Tag: Kartarpor

  • امریکا کا کرتارپورراہداری کھولنے کے پاکستانی اقدام کا خیر مقدم

    امریکا کا کرتارپورراہداری کھولنے کے پاکستانی اقدام کا خیر مقدم

    واشنگٹن: پاکستان کے فقیدالمثال اقدامات کے دنیا بھر میں چرچے ہونے لگے، امریکا نے کرتارپورراہداری کھولنے کے پاکستانی اقدام کا خیرمقدم کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن اورٹیگس نے کہا کہ کرتارپور راہداری کو امریکا پڑوسیوں کے درمیان ایک اچھی مثال کے طور پر دیکھ رہا ہے۔

    امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کرتارپور راہداری کو مذہبی آزادی کے فروغ کی جانب ایک قدم قرار دیا۔ مورگن اورٹیگس کا کہنا تھا کہ اس راہداری سے سکھ گردوارہ کرتارپور صاحب آسکیں گے جو پاکستان کے اندر ان کا مقدس مقام ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کرتارپورراہداری کا افتتاح کیا، اس موقع پر ان کاکہنا تھا کہ راہداری کھولنے کی مجھے بہت خوشی ہوئی، امید ہے یہ شروعات ہے، انشااللہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے ، کشمیریوں کو حقوق مل جائیں گے تو برصغیر میں بھی خوشحالی آئے گی۔

    خیال رہے کہ بین الاقوامی میڈیا نے کرتارپور راہداری کھلنے پر بھرپور کوریج دی، جرمن ادارے نے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر نئے اوپن پوائنٹ کا افتتاح ہوگیا، جس سے بھارتی سکھ بغیر ویزا کے پاکستان میں موجود اپنے مذہبی مقامات کی زیارت کرسکیں گے۔

    یہ شروعات ہے، انشاءاللہ بھارت سے تعلقات اچھے ہوں گے، وزیراعظم

    برطانوی نشریاتی ادارے نے لکھا کہ سکھوں کے ایک اہم مقدس مقام کو جانے والا راستہ بالآخر کھل گیا ہے، سکھوں کی اس دیرینہ خواہش کو پورا کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے درمیان اکتوبرمیں معاہدہ ہوا تھا۔

    روسی نیوز ایجنسی نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں موجود مقامات کی زیارت کا راستہ کھلنے پر سکھ برادری خوشی سے نہال ہے۔ الجزیرہ نے لکھا کہ بھارتی سکھوں نے پاکستان کی جانب سفر شروع کردیا ہے جو دونوں ملکوں کے درمیان ایک تاریخی معاہدے کے تحت شروع ہوا ہے۔

  • کشمیر کے مسئلے پر سکھ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں: گورنرپنجاب

    کشمیر کے مسئلے پر سکھ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں: گورنرپنجاب

    لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنے کے فیصلے کو سکھ برادری نےخوش آمدید کہا، کشمیر کے مسئلے پر سکھوں نے کھل کر ہمارا ساتھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کرتارپورراہداری کھلنے سے سکھ ہمارے دوست بن گئے ہیں۔

    اپوزیشن کے دھرنے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان کی احتجاج کی ٹائمنگ درست نہیں، اس موقع پر مسئلہ کشمیر پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں احتجاج روکنے کی کہیں کوشش نہیں کی گئی، معاہدے کے مطابق احتجاج کرنے والے آگے نہیں جائیں گے، اسلامی اصولوں کے مطابق توقع ہے مولانا معاہدہ نہیں توڑیں گے۔

    باباگرو نانک کی 550 ویں سالگرہ، پاکستانی حکومت نے سکھوں کے دل جیت لئے

    خیال رہے کہ باباگرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ کا اجرا کردیا گیا ہے، یادگاری ٹکٹ کرتارپورراہداری کھلنے کے دن سے دستیاب ہوں گے، کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کیا جائے گا۔

    مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس آج طلب کرلی

    دوسری جانب جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس آج طلب کرلی ہے، جس میں مشاورت کے بعد دھرنے کے مستقبل اور احتجاجی تحریک کے بارے میں اعلان کیا جائے گا۔

  • کرتارپورراہداری منصوبے کی تکمیل مکمل، پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

    کرتارپورراہداری منصوبے کی تکمیل مکمل، پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا

    نارووال: کرتارپورراہداری منصوبے کی تکمیل مکمل ہوگئی، کرتارپور زیروپوائنٹ پر گیٹ کی تنصیب اور تزئین وآرائش بھی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان بھارت زیروپوائنٹ پر پاکستانی پرچم لہرا دیا گیا ہے، یاتریوں کو گوردوارہ کرتارپور لانے کے لیے بسیں پہنچا دی گئیں، بزرگ سکھ یاتریوں کے لیے علیحدہ منی گاڑیاں دستیاب ہوں گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ سروربنائے گئے ہیں، بھارت سے آئے سکھ یاتری گوردوارہ میں الگ گیٹ سے داخل ہوں گے، بیرون واندرون ملک سے آنیوالے یاتری علیحدہ گیٹ سے داخل ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق بارڈر ٹرمینل پر تمام کاؤنٹرز بھی مکمل کرلیے گئے، سکھ یاتریوں کے لنگر کے لیے 40ایکڑ زمین پر سبزیاں اگائی جائیں گی، بڑے لنگر کھانے میں ایک وقت میں ڈھائی ہزار یاتری کھانا کھاسکیں گے۔

    ’زیروپوائنٹ سے پیدل آنے والوں کے لیے فٹ پاتھ بنادیے گئے، نجی بینکوں کی مختلف برانچیں بھی کرتارپور میں کھول دی گئیں، گوردوارہ کی تکمیل کے لیے 3شفٹوں میں 2ہزار مزدوروں اور انجینئرز نے کام کیا‘۔

    وزیراعظم کی کرتارپور راہداری ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر مبارکباد

    دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری ریکارڈ مدت میں مکمل کرنے پر حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کرتارپور سکھ یاتریوں کے خیرمقدم کے لیے تیار ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ گرونانک کی 550ویں سالگرہ پرکرتارپور راہداری مکمل ہوئی۔

  • کرتارپور کھولنا وزیراعظم کا مثالی فیصلہ ہے: گورنر پنجاب

    کرتارپور کھولنا وزیراعظم کا مثالی فیصلہ ہے: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی مقامات تک رسائی دے رہے ہیں، کرتارپور راہداری کھولنا وزیراعظم عمران خان کا مثالی فیصلہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شرومنی اکالی دل دہلی کے زیر اہتمام نگرکیرتن(سکھوں کا جلوس) پاکستان آرہا ہے، نگر کیرتن واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچے گا۔

    نگرکیرتن میں سکھ سنگت کی طرف سے سونے کی پالکی لائی جارہی ہے، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور واہگہ بارڈر پر استقبال کریں گے۔

    گورنرپنجاب کا کہنا ہے کہ کرتارپور کھولنا وزیراعظم عمران خان کا مثالی فیصلہ ہے، بابا گرونانک جی کا 550واں جنم دن بھر پور منائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سکھوں سمیت تمام اقلیتوں کو مذہبی مقامات تک رسائی دے رہے ہیں، پاکستان میں تمام اقلیتوں کو اپنے مذہبی عبادت گاہوں تک رسائی ہے۔

    خیال رہے کہ نگر کیرتن کے جلوس کو سکھ مذہب میں خاص اہمیت حاصل ہے، یہ ایک عبادت ہے جس میں جلوس کی صورت میں مذہبی گیت گائے جاتے ہیں تاکہ پوری بستی تک پیغام پہنچے۔

    واضح رہے کہ حال ہی میں وزیراعظم عمران خان نے باباگرونانک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے، باباگرونانک یونیورسٹی دیگر شعبہ جات میں مذہبی رواداری کا بھی گہوارہ بنے گی۔

    باباگرونانک دیگر یونیورسٹیوں سے مختلف ہوگی: وزیرداخلہ

    سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ باباگرونانک کی 550ویں سالگرہ پر اس یونیورسٹی کی بنیاد رکھی گئی، باباگرونانک یونیورسٹی میں دنیا بھر کے سکھ برادری کے لوگ پڑھ سکیں گے، کرتارپورسکھ برادری کا مدینہ اور ننکانہ صاحب ان کا مکہ ہے۔

    دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا تھا کہ باباگرونانک یونیورسٹی کی تعمیر میں 6ارب روپے لاگت آئے گی، یونیورسٹی کے قیام سے سکھوں کو بھی تعلیم کی سہولت ملے گی۔

  • پاکستان اور بھارت نے راہداری معاہدے پر دستخط کردیے

    پاکستان اور بھارت نے راہداری معاہدے پر دستخط کردیے

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان کرتارپورراہداری کھولنے کے معاہدے پر دستخط ہوں گے، کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد بھارتی یاتری بغیر ویزا دربارصاحب کرتارپور آسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی طرف سے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے دستخط کیے، بھارت کی طرف سے امور خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری ایس سی ایل داس نے دستخط کیے، کرتارپور راہداری معاہدہ وزیراعظم کے سکھ برادری سے وعدے کے تحت کیا گیا۔

    پاکستان کی طرف سے دفترخارجہ کے ڈی جی جنوبی ایشیا ڈاکٹر فیصل فوکل پرسن تھے جبکہ بھارت کی جانب سے فوکل پرسن وہاں کے جوائنٹ سیکرٹری داخلہ تھے، معاہدے کے تحت روز5 ہزار  سکھ یاتری بغیرویزا کرتار پور آسکیں گے، سرکاری تعطیلات اور کسی ہنگامی صورت حال میں سہولت میسر نہیں ہوگی۔

    ذرائع کے مطابق کرتارپور راہداری کھلنے کے بعد بھارتی یاتری بغیر ویزا دربارصاحب کرتارپور آسکیں گے، بھارتی یاتریوں کو پاسپورٹ، آدھار کارڈ یا پین کارڈ بطور شناخت دکھانا ہوگا۔

    پاکستان امیگریشن حکام ہر بھارتی یاتری کو ایک بار کوڈوالا کارڈ جاری کریں گے، بھارتی یاتریوں کی آمد صبح 8سے دن 12بجے تک ہوگی اور غروب آفتاب تک سب یاتریوں کو واپس جانا ہوگا۔

    پاکستان کرتارپورکوریڈورکے تمام انتظامات مکمل کرچکا ہے، ڈاکٹر فیصل

    خیال رہے کہ گذشتہ روز ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کرتارپور کوریڈور کے تمام انتظامات مکمل کرچکا ہے، کوشش ہے کرتارپور راہداری معاہدے پر کل دستخط ہوجائیں، سفارتکاروں کے دورہ ایل اوسی سے صورتحال دنیا کے سامنے آگئی ہے۔

    کرتارپور راہداری کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہر سکھ یاتری 20ڈالرفیس کے طور پر ادا کرے گا، کوشش ہے کرتارپورراہداری کھولنے کے معاہدے پر آج دستخط ہوجائیں، کرتار پور کاریڈور سے متعلق انتظامات مکمل ہیں، دستخط کے ساتھ ہی معاہدہ بھی سب کے سامنے لایا جائے گا۔

  • کرتارپور راہداری: پاک بھارت مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا

    کرتارپور راہداری: پاک بھارت مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا

    نئی دہلی: کرتارپور راہداری معاملے پر پاکستان اور بھارت کے مذاکرات کا ایک اور دور آج ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق کرتارپور راہداری معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات زیرو لائن کرتار پور میں بابا ڈیرہ نانک کے مقام پرہوں گے۔

    بھارت نے بابا ڈیرہ نانک کو زیروپوائنٹ قرار دے دیا، مذاکرات میں کرتارپور کی سڑکیں، نقشہ اور دیگر معاملات پرغور کیا جائے گا۔

    قبل ازیں کرتار پور راہداری کے سلسلے میں پاک بھارت مذاکرات بھارتی سرحدی علاقے اٹاری میں چودہ مارچ کو ہوئے تھے، پاکستانی وفد ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے وفد کی سربراہی کی تھی۔

    دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے 13 مارچ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت نے کرتارپور راہداری کے اہم اجلاس پر پاکستانی صحافیوں کے ویزے مسترد کردیے، ویزے مسترد ہونا افسوسناک ہے، امید ہے آئندہ اجلاس دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر ی لائے گا۔

    خیال رہے کہ 7 فروری کو پاکستان نے کرتارپور راہ داری کے سلسلے میں بھارت کو مذاکرات کی پیش کش کرتے ہوئے 2 تاریخیں دی تھیں جس پر بھارت نے بھی مثبت جواب دیا تھا۔

    کرتار پور راہداری مذاکرات: پاکستانی وفد شرکت کرے گا، بھارت نے مقام تبدیل کردیا

    واضح رہے پاکستان نے کرتار پور بارڈر کھولنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد بھارت بھی اس اقدام کی تعریف کرنے پر مجبور ہوگیا تھا، نئی دہلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ’کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ دونوں ممالک کے عوام کو جوڑے گا اور ہم بہتر مستقبل کی طرف جائیں گے‘۔

    بعد ازاں 28 نومبر کو وزیراعظم عمران خان نے کرتارپوربارڈر کا افتتاح کرتے ہوئے بھارت کو مذاکرات کی دعوت دی تھی اور کہا تھا ہندوستان ایک قدم بڑھائےہم دوبڑھائیں گے۔