایم رکن اسمبلی نے تجویز دی کہ مسئلے کے حل کے لیے ماہرین اور این جی اوز کی مشاورت سے حکمتِ عملی بنائی جا سکتی ہے، یہ عوام کی صحت اور تحفظ کا مسئلہ ہے، جس پر فوری، سنجیدہ اور ہمدردانہ اقدامات ناگزیر ہیں۔


    کے فور منصوبے پر کتنے ارب روپے خرچ ہو چکے، کتنا کام ہو گیا؟


    واضح رہے کہ سندھ سمیت پاکستان میں کتے کے کاٹے کے تکلیف دہ واقعات کس حد تک بڑھ چکے ہیں اور حکومت اس حوالے سے کتنی خاموش ہے، اس کا اندازہ گزشتہ برس جون کے محض ایک ہفتے کی رپورٹ سے ہوتا ہے، این آئی ایچ نے بتایا تھا کہ ایک ہفتے میں ملک میں کتے کے کاٹے کے سب سے زیادہ 5 ہزار 259 کیسز پنجاب سے رپورٹ ہوئے تھے، جب کہ سندھ میں 1 ہزار 886 شہری آوارہ کتوں کا نشانہ بنے۔ خیبر پختونخوا میں 635، بلوچستان میں 110، آزاد کشمیر میں 66، گلگت بلتستان میں سگ گزیدگی کا 1 کیس رپورٹ ہوا۔

  • کے فور منصوبے پر کتنے ارب روپے خرچ ہو چکے، کتنا کام ہو گیا؟

    کے فور منصوبے پر کتنے ارب روپے خرچ ہو چکے، کتنا کام ہو گیا؟

    کراچی (02 اگست 2025): ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے پاکستان پیپلز پارٹی کی طویل عرصے کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کے فور‘ منصوبے پر اس نے ایک روپیہ بھی نہیں لگایا، جب کہ اب یہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کے مرحلے تک رواں دواں ہے۔

    ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ’’کراچی کا انفراسٹرکچر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، پیپلز پارٹی کی 18 سالہ صوبائی حکومت اور 5 بار وفاقی حکومت کے باوجود شہری اور دیہی سندھ تباہ حال ہے، اور سندھ حکومت کی کرپشن اور نااہلی عروج پر ہے۔‘‘

    امین الحق کے فور منصوبہ کراچی
    کے فور منصوبہ جس پر وفاق کی طرف سے کام جاری ہے

    انھوں نے کہا اٹھارویں ترمیم کے بعد پانی فراہم کرنے کی ذمے داری صوبائی حکومت کی ہے، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کے فور کے منصوبے پر صوبائی حکومت نے ایک روپیہ تک نہیں لگایا، اب ایم کیو ایم کی کاوشوں سے کے فور منصوبہ وفاق کے زیر انتظام منتقل ہو گیا ہے تو اب یہ 126 ارب کا ہو چکا ہے، جس پر 82 ارب خرچ اور 72 فی صد کام مکمل ہو چکا ہے۔

    امین الحق نے کہا ایم کیو ایم کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ وفاق سے کراچی، حیدرآباد اور شہری سندھ کے لیے بڑا پیکج حاصل کر سکیں تاکہ محرومیوں کا ازالہ ہو، میئر کراچی کی نااہلی کے باعث جو کام شہر میں مکمل نہیں ہو پا رہے ہیں، ایم کیو ایم کے ایم این ایز فنڈز سے اسے مکمل کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 27 ویں ترمیم کے معاملے پر ایم کیو ایم کو ابھی تک اعتماد میں نہیں لیا گیا، وفاق سے ہمارا معاہدہ ہے کہ ستائیسویں ترمیم 140-A کے حوالے سے ہوگی، اس ترمیم کے ذریعے اختیارات کو نچلی سطح تک منتقل، میئر، چیئرمینز کے اختیارات اور بلدیاتی نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ سندھ میں مستقبل قریب میں کوئی الائنس نہیں ہو سکتا، کراچی، حیدرآباد سمیت سندھ کی ترقی، ترقیاتی پیکج کی تقسیم اور اسکیموں کی تکمیل پر پی پی بات کرنا چاہے تو ضرور کریں گے۔

  • وکیل شمس الاسلام کے قاتل عمران آفریدی نے اعتراف جرم کر کے قتل کی وجہ بھی بتا دی

    وکیل شمس الاسلام کے قاتل عمران آفریدی نے اعتراف جرم کر کے قتل کی وجہ بھی بتا دی

    کراچی (02 اگست 2025): وکیل شمس الاسلام کے قاتل عمران آفریدی نے اعتراف جرم کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام کے قتل کے معاملے میں ملزم عمران آفریدی نے ویڈیو بیان میں اعتراف جرم کر لیا ہے۔

    ملزم عمران آفریدی نے مقتول پر والد کو قتل کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ شمس الاسلام اور میرے والد میں 35 لاکھ روپے کا لین دین تھا۔ ملزم کا دعویٰ ہے کہ معروف وکیل نے ان کے ہیڈ کانسٹیبل والد کو اغوا کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا، اور جیل میں بھی بند کروایا۔

    عمران آفریدی نے ویڈیو اعترافی بیان میں بتایا کہ جیل سے رہائی کے بعد شمس الاسلام نے ان کے والد کو پھر اغوا کیا اور تشدد کے بعد سر میں گولی مار کر قتل کر دیا، عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائے لیکن کہیں سے کوئی انصاف نہیں ملا کیوں کہ مقابل ایک طاقت ور وکیل تھا۔


    وکیل خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کرنے والا ملزم حملے سے پہلے کیا کر رہا تھا؟ کیسے فائرنگ کی؟ نئی فوٹیج


    ملزم کا کہنا تھا کہ خواجہ شمس الاسلام کے ساتھ ان کا جھگڑا ہوا تو اس نے ان کے چھوٹے بھائیوں کو بھی دہشت گردی کے مقدمے میں جیل بھیج دیا جو ابھی بھی جیل میں ہیں، انصاف نہ ملنے کی وجہ سے آج وہ مجرم بن گئے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس قتل کی ویڈیو بھی اے آر وائی نیوز کو حاصل ہو گئی ہے، فوٹیج میں مسجد کی سیڑھیوں سے نمازیوں کو اترتے دیکھا جا سکتا ہے، شمس الاسلام اپنے بیٹے کے ساتھ نیچے آ رہے تھے، جب کہ حملہ آور عمران آفریدی نمازی بن کر نیچے صف میں بیٹھا ہوا تھا۔

  • خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کرنے والا ملزم حملے سے پہلے کیا کر رہا تھا؟ کیسے فائرنگ کی؟ نئی فوٹیج

    خواجہ شمس الاسلام پر حملہ کرنے والا ملزم حملے سے پہلے کیا کر رہا تھا؟ کیسے فائرنگ کی؟ نئی فوٹیج

    کراچی (02 اگست 2025): ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام کے قتل کی مزید واضح فوٹیجز اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں قتل ہونے والے ایڈووکیٹ خواجہ شمس الاسلام پر فائرنگ کی اے آر وائی نیوز نے مزید واضح فوٹیجز حاصل کر لی ہیں، جس سے پتا چلتا ہے کہ فائر کرنے والا کہاں موجود تھا اور کیسے فرار ہوا؟

    فوٹیج میں مسجد کی سیڑھیوں سے نمازیوں کو اترتے دیکھا جا سکتا ہے، شمس الاسلام اپنے بیٹے کے ساتھ نیچے آ رہے تھے، جب کہ حملہ آور عمران آفریدی نمازی بن کر نیچے صف میں بیٹھا ہوا تھا۔


    کراچی: ڈیفنس فیز 6 میں فائرنگ سے سینئر وکیل خواجہ شمس الاسلام جاں بحق


    فوٹیج کے مطابق جب خواجہ شمس الاسلام آخری سیڑھی پر پہنچے تو ملزم تیزی سے چلتا ہوا آیا، جس نے ویسٹ کوٹ کی الٹے ہاتھ کی جیب میں پستول رکھا ہوا تھا، ملزم نے پستول کو بائیں ہاتھ سے دائیں ہاتھ پر منتقل کیا، اور قریب پہنچ کر خواجہ پر گولیاں چلائیں اور فرار ہو گیا۔

    گولیاں چلتے ہی شمس الاسلام اپنے بیٹے سمیت سیڑھیوں پر گر گئے، ملزم نے فیس ماسک، پاؤں میں موزے، ہاتھ میں گھڑی باندھ رکھی تھی، اور وہ سیدھے ہاتھ میں پستول تھامے مسجد کے خارجی راستے کی طرف فرار ہوا۔

  • کراچی : سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والے شخص نے انتہائی قدم کیوں اٹھایا ؟ِ دوست نے بتادیا

    کراچی : سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والے شخص نے انتہائی قدم کیوں اٹھایا ؟ِ دوست نے بتادیا

    کراچی: سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والے شخص کے دوست کا اہم بیان آگیا ، جس میں خودکشی کرنے کی وجہ بتائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والے شخص کے دوست نے بتایا کہ اورنگزیب عالم میرا دوست تھا بیوی سے جھگڑے کے باعث عدالت میں معاملہ چل رہا تھا۔

    دوست کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز عدالت میں دونوں موجود تھے عدالت سے نکلنے کے بعد اورنگزیب اپنے بچوں سمیت چلا گیا اور واپس نہیں ایا رات کو خبریں دیکھ کر اندازہ ہوا کہ شاید اورنگزیب عالم ہی نے خودکشی کی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ابھی بچے کی لاش دیکھی تو پتہ چلا احمد کی ہے گھریلو جھگڑے عدالتی کیس سے پریشان ہو کر اورنگزیب عالم نے انتہائی قدم اٹھایا۔

    مزید پڑھیں : کراچی : سی ویو پر بچوں سمیت خودکشی کرنے والا شخص کون تھا؟ اہم انکشاف

    یاد رہے گزشتہ روز اورنگزیب عالم اپنے بیٹے اور بیٹی کو ساتھ لے کر سی ویو کے قریب دودریا پر پہنچا اور تینوں نے سمندر میں چھلانگ لگا دی تھی۔

    ریسکیو اداروں کی جانب سے فوری طور پر امدادی کارروائی شروع کی گئی، جس کے دوران ایک بچے کی لاش سمندر سے نکال لی گئی ہے۔

    ابتدائی معلومات  کے مطابق  اورنگزیب عالم نامی شخص اورنگی ٹاؤن ساڑھے 8 نمبر کا رہائشی تھا اور عامر پبلک اسکول میں بطور استاد فرائض انجام دے رہا تھا۔