Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • کراچی میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید، دو زخمی

    کراچی میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار شہید، دو زخمی

    کراچی میں 24 گھنٹے کے دوران پولیس پر فائرنگ کے دو واقعات میں ایک پولیس اہلکار شہید ایک زخمی ہوگیا۔

    پولیس حکام کے مطابق بن قاسم پپری میں پولیس اہلکار کو فائرنگ کرکے شہید کیا گیا، ڈیفنس میں پولیس کانسٹیبل ثاقب کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کی تعداد دو تھی، واقعے کا مقدمہ دہشت گردی کی دفعات کے تحٹ درج کیا گیا ہے۔

    تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کانسٹیبل ثاقب پر پانچ گولیاں اچلائی گئی تھیں۔

    ادھر پری مری گوٹھ میں پولیس کانسٹیبل متیرو خان شہید ہوگئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول پولیس اہلکار بگٹی گوتھ کا رہائشی تھے، فائرنگ کے دونوں واقعات کی تحقیقات جاری ہیں۔

    نارتھ کراچی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ پولیس جوابی فائرنگ میں ایک ڈاکو بھی زخمی ہوا جو اپنے موٹر سائیکل سوار ساتھی سمیت موقع سے فرار ہوگیا۔

    اس حوالے سے ایس ایچ او سرسید اسلم خان نے بتایا کہ نارتھ کراچی سیکٹر الیون بی رونق شیری بیکری کے قریب علاقہ گشت پر مامور پولیس کے جوانوں نے مشتبہ موٹر سائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو عقب میں بیٹھے ہوئے ڈاکو نے پولیس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار محمد لائق ٹانگ پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔

  • ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے 7 اہم ہدایات جاری کر دیں

    ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے 7 اہم ہدایات جاری کر دیں

    کراچی (27 اگست 2025):کراچی شہر میں حادثات کی روک تھام ٹریفک کی روانی اور دیگر اہم معاملات پر ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے تمام متعلقہ افسران کو 7 اہم احکامات جاری کیے ہیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک کے احکامات میں سب سے پہلے بتایا گیا ہے کہ بھیک مانگنے پر مکمل پابندی عائد ہے، جس میں کسی قسم کی نرمی یا رعایت برداشت نہیں کی جائے گی، لہٰذا چوراہوں اور سگنلز پر بھیک مانگنے والوں کو فوری گرفتار کر کے مقامی پولیس کے حوالے کیا جائے اور تفصیلات ریڈر برانچ کے ساتھ شیئر کی جائیں۔

    ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ
    ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ

    پیر محمد شاہ نے کہا جو اسکول مرکزی شاہراہوں پر ہوں اور ٹریفک میں رکاوٹ کا باعث بنتے ہوں، وہاں متعلقہ افسران صبح اور چھٹی کے وقت خود موجود رہیں، اسکولوں کے باہر ٹریفک کو قابو میں رکھیں اور طلبہ کو لینے آنے والی گاڑیاں باقاعدہ قطار میں منظم طریقے سے کھڑی کروائیں۔

    تمام چوراہوں کو مکمل طور پر خالی رکھنے اور چوراہے سے 50 میٹر فاصلے تک ناجائز تجاوزات یا پارکنگ کی اجازت نہ دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

    مزید کہا گیا ہے کہ کسی صورت بسوں کی چھت پر مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت نہ دی جائے، تمام رکشے اورچنگ چی اپنی نمبر پلیٹیں واضح طور پر نصب کروانے کے اقدامات کریں، اور کسی بھی صورت نابالغ ڈرائیونگ کی اجازت نہ دی جائے۔

    ملت ٹاؤن میں ڈمپر کی ٹکر سے ڈھائی سالہ عون محمد جاں بحق

    پیر محمد شاہ نے ایک اہم حکم یہ بھی دیا ہے کہ کسی بھی فیکٹری، ادارے یا دفتر کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کا معائنہ کریں، نمبر پلیٹس، ہیڈ لائٹس، بیک لائٹس اور انڈیکیٹرز، سائیڈ مررز اور چین درست حالت میں ہوں، سوار کے پاس اصل ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ بھی ہو، بہ صورت دیگر جب تک مالکان شرائط پوری نہ کر لیں موٹر سائیکلیں باؤنڈ کر دی جائیں۔

    پیر محمد شاہ نے کہا کہ اہلکار کی وردی صاف ستھری اور شان دار نظر آنی چاہیے، ان ہدایات کی کسی بھی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور غفلت برتنے پر سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

  • ملت ٹاؤن میں ڈمپر کی ٹکر سے ڈھائی سالہ عون محمد جاں بحق

    ملت ٹاؤن میں ڈمپر کی ٹکر سے ڈھائی سالہ عون محمد جاں بحق

    کراچی (27 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے ملت ٹاؤن میں ڈمپر کی ٹکر سے ڈھائی سالہ عون محمد جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈمپر اور واٹر ٹینکر جیسی بھاری گاڑیوں سے شہریوں کو کچلنے کے واقعات میں کمی نہیں آ سکی ہے، ایک اور افسوس ناک واقعے میں ڈھائی سالہ بچہ بھی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

    عون محمد اپنے ماموں سلمان کے ساتھ موٹر سائیکل پر جا رہا تھا، کہ ملت ٹاؤن موڑ پر رانگ وے آتے ڈمپر نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس سے ڈھائی سالہ عون محمد موقع ہی پر جاں بحق ہو گیا۔

    اس حادثے کا مقدمہ الفلاح تھانے میں درج کیا جائے گا، اس سے قبل گزشتہ رات کراچی کے علاقے کورنگی روڈ پر ایک ہی گھنٹے میں دو ٹریفک حادثات پیش آئے تھے، جن میں خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہو گئی تھیں۔

    کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار اور رکشہ کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے، اس حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہو گیا تھا۔ یہ حادثہ نادرا میگا سینٹر کے قریب پیش آیا۔

    دوسرا حادثہ قیوم آباد کے قریب پیش آیا جہاں بس کی ٹکر سے ایک راہگیر خاتون جاں بحق ہو گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ملوث ٹرک اور بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • کراچی میں گیس کمپنی کی جانب سے روڈ کٹنگ کا مسئلہ، شہری انتظامیہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی

    کراچی میں گیس کمپنی کی جانب سے روڈ کٹنگ کا مسئلہ، شہری انتظامیہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی

    کراچی (27 اگست 2025): شہر قائد میں گیس کمپنی کی جانب سے روڈ کٹنگ کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے شہری انتظامیہ سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی شہر میں روڈ کٹنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس پر کمشنر کراچی نے آج دوپہر 12 بجے اجلاس طلب کر لیا ہے، یہ اجلاس کمشنر ہاؤس میں ہوگا، جس میں روڈ کٹنگ سے پیدا ہونے والی مشکلات زیر بحث آئیں گی۔

    اجلاس میں ایم ڈی سوئی گیس، سی ای او واٹر کارپوریشن، کے ایم سی اور تمام ٹاؤنز کے میونسپل کمشنرز کو طلب کیا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ کمشنر کراچی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے نوٹس کے بعد یہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    کریم آباد انڈر پاس دو سال بعد بھی مکمل تعمیر نہ ہوسکا، وجہ کیا ہے؟

    سوئی گیس کمپنی نے نومبر 2024 سے گیس لائن بچھانے کا کام شروع کیا تھا، ٹاؤن چیئرمینز نے بتایا کہ سوئی گیس کمپنی کو یہ کام ستمبر 2025 تک مکمل کرنا ہے، تاہم گیس کمپنی اب دسمبر تک مہلت مانگ رہی ہے۔

    کمشنر ہاؤس کے ذرائع نے بتایا کہ آج کے اجلاس میں سوئی گیس کمپنی سے کام مکمل کرنے کی حتمی ڈیڈ لائن لی جائے گی۔ واضح رہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے زوردار اسپیل کے بعد شہر میں سڑکوں کی حالت بہت زیادہ خراب ہو چکی ہے۔

  • فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹنے والے 5 ڈاکو گرفتار

    فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹنے والے 5 ڈاکو گرفتار

    کراچی (27 اگست 2025): شہر قائد کے علاقے سائٹ میں فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹنے والے 5 ڈاکو گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سائٹ بی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے فیکٹریوں میں ڈکیتی کرنے والے 5 ملزمان کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا، ایس ایس پی کیماڑی فیضان علی کا کہنا ہے کہ یہ گروہ فیکٹری ملازمین کو یرغمال بنا کر کروڑوں کا مال لوٹتا تھا۔

    ملزمان فیکٹریوں سے کیبل، تانبہ لے کر فرار ہوتے تھے، یہ گروہ 11 ڈاکوؤں پر مشتمل ہے، جن میں سے پانچ کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ 6 فرار ہیں، ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق اس حوالے سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔

    کراچی : ناگن چورنگی سے چھینی گئی فارچیونر کار ڈرامائی انداز میں برآمد

    گرفتار ملزمان میں اختر، صداقت، محمود، سلمان اور وسیع الرحمان شامل ہیں، جب کہ ان کے ساتھی راشد، رحمان، انعام اور حنیف کراچی چھوڑ چکے ہیں، یہ ملزمان اسلحہ محسود سے کرائے پر لے کر واردات کر کے 10 سے 15 ہزار روپے دیتے ہیں۔

    ایس ایس پی فیضان علی کے مطابق ملزمان نے 2 مزید فیکٹریوں میں واردات کرنے کا انکشاف کیا ہے، اور کریمنل ریکارڈ کے مطابق یہ ملزمان اس سے قبل بھی متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکے ہیں۔

  • کراچی: بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر ملزم فرار، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی: بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر ملزم فرار، سی سی ٹی وی فوٹیج

    کراچی (26 اگست 2025): لوٹ مار کی نئی واردات میں موٹر سائیکل سوار ملزم بزرگ خاتون سے سونے کی بالیاں چھین کر فرار ہو گیا۔

    شہر قائد میں لوٹ مار اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔ تاہم اب لٹیروں سے بزرگ خواتین بھی محفوظ نہیں رہیں۔ بلدیہ مدینہ کالونی میں بزرگ خاتون سے لوٹ مار کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    یہ واردات منگل کی صبح رونما ہوئی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک بزرگ خاتون گلی سے گزر رہی ہیں کہ اچانک موٹر سائیکل سوار ملزم ان کے قریب آ کر رکتا ہے، جس کے باعث وہ خاتون خوفزدہ ہو جاتی ہیں۔

    ملزم اپنی موٹر سائیکل سے اتر کر خاتون کے کان سے زبردستی سونے کی بالیاں اتار لیتا ہے۔ اس موقع پر وہ مزاحمت کرتی ہیں ، لین ناکام رہتی ہیں اور ملزم با آسانی فرار ہو جاتا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق متعلقہ تھانہ پولیس پہلے تو اس واقعہ سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہی تھی کہ انہیں ایسی کسی واردات کی اطلاع نہیں اور نہ ہی کسی نے شکایت درج کرائی ہے۔

    تاہم جب واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تو پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور متاثرہ خاتون کی تلاش شروع کر دی ، جب کہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

     

  • کراچی کے ساتوں اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    کراچی کے ساتوں اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف

    کراچی کے ساتوں اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے، تمام اضلاع سے 70 سے زائد نمونے لیے گئے۔

    وزارت صحت کے ذرائع نے بتایا کہ کراچی کے 7 اضلاع سے 78 ماحولیاتی نمونے لیے گئے ہیں اور تمام نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی سامنے آئی ہے، ضلع شرقی 24، کیماڑی 15، جنوبی 14، کورنگی سے 7 نمونے لیے گئے تھے۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں کی سیوریج ایک بار پھر پولیو وائرس سے آلودہ نکلیں

    ذرائع وزارت صحت نے بتایا کہ ملیر 7، ضلع وسطی 6 اور غربی سے 5 نمونے لیے گئے تھے، جانچ کے بعد تمام ماحولیاتی نمونے پولیو سے متاثرہ پائے گئے۔

    یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں پولیو کے حوالے سے بڑی خبر، کئی علاقوں سے وائرس ختم

    ترجمان ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے کہا کہ یکم ستمبر سے قومی انسداد پولیو مہم شروع ہوگی، شہر میں اب تک پولیو کا کیس رپورٹ نہیں ہوا۔

    https://urdu.arynews.tv/polio-virus-low-transmission-season/

  • کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری ، نوجوان  کو لوٹ مار کے بعد مرغا بنا دیا

    کراچی میں ڈاکوؤں کی دیدہ دلیری ، نوجوان کو لوٹ مار کے بعد مرغا بنا دیا

    کراچی: ڈاکوؤں نے لوٹ مار اور تشدد کے بعد نوجوان کو سڑک پر مرغابنا دیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے تھانہ رضویہ کی حدود میں ڈاکوؤں کی لوٹ مار کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی، جس میں کار سوار 4 ملزمان کو شہریوں کو لوٹتے اور تشدد کا نشانہ بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار دو نوجوانوں کو روکا، موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا نوجوان بھاگنے میں کامیاب ہوگیا، جبکہ ڈاکوؤں نے دوسرے نوجوان سے موبائل فون، نقدی اور موٹر سائیکل چھین لی۔ ملزمان نے متاثرہ نوجوان کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سڑک پر مرغابھی بنا دیا۔

    عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ ملزمان نے 15 منٹ تک علاقے میں آزادانہ لوٹ مار کی، 3 سے 4 موٹر سائیکل سواروں کو بھی لوٹا اور تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ ایک دکان کو بھی لوٹنے کے بعد فرار ہوگئے۔

    متاثرہ شہری نے بتایا کہ واردات کے بعد آدھے گھنٹے تک پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کرتے رہے لیکن کوئی اہلکار موقع پر نہ پہنچا، شکایت درج کرانے کے لیے تھانہ رضویہ جانے پر بھی پولیس نے مدد فراہم نہیں کی اور نہ ہی ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی گئی۔

  • کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی

    کراچی : تیز رفتار ٹرک کی موٹر سائیکل سوار اور رکشہ کو کچلنے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو سامنے آگئی، حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار موقع پر جاں بحق ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کورنگی روڈ پر ایک ہی گھنٹے میں دو ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں خاتون سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئیں۔

    پہلا حادثہ نادرا میگا سینٹر کے قریب پیش آیا، جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آگئی، جس میں ڈرائیور کو ٹرک تیز رفتاری سے چلاتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک تیز رفتار ٹرک مصروف ترین شاہراہ پر بے قابو ہوکر آیا، موٹر سائیکل سوار کو کچل دیا اور رکشے سے جا ٹکرایا، سڑک پر ٹریفک کے باوجود رفتار ٹرک کی رفتار انتہائی تیز تھی۔

    حادثے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار، جو سیکیورٹی گارڈ بتایا جاتا ہے، موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ رکشے میں بیٹھی خاتون زخمی ہوگئیں۔

    دوسرا حادثہ قیوم آباد کے قریب پیش آیا جہاں بس کی ٹکر سے ایک راہگیر خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں واقعات میں ملوث ٹرک اور بس ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

  • ’’کیا آپ کو اپنا جرم قبول ہے؟‘‘ انسداد دہشت گردی عدالت نے ارمغان کو فردِ جرم پڑھ کر سنایا

    ’’کیا آپ کو اپنا جرم قبول ہے؟‘‘ انسداد دہشت گردی عدالت نے ارمغان کو فردِ جرم پڑھ کر سنایا

    کراچی (26 اگست 2025): مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے خلاف صحافی پر حملے کے کیس میں انسداد دہشت گردی عدالت نے ارمغان پر فرد جرم عائد کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق جیل حکام نے گرفتار ملزم ارمغان کو عدالت میں پیش کر دیا، عدالت نے ملزم کو فرد جرم پڑھ کر سنایا ’’الزام ہے آپ نے مدعی پر حملہ کیا، کیا آپ کو اپنا جرم قبول ہے؟‘‘

    ملزم ارمغان نے صحت جرم سے انکار کر دیا، اور کہا مجھ پر جھوٹا مقدمہ بنایا گیا ہے، میں نے کسی پر حملہ نہیں کیا، عدالت نے ملزم پر فرد جرم عائد کرتے ہوئے گواہان کو نوٹس جاری کر دیے۔

    خونی رشتوں سے محروم خاتون کی تصدیق کے لیے عدالت کا نادرا کو سخت حکم

    پولیس نے عدالت کو بتایا کہ 19 نومبر 2024 کو ملزم ارمغان اپنی گاڑی میں سوار تھا، اس نے صحافی ندیم احمد خان کو روکا اور تلخ کلامی کی، ارمغان نے تلخ کلامی کے بعد فائرنگ کر کے صحافی کو زخمی کیا اور فرار ہو گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا تفتیش کے دوران ملزم ارمغان اپنے جرم کا اعتراف کر چکا ہے، اس نے اعتراف کیا کہ اس نے صحافی کو جان سے مارنے کی نیت سے فائرنگ کی تھی، مدعی مقدمہ نے ملزم ارمغان کو شناخت بھی کیا ہے۔

    عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 6 ستمبر تک ملتوی کر دی، صحافی ندیم احمد پر قاتلانہ حملے کا مقدمہ بہادر آباد تھانے میں درج ہے۔