Tag: کراچی

کراچی پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور تجارتی مرکز ہے۔ کراچی شہر کی ساری خبریں اس پیج پر دیکھیں

Karachi News Urduکراچی

  • خونی رشتوں سے محروم خاتون کی تصدیق کے لیے عدالت کا نادرا کو سخت حکم

    خونی رشتوں سے محروم خاتون کی تصدیق کے لیے عدالت کا نادرا کو سخت حکم

    کراچی (26 اگست 2025): خونی رشتوں سے محروم خاتون زرینہ کے شناختی کارڈ کے لیے نادرا سے تصدیق نہ ہونے کے معاملے پر سندھ ہائیکورٹ نے برہمی کا اظہار کیا ہے اور کل ہی اس سلسلے میں تصدیق کا حکم جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خونی رشتے دار نہ ہونے کے سبب زرینہ نامی خاتون کو شناختی کارڈ جاری نہ کیے جانے سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ میں نادرا حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی گئی۔

    عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہ کرنے پر عدالت نادرا حکام پر برہم ہوئی، جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا نادرا حکام کا عوام کے ساتھ رویہ بالکل بھی ٹھیک نہیں، انھوں نے استفسارکیا کہ نادرا میں کسی کی ویری فکیشن اور جانچ کا کیا نظام ہے؟ کیا نادرا کے پاس شہریوں کو ٹوکن جاری کرنے کا سسٹم موجود نہیں؟

    نادرا سے مسائل کا ازالہ کروانے کا سنہری موقع

    نادرا کے نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ ٹوکن نظام موجود ہے، نادرا شہریوں کو ان کی باری کے لیے ٹوکن جاری کرتا ہے، عدالت نے کہا بندہ کام کاج چھوڑ کر نادرا آفس جاتا ہے اور وہاں سے کہا جاتا ہے ابھی ہم کھانا کھا رہے ہیں، اس طرح شہریوں کو پریشان مت کریں، ہم بھی نادرا والوں کو بلا کر عدالت میں بٹھا دیں پھر کہیں گے کل آنا۔

    جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے کہا ہم نے نادرا کے زونل بورڈ کو درخواست گزار کی ویری فکیشن کا حکم دیا تھا، لیکن وہ صرف یہ کام بھی نہیں کر سکا، نادرا کل ہی زونل بورڈ کا اجلاس بلا کر درخواست گزار کی تصدیق کرے۔

    عدالت نے 15 روز میں نادرا سے پیش رفت رپورٹ بھی طلب کر لی، وکیل درخواست کے مطابق عدالت نے نادرا کو زرینہ نامی خاتون کی تصدیق کا حکم مارچ 2025 میں دیا تھا، درخواست گزار کا خونی رشتے میں کوئی بھی نہیں ہے، درخواست گزار نے استدعا کی تھی کہ شوہر کے ساتھ ان کا قومی شناختی کارڈ بنانے کا حکم دیا جائے۔

  • کراچی میں آن لائن منشیات ڈیلیوری نیٹ ورک بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی میں آن لائن منشیات ڈیلیوری نیٹ ورک بے نقاب، 2 ملزمان گرفتار

    کراچی : آن لائن منشیات فروخت کرنے والا ایک اور نیٹ ورک بے نقاب ہوگیا، پولیس نے 2 ملزمان کو گرفتار کرکے ایک کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایس آئی یو اور سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے آن لائن منشیات کی ڈیلیوری میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ایس ایس پی ایس آئی یو امجد احمد شیخ نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالغنی اور ذیشان کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں پریڈی اور شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقوں سے حراست میں لیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان سے ایک کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی، جس میں آئس، کرسٹل اور ہیروئین شامل ہیں

    ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزمان حب اور وندر سے منشیات خرید کر کراچی میں سپلائی کرتے تھے۔

    ایس ایس پی امجد احمد شیخ نے مزید بتایا کہ منشیات کی آن لائن ڈیلیوری کے لیے لوکیشن اور ایڈوانس پیمنٹ وصول کی جاتی تھی، جس کے بعد مختلف علاقوں میں آرڈر ڈیلیور کیے جاتے تھے۔

    پولیس نے گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

  • کراچی میں بارش، محکمہ موسمیات کا اہم بیان سامنے آگیا

    کراچی میں بارش، محکمہ موسمیات کا اہم بیان سامنے آگیا

    کراچی: محکمہ موسمیات کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ کراچی میں رواں ہفتے فی الحال بارش کا کوئی امکان نہیں، شہر میں آئندہ چند روز تک موسم مرطوب، مطلع جزوی سے مکمل ابر آلود رہے گا۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق صبح و رات میں بوندا باندی متوقع ہے، کراچی کا مطلع ابر آلود، موسم مرطوب ہے۔

    بیان کے مطابق سمندری ہوائیں بند ہیں، مغرب جنوب مغربی سمت سے 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔

    بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل، الرٹ جاری کردیا گیا

    اسلام آباد: بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگیا، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے بارشوں کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بارش برسانے والا سسٹم بلوچستان، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں داخل کیا، جس کے باعث اگلے 2 سے 4 گھنٹوں کے دوران قلات، خضدار، خاران، آواران، پنجگور اور گوادر میں بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کوہلو، ڈیرہ بگٹی، قلعہ سیف اللہ، بارکھان اور ڈیرہ غازی خان سمیت قریبی پہاڑی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔

    اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ مالاکنڈ، سوات، بونیر اور دیر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

    غذر میں گلیشیئر پھٹنے سے بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج جاری، متبادل گاؤں بنانے کا فیصلہ

    محکمہ موسمیات نے عوام اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے محفوظ رہا جاسکے۔

    یاد رہے این ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا تھا کہ 30 اگست تک ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ ہے۔

  • کراچی میں ریلوے ٹریک سے بولٹ نکالنے کی ویڈیو وائرل

    کراچی میں ریلوے ٹریک سے بولٹ نکالنے کی ویڈیو وائرل

    کراچی میں ریلوے ٹریک سے بولٹ نکالنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی وائر لیس گیٹ پھاٹک کے قریب بچے کی ریلوے ٹریک سے بولٹ نکالنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔

    ڈی ایس ریلوے کراچی محمود الرحمان کے بروقت ایکشن پر بچے سے بولٹ خریدنے والے کباڑیے کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ریلوے پولیس نے ویڈیو میں نظر آنے والے بچے صفیر عباس سے پوچھ گچھ کی۔

    بچے کی نشاندہی پر ریلوے میٹریل خریدنے والے کباڑی محمد حسنین کو گرفتار کرلیا گیا، کباڑی کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔

    ویڈیو بنانے والے شہری کے مطابق واقعہ دو سے تین ماہ پرانا ہے۔

    ڈی ایس ریلوے کراچی نے ٹریک پر گشت مزید بڑھانے اور مینٹیننس، رپورٹنگ کا عمل مزید موثر اور سخت بنانے کی ہدایت جاری کردیں۔

  • ’احمد کہتا تھا فوجی بنوں گا اس کی لاش فوجیوں نے نکالی‘

    ’احمد کہتا تھا فوجی بنوں گا اس کی لاش فوجیوں نے نکالی‘

    کراچی میں گزشتہ دنوں کھلے مین ہول میں گرنے والے بچے احمد کی لاش گجرنالے سے برآمد ہوئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی کے لیاقت آباد کا رہائشی احمد رضا موسلا دھار بارش کے دوران مین ہول میں گر کر زندگی کی بازی ہار گیا۔

    11 سالہ احمد رضا تیسری جماعت کا طالب علم تھا اور 19 اگست کو تیز بارشوں کے دوران وہ گھر سے کچھ فاصلے پر مین ہول میں گرا اور تیز پانی میں بہتا ہوا گجرنالے میں ڈوب گیا۔

    متوفی احمد 6 بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹا تھا جس کی ناگہانی موت پر والدین شدت غم سے نڈھال ہیں۔

    22 اگست کو بچے کی لاش ماڑی پور سے ملی تھی جسے والدین نے سردخانے میں شناخت کیا۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے والد نے کہا کہ احمد کہتا تھا کہ بڑا ہوکر فوجی بنوں گا اور اس کی لاش بھی فوجیوں نے نکالی۔

    والدہ نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں کھلے مین ہولز کے ڈھکن فوری لگوائے جائیں تاکہ دوبارہ کسی کا لخت جگر کے ساتھ ایسا واقعہ رونما نہ ہو۔

    احمد رضا کے والد منیر احمد نے بتایا کہ وہ ویلڈنگ کا کام کرتے ہیں اور ان کا بیٹا ان کے بڑھاپے کا سہارا تھا لیکن اداروں کی غفلت کے باعث ان کا بیٹا اب اس دنیا میں نہیں ہے۔

  • کراچی میں حالیہ بارشوں میں 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، گورنر سندھ

    کراچی میں حالیہ بارشوں میں 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے، گورنر سندھ

    کراچی (25 اگست 2025): گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں حالیہ بارشوں کے دوران 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی میں حالیہ بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بات کی اور کہا کہ ان بارشوں کے دوران شہر قائد میں 18 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ طوفانی بارش سے تاجروں کا اربوں کا نقصان ہوا جب کہ لوگ محصور ہو کر رہ گئے تھے۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ بارشوں نے شہر میں بڑی تباہی مچائی اور لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔ کوشش کر رہے ہیں بارش سے متاثر افراد کو چھوٹے کاروبار لگا کر دیں۔

    کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد گورنر کے پاس کوئی خاص ایگزیکٹو اختیارات نہیں۔ تاہم صوبے کے آئینی سربراہ کے طور پر جب کسی کو ہدایت دی تو اس نے عمل کیا ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس گورنر ہاؤس سے کبھی کوئی ذاتی کام، یا عوام کے ٹیکس کا پیسہ استعمال کر کے پروگرام نہیں کیا۔ تین سالوں میں کبھی تنخواہ نہیں‌ لی. 148 بچوں کو اسکالر شپ پر باہر بھیجا۔ 10 لاکھ مستحقین میں‌ راشن تقسیم کیا

    واضح رہے کہ شہر قائد میں گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے دوران متعلقہ اداروں کی نا اہلی کھل کر سامنے آ گئی۔ پورا کراچی سوئمنگ پول کا منظر پیش کرنے لگا۔

    ہزاروں افراد پانی میں پھنس کر رہ گئے۔ نشیبی علاقوں میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے رہائشی افراد نے چھتوں پر پناہ لی۔ شہر کے اکثر حصہ میں بجلی معطل ہوگئی اور کئی علاقوں میں پانچ دن گزرنے کے بعد بجلی بحال نہیں ہوئی۔

    https://urdu.arynews.tv/reason-behind-karachi-drown-in-rains-experts-reveal/

  • بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان ، 45 فیصد طلبہ فیل

    بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے نتائج کا اعلان ، 45 فیصد طلبہ فیل

    کراچی: بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا گیا ، جس میں 45 فیصد طلبہ ناکام ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے بارہویں جماعت سائنس جنرل گروپ کے سالانہ نتائج 2025 کا اعلان کردیا، جس میں اس سال کامیابی کا تناسب 55.59 فیصد رہا جبکہ 45 فیصد طلبہ امتحانات میں ناکام ہوگئے۔

    بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سائنس جنرل گروپ کے امتحانات میں مجموعی طور پر 16 ہزار 549 طلبہ شریک ہوئے جن میں سے 9 ہزار 199 امیدوار تمام پرچوں میں کامیاب قرار پائے تاہم نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر بھی اپ لوڈ کردیئے گئے ہیں۔

    پوزیشن ہولڈرز میں اس بار دو طلبہ نے مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی، بحریہ کالج کارساز کے طالب علم محمد ہارون اور گورنمنٹ ڈگری کالج ملیر کینٹ کی طالبہ مائرہ خان نے 1100 میں سے 988 نمبر حاصل کرکے پہلی پوزیشن اپنے نام کی۔

    دوسری پوزیشن بھی بحریہ کالج کارساز کے طالب علم محمد انس نے 986 نمبرز کے ساتھ حاصل کی جبکہ اسی کالج کی ایک اور طالبہ عائشہ یاسین نے 982 نمبرز لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    کراچی کی خبریں

  • کراچی: انڈر پاس میں ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

    کراچی: انڈر پاس میں ٹریفک حادثہ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق

    کراچی(25 اگست 2025): ڈرگ روڈ انڈر پاس میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک ٹریفک حادثہ ڈرگ روڈ انڈر پاس میں پیش آیا، ایس ایس پی ڈاکٹر فرخ رضا کا کہنا ہے کہ انڈر پاس کے اندر مسافر بس نے 2 موٹر سائیکل کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے، ایک خاتون زخمی بھی ہوئیں۔

    ریسکیو کی جانب سے میتوں اور زخمی خاتون کو جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر ( جے پی ایم سی) منتقل کیا گیا ہے، جاں بحق افراد میں 45 سالہ حارث، 30 سالہ شعیب اور 60 سالہ خاتون نائلہ شامل ہیں۔

    ایس ایس پی فرخ رضا کا کہنا ہے کہ حادثہ منی بس کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا ہے، پولیس نے تعاقب کر کے بس تحویل میں لے لی اور ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے جبکہ واقعے سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جارہی ہے۔

  • ویڈیو رپورٹ: 1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم  الدین کے نام سے آباد علاقہ اب برباد

    ویڈیو رپورٹ: 1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کے نام سے آباد علاقہ اب برباد

    1952 میں دوسرے گورنر جنرل خواجہ ناظم الدین کے نام سے آباد کیا جانے والا علاقہ ناظم آباد اب برباد ہے!

    کراچی کا علاقہ ناظم آباد بارش کے بعد اُبلتے گٹروں، سیوریج کے بد حال نظام اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر سے جھوجھ رہا ہے۔ علاقے میں اٹھتا تعفن، کھلے گٹر شہریوں کے لیے ذہنی کوفت کا باعث بن چکے ہیں۔ شہریوں کی شکایات کے باوجود نہ نکاسی ہو سکی نہ سیوریج لائن کی درستگی ممکن ہوئی۔

    پاکستانی نوجوان نے موبائل سے گاڑی چلا کر سب کو حیران کر دیا

    بارش کے بعد مختلف بلاکس میں کھلے مین ہول، ابلتے گٹر، سیوریج کا بوسیدہ نظام اور تباہ حال انفرا اسٹرکچر ہر طرف بربادی کی داستان بیان کرتے ہیں۔ معروف شخصیات، کھیل کے میدان، لائبریریاں، مشہور کالجوں سے جانا جانے والے ضلع وسطی کے اس پوش علاقے کی پہچان اب گرد آلود فضا، کئی کئی عرصے سے جمع تعفن زدہ سیوریج کا پانی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں بن چکی ہیں۔

    علاقہ مکین کہتے ہیں شکایتیں بہت کر لی ہیں، کوئی سننے والا نہیں۔ بد حال بلدیاتی نظام کے باعث علاقے میں قائم سرکاری کالج، پلے گراؤنڈ اور اسکول سمیت شہری بھی متاثر ہیں، جب کہ سڑکوں پر کچرے کے ڈھیر نے علاقہ مکینوں کو ذہینی اذیت میں مبتلا کر رکھا ہے لیکن متعلقہ ادارے ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہیں۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی میں آج موسم کیسا رہے گا؟ محکمہ موسمیات نے بتادیا

    کراچی(25 اگست 2025): شہرِ قائد میں 24 گھنٹوں کے دوران مطلع ابر آلود اور موسم مرطوب رہنے کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم مرطوب رہے گا، آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کا امکان ہے جبکہ  ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 30 ڈگری سینٹی گریڈ ہے اور جنوب مغربی سمت سے 15 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان بھی ہے جبکہ دن کے اوقات میں درجہ حرارت 31 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے۔

    دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق سکھر،لاڑکانہ اور نصیرآباد میں بارش متوقع ہے جب کہ آج پنجاب بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان