Tag: kashmir indian force

  • بھارت کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرے، وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف

    بھارت کشمیر میں اپنی شکست تسلیم کرے، وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف

    لاہور : وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال کرنے کی ایک تاریخ موجود ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اقوام متحدہ کا موضوع کیوں نہیں ہے؟۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی مظالم پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائے جانے والے یوم سیاہ کے موقع پر وزیر اعظم محمد نوازشریف نے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’پاکستان اور کشمیر کا رشتہ دیرینہ اور ہمہ گیر ہے، کشمیر کو کسی بھی طرح بھارت کا داخلی مسئلہ قرار نہیں دیا جاسکتا‘‘۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ’’بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ افراد کا قتل عام کر کے انسانیت مضطرب کردی۔ پاکستان مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑا رہے گا‘‘. وزیر اعظم نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر عوام ارادہ کرلیں تو ہتھیار کا راستہ کوئی نہیں روک سکتا، بھارت مظلوموں کی آواز تو دبا سکتا ہے مگر ذہنوں پر تالے نہیں لگا سکتا‘‘،  پاکستانی حکومت اور عوام کسی کو بھی انسانیت کے مسلمہ اصول پامال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘‘۔

    میاں محمد نوازشریف نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیریوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، پاکستان آزمائش کی ہرگھڑی میں کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور اُن کے حق خودارادیت کے لیے دنیا بھر میں آواز بلند کرتا رہے گا‘‘۔

    یہ بھی پڑھیں : کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج پاکستانی یومِ سیاہ منارہے ہیں

     وزیر اعظم پاکستان نے مزید کہا کہ ’’اقوام متحدہ نے مسئلہ کشمیر میں پاکستان کو فریق مانا ہے، عالمی دنیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے اپنا کرکردار ادا کریں‘‘۔

    میاں نوازشریف نے بھارت کو یاد دلایا کہ ’’اقوام متحدہ نے کشمیر کو متنازع علاقہ قرار دیا ہے اور بھارت نے دنیا سے وعدہ کیا تھا کہ وہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے گا، مگر آج ایک سازش کے تحت کشمیر کو بھارت کا داخلی مسئلہ قرار دیا جارہا ہے جو انتہائی مضحکہ خیز ہے ‘‘۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر:  کرفیو شہداء کی تعداد47ہوگئی

    محمد نوازشریف نے کہا کہ ’’بھارت سمجھ لے کہ کشمیر میں اٹھنے والی آزادی کی آواز کو کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا، بھارت کے پاس اب ایک ہی راستہ ہے کہ وہ اب اپنی شکست تسلیم کرے اور کشمیریوں کو اُن کا حق دے‘‘۔

    وزیر اعظم نے پوری دنیا میں بسنے والے پاکستانیوں سے اپیل کی کہ وہ آج بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منائیں جبکہ پاکستان میں موجود تمام سرکاری اہلکار بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں تاکہ دنیا کو واضح پیغام دیا جاسکے‘‘۔

  • کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج پاکستانی یومِ سیاہ منارہے ہیں

    کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج پاکستانی یومِ سیاہ منارہے ہیں

    اسلام آباد: کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج پاکستانی یوم سیاہ منارہے ہیں، یوم سیاہ پر دُنیا کو کشمیریوں سے یکجہتی کا پیغام دیا جائے گا۔

    KASHMIR POST 2

    کشمیر پر انہتر برس سے قابض بھارت نے پچھلے کچھ دنوں سے وادی میں ظلم کی نئی داستان رقم کی ہے، کمانڈر بُرہان وانی کی شہادت پراٹھنے والی آوازوں کو گولیوں کی گونج میں دبانے کی کوشش کی گئی، بھارت کی وحشیانہ کارروائیوں میں پچاس کے قریب کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

    ملک بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف آج یوم سیاہ منایا جائے گا، پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ بھارت کشمیر میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کرتا آرہا ہے، بھارتی فوج کی وحشیانہ کارروائیوں سے مقبوضہ وادی لہو لہو ہے ۔

    پاکستانی آج اس عہد کے ساتھ یوم سیاہ منائیں گے کہ ان کے دل روز اول کی طرح آج بھی کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیر میں کرفیوکا11واں روز، شہداء کی تعداد47ہوگئی

    یوم سیاہ پر ملک بھر میں کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مختلف تقاریب منعقد ہونگیں جبکہ بھارت کے ظلم و جبر کے خلاف ریلیاں بھی نکالی جائیں گی۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ وادی میں مسلسل تیرھویں روز بھی کرفیو نافذ ہے اور بھارتی فورسز کی جانب سے نہتے کشمیریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کاعمل بھی جاری ہے۔