Tag: KARCAHI

  • پولیس کی کراچی اور حیدر آباد میں کارروائیاں، 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

    پولیس کی کراچی اور حیدر آباد میں کارروائیاں، 2 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

    کراچی/حیدر آباد: پولیس نے سندھ کے دو بڑے شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس کی کارروائی کے دوران دو ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی جبکہ حیدر آباد میں ڈی ایس پی کی نگرانی میں منشیات فروخت کی جارہی تھی۔

    سپر مارکیٹ پولیس کی جانب سے کراچی کے علاقے الیاس گوٹھ میں کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں 2 ملزمان گرفتار ہوئے، ملزمان خرم اور فاروق اسٹریٹ کرائم سمیت دیگر جرائم میں ملوث ہیں۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان سے اسلحہ اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئی ہے، ملزمان کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائیاں‘ 9 ملزمان گرفتار

    دوسری جانب حیدر آباد میں سی آئی اے سینٹر پر چھاپہ مارا گیا جہاں سے منشیات کی 14 بوریاں برآمد ہوئیں، ڈی ایس پی امداد سولنگی کی نگرانی میں منشیات فروخت کی جاتی تھی۔

    ایس ایس پی حسن سردار نیازی کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی امداد سولنگی اور 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، منشیات ذخیرہ کرکے ضلع بھر میں سپلائی کی جاتی تھی۔

  • سی ٹی ڈی کی گوجرانوالہ میں کارروائی، کراچی میں پولیس مقابلہ، دو دہشت گرد گرفتار

    سی ٹی ڈی کی گوجرانوالہ میں کارروائی، کراچی میں پولیس مقابلہ، دو دہشت گرد گرفتار

    گوجرانوالہ/کراچی: سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں اہم کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا، جبکہ کراچی میں پولیس مقابلہ ہوا اور ایک ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے گوجرانوالہ میں سیٹلائٹ ٹاؤن کے قریب کارروائی کی جس کے نتیجے میں کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشت گرد شکیل احمد اور فرازسلطان گرفتاری عمل میں آئی۔

    سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے بارودی مواد، دہشت گردی کی منصوبہ بندی کے راز ملے ہیں، مبینہ دہشت گردوں نے عوام کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی بھی کر رکھی تھی۔

    سی ٹی ڈی کے مطابق مبینہ دہشت گردوں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


    تیرامیل: سی ٹی ڈی کی کارروائی، خاتون سمیت 4 دہشت گرد ہلاک، 6 اہلکار زخمی


    دوسری جانب شہر قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر زخمی بھی ہوا تاہم پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ کردی، گرفتار ملزم سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا جبکہ ملزم کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

    خیال رہے کہ رواں سال یکم مئی کو بلوچستان پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی فورس (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے کوئٹہ میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی کئی وارداتوں اور خودکش حملوں میں ملوث کالعدم تنظیم کے کمانڈر کو گرفتار کیا تھا۔