Tag: Karak

  • مسافر کوچ اور کار کے درمیان خوفناک تصادم

    مسافر کوچ اور کار کے درمیان خوفناک تصادم

    کرک: تحصیل بانڈہ کے علاقے میں طوطکی موڑ پر مسافر کوچ اور کار کے درمیان خوفناک تصادم ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 5 افراد شدید زخمی ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرک میں ریسکیو حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مسافرکوچ پشاور سے بنوں جبکہ کار بنوں سے پشاور جارہی تھی، زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں بیشتر کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

    اس سے قبل بھی جامشورو نوری آباد کے قریب مسافر بس اور ٹرالر میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

    جامشورو ایم نائن موٹروے پر نوری آباد کے قریب کوچ اور ٹریلر میں ٹکر ہوگئی تھی، ٹریفک حادثے میں کوچ میں سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ حادثے میں 12 افراد زخمی ہوئے جس میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، حادثہ تیز رفتار کے باعث پیش آیا، کوچ پشاور سے کراچی جارہی تھی۔

    کراچی : ایک اور بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا

    حادثے میں جاں بحق 60 سالہ مشتاق حسین کا تعلق پشاور سے ہے، حادثے کے بعد مسافر کوچ اور ٹریلر کو پولیس نے تحویل میں لے لیا گیا جبکہ دونوں ڈرائیور فرار ہوگئے۔

  • کرک: خاتون نے بیلٹ باکس کو آگ لگادی

    کرک: خاتون نے بیلٹ باکس کو آگ لگادی

    کرک: خیبرپختونخوا کے ضلع کرک میں پولنگ کے دوران ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کرک کے پولنگ اسٹیشن دبلی لواغر میں بیلٹ باکس کو آگ لگادی گئی ہے، جس سے بیلٹ باکس میں کاسٹ کیےگئے ووٹ جل گئے، افسوسناک واقعے کے بعد پولیس نے علاقےکوگھیرےمیں لےلیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کرک کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق دبلی لواغر کے پولنگ بوتھ میں ایک خاتون نے اپنا بیلٹ پیپرجلانے کی کوشش کی ہے،انکوائری کر رہے ہیں کہ خاتون نے ایسا قدم کیوں اٹھایا؟

    ڈپٹی کمشنر کرک کے مطابق ماچس کی آگ سے کچھ بیلٹ پیپرز کو نقصان پہنچا، سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے خاتون کی شناخت کےبعد اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، پولنگ اسٹیشن پر مکمل خیریت ہے، مزید انتخابی مواد کو نقصان نہیں پہنچا، پولنگ چند لمحوں کے بعد دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کے پی کے: بلدیاتی ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل جاری

    واضح رہے کہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں امیدواروں کے انتقال اور ناخوشگوار واقعات کے باعث ملتوی ہونے والی نشستوں پر پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا عمل جاری ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پشاور، نوشہرہ، خیبر، مہمند، مردان، کوہاٹ، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، چارسدہ، بونیر اور باجوڑ میں ری پولنگ ہورہی ہے، ووٹنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔

  • سپریم کورٹ کا  کرک میں سمادھی کی بحالی 2 ہفتے میں شروع کرنے کا حکم

    سپریم کورٹ کا کرک میں سمادھی کی بحالی 2 ہفتے میں شروع کرنے کا حکم

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے کرک میں سمادھی کی 2 ہفتے میں بحالی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا سمادھی کی بحالی کی رقم مولوی شریف اور اس کے گینگ سے وصول کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں کرک میں ہندو سمادھی جلانےسے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی ، چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 3رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    سماعت کے آغاز میں جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ بڑا افسوسناک واقعہ ہوا، حملہ آور ہر چیز کو تباہ کرتے رہے، چیف جسٹس نے سوال کیا پولیس نے ہجوم کو اندر جانے کی اجازت کیسے دی، پولیس کا کام امن وامان قائم کرنا ہے، جس پرایڈووکیٹ جنرل کے پی کے نے بتایا کہ بدقسمتی ہے پولیس نے کارروائی نہیں کی۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا پولیس کامؤقف ہے خون خرابےکی وجہ سےخاموش کھڑےرہے جبکہ چیف جسٹس پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت کی رٹ برقرار رہنی چاہیے، مولوی شریف نے یہ سب کرایا ہے،ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ مولوی شریف کو گرفتار کرلیا ہے۔

    دوران سماعت حکام کے پی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کردیا ، غفلت برتنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف پرچہ ہوگا۔

    چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ مولوی شریف کچھ دن میں ضمانت لیکر باہر آجائے گا، اہلکاروں کی معطلی سے کیا ہوگا،انھیں تنخواہ ملتی رہے گی، واقعےسے پہلے پولیس کی انٹیلی جنس کدھر تھی۔

    جس پر چیف سیکرٹری کےپی نے بتایا کہ ہندو سمادھی کو دوبارہ بحال کریں گے تو چیف جسٹس نے استفسار کیا سمادھی کو بحال کرنے کے اخراجات کون برداشت کرےگا، جن لوگوں نے یہ سب کچھ کیا ان سے یہ رقم وصول کی جائے ، ذمہ داروں کی جیب سے پیسہ نکالیں گے تو انھیں احساس ہوگا۔

    جسٹس گلزار احمد نے کہا سمادھی کی ویڈیو سے دنیا میں پاکستان کا کیا تاثر گیا، سمادھی کی بحالی کی رقم مولوی شریف ،اسکےگینگ سے وصول کریں، چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ فوری طور پر سمادھی کی بحالی حکومتی اخراجات سےکی جائے گی اور ذمہ داروں سے بحالی کی رقم وصول کریں گے،۔

    چیئرمین اقلیتی کمیشن شعیب سڈل نے کہا اطراف کاعلاقہ متروکہ وقف املاک کوتحویل میں لینا چاہیے، سمادھی کو آگ لگانے کا اصل ملزم مولوی شریف ہے، امید کرتے ہیں کہ مولوی شریف کی جلد ضمانت نہیں ہوگی۔

    ہندو رہنما رمیش کمار کا کہنا تھا کہ سمادھی پر ہمارے دو بڑے میلے لگتے ہیں، ایک ماہ میں سمادھی پر تقریباً 400 لوگ آتے ہیں، مولوی شریف نے 1997 میں بھی سمادھی کو توڑا تھا، عدالتی حکم کےباوجودمتروکہ وقف املاک نے سمادھی کو بحال نہیں کیا ، ہندوکونسل نے 4 کروڑ دےکر سمادھی کو بحال کیا، پاکستان میں متروکہ وقف املاک کا چیئرمین مسلمان ہوتا ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا متروکہ املاک کے بعد اپنی بڑی بلڈنگز بنانے کا پیسہ تو ہے، متروکہ املاک کے پاس اپنے اصل کام کے لیے پیسہ نہیں۔

    رمیش کمار نے مزید کہا کہ مندر واقعے کی انکوائری آئی جی کو دی گئی ہے ، پاکستان میں 1830مندر اورگردواروں میں31سےفنکنشل ہیں ، سپریم کورٹ نے اقلیتی حقوق کو آج اہمیت دی، اقلیتی عزت اوراحترام کے حوالے سے سپریم کورٹ شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    چیف سیکریٹری، وزیراعلیٰ اورآئی جی کا تعاون ہے ، انہوں نے آج عدالت میں مانا ہے یہ ہمارے کیلئےشرمناک ہے ، ایک مزار کو توڑا جائے اسے زیادہ مجرمانہ سرگرمی نہیں ہوسکتی۔

    سپریم کورٹ نے کرک میں سمادھی کی 2 ہفتے میں بحالی شروع کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سے تمام مندروں کی تفصیلات طلب کرلیں۔

    سپریم کورٹ نے کہا بتایا جائے کل کتنے مندر ہیں اور فعال کتنے ہیں ؟ جبکہ متروکہ املاک پرقبضے،تجاوزات کی تفصیلات بھی 2ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا عدالتوں میں موجود مقدمات کی تفصیلات بھی پیش کریں۔

    چیف جسٹس نے چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا متروکہ املاک بورڈ کے افسران صرف پیسہ بنا رہے ہیں، جس سےدل کرتاہےزمین واپس لیتے اورجسے دل کرتا دے دیتے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس کی مزید سماعت 2 ہفتے کیلئے ملتوی کردی۔

  • کرک میں مندر کو نقصان پہنچانے کے واقعے پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

    کرک میں مندر کو نقصان پہنچانے کے واقعے پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

    اسلام آباد: خیبر پختونخواہ حکومت نے کرک میں مندر کو نقصان پہنچانے کے واقعے پر رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرادی گئی ، جس میں بتایا کہ واقعہ اشتعال انگیز تقریر کا نتیجہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ حکومت نے سپریم کورٹ میں کرک میں مندر کو نقصان پہنچانے کے معاملے پر رپورٹ جمع کرادی، جس میں بتایا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث افراد کو گرفتار کیا گیا ہے ، ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔

    کے حکومت کی جانب سے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ واقعہ اشتعال انگیز تقریر کا نتیجہ ہے ، کرک کےمندر کے واقعے کا مقدمہ درج کیا جا چکا ہے۔

    چیف جسٹس آف پاکستان گلزار احمد کی سربراہی میں ازخود نوٹس کی سماعت 5جنوری کو 3رکنی بینچ کرے گا۔

    یاد رہے کہ خیبر پختونخوا کے ضلع کرک میں مشتعل ہجوم نے ہندو بزرگ کی سمادھی مزار میں توڑ پھوڑ کی اور اسے نذر آتش کردیا تھا، واقعہ کرک کے دور دراز علاقے ٹیری ٹاؤن میں پیش آیا تھا۔

    بعد ازاں چیف جسٹس گلزار احمد نے کرک میں مندر کو آگ لگانے کے واقعے کا ازخود نوٹس لیتے ہوئے 4 جنوری کو واقعے کی رپورٹ طلب کی تھی۔

  • گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، عورت اور بچوں سمیت 6 زخمی

    کرک: خیبر پختون خوا کے شہر کرک کے نواحی علاقے میں گیس لیکیج دھماکے نے پورا گھر ڈھا دیا، جس میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق کے پی میں کرک کے نواحی علاقے خڑے میں گھر میں گیس لیکیج سے دھماکا ہوا، جس سے گھر مکمل طور پر منہدم ہو گیا، ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ گھر کے انہدام سے 6 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    زخمی خاتون کو  ایمبولنس کی طرف لے جایا جا رہا ہے

    ملبے تلے آ کر زخمی ہونے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اطلاعات کے مطابق زخمیوں میں تین کو تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکو 1122 اور مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں کو ملبے سے نکالا۔

    زخمیوں کو خیبر پختون خوا کی سرکاری ایمبولنس میں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے

    سردی میں اضافے کے ساتھ ہی کئی شہروں میں گیس لیکج دھماکے، 2 جاں بحق، 13 زخمی

    خیال رہے کہ ملک بھر میں سردی میں شدید اضافے کے ساتھ ہی گیس لیکیج کے دھماکے بھی بڑھ گئے ہیں، سندھ، بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے مختلف شہروں میں آئے روز گیس لیکیج سے دھماکوں کے واقعات رو نما ہو رہے ہیں، جن میں اب تک سیکڑوں افراد زخمی ہو چکے ہیں اور متعدد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    گزشتہ ماہ کے آغاز میں بھی خیبر پختون خوا کے شہر نوشہرہ کے علاقے امان گڑھ لیبر کالونی میں گھر میں گیس لیکیج کی وجہ سے دھماکا ہوا تھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے تھے، زخمیوں کو نوشہرہ میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا تھا۔

  • عمران خان نے ہینڈ پمپ کی سیاست ختم کردی: شہریار آفریدی

    عمران خان نے ہینڈ پمپ کی سیاست ختم کردی: شہریار آفریدی

    کرک: وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ کرک میں نلکے لگانے کے سوا کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، عمران خان نے ہینڈ پمپ اور پریشر پمپ کی سیاست ختم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے سرحدی امور شہریار آفریدی نے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر کرک میں جلسے سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جے یو آئی اور دیگر جماعتوں نے لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں کیا۔

    شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ پرانے سیاستدانوں نے کرک کے عوام کو بار بار دھوکہ دیا۔ نلکے لگانے کے سوا کوئی ترقیاتی کام نہیں کیا گیا، جنوبی اضلاع کے عوام کو کبھی مذہب کبھی جھوٹے وعدوں پر لوٹا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو ووٹ دیا تو اب ترقی کا نیا دور شروع ہوگیا، عمران خان نے ہینڈ پمپ اور پریشر پمپ کی سیاست ختم کردی۔

    وزیر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں لوٹ مار کرنے والوں کی سیاست کا خاتمہ جنوبی اضلاع کے عوام نے کردیا۔ کوئی مذہب کے نام پر دھوکہ دے سکے گا نہ ہی جھوٹے وعدوں سے بہلا سکے گا۔

    خیال رہے کہ آج کرک میں گیس نیٹ ورک کی توسیع اور بحالی کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ یو ایف جی نقصانات پر قابو کے لیے 14 سیلز میٹر اسٹیشنز کے تحت بنایا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق منصوبے میں کرک، کوہاٹ اور ہنگو کے دیہاتوں کو شامل کیا گیا ہے۔ ان دیہاتوں میں گیس نیٹ ورک کی تعمیر کے ساتھ ساتھ موجودہ نیٹ ورک کی بحالی بھی کی جائے گی۔

  • کرک میں دس سالہ معصوم بچہ انتہائی بے دردی سے قتل

    کرک میں دس سالہ معصوم بچہ انتہائی بے دردی سے قتل

    کوہاٹ:ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داودشاہ کے علاقے خرم میں دس سالہ معصوم بچے کوانتہائی بے دردی سے قتل کرکے لاش قریبی پہاڑی میں پھینک دی۔ پولیس نے فوری طورپر کاروائی کرتے ہوئے جواں سال ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع کرک کی تحصیل بانڈہ داودشاہ میں واقع پولیس تھانہ خرم کی حدودمیں نواحی پہاڑی علاقے سے گزشتہ شام ایک دس سالہ بچے کی تشددزدہ لاش ملی جس کی شناخت بعدازاں حمزہ عثمان ولد عثمان غنی کے نام سے ہوئی۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر(ڈی پی او) کرک نوشیر خان مہمند‘ ایس پی انوسٹی گیشن گل نواز جدون‘ بانڈہ داودشاہ اور تخت نصرتی کے ڈی ایس پیز اور پولیس تھانہ خرم کے ایس ایچ او فوری طورپرجائے وقوعہ پہنچ گئے جہاں تشددزدہ بچے کی لاش قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کرک پہنچادی گئی جہاں سے مزید پوسٹ مارٹم اور میڈیکل رپورٹ حاصل کرنے کے لئے لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور منتقل کی گئی۔

    پولیس نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ مقتول بچہ اپنی بکری کی تلاش میں پہاڑی گیا تھاجہاں مبینہ ملزم نے معصوم بچے کو پتھر کے وار کرکے قتل کیا۔ پولیس نے مقتول کے والد سے دریافت کیا جس نے ایک جواں سال مبینہ ملزم حضرت عمر ولد صابرپرشک کی بنیادپر دعویداری کی۔

    ڈی پی او کرک کی ہدایت پر پولیس نے فوری طورپرمبینہ ملزم کے گھر پر چھاپہ مارا اور ملزم 20 سالہ حضرت عمرکو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی۔ پولیس کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش کے دوران ہی اقبال جرم کرلیا۔اگرچہ قتل کی کوئی خاص وجہ معلوم نہیں ہوسکی تاہم پولیس کے مطابق مبینہ ملزم مقتول بچے کا پڑوسی ہے جوپہلے بھی کئی بار مقتول کو تنگ کرچکاہے۔

    پولیس نے بتایا کہ میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوگا کہ ملزم نے مقتول کے ساتھ جنسی زیادتی کی ہے یا نہیں تاہم پولیس تھانہ خرم میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • اسرائیلی سیاحوں کو سہولیات دینے پر اردنی میئر کی برطرفی کا مطالبہ

    اسرائیلی سیاحوں کو سہولیات دینے پر اردنی میئر کی برطرفی کا مطالبہ

    عمان : اسرائیلی سیاحوں کو سہولیات دینے پر اردنی شہریوں نے الکرک بلدیہ کے میئر کی برطرفی لا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کے خونی سے غداری کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اردن کے شہر الکرک کے میئر کی طرف سے اسرائیلی سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے پر اردنی عوام میں سخت غم و غصے کی فضا پائی جا رہی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ الکرک شہر میں سول سوسائٹی، پیشہ ور تنظیموں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد نے الکرک بلدیہ کے میئر کی برطرفی کے لیے مظاہرہ کیا۔

    انہوں نے الکرک بلدیہ کے میئر کی اسرائیلی نوازی کی شدید مذمت کی اور اسرائیلی سیاحوں کو شہر میں آنے کی اجازت دینے پر میئر کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ مظاہرین نے میئر کی اسرائیلی سیاحوں کو سہولت دینے کو صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات کے قیام کی کوشش قرار دیا۔

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ الکرک کے میئر نے شہر کی تاریخی روایات کی خلاف ورزی اور شہدا کے خون سے غداری کی ہے، انہیں فوری طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہیے۔

    یاد رہے کہ اردن اور اسرائیل کے درمیانامن معاہدے کے ختم ہونے کے بعد سےتعلقات میں کشیدگی جاری ہے، گزشتہ برس اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ دوّم نے عوامی مطالبے کو منظور کرتے ہوئے 25 برس قبل امن معاہدے کے تحت اسرائیل کو دی گئے علاقوں کی لیز میں اضافے سے انکار کا کردیا تھا۔

    شاہ عبداللہ دوّم کا کہنا ہے کہ الباقورہ اور غمرہ ہماری ترجیحات کا اوّلین حصّہ ہے اور ان زمینوں کا اسرائیل سے واپس لینا ہماری عوام کے قومی مفاد میں ہے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیل سے زمین واپس لینا اردن کے قومی مفاد میں ہے، شاہ عبداللہ

    واضح رہے کہ اردن کے  87 ارکان  پارلیمنٹ نے اسرائیل کو دی گئے علاقے واپس لینے کےلیے پٹیشن دائر کررکھی ہے، بادشاہ شاہ عبداللہ نے اراکین پارلیمنٹ کے دباؤ میں آکر لیز پر دی گئی زمینیں واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ اردن اور اسرائیل کے درمیان طے ہونے والا امن معاہدہ سنہ 1994 نومبر میں شاہ عبداللہ کے والد شاہ حسین اور اسرائیلی وزیر اعظم اسحاق رایبن کے درمیان طے ہوا تھا جس کے تحت الباقورہ اور غمرہ کی زمین 25 سال کے لیے اسرائیل کو لیز پر دی گئی تھیں۔

  • کرک: مسافر کوچ کو حادثہ، خوفناک آتشزدگی سے 15 افراد جھلس کر جاں بحق

    کرک: مسافر کوچ کو حادثہ، خوفناک آتشزدگی سے 15 افراد جھلس کر جاں بحق

    پشاور: خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع کرک میں انڈس ہائی وے پر کار اور مسافر کوچ میں تصادم کے بعد بس میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 15 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان سے پشاور جانے والی مسافر کو چ کو ضلع کر ک کے انڈس ہائی وے پر حادثہ پیش آیا، مسافر بس اور کار کی ٹکر کے نتیجے میں خوفناک آگ بڑھک اٹھی اور مسافروں کو موقع نہ مل سکا۔

    اطلاعات کے مطابق آتشزدگی کے باعث خواتین سمیت 15 مسافر جھلس کر جاں بحق ہوئے جبکہ 2 مسافر ہی زندہ بچ سکے جنہیں ریسکیو کر کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز استپال (ڈی ایچ کیو) کرک منتقل کردیا گیا۔

    مزید پڑھیں: مسافر کوچ اور ٹرک میں خوفناک تصادم، 26 افراد جھلس کر جاں بحق

    ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ مخالف سمت سے آنے والی کار کی وجہ سے پیش آیا، سپنہ بانڈہ کے مقام پر تیز رفتار کار بس سے ٹکرائی جس کے بعد اُس میں خوفناک آتشزدگی ہوئی۔ اسپتال ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جنہیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

    دوسری جانب خیبرپختونخواہ کے علاقے ضلع لکی مروت کے انڈس ہائی وے پر باست خیل پھاٹک کے قریب دھند کے باعث گزشتہ رات دو مسافر بسیں آپس میں ٹکرا گئیں تھیں جس کے نتیجے میں ایک مسافر جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل بیلہ کراس کے قریب 21 جنوری کو اندوہناک ٹریفک حادثہ اُس وقت پیش آیا تھا جب مسافر بس اور ٹرک کے مابین تصادم ہوگیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: خیرپور: مہران ہائی وے پر ٹریفک حادثہ‘ 3 افراد جاں بحق

    مسافر کوچ اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں 26  افراد جھلس کر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئے تھے جنہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ حادثے کے بعد کوچ میں خوفناک آگ لگ گئی تھی۔

  • کرک میں مخالفین کی فائرنگ سےباپ سمیت 3 بیٹے جاں بحق

    کرک میں مخالفین کی فائرنگ سےباپ سمیت 3 بیٹے جاں بحق

    کرک : صوبہ خیبرپختونخواہ کے علاقے کرک میں جائیداد کے تنازع پرمخالفین نے فائرنگ کرکے باپ اورتین بیٹوں کو قتل کردیا، شوہراور بیٹوں کی لاشیں دیکھ ماں بھی صدمے سے انتقال کرگئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں ضلع کرک کے نواحی علاقے شاہ سلیم گڈی خیل میں جائیداد کے تنازع پر مخالفین کی فائرنگ سے باپ سمیت 3 بیٹے جاں بحق ہوگئے۔

    شوہراور تین بیٹوں کی موت کی خبرگھرپہنچی تو کہرام مچ گیا، لاشوں کو دیکھ کر بچوں کی ماں یہ صدمہ برداشت نہ کرسکی اور دل کا دورہ پڑنے سے چل بسی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے ذمہ داروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

    مردان میں فائرنگ‘ 5 افراد جاں بحق‘ 5 زخمی

    یاد رہے کہ 22 اگست کو مردان میں طورو کے علاقے ڈھکی میں جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 5 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے جبکہ 5 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ کا واقعہ معمولی جھگڑے پرپیش آیا، مرنے والوں میں 2 بھائی ، چچا، بھتیجا اور ایک راہگیر شامل تھا۔

    بٹگرام میں جرگےکے دوران فائرنگ‘ 5 افراد جاں بحق

    اس سے قبل 14 اگست کو صوبہ خیبرپختونخواہ کے ضلع بٹگرام میں جرگے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہوگئے تھے۔

    ٹانک میں فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق

    واضح رہے کہ رواں ماہ 2 اگست کو خیبرپختونخواہ کے شہرٹانک میں ٹریفک پوائنٹ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر کرامت جاں بحق ہوگئے تھے۔