Tag: kashmir day

  • کشمیر کل بھی اور آج بھی پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا، سپہ سالار

    کشمیر کل بھی اور آج بھی پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا، سپہ سالار

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا، کشمیر کی خاطر 3 جنگیں لڑیں، 10 مزید لڑنی پڑی تو لڑیں گے۔ کشمیر کل بھی اور آج بھی پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سپہ سالار سید عاصم منیر نے مظفر آباد کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہدا کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سپہ سالار جموں و کشمیر یادگار گئے اور شہدا کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر انہوں نے شہدا کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔

    آرمی چیف نے کشمیر میں جاری مشکل آپریشنل حالات میں متعین افسران اور فوجیوں کی غیر متزلزل لگن، پیشہ ورانہ برتری اور جنگی تیاری کی بھی تعریف کی۔ سپہ سالار نے فوجیوں کی بلند حوصلہ افزائی اور چوکس نگرانی کو بھی سراہا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار کا کہنا تھا کہ دشمن کی کسی بھی کارروائی کا مقابلہ کرنے کے لیے اعلیٰ درجے کی جنگی تیاری برقرار رکھنا ضروری ہے، انہوں نے مسلح افواج کی جنگی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی جارحیت کا بھر پور جواب دیا جائے گا۔ پاک فوج مکمل عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ قوم کی حاکمیت اور سرحدی سا لمیت کا دفاع کرے گی۔

    آرمی چیف نے کشمیر کی معروف شخصیات اور سابق فوجیوں سے بھی ملاقات کی اور غیر قانونی طور پر بھارتی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لیے پاکستان کی پائیدار حمایت کا اعادہ کیا۔

    سپہ سالار کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ ریاستی جبر و ظلم کے خلاف کشمیر کے عوام کے جائز اور باحق مقصد کے ساتھ کھڑا رہے گا اور یقیناً ایک دن کشمیر آزاد ہو کر، کشمیر کے عوام کی آزاد مرضی اور تقدیر کے مطابق پاکستان کا حصہ بن جائے گا۔بھارتی مظالم اور بڑھتی ہوئی ہندوتوا انتہا پسندی کشمیر کے عوام کی خود ارادیت کی جدوجہد کو مزید تقویت دیتی ہے۔

    آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مظفر آباد آزاد کشمیر کے دورے کے موقع پر کشمیری عمائدین اور ویٹرنز سے اہم خطاب بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کل بھی اور آج بھی پاکستان کا حصہ تھا اور رہے گا،کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر اور پاکستان کا رشتہ لازم و ملزوم ہے۔

    سپہ سالار کا کہنا تھا کہ اگر ہم متحد اور مضبوط رہیں تو ہم ہر مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے کشمیر کی سر زمین کو قدرتی حسن اور وسائل سے نوازا ہے۔آزادی کی شمع، کشمیریوں کی ایک پیڑھی، دوسری پیڑھی کے حوالے کرتی چلی آ رہی ہے۔

    بھارت تنازعہ کشمیر پر بامعنی و نتیجہ خیز مذاکرات کرے، وزیر اعظم

    اُن کا کہنا تھا کہ کشمیر کا فیصلہ کشمیر کے عوام نے کرنا ہے، نہ کہ مقبوضہ کشمیر میں کِسی غاصب فوج نے۔ کشمیر کی خاطر 3جنگیں لڑی ہیں، 10 مزید لڑنی پڑیں تو ان شا اللہ لڑیں گے۔ آج، کل یا پرسوں یا تھوڑے عرصے تک مقبوضہ کشمیر میں زیادتی کر سکتے ہو مگر ہمیشہ کے لیے نہیں۔

  • ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے، مریم نواز

    ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے، مریم نواز

    وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یومِ یکجہتی کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت لہو بن کر دوڑتی ہے، ہم حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے والے کشمیری شہدا کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ سلام ان کشمیری بہن بھائیوں پر جو 7 دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کرمقابلہ کررہے ہیں۔

    اُنہوں نے کہا کہ بھارتی بربریت نے جنت نظیروادی کو جیل بنا دیا ہے، عالمی ادارے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کیخلاف اپناکردار ادا کریں۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت ہر محاذ پر جاری رہے گی۔

    اُنہوں نے کہا کہ ہرعالمی فورم پرکشمیری عوام کے حق میں آوازبلند کرتے رہیں گے، کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے، ملک بھر میں ریلیاں، سمینارز اور خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

    کشمیر ڈے پر ملک بھر میں مختلف سرکاری و غیر سرکاری اور مذہبی تنظیموں کی جانب سے کشمیری مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جلسے جلوس اور ریلیاں نکال کر بھارتی مظالم کی مذمت کی جارہی ہے۔

    گزشتہ 78 سالوں سے بھارت کے ناجائز، غیر قانونی اور غاصبانہ قبضے سے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرانے اور کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خود ارادیت دلوانے کے لے وطن عزیر پاکستان کے ہر گلی، ہر شہر اور کوچے سے صدائے آزادی کشمیر گزشتہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آج بھی بلند کی جارہی ہے۔

    یوم یکجہتی کشمیر آج بھر پور جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے

    واضح رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے نیا نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے جبکہ وفاقی حکومت کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر پر 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • یوم یکجہتی کشمیر: بھارتی دہشت گردی کے 76 سال مکمل

    یوم یکجہتی کشمیر: بھارتی دہشت گردی کے 76 سال مکمل

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جارہا ہے، بھارتی دہشت گردی کے76سال مکمل ہوگئے، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کا ایسا سلسلہ جاری ہے کہ انسانیت بھی شرماجائے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری نسل کشی پچھلے 75 سال سے جاری ہے، کشمیر جسے جنت کی نظیر سمجھا جاتا ہے آج اس کشمیر میں کوئی انسان محفوظ نہیں۔

    کشمیر کی خوبصورت وادیاں آج چیخ چیخ کرانسانی حقوق کی پامالی کی دہائیاں دے رہی ہیں، گمنام قبریں، زیادتی کانشانہ بننے والی کشمیری خواتین اور ہزاروں یتیم بچے بھارت کی جنونی فسطائیت کامنہ بولتا ثبوت ہے۔

    عالمی سطح پر جمہوریت کی سب سے بڑی دعویدارریاست نے مقبوضہ کشمیر میں 10 لاکھ سے زائد غیر قانونی طور پر فوجی تعینات کر رکھے ہیں، کشمیرکے متعلق اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیر کو حق خود ارادیت کا پورا پورا حق دیتی ہیں۔

    لیکن بھارتی قابض فوج نے کشمیریوں کو بنیادی حق سے محروم کر رکھا ہے، مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے بھارت نے آئین کو بھی تبدیل کر دیا ہے۔

    مسلح افواج کا کشمیریوں کے عزم اور جدوجہد کو خراج تحسین:

    یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مسلح افواج اور عسکری قیادت نے کشمیری بھائیوں کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان کی جانب سے مشترکہ خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کشمیریوں کی کامیابی ہی ان کا مقدر ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری خصوصی پیغام میں کہا گیا ہے کہ کشمیروں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور مسلح افواج کے سربراہان نے مظلوم کشمیریوں کے عزم اور جدوجہد پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق سربراہان کا کہنا ہے کہ کشمیری مسلسل بھارتی قابض افواج کی انسانی حقوق خلاف ورزیوں اور ان کے غیرانسانی لاک ڈاؤن کا ڈٹ کر مقابلہ کررہے ہیں۔

    کشمیریوں کی غیرمتزلزل حمایت جاری رہے گی، صدر، وزیر اعظم

    کشمیر1948سے یو این ایجنڈے پر طویل عرصے سے زیر التوا حل طلب مسئلہ ہے، کشمیری عوام کو ان کی امنگوں اور یو این قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت ملنا چاہئے۔

  • پیر کے روز تمام بینک بند رہیں گے، اعلامیہ جاری

    پیر کے روز تمام بینک بند رہیں گے، اعلامیہ جاری

    کراچی : اسٹیٹ بینک نے 5فروری بروز پیر کو ملک بھر کے تمام بینک بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اپنی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر شیئر کیے گئے پیغام میں بتایا ہے کہ بینک دولت پاکستان ’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘کے موقع پر بند رہے گا۔

    اسٹیٹ بینک سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بینک دولت پاکستان 5 فروری 2024 حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق’’یوم یکجہتی کشمیر ‘‘کے موقع پر بند رہے گا۔

  • وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے: وزیر اعظم

    وقت آگیا ہے کہ دنیا کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، نسل کشی اور انسانیت کے خلاف جرائم کا نوٹس لے۔

    تفصیلات کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ پیغام میں کہا کہ حق خود ارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان پورےعزم و اتحاد کے ساتھ اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مودی کی جبر و تشدد پر مبنی فسطائی پالیسیاں بھی مقبوضہ جموں و کشمیر میں اہل کشمیر کی مزاحمت کی روح کچلنے میں ناکام رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ دنیا بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں، جن میں نسل کشی سمیت انسانیت کے خلاف جرائم اور آبادی کے تناسب میں تبدیلی سمیت جنگی جرائم شامل ہیں اور جو جنیوا کنونشن کی صریح خلاف ورزی ہیں، کا نوٹس لے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر میں ایک غیر جانبدارانہ استصواب رائے کا اہتمام عالمی برادری کے ذمے ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اقوام عالم پر لازم ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی حالت زار اور ہندوستانی ریاست کے ظالمانہ عسکری قبضے سے آزادی و نجات کی ان کی ناقابل اعتراض و انکار خواہش کو نظر انداز نہ کریں۔

  • دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی

    مظفرآباد: مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اور بدترین مظالم کے خلاف دنیا بھر میں آج یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، کشمیری شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یک جہتی کے لیے ریلیاں نکالی جائیں گی اور تقریبات منعقد کیے جائیں گے، اس سلسلے میں آزاد کشمیر میں بھی ریلیاں اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

    یوم یک جہتی کشمیر پر آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے، اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان خصوصی خطاب کریں گے، کوہالہ پل پر سائرن بجائے گئے اور ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔

    حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں یوم یک جہتی کشمیر ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، کشمیر روڈ سے مزار قائد تک وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی، پیپلز پارٹی کی جانب سے کشمیر کالونی میں جلسہ عام ہوگا، جس سے فریال تالپور اور دیگر رہنما خطاب کریں گے۔

    راولپنڈی ہولاڑپل پر کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، اراکین اسمبلی، اے سی کہوٹہ، سماجی کارکنان اور اسکول کے بچوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ کوئٹہ، چمن شہر میں بھی یوم یک جہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، شہر کی اہم شاہراہوں اور اہم عمارتوں پر کشمیر کے پرچم لہرا دیے گئے ہیں، ضلع بھر میں مختلف ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

    خیال رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو اور لاک ڈاؤن مسلسل 185 روز سے جاری ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بدستور معطل ہے، ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا جا چکا ہے، خواتین پر بھی تشدد کیا جا رہا ہے اور ان کے خلاف جنسی حملوں کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے۔

  • کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کا دن، اسلام آباد میں آج انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی

    کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کا دن، اسلام آباد میں آج انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی

    اسلام آباد : مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے دن آج اسلام آبادمیں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، وزیراعظم عمران خان بھی اس میں شامل ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق قابض بھارتی فوج کے ظلم کا سامنا کرتے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج اسلام آباد میں ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، وزیراعظم عمران خان ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک بنائی جانے والی اس انسانی زنجیرکاحصہ ہوں گے۔

    معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قابض بھارتی فوج کے ظلم کا شکار کشمیریوں کی یکجہتی کا اظہار کرنے کے لیے جمعہ کی سہ پہر تین بجے ایکسپریس چوک سے ڈی چوک تک انسانی زنجیر بنائی جائے گی۔

    فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان ہر محاذ پر کشمیریوں کے جائزجمہوری، قانونی حق کے لیے ڈٹ کر کھڑے ہیں، تمام طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد مظاہرے میں شرکت کریں گے۔

    مزید پڑھیں : کشمیریوں سے اظہار یکجہتی، حکومت پاکستان کا کل انسانی ہاتھوں‌ کی زنجیر بنانے کا اعلان

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں ہونے والے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو آگاہ کیا تھا اور بتایا تھا کہ مودی سرکار نے وہاں ظلم کو بربریت مچا رکھی ہے۔

    وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اُن کے سفیر کی حیثیت سے دنیا بھر میں ظلم کے خلاف آواز کو بلند کریں گے اور ہر فورم پر اس مقدمے کو پیش بھی کریں گے۔

    خیال رہے بھارتی حکومت جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد حکومت نے جمعے کشمیریوں سے اظہاریکجہتی کے دن سے منسوب کردیا ہے ، اس دن کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ریلیوں کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

    واضح رہے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا اڑسٹھ واں روزہوگیا ہے ، وادی میں مسجدیں بند ہیں، شہری دکانیں، بزنس، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ سے محروم ہیں۔

    مسلسل کرفیو نافذ کے باعث گھروں میں قید کشمیریوں کے پاس کھانا پینا ختم ہوگیا، سری نگر کے اسپتال میں ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کرفیو کی وجہ سے مریض ہسپتال نہیں پہنچ پا رہے، اب تک درجنوں بیمار افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں، ادویات کی قلت اور پابندیوں کی وجہ سے پچاس فیصد آپریشن تعطل کا شکار ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی الیمہ تیزی سے بڑھ ر ہا ہے کشمیری رہنماوں ، کشمیری نوجوان سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں جبکہ بھارتی فورسزکے مظالم کیخلاف نماز جمعہ کے بعد احتجاج کیا جائے گا۔

  • کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم سے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا، آرمی چیف

    کشمیرمیں بھارتی فوج کے مظالم سے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا، آرمی چیف

    راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے حق خود ارادیت کو دبایا نہیں جاسکتا، ریاستی بربریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کشمیر میں جاری حالیہ صورتحال  پر اپنے جاری بیان میں کہی، ارمی چیف نے دشمن کو دو ٹوک پیغام دے دیا، سپہ سالار کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم سے ان کے حق خودارادیت کو دبایا نہیں جا سکتا۔

    کشمیری اپنے سیاسی حق خودارادیت کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فورسز مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر بربریت روا رکھے ہوئے ہیں۔

    بھارتی سکیورٹی فورسز کی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ بھارتی فوج کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر سیزفائر کی مسلسل خلاف ورزیاں اور بھارتی فوج کا لائن آف کنٹرول پر عام شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔

    آرمی چیف سے امریکی قائم مقام نائب وزیرخارجہ کی ملاقات

    علاوہ ازیں آرمی چیف سے امریکی قائم مقام نائب وزیرخارجہ نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں باہمی دلچسپی اورعلاقائی سیکیورٹی سے متعلق گفتگو کی گئی۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی قائم مقام نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کوشاں اور افغانستان میں بھی دیرپا امن کا خواہاں ہے،

    خطے کے دیگرفریق بھی دیرپا امن کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں امن واستحکام کیلئے اپنا مکمل تعاون جاری رکھے گا، ملاقات میں باہمی مشاورت سے مثبت پیشرفت کو آگے بڑھانے پر بھی اتفاق کیاگیا۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 20 نوجوان شہید

    یاد رہے کہ بھارت کی دہشت گرد فوج نے مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، 24گھنٹوں کے دوران مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد اور شوپیاں میں غاضب بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران16کشمیری نوجوانوں جبکہ 4 نوجوانوں کو نماز جنازہ کے دوران فائرنگ کرکے شہید کیا۔

    بھارتی فوج کی کارروائیوں میں 300 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں سے بیشترکی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے جبکہ اس دوران 4 رہائشی مکانات کو بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج آزادی کی آواز کو دبانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے اور اب تک ہزاروں کشمیری شہید اور زخمی ہوچکے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • بھارت کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ‘ ایک شہری شہید ‘ دو بچے زخمی

    بھارت کی لائن آف کنٹرول پر فائرنگ‘ ایک شہری شہید ‘ دو بچے زخمی

    راولپنڈی: یومِ یکجہتی کشمیر پر بھارت نے اپنی فطری شقاوت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔

    پاک فوج کے شعبہ نشر و اشاعت کے مطابق بھارتی فور سز نے لائن آف کنٹرول پر واقع نیزہ پیر اور راولاکوٹ سیکٹر میں گزشتہ شب شہری آباد ی پر بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس کے نتیجے میں ایک شہری شہید ہوگیا جبکہ دو بچوں کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاک فوج کے شیردل جوانوں نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دیا اور فائرنگ کرنے والی بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔ جس کے بعد دشمن کی توپیں خاموش ہوگئیں۔

    یاد رہے کہ 28 جنوری 2018 کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد سے متصل مختلف علاقوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت تین پاکستانی شہری زخمی ہوگئے تھے۔

    اس سے قبل 18 جنوری کو بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی اور کندن پور، سیالکوٹ اور چپراڑ سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا جس کے نتیجے میں 2 خواتین شہید جبکہ 5 شہری زخمی ہوگئے تھے جبکہ اس واقعے میں 3 خواتین بھی زخمی ہوئی تھیں۔

    قبل ازیں 15 جنوری کو بھی بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کوٹلی سیکٹر پر مارٹر گولے فائر کیے تھے جس کے نتیجے میں 4 پاکستانی جوان شہید ہوگئے تھے۔اس روز بھی پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی تھی جس کے نتیجے میں 3بھارتی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • کشمیر کی ہرصورت حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعظم

    کشمیر کی ہرصورت حمایت جاری رکھیں گے: وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیرعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ بھارت نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے‘ ان کی ہر صورت سیاسی،اخلاقی اورسفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ صدر ممنون حسین کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہوناضروری ہے۔

    تفصیلات کےمطابق یوم یکجہتی کشمیرپر وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پیغام میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں آزادی کی تحریک کودبانے کے لیے بھارت بے دریغ طاقت کا استعمال کررہا ہے۔

    انہوں نے یہ بھی کہاکہ حریت قیادت کوہراساں کیا جارہا ہے جو کہ سیاسی اور سفارتی آداب کے منافی ہے۔وزیراعظم نے کہنا تھا کہ علاقائی اورعالمی امن کے لیے مسئلہ کشمیرکا فوری حل ضروری ہے۔

    وزیراعظم نے اس موقع پر عالمی برادری کو مخاطب کرکے کہا کہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے بھارت کوانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے روکا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی قراردادوں پرعمل درآمد کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    اس موقع پر صدرممنون حسین کا کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنےکشمیری بھائیوں کی بھرپورحمایت کااعادہ کرتاہے‘ کشمیریوں کےحق خودارادیت کی منصفافہ جدوجہدجاری رکھیں گے۔

    صدر ممنون حسین نے بھارتی فوج کی جانب سے جاری سنگین جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیراقوام متحدہ کی قراردادوں کےمطابق حل ہوناچاہئے۔

    آج یوم یکجہتیِ کشمیرملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے

    یاد رہےکہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضےکے خلاف اورمظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھرمیں یوم یکجہتی کشمیر آج منایاجارہا ہے۔پاکستان اور دنیاکےمختلف ممالک میں ریلیاں،احتجاج،مظاہرےاور سیمینارز ہوں گے،صبح دس بجےایک منٹ کی خاموشی اختیارکی جائےگی۔

    پاکستان اورآزاد کشمیر کوملانے والےکوہالہ پُل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائےگی۔آج کے دن کنٹرول لائن پرانسانی ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے ساتھ ساتھ اقوام متحدہ کے دفترمیں مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی اپنی ہی قراردادوں پرعملدرآمد کی یادداشت بھی پیش کی جاتی ہے۔

    یوم یکجہتی کشمیر انیس سونوے سے ہرسال پانچ فروری کوملک بھرمیں جوش وخروش سے منایا جاتا ہے،اس دن کو منانے کا مقصد بھارتی مظالم کے شکارکشمیریوں کی حمایت کا دنیا بھر میں اعلان کرنا ہے۔

    پاکستان کی اس بےلوث حمایت کو کشمیری رہنما بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں، آج کے دن پوری دنیا کے کشمیری حق خودارادیت کے لیے اقوام عالم کی جانب دیکھ رہے ہیں اورپاکستانی عوام اپنی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت لیے ان کے شانہ بشانہ ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔