Tag: karachis-district-east

  • کراچی: ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 216 طلبا و اساتذہ میں کورونا کی تصدیق

    کراچی: ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 216 طلبا و اساتذہ میں کورونا کی تصدیق

    کراچی : ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 216 طلبا و اساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوگئی جبکہ 363ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت ٹیم کی جانب سے کراچی کے ضلع شرقی کے تعلیمی اداروں میں 9158 کوویڈ ٹیسٹ کئے ، جس میں سے 216 طلباء و اساتذہ کے ٹیسٹ مثبت اور 8939 طلبا واساتذہ کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے۔

    ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس شرقی کاکہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں کئے گئے ٹیسٹوں میں سے 363 ٹیسٹ کے نتائج آنا باقی ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ روز صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے 556 نئے کیسز رپورٹ ہوئے تھے، جس کے بعد سندھ میں کورنا کیسز کی تعداد بڑھ کر ایک لاکھ 48 ہزار 343 ہو گئی ہے۔

    وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبے میں کورونا وائرس سے مزید 17 افراد اپنی جانوں سے گئے ، جس کے بعد سندھ میں اب تک کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی اموات کی کل تعداد دو ہزار 664 ہو گئی۔

    خیال رہے پاکستان میں کورونا کی ہلاکت خیزی میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، مہلک وائرس چوبیس گھنٹے کے دوران مزید تیس جانیں نگل گیا، جس سے کورونا وائرس سے اب تک اموات کی تعداد چھ ہزار نو سو تئیس ہوگئی جبکہ چوبیس گھنٹے کے دوران تیرہ سو چھہتر نئے کیس بھی رپورٹ ہوئے۔

  • کورونا کیسز میں اضافہ : کراچی کے ضلع شرقی میں پابندیاں نافذ

    کورونا کیسز میں اضافہ : کراچی کے ضلع شرقی میں پابندیاں نافذ

    کراچی : کورونا کی دوسری لہر میں کیسز کی تعداد میں اضافے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر شرقی نے ضلع بھر میں پابندیاں نافذ کردیں اور کہا تمام شادی ہالز، ریسٹورنٹ، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کر دئیے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق کوروناوائرس کاپھیلاؤ اور این سی او سی کی ہدایات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنرشرقی نے ضلع بھرمیں پابندیا ں نافذ کردیں، پابندیاں 2نومبرسے تا حکم ثانی نافذ العمل رہیں گی۔

    ڈپٹی کمشنرشرقی کی جانب سے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام شادی ہالز،ریسٹورنٹ،شاپنگ مالزرات10بجےبندکردئیے جائیں جبکہ اسپتال، میڈیکل اسٹور،صحت عامہ کی سہولت فراہم کرنے والے ادارے کو مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔

    حکمنامہ کے مطابق پبلک ٹرانسپورٹ، بس اسٹاپ، مارکیٹوں میں ماسک پہننا لازمی ہوگا اور تمام تفریحی گاہیں اور پارکس شام6 بجے بند کردی جائیں جبکہ جاگنگ ٹریکس والے پارکس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

    یاد رہے این سی او سی نے کرونا کی تیزی سے بگڑتی صورت حال کے حوالے سے اجلاس کیا جس میں گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں کے لیے ماسک لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا

    این سی او سی نے شادی ہال، مارکیٹس اور مال رات دس بجے بند کرنے کی ہدایت کی اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایس او پیز پر عمل کریں بصورت دیگر صورت حال خطرناک ہوسکتی ہے۔