کراچی(22 اگست 2025): محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون کے دوران ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں مون سون سیزن میں اب تک بارشوں کے اعداد و شمار جاری کردیے جس کے مطابق اب تک سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں ہوئی جہاں مجموعی طور پر 235 ملی میٹر بارش ہو چکی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اورنگی میں 205.5 ملی میٹر، کیماڑی میں 222 ملی میٹر، ناظم آباد میں 204.6 ملی میٹر، کورنگی میں 195 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ڈی ایچ اے میں اس سیزن کے دوران اب تک 173.3 ملی میٹر بارش ہوچکی جبکہ پی اے ایف فیصل بیس پر 202 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات گئے تک جاری رہنے کا امکان ہے، سسٹم کی شدت آہستہ آہستہ کم ہورہی ہے، جمعہ کو ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے جس کے بعد یہ سسٹم یہاں سے نکل جائے گا، تاہم 27 اگست سے ایک بار پھر کراچی سمیت سندھ میں بارشیں ہوسکتی ہیں۔
کراچی کی اکثر مارکیٹوں سے برساتی پانی نکال دیا گیا یے، ناظم آباد انڈر پاس، طارق روڈ انڈر پاس، سہراب گوٹھ انڈر پاس اور گولیمار انڈر پاس سے پانی نکال دیا گیا۔
نیپا چورنگی پر جمع پانی نکال کر ٹریفک رواں دواں کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کے مطابق سوک سینٹر سے مزار قائد جانے والی سڑک کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔