Tag: karachiites

  • محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کردیا

    محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کردیا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ دن کے اوقات میں گرم موسم کا سامنا رہے گا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں صبح کے اوقات میں کم سے کم درجہ حرارت18 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت30سے32ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کراچی کا موجودہ درجہ حرارت 21 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کاتناسب 40 فیصد ہے جبکہ 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

    محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ دن کے اوقات میں شہریوں کو گرم موسم کا سامنا رہے گا۔

    دوسری جانب ملک میں آج کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، سوات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔

  • ‘ کراچی والوں کو دسمبر میں  بجلی کا اضافی بل ادا کرنا پڑے گا’

    ‘ کراچی والوں کو دسمبر میں بجلی کا اضافی بل ادا کرنا پڑے گا’

    اسلام آباد : نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کراچی کے صارفین کیلئے بجلی 3 روپے 75مہنگی کردی، اضافہ دسمبر کے بجلی کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق یشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 3روپے 75 اضافہ کردیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ بجلی ستمبر کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ مد میں مہنگی کی گئی ، اضافہ دسمبر کے بجلی کے بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ نیپرا نے الیکٹرک کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 3روپے 45پیسے مہنگا کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

    نیپرا نے کے الیکٹرک کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ بجلی 3روپے 45پیسے مہنگا کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا ، منظوری کی صورت میں صارفین پرایک ماہ میں 6 ارب 63 کروڑکا اضافی بوجھ پڑے گا۔

  • کراچی میں قیامت خیز گرمی ، پارہ 43 ڈگری کو چھوگیا

    کراچی میں قیامت خیز گرمی ، پارہ 43 ڈگری کو چھوگیا

    کراچی : شہر قائد میں درجہ حرارت43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل تک گرمی برقرار رہے گی ، گزشتہ رات ماہ مئی کی دوسری گرم ترین رات تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ‘تاؤتے’ کے کراچی کے موسم پر اثرات ظاہر ہونے لگے ، شہر کا درجہ حرارت43 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا ، سمندری ہوائیں معطل ہیں اورہوا میں نمی کا تناسب انتہائی کم ہوکر19فیصدرہ گیا ہے۔

    شہرمیں بلوچستان کی گرم ہوائیں25 کلومیٹرفی گھنٹہ کی رفتارسےچل رہی ہیں ، آج زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈتک پہنچ سکتاہے جبکہ کراچی میں کل تک گرمی برقرار رہے گی۔

    گزشتہ رات بھی ماہ مئی کی دوسری گرم ترین رات تھی ، گزشتہ رات پارہ 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، اس سےقبل8مئی 2015 کو درجہ حرارت34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ طوفان پاکستان کی ساحلی پٹی سےدورہوکرگزرے گا، طوفان دور ہونے کے باعث بارش کا امکان ختم ہوگیا ہے جبکہ تاؤتے کے زیراثر تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین میں طوفانی بارش کے امکانات ہے ، ان علاقوں میں30 سے 40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہے۔

    یاد رہے محکمہ موسمیات نے سمندری طوفان کے حوالے سے ساتواں الرٹ جاری کیا تھا ، جس میں کہا تھا کہ تاؤتے طوفان کا رخ 15 کلومیٹر کی رفتار سے شمال کی طرف ہوگیا ہے اور طوفان کراچی کےجنوب اور جنوب مشرق سے 1000 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ سمندری طوفان کے شمال اور شمال مغرب کی جانب بڑھنے کے امکانات ہیں ، طوفان 17 مئی کی رات کو بھارتی گجرات کو پار کرے گا۔

  • کراچی میں بارش: شہری سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی

    کراچی میں بارش: شہری سیلاب کی صورت حال پیدا ہو گئی

    کراچی: شہر قائد میں دو دن سے موسلا دھار بارش برسنے کے بعد شہری سیلاب (اربن فلڈنگ) کی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کل سے کراچی میں مون سون کی پہلی بارشوں نے مختلف علاقوں میں سیلاب کی صورت حال پیدا کر دی ہے، دوسری طرف شہری اور صوبائی حکومت ایک دوسرے پر الزامات کے سوا کچھ نہیں کر رہی۔

    تھدو ڈیم اوور فلو ہو گیا ہے، سیلابی ریلہ سپر ہائی وے ایم نائن تک جا پہنچا ہے، ہائی وے کا ایک ٹریک بند ہو چکا، ملحقہ علاقوں کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، ادھر پانی منگھوپیر کے گوٹھوں میں بھی داخل ہو چکا ہے، رسول بخش گوٹھ کے سو سے زاید مکین پھنس گئے ہیں، جنھیں محفوظ مقامات پر منتقلی کا عمل جاری ہے۔

    دوسری طرف کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد پاک فوج کی ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں۔

    طوفانی بارشوں کے بعد ندی نالے بھر گئے اور پانی آبادیوں میں داخل ہو رہا ہے۔ ملیر ندی بھی اوور فلو ہوگئی ہے اور ملیر ندی کا پانی کورنگی کازوے پر آگیا۔

    پانی آجانے کی وجہ سے کورنگی کاز وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوگئی ہے، شہر کو ملانے والی اہم شاہراہ پانی میں ڈوب جانے سے راستہ منقطع ہوگیا ہے۔

    لٹھ ڈیم سے بھی سیلابی ریلا آبادی کی طرف بڑھنے لگا، پاک فوج کے جوان لوگوں کو نکالنے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔

    شہر کے وسط میں بھی پاک فوج کی 4 ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئیں، پاک فوج کی ٹیمیں سپر ہائی وے، لانڈھی، کورنگی اور صدر میں ریسکیو میں مصروف ہیں۔

  • رمضان کے پہلے عشرے میں کراچی کا موسم خوشگوار رہے گا

    رمضان کے پہلے عشرے میں کراچی کا موسم خوشگوار رہے گا

    کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی والوں کو اچھی سنادی ، رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں درجہ حرارت پینتیس سے چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ماہ صیام کے شروع ہوتے ہی ملک بھر میں سورج نے بھی رنگ دکھانا شروع کردیئے تاہم کراچی میں رمضان المبارک کے پہلے عشرے میں درجہ حرارت پینتیس سے چھتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کراچی کا مطلع آج جزوی ابر آلود رہنےکاامکان ہے، سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی اور آج زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت32 سے34 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا۔

    کراچی کاموجودہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوامیں نمی کاتناسب 60 فیصد ہے جبکہ شام کے اوقات میں ہوا میں نمی کا تناسب 45 سے 55 فیصد ہوسکتا ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق جنوبی پنجاب اوراندرونِ سندھ میں شدید گرمی پڑے گی، لاہورسمیت پنجاب میں بھی گرمی روزے داروں کے صبر کا امتحان لیتی رہے گی، فیصل آباد میں درجہ حرارت تینتالیس سرگودھا اور ملتان میں پارہ بیالیس تک جا سکتاہے۔

    محکمہ موسمیات نےآئندہ چوبیس گھنٹوں میں کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاورسمیت ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم گرم اورخشک رہنےکی پیشن گوئی کی ہے، جیکب آباد میں پارہ اڑتالیس ڈگری تک جا نے کا امکان ہے۔

  • کراچی کے نوجوان شجرکاری کے لیے مشینری استعمال کرنے لگے

    کراچی کے نوجوان شجرکاری کے لیے مشینری استعمال کرنے لگے

    کراچی: شہر قائد کے نوجوانوں نے شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیےاپنی مدد آپ کے تحت جدید مشینری کا استعمال شروع کردیا ہے، مشینری کے استعمال سے پودے لگانے پر صرف ہونے والے وقت اور لاگت دونوں کی بچت ہوگی۔

    تفصیلات کےمطابق اپنی مدد آپ کے جذبے کے تحت کراچی کے نوجوانوں کی ایک تنظیم ’امیدبہار‘ شہر کے مختلف علاقوں میں مقامی درخت لگارہی اور ان کی باقاعدہ دیکھ بھال بھی کررہی ہے اور اب اس مقصد کے لیے وہ مشینری بھی استعمال کررہے ہیں۔

    شہر قائد کے ان نوجوانوں کا طریقہ کار یہ ہے کہ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں میں اپنے ہم خیال لوگوں کی ٹیمیں تشکیل دی ہیں، جو کہ ہر اتوار کو شجر کاری کرتی ہیں۔ تاہم یہ نوجوان پودے لگا کر انہیں یونہی نہیں چھوڑدیتے بلکہ جہاں بھی یہ شجر کاری کرتے ہیں ، اس سے پہلے وہاں باقاعدہ کسی شخص یا ادارے کو اس پودے کی دیکھ بھال اور پانی فراہم کرنے کی ذمہ داری تفویض کرتے ہیں۔

    شجر کاری میں سب سے مشکل کام زمین میں گڑھا کرنا ہوتا ہے جس کے لیے عموماً کسی مزدور کی خدمات حاصل کی جاتی ہیں اور اس میں وقت بھی صرف ہوتا ہے، تاہم ان نوجوانوں کی مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک مخیر شخص نے انہیں لاہور سے ایک مشین منگوا کر دی ہے جس سے گڑھا کرنا منٹوں کی بات ہوگئی ہے۔

    کراچی کے یہ نوجوان اب تک عائشہ منزل، کنیز فاطمہ سوسائٹی اور دیگر علاقوں میں 400 سے زائد مختلف اقسام کے پودے لگا چکے ہیں جن میں نیم، پیپل، مورنگا، کنیر ،فارس بیلیا وغیرہ شامل ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ان سب پودوں کا کوئی نہ کوئی شخص ذمہ دار ہے ، لہذا یہ پودے بخوبی پروان چڑھ رہے ہیں۔

    یہ نوجوان پر امید ہیں کہ ایک دن ان کے لگائے یہ درخت نہ صرف انسانوں کو سایہ اور آکسیجن فراہم کریں گے بلکہ ماضی میں ہیٹ اسٹروک کا شکار بننے والے کراچی شہر کو درپیش موسمیاتی چیلنجز پرقابو پانے میں بھی مدد دیں گے، ان کا ارادہ ہے کہ مستقبل میں یہ اور جدید مشینری حاصل کرکے اپنے کام کی رفتار کو بڑھائیں۔

  • کراچی والوں نے دہشت گرد جماعتوں کو چھوڑ دیا ہے، سعید غنی

    کراچی والوں نے دہشت گرد جماعتوں کو چھوڑ دیا ہے، سعید غنی

    کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی والوں نے دہشت گرد جماعتوں کو چھوڑ دیا ہے، فریال تالپور کا کہنا ہے کہ شہر قائد کے عوام پیپلز پارٹی کو کامیاب کرائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار کراچی میں افطارپارٹی سے پی پی کراچی کے صدر سعید غنی، پی پی خواتین ونگ کی صدر فریال تالپور نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    سعید غنی نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پیپلز پارٹی پہلے سے زیادہ ووٹ حاصل کرے گی، ہم سندھ کے شہری علاقوں میں اکثریتی نشستیں حاصل کریں گے۔

    سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی والوں نے دہشت گرد جماعتوں کو چھوڑ دیا ہے، پیپلز پارٹی نے حکومتی پالیسی کے تحت کراچی کے مسائل حل کئے، پیپلز پارٹی میں لوگوں کی شمولیت عوامی اعتماد کامظہر ہے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور نے متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کراچی کا نعرہ لگانے والوں کا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔

    مزید پڑھیں: ایم کیو ایم کی ڈوبتی کشتی چھوڑیں، پیپلزپارٹی میں شامل ہوجائیں، سعید غنی کی پیشکش

    کراچی کے شہری دہشت گرد تنظیم کے مقابلے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو کامیاب کریں گے، فریال تالپور کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے مسائل پیپلز پارٹی حل کرے گی، پورے ملک سے پیپلزپارٹی کے امیدوار الیکشن لڑیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • کراچی میں پانی کا بدترین بحران، ٹینکرمافیا کی چاندی، مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی میں پانی کا بدترین بحران، ٹینکرمافیا کی چاندی، مشتعل شہری سڑکوں پر نکل آئے

    کراچی: شہر قائد میں پانی کا بحران شدید تر ہوگیا، ماہ رمضان میں لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، شہریوں کا ضبط جواب دے گیا، پانی کو ترستے لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

    تفصیلات کے مطابق معاشی حب میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی،کراچی کے مختلف علاقوں میں پانی کا بحران شدت اختیار کرگیا، شہر قائد کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

    بلدیہ ٹاؤن ،محمود آباد ،گلستان جوہر ،لیاقت آباد ،نیوکراچی ،حسرت موہانی سوسائٹی اور دیگر علاقوں کے مکین پانی کی تلاش میں سرگرداں ہیں۔

    رہی سہی کسر ٹینکر مافیا نے پوری کردی، واٹرٹینکرز نے زمین کو چوسنا مزید تیز کردیا۔پانی کے بحران کے باعث شہری ٹینکر مافیا سے مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔

    کراچی کے شہریوں کا ضبط جواب دے گیا، کراچی کے حب ریور روڈ پر مکینوں نے پانی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے شاہراہ کو بلاک کردیا۔

    مظاہرین کا کہنا ہے تین ماہ سے پانی نہیں ملا، پانی ملے گا تو روڈ کھلے گا، رمضان آگیا ہے اب کس سے فریاد کریں؟ احتجاج کے باعث پولیس نے ٹریفک کو متبادل راستوں پر موڑدیا۔

    بعد ازاں کراچی کے شہری پانی کے حصول کے لئے ایم ڈی واٹر بورڈ کے دفتر بھی پہنچے اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ نیو کراچی،نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد ، شاہ فیصل کالونی میں پانی کا شدید بحران ہے۔

    اس کے وعلاوہ کورنگی، ملیر، سعود آباد۔ معین آباد، گلشن اقبال، گلستان جوہر میں بھی پانی ناپید ہوگیا، اس ساری صورتحال میں ٹینکر مافیا کی چاندی ہوگئی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • مئی ، جون میں کراچی میں شدید گرمی اور سمندری طوفان کا خدشہ

    مئی ، جون میں کراچی میں شدید گرمی اور سمندری طوفان کا خدشہ

    کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مئی جون میں کراچی میں شدید گرمی کی لہر اور سمندری طوفان آنے کا خدشہ ہے جبکہ کراچی سمیت کئی شہروں میں گرمی کا زور برقرار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ ،پنجاب اور بلوچستان کے بیشتر شہر بدستور شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، موسم کا حال بتانے والوں نے خبر دار کیا ہے کہ کراچی میں مئی اور جون میں شدید گرمی کی لہر آنے کا امکان ہے جبکہ موسم گرما میں سمندری طوفان آنے کے بھی خطرہ ہیں۔

    اندرون سندھ گرم ہواؤں نے لوگوں کو گھروں میں محصور کردیا جبکہ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بدستورشدید گرمی کا راج ہے، پنجاب میں بھی حالات مختلف نہیں۔

    آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ کشمیراورملحقہ علاقوں میں بعض مقامات پرتیزہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

    گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت لاڑکانہ میں اڑتالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


    مزید پڑھیں : کراچی والے تیار ہوجائیں ، مئی میں ہیٹ ویو کا خدشہ


    یاد رہے اس سے قبل چیف میٹرولوجسٹ عبدالرشید نے مئی میں ہیٹ ویو کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مئی میں سخت گرمی ہوگی، متعلقہ اداروں ہیٹ ویو کےحوالے سے آگاہ کردیا ہے۔

    طبی ماہرین نے بھی کراچی میں آئندہ چند روز میں گرمی کی شدت میں اضافے کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے حفاظتی اقدامات اور احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے شہری پانی کا استعمال زیادہ کریں، شہری دھوپ میں نکلنے سے گریز اور کھانے پینے میں احتیاط کریں۔

    واضح رہے کہ 2015 جون میں کراچی میں پڑنے والی شدید گرمی سے ایک ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، دورانیہ16  گھنٹے تک پہنچ گیا

    کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ، دورانیہ16 گھنٹے تک پہنچ گیا

    کراچی : شہر قائد میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے تک پہنچ گیا ، گرمی میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ سے عوام کا جینا دوبھر ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق موسم گرما کے آغاز پر کراچی میں دن تو دن رات میں بھی بجلی کی عدم فراہمی شہریوں کیلئے وبال جان بن گئی ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ سولہ گھنٹے تک پہنچ گیا۔

    کئی علاقوں میں رات گئے بجلی کی عدم فراہمی پرعلاقہ مکین سڑکوں پر نکل آئے اور کےالیکٹرک کوآڑے ہاتھوں لیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ ہردوگھنٹے بعد چار گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اور شکایتی مرکز پر کوئی فون نہیں اٹھاتا۔

    شہرکے مختلف علاقوں میں بارہ بارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے جبکہ لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی چار چار بار بجلی جارہی ہے۔

    بجلی سے متاثرہ علاقوں میں لیاری،گلستان جوہر ،اورنگی، نارتھ کراچی، لانڈھی، شاہ فیصل کالونی، لیاقت آباد، ناظم آباد، گلبرگ، فیڈرل بی ایریا سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں رات کو بھی مراحلہ وار 4گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، اب ہر2 گھنٹے بعد 4گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوگی۔

    دوسری جانب کے الیکٹرک ساری ذمہ داری سوئی گیس کمپنی پر ڈال کر بری الذمہ ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے وزیر اعظم کو اس معاملے میں کردار ادا کرنے کیلئے خط بھی لکھا ہے، وفاق کی مداخلت کےبعد سوئی سدرن گیس کمپنی اور کے الیکٹرک کےدرمیان معاملات میں کسی حد تک طے پاگئے ہیں، دو دنوں گیس کی فراہمی کے معاملات بہتر ہوجانےکا امکان ہے۔


    مزید پڑھیں :پاک ویسٹ انڈیز کرکٹ میچز اور رمضان میں لوڈ شیڈنگ کی صورتحال مزید خراب ہونے کا خدشہ


    یاد رہے اس سے قبل کے الیکٹرک نے شہر میں اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کادورانیہ بڑھانے کا اعتراف کرتے ہوئے گیس کی قلت کو جواز بنا کر کہا تھا کہ شارٹ فال کے باعث کراچی والوں کو ویسٹ انڈیز کی سیریز اور رمضان المبارک کے دوران طویل لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑے گا۔

    ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا تھا کہ گیس کی کمی کےباعث پیداوارمیں شارٹ فال ہے، 190 کی بجائے90ایم ایم سی ایف ڈی گیس مل رہی ہے، 50 میگا واٹ کےگیس پر چلنے والے پلانٹس بندہیں، ایک گھنٹے کی اضافی لوڈشیڈنگ کرنا پڑرہی ہے،زیادہ گیس ملے گی تو بجلی بھی زیادہ پیدا ہوگی۔

    ایس ایس جی سی نے کہا تھا کہ کےالیکٹرک نے اسی ارب کے واجبات ادا کرنےہیں، دس ماہ سے سابق واجبات ادا نہیں کیےگئے، کے ای ایس سی کا تین ماہ سے کرنٹ بل روکا ہوا ہے، ادائیگی نہیں کی ہے،سہولت کیلئے واجبات کے باوجودگیس دے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔