Tag: #KarachiKings

  • طیارہ حادثے کی تحقیقات کب مکمل ہوں گی؟

    طیارہ حادثے کی تحقیقات کب مکمل ہوں گی؟

    کراچی: طیارہ حادثے کی تحقیقات آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں، فرانسیسی ماہرین کی ٹیم اتوار کو تحقیقات مکمل کر لے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فرانسیسی ٹیم نے طیارہ حادثے کے اہم شواہد اکٹھے کر لیے ہیں، ذرایع کا کہنا ہے کہ یہ ٹیم اتوار کو اپنی تحقیقات مکمل کر لے گی، جس کے بعد 11 رکنی فرانسیسی ماہرین کی خصوصی ٹیم پیر کو پیرس روانہ ہو جائے گی۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ فرانسیسی ٹیم بلیک باکس اور کاک پٹ وائس ریکارڈر ڈی کوڈ کرنے کے لیے اپنے ساتھ لے جائے گی، ٹیم کو لے جانے کے لیے خصوصی طیارے کو لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں سی اے اے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ نے اجازت نامہ جاری کر دیا۔

    خالی طیارہ 31 مئی کی رات کو جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچے گا، فرانسیسی ٹیم 6 روزہ دورہ مکمل کر کے یکم جون کو پیرس روانہ ہوگی۔ گزشتہ روز فرانسیسی ایئر بس ماہرین نے جائے حادثہ سے ملبے کے نیچے دبے کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی برآمد کر لیا تھا۔

    فرانسیسی ٹیم کی حادثے کو سمجھنے کے لیے منفرد انداز میں واقعے کا ریہرسل

    ذرایع کے مطابق فرانسیسی ٹیم کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ایک ہفتے میں ڈی کوڈنگ کرے گی، کیپٹن اور فرسٹ آفیسر کے درمیان گفتگو پر خصوصی توجہ دی جائے گی، ڈی کوڈنگ سے پرواز کی اونچائی، رفتار، لینڈنگ گیئر اور فلیپ کی معلومات حاصل ہوں گی، یہ ٹیم ڈی کوڈنگ کے بعد معلومات دستاویز کی شکل میں پاکستان کے حوالے کرے گی۔

    دریں اثنا، آج پانچویں دن بھی فرانسیسی ماہرین نے جائے حادثہ سے اہم شواہد اکھٹے کیے، ٹیم نے جائے حادثہ کا فضائی جائزہ بھی لیا، اور ہائی ریزولیشن کیمروں کی مدد سے جائے حادثہ کی ویڈیو بنائی گئی، ماہرین نے رن وے کا بھی فضائی معائنہ کیا، ٹیک آف پوائنٹ سے لینڈنگ پوائنٹ تک کی رپورٹ بھی تیار کر لی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ جمعرات کو وزیر اعظم عمران خان نے کراچی حادثے سمیت ملک میں ہونے والے گزشتہ طیارہ حادثات کی تحقیقاتی رپورٹس بھی پبلک کرنے کا حکم دیا تھا، جنید جمشید طیارہ حادثے کی رپورٹ بھی جولائی میں پبلک کی جائے گی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ جن کے پیارے جاں بحق ہوئے ان کو وجوہ جاننے کا حق ہے، رپورٹ پبلک ہوں گی تو آیندہ مؤثر اقدامات ہو سکیں گے۔

  • سلمان اقبال کی کراچی کنگز کے لیے نیک تمنائیں

    سلمان اقبال کی کراچی کنگز کے لیے نیک تمنائیں

    کراچی: کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کراچی کنگز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز کے مالک اور اے آر وائی نیٹ ورک کے سربراہ سلمان اقبال نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایلی منیٹر کا وقت آگیا ہے،کراچی کے عوام پرجوش ہیں۔

    انہوں نے کراچی کنگز کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی۔

    خیال رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج پہلے ایلی منیٹر میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔ میچ شام 7 بجے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

    میچ کے شائقین کو اسٹیڈیم پہنچانے کے لیے شٹل سروس جاری ہے اور نیشنل اسٹیڈیم کے دروازے کھول دیے گئے ہیں۔

    آج کی فاتح ٹیم فائنل میں رسائی کے لیے کل بروز جمعہ پشاور زلمی سے پنجہ آزمائی کرے گی۔ کل ہونے والے میچ کی ٹیم فائنل میں پہنچے گی جہاں اس کا مقابلہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے ہوگا۔

    پی ایس ایل کے آخری مرحلے میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 1 رن سے شکست دی تھی۔ 191 رنز کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنا سکی تھی۔

    کراچی کنگز کا اگلا میچ پشاور زلمی کے ساتھ تھا جس میں زلمی نے کنگز کو 61 رنز سے شکست دے کر فتح اپنے نام کی۔

  • پی ایس ایل میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ ہوگا

    پی ایس ایل میں آج کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ ہوگا

    کراچی : پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن میں آج کراچی کنگز اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگزاوراسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ایلیمینیٹرمیں آج مدمقابل ہوں گے، فاتح ٹیم فائنل میں رسائی کے لیے جمعہ کو پشاور زلمی پنجہ آزمائی کرے گی۔

    کراچی کنگز اوراسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان میچ شام 7 بجے کھیلے جائے گا، دونوں ٹیمیں جیت کے لیے پُرعزم ہیں۔

    پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن کے کوالیفائر میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو 10 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی تھی۔

    پشاور زلمی 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بناسکی تھی۔

    پی ایس ایل 4 کوالیفائنگ میچ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد گلیڈی ایٹرز کی فتح

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے شین واٹسن کو 71 رنز کی اننگز اور شاندار آخری اوور کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔

    واضح رہے کہ شین واٹسن پی ایس ایل 2019 میں سب سے زیادہ رنز کرنے والے کھلاری بھی بن گئے ہیں۔

  • پی ایس ایل4: کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا ٹاکرا آج ہوگا

    پی ایس ایل4: کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا ٹاکرا آج ہوگا

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کے سیزن فورمیں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، لاہور قلندرز کا مقابلہ ملتان سلطانزجبکہ کراچی کنگز پشاور زلمی سے ٹکرائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 4 کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اورملتان سلطانز پنجہ آزمائی کریں گے، دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی آمنے سامنے ہوں گے۔

    نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ دوپہر دو بجے ہوگا جبکہ دوسرا میچ شام 7 بجے کھیلا جائے گا۔

    پوائنٹس ٹیبل پر پشاور زلمی اس وقت 12 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کراچی کنگز 10 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پرموجود ہے۔

    کراچی کنگز اگر آج پشاور زلمی کے خلاف میچ جیت جاتی ہے تو دوسری پوزیشن کے لیے کراچی کنگز اور پشاور زلمی کا رن ریٹ دیکھا جائے گا۔

    دوسری جانب لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں پہلے ہی ایونٹ سے باہرہوچکی ہیں، اس لیے میچ کے نتیجے سے پوائنٹس ٹیبل پرکوالیفائرٹیموں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    عثمان شنواری کی شاندار باؤلنگ، گلیڈی ایٹرزکو ایک رن سے شکست

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سپرلیگ سیزن فور کے 28ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دی تھی ،191 رنز کے جواب میں کوئٹہ کی ٹیم سات وکٹوں کے نقصان پر189رنز بنا سکی تھی۔

  • وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ چھکے بھی پڑیں گے گھبرانا نہیں، عثمان شنواری

    وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ چھکے بھی پڑیں گے گھبرانا نہیں، عثمان شنواری

    کراچی : کراچی کنگز کے مایہ ناز بالر عثمان شنواری نے کہا ہے کہ وسیم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ سونا نہیں، ٹی ٹوئنٹی ہے چھکے بھی پڑیں گے لیکن گھبرانا نہیں۔

    یہ بات انہوں نے مین آف دی میچ قرار دینے کے بعد رمیز راجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، آخری اوور میں میچ کا پانسہ پلٹنے والے مین آف دی میچ عثمان شنواری کا کہنا ہے کہ پلان کے مطابق بالنگ کی۔

    گیند ریورس ہورہی تھی جس کا فائدہ اٹھایا، شائقین نے شاندار انداز میں سپورٹ کیا، جیت پوری ٹیم کی محنت کا نتیجہ ہے، شائقین کرکٹ سے گزارش ہے کہ کرکٹ کو ایسا ہی سپورٹ کریں۔

    انہوں نے انکشاف کیا کہ میچ سے پہلے وسیم اکرم بھائی نے ہدایت کی تھی کہ گراؤنڈ میں سونا نہیں، ٹی ٹوئنٹی ہے چھکے بھی پڑیں گے لیکن گھبرانا نہیں، آخری بال تک لڑنا ہوگا۔

    یاد رہے کہ عثمان شنواری کے ایک اوور نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا، کوئٹہ کو چھ گیندوں پر صرف پانچ رنز درکار تھے، شنواری نے احمد شہزاد کو سینچری بنانے سے روکا اور کوئٹہ کو بڑا جھٹکا دیا، تیسری گیند پر انور علی کو بھی پویلین بھیج دیا۔

    پانچویں گیند پر کپتان سرفرازاحمد کو بولڈ کردیا، آخری گیند پر شائقین کی دھڑکنیں تیز ہوگئیں لیکن کوئٹہ گلیڈیئٹرز کی ٹیم دو رنز نہ بناسکی اور کراچی پی ایس ایل کے سپرفور مرحلے میں پہنچ گیا۔

  • پی ایس ایل4: کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا ٹاکرا آج ہوگا

    پی ایس ایل4: کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا ٹاکرا آج ہوگا

    کراچی : پاکستان سپرلیگ کے چوتھے ایڈیشن میں آج کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان ٹاکرا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں آج کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز پنجہ آزمائی کریں گے۔

    کراچی کنگز اورکوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں میچ شام 7 بجے ہوگا جبکہ شائقین کو وقت پر اسٹیڈیم پہنچنا ہوگا، نیشنل اسٹیڈیم کے دروازے دوپہر12 بجے کھول دیے جائیں گے اور شام 5 بجے بند کردیے جائیں گے۔

    ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، 13 ہزار سیکیورٹی اہلکار نیشنل اسٹیڈیم اور اس کے اطراف فرائض انجام دے رہے ہیں۔

    انتطامیہ نے آج نیشنل اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے کے لیے آنے والوں کے لیے کئی مقامات پرپارکنگ پوائنٹس بنائے ہیں، شائقین کو شٹل سروس کے ذریعے اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔

    شائقین کو ٹکٹ اور اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا ہوگا جبکہ کھانے پینے اور خواتین کے ہینڈ بیگ لانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال پی ایس ایل کے ایلمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دے کر ٹائٹل کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔

    کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم اپنے 8 پوائنٹس میں مزید 2 کا اضافہ کرکے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرسکتے ہیں اس کے لیے انہیں آج کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دینا ہوگی۔

  • کراچی کنگز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے لئے پرجوش

    کراچی کنگز کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے لئے پرجوش

    کراچی: کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان سپرلیگ کے آٹھ میچز کراچی میں ہونا خوش آئند ہے، ہوم کراوڈ کے سامنے ٹیم کھیلے گی تو جوش عروج پرہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کنگز سمیت دیگر پی ایس ایل فرنچائزز سے کھیلنے والے کے تمام غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کے لیے بے تاب ہیں اور انہوں نے کہا ہے کہ ہم اپنی ٹیم کے ساتھ پاکستان آرہے ہیں۔

    کراچی روانگی سے قبل اے آر وائی کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے  کہا کہ سوشل میڈیا پر ہم نے شائقین کا جوش دیکھا اس لیے اب ہم بھی پرجوش ہیں۔

    لیونگ اسٹون اور ایرن سمرز کہتے ہیں پاکستانی شائقین کرکٹ کے دیوانے ہیں انکے سامنے کھیلنا اچھا تجربہ ہوگا۔

    مزید پڑھیں: پی ایس ایل 4 میچز، کراچی کا متبادل ٹریفک پلان جاری

    کراچی کنگز کے اسکواڈ میں شامل غیرملکی کھلاڑیوں میں روی بوپارہ، بین ڈنک، کولن انگرام، لیام لیونگ اسٹون، کولن منرو، سکندر رضا اور ایرون سمرز شامل ہیں جو نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے میچز میں اپنا کھیل پیش کریں گے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر غیر ملکی کھلاڑیوں نے شائقین کرکٹ کے لیے خصوصی پیغامات بھی ارسال کیے۔

    روی بوپارا نے بتایا کہ میں چار سال پاکستان آرہا ہوں اور کراچی کنگز کے ہوم گراؤنڈ پر شائقین کے سامنے ہوں گا۔

    کولن انگرام نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ابوظہبی سے کراچی روانگی کی تصویر شیئر کی۔

    یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل راؤنڈ کے لیے ٹیموں کی کراچی آمد کا سلسلہ شروع

    یاد رہے کہ کراچی کنگز پلے آف مرحلے کا پہلا میچ 10 مارچ کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گی، شائقین کرکٹ اپنی ٹیم کو ہوم گراؤنڈ پر دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔

  • پی ایس ایل کے لاہورمیں شیڈول تمام میچزکراچی منتقل

    پی ایس ایل کے لاہورمیں شیڈول تمام میچزکراچی منتقل

    کراچی: پاکستان سپرلیگ کے لاہور میں شیڈول تمام میچز کراچی منتقل کردیے گئے، سیزن فورکے فائنل سمیت آٹھ میچزکراچی میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کے لاہور میں شیڈول میچز کراچی میں ہوں گے، ایونٹ کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی ہے جس کے بعد 7 مارچ سے شروع ہونے والے میچز اب 9 سے 17مارچ تک ہوں گے۔

    کراچی کنگزکا پشاورزلمی کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم میں پہلا میچ 7مارچ کی بجائے 10مارچ کوہوگا، 11مارچ کو کراچی کنگزاورکوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا میچ ہوگا۔

    پاکستان سپرلیگ فور کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے تمام میچزشام میں کھیلے جائیں گے۔

    پاکستان میں پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، چیئرمین پی سی بی

    یاد رہے کہ 28 فروری کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے میچز شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہوں گے اور کسی بھی کھلاڑی نے پاکستان آنے سے انکار نہیں کیا۔

    چیئرمین پی سی بی احسان مانی کا کہنا تھا کہ تمام ٹیمیں پاکستان میں میچز کھیلنے کی حمایت کررہی ہیں، پی ایس ایل کے تمام کھلاڑی پاکستان میں کھیلنے کو تیار ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ایس ایل فور کے فائنل سمیت 8 میچز پاکستان میں کھیلیں جائیں گے جن میں سے 3 لاہور اور فائنل سمیت 5 میچز کی میزبانی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو دی گئی تھی۔

  • پی ایس ایل4: کراچی کنگز اورلاہورقلندرزآج آمنے سامنے

    پی ایس ایل4: کراچی کنگز اورلاہورقلندرزآج آمنے سامنے

    دبئی: پاکستان سپرلیگ کے سیزن فورمیں آج دو اہم میچز کھیلے جائیں گے، کراچی کنگز کا مقابلہ لاہورقلندرز سے ہوگا جبکہ ملتان سلطانز پشاور زلمی سے ٹکرائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل 4 کے پہلے میچ میں ملتان سلطانز اورپشاور زلمی پنجہ آزمائی کریں گے، دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آمنے سامنے ہوں گے۔

    دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں پہلا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے چار بجے ہوگا جبکہ دوسرا میچ رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    پی ایس ایل فور میں ملتان سلطانز 6 میچز کھیل چکی ہے جس میں سے وہ 2 میچز میں کامیاب رہی جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم 5 میں سے 3 میچز میں فاتح رہی ہے۔

    ایونٹ میں کراچی کنگز 6 میں سے 2 میچز میں کامیاب ہوئی ہے جبکہ لاہور قلندرز 6 میں سے 3 میچز میں فاتح رہی ہے۔

    پوائنٹس ٹیبل پرپشاور زلمی 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، لاہور قلندرز 6 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے ، ملتان سلطانز 4 پوائنٹس کے پانچویں اور کراچی کنگز 4 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔

    اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی

    یاد رہے کہ گزشتہ روز پی ایس ایل سیزن فور کے 18ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، آصف علی نے 70 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔

  • پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    پی ایس ایل 4: کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آج آمنے سامنے

    دبئی: پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز، جبکہ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز آپس میں مدمقابل ہوں گے۔

    پاکستان سپر لیگ کے چوتھے سیزن میں آج 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ دبئی کے اسٹیڈیم میں پہلا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور ملتان سلطانز کا ہوگا، میچ مقامی وقت کے مطابق 5 بجے کھیلا جائے گا۔

    دوسرا میچ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کے درمیان ساڑھے 9 بجے کھیلا جائے گا۔

    کراچی کنگز نے گزشتہ روز پی ایس ایل 4 میں شاندار فاتحانہ آغاز کیا اور ملتان سلطانز کو 7 رنز سے شکست دی۔

    کراچی کے مدمقابل لاہور قلندرز کی ٹیم پہلے روز افتتاحی میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ سے 5 وکٹوں سے شکست کھا چکی ہے۔

    کنگز کی ٹیم آج بھی جیت کا تسلسل رکھنے کے لیے برقرار ہے۔

    دوسری جانب ملتان سلطان کا یہ دوسرا میچ ہے اور وہ پہلے میچ کی شکست کے بعد دوسرا میچ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    2 سیزنز کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ نے اس سیزن میں بھی فاتحانہ آغاز کیا اور پہلے میچ میں لاہور قلندرز کو شکست دی۔

    چاروں ٹیمیں بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اترنے اور مقابل کو پچھاڑنے کے لیے بے چین ہیں۔

    یاد رہے کہ پی ایس ایل 4 میں 6 ٹیموں کے درمیان 34 مقابلے ہوں گے، ابتدائی 26 میچ متحدہ عرب امارات میں کھیلے جائیں گے، ابو ظہبی پہلی مرتبہ پی ایس ایل میچز کی میزبانی کرے گا۔

    پی ایس ایل 4 کے آخری 8 میچز پاکستان میں کھیلے جائیں گے۔ 7 سے 17 مارچ تک میچز لاہور اور کراچی میں ہوں گے، لاہور میں 9، 10 اور 12 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے۔

    بعد ازاں کراچی میں 7، 10، 13، 15 اور 17 مارچ کو میچز کھیلے جائیں گے، 17 مارچ کو لیگ کا فائنل بھی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔