Tag: Kashmir

  • برہان وانی کے 5 ویں یوم شہادت پر دفتر خارجہ کا بیان

    برہان وانی کے 5 ویں یوم شہادت پر دفتر خارجہ کا بیان

    اسلام آباد: کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کے 5 ویں یوم شہادت پر دفتر خارجہ نے بیان میں کہا ہے کہ برہان وانی ہندوستانی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کی علامت بن کر ابھرے۔

    بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت میں شراکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، 2016 کے بعد سے سیکڑوں کشمیری بھارتی فوج کے ہاتھوں جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

    ترجمان نے کہا برہان وانی بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جدوجہد کی علامت بن کر ابھرے، ہندوستان آج تک کشمیریوں کو جدوجہد سے روکنے میں ناکام رہا ہے، عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو نئی جلا بخشنے والے شہید برہان وانی کا آج پانچواں یوم شہادت ہے، برہان وانی اور ان کے ساتھیوں کے یوم شہادت پر آج یوم مزاحمت منایا جا رہا ہے۔

    قابض بھارتی فورسز نے وادی جموں و کشمیر کو چھاؤنی بنا رکھا ہے، وادی میں آزادی کے ہیرو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آج مکمل ہڑتال کی گئی، حریت رہنماؤں کا کہنا تھا کہ برہان وانی ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

    8 جولائی 2016 وہ سیاہ ترین دن تھا، جب مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو نئی جلا بخشنے والے برہان وانی کو قابض فورسز نے شہید کیا تھا، برہان مظفر وانی ایک ہونہار طالب علم تھے، بھارتی فورسز کے مظالم نے 15 سال کی عمر میں انھیں ہتھیار اٹھانے پر مجبور کیا، انھوں نے سوشل میڈیا پر کشمیریوں کے لیے آواز اٹھائی، اور بھارتی مظالم کا پردہ چاک کیا، ان کی شہادت نے تحریک آزادی میں ایک نئی روح پھونک دی۔

  • مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی پر آسمانی بجلی گر پڑی

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی فوجی پر آسمانی بجلی گر پڑی

    پونچھ: مقبوضہ کشمیر میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بھارتی فوجی اہل کار ہلاک جب کہ دیگر 2 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر تعینات ایک فوجی اہل کار ہلاک، دو زخمی ہو گئے۔

    یہ واقعہ سرحدی ضلع پونچھ کے ساوجیاں، منڈی علاقے میں پیش آیا، بھارتی فوجیوں پر اچانک آسمانی بجلی گر پڑی، جن میں سے ایک موقع ہی پر ہلاک ہو گیا، بجلی کی زد میں آنے والے باقی فوج شدید زخمی ہوئے، جنھیں طبی امداد کے لیے فوری طور پر قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی اہل کار کی شناخت مندیپ سنگھ کے طور پر ہوئی ہے، جو 11 گڑوال ریجمنٹ سے منسلک تھا۔ جب کہ زخمی ہونے والے اہل کاروں میں 40 آر آر سے منسلک نائک دیپک چودھری اور رائفل مین رویندر کمار شامل تھے۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد بھارتی سرکار نے وادی کو ایک چھاؤنی میں بدل دیا ہے، کشمیریوں کی آزادی مکمل طور پر سلب کی جا چکی ہے، ہزاروں کشمیری نہ صرف کشمیر کی بلکہ بھارتی جیلوں میں بھی قید کیے جا چکے ہیں۔

    گزشتہ روز نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی بلائی گئی مخصوص کشمیری رہنماؤں کی اے پی سی کے موقع پر بھی وادی میں شہریوں کی نقل و حمل کو مکمل طور پر منجمد کر دیا گیا تھا۔

  • مودی کا کشمیر پر اے پی سی ڈراما ناکام، کٹھ پتلی رہنماؤں نے بھی وادی کی خصوصی حیثیت پر زبان کھول دی

    مودی کا کشمیر پر اے پی سی ڈراما ناکام، کٹھ پتلی رہنماؤں نے بھی وادی کی خصوصی حیثیت پر زبان کھول دی

    نئی دہلی: مودی کا مخصوص کشمیری رہنماؤں پر مشتمل اے پی سی کا ڈراما ساڑھے تین گھنٹے بعد ختم ہو گیا، مقبوضہ کشمیر کے نام پر دنیا کو بے وقوف بنانے کی بھارتی وزیر اعظم کی کوشش ایک بار پھر ناکام ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کشمیریوں کے خلاف ایک اور چال چلی، کشمیری رہنماؤں کے ساتھ مودی کا نئی دہلی میں آل پارٹیز کانفرنس کا ڈراما ساڑھے تین گھنٹے بعد ناکامی سے دوچار ہو گیا۔

    مودی نے بھارت نواز کشمیری لیڈرز کو شیشے میں اُتارنے کی کوشش کی، 14 جماعتوں کے رہنما اے پی سی میٹنگ میں شریک ہوئے، جب کہ کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے والے حریت رہنماؤں کو مدعو ہی نہیں کیا گیا، نیز میٹنگ کا کوئی ایجنڈا بھی نہیں تھا۔

    بھارتی ٹی وی نے خود بھانڈا پھوڑا کہ مودی نے مقبوضہ کشمیر کے مخصوص رہنماؤں سے ملاقات کی، ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ حریت رہنماؤں نے مودی کی ملاقات کو تھیٹر ڈراما قرار دے دیا، انھوں نے کہا اے پی سی سازش ہے ہم مسترد کرتے ہیں۔

    ادھر مودی سے ملاقات کے بعد بھارت نواز کشمیری رہنماؤں نے بھی میڈیا سےگفتگو میں کہا ہم نے مودی کو واضح کر دیا کہ کشمیر کی پرانی آئینی 5 اگست 2019 سے پہلے کی خصوصی حیثیت بحال کی جائے، پہلی والی خصوصی حیثیت کو بحال کرنا ہی ہوگا۔

    خیال رہے کہ نئی دہلی میں کشمیر پر آج بلائی گئی اے پی سی کے موقع پر مودی سرکار نے مقبوضہ وادی کو چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے، جگہ جگہ ناکے لگا کر انٹرنیٹ سروس بھی بند کی جا چکی ہے، ٹرین سروس معطل ہے، پوری وادی میں ہائی الرٹ ہے۔

    ادھر اس اے پی سی کے حوالے سے بھارت کے اندر سے بھی آوازیں اٹھ رہی ہیں، کانگریس رہنما چدھم برم نے مودی سرکار سے پانچ اگست کےگھناؤنی اقدام کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بینرجی نے اے پی سی پر رد عمل میں کہا کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے کی ضرورت ہی کیا تھی، پوری قوم مودی کے اس اقدام کی وجہ سے شرمندہ ہوئی۔

    کشمیری رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک بھی بھارتی حکومت پر برس پڑی ہیں، انھوں نے کہا مودی آئے دن نیا ڈراما کرتے ہیں، آج اپنی کٹھ پتلوں کو بلا کر کشمیر پر اے پی سی کا تھیٹر لگایا، یہ سال کا سب سے بڑا مذاق ہے، کیوں کہ کشمیر کے اصل وارث حریت رہنماؤں کو جیلوں میں ٹارچر کیا جا رہا ہے، ڈیتھ سیلز میں رکھا ہوا ہے، کشمیریوں کو گھروں میں یرغمال بنایا ہوا ہے۔

  • مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری

    مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی بربریت جاری

    سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران ایک کشمیری کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسزکی جارحیت جاری ہے، قابض بھارتی فورسز نے سرینگر میں ایک کشمیری کو شہید کردیا۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق کشمیری نوجوان کو نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران نشانہ بنایا گیا۔

    اس سے قبل کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ کیا اقوام متحدہ آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کر رہا ہے؟

    انہوں نے کہا تھا کہ نہتے کشمیریوں پر گولیاں برسا کر بھارتی فوج بربریت کی مثال قائم کر رہی ہے، کشمیریوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی بربریت، ظلم و جبر، قتل و غارت کا سلسلہ آج بھی جاری ہے۔

  • آزاد کشمیر کا بجٹ 22-2021 آج پیش کیا جائے گا

    آزاد کشمیر کا بجٹ 22-2021 آج پیش کیا جائے گا

    مظفر آباد: آزاد کشمیر کا مالی سال 22-2021 کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے 28 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق رواں مالی سال 22-2021 کا آزاد کشمیر کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، بجٹ کا حجم 141.4 ارب روپے متوقع ہے۔

    بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کے لیے 28 ارب روپے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے، غیر ترقیاتی اخراجات کے لیے 113.4 ارب روپے رکھے جائیں گے۔

    ذرائع کے مطابق گزشتہ مالی سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ میں 14 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، 2 ارب روپے کے فارن ایڈ منصوبے بھی شامل کیے گئے ہیں۔

    بجٹ میں ٹرانسپورٹ اینڈ کمیونیکیشن سیکٹر کے لیے 10 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

  • جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، اقوام متحدہ میں بھارت کو پاکستان کا کرارا جواب

    جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں، اقوام متحدہ میں بھارت کو پاکستان کا کرارا جواب

    نیویارک : یو این پاکستان مشن کے قونصلر سعد وڑائچ نے اقوام متحدہ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا، بھارتی مستقل مندوب کی تقریر پر دنیا کے سامنے کرارا جواب دے دیا۔

    پاکستانی قونصلرسعد وڑائچ نے اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے یہ بتانا ضروری ہے کہ جموں و کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بھارتی مندوب کو اس بات کا علم ہوگا کہ اسی ایوان میں نہتے اور مظلوم کشمیریوں کیلئے قرارداد منظور کی گئی تھی، بھارت دھوکے سے کشمیریوں کو حق خوداردیت سے محروم نہیں کرسکتا۔

    سعد وڑائچ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کشمیر پر ظالمانہ قبضہ کرکے بھی مظلوم کشمیریوں کی غیر مسلح جدوجہد آزادی کو تمام تر ریاستی مظالم کے باوجود آج تک نہیں دبا سکا۔

    علاوہ ازیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب منیراکرم نے کہا کہ عالمی تناؤ اور تنازعات بہت بڑھ چکے ہیں اس لیے کشمیر سمیت عالمی تنازعات کے حل کی طرف بہت کم پیشرفت ہوئی۔

    انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے گزشتہ سال صرف دو مرتبہ مسئلہ کشمیر پر غور کیا جبکہ کشمیر سیکیورٹی کونسل ایجنڈے پر سب سے پرانا اور حل طلب مسئلہ ہے۔

    پاکستانی مندوب منیراکرم نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا یو این قراردادوں کے مطابق منصفانہ حل چاہتا ہے، یو این سیکریٹری جنرل نے ایل اوسی سیز فائرمعاہدے پر عملدرآمد کو سراہا ہے۔

    منیراکرم کا کہنا تھا کہ بھارت کا5اگست2019 کا اقدام سلامتی کونسل کی قراردادوں کے خلاف ہے، بھارت تعمیری مذاکرات کیلئے درکار ماحول ممکن بنانے کیلئے اقدامات کرے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ بھارت 5اگست کو کشمیریوں کی مرضی کیخلاف کیا گیا یکطرفہ اقدام فوری طور پر واپس لے، سلامتی کونسل کی قراردادوں سے ہی تنازع کشمیر حل کیا جاسکتا ہے۔

    پاکستانی مندوب منیراکرم نے کہا کہ بدقسمتی سے بھارت مقبوضہ علاقوں میں جبر کی پالیسی پر قائم ہے، کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی، پاک بھارت کشیدگی سے عالمی امن کو خطرہ لاحق رہے گا۔

  • سرینگر: سانحہ چھوٹا بازار کو 30 برس مکمل

    سرینگر: سانحہ چھوٹا بازار کو 30 برس مکمل

    اسلام آباد: مقبوضہ کشمیر کے شہر سرینگر میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں رونما ہونے والا درد ناک سانحہ چھوٹا بازار کو آج 30 برس مکمل ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کے تمام صفحات بھارتی فوج کے مظالم کی وجہ سے خون سے سرخ ہیں، تاریخ کا ایسا ہی ایک آنسوؤں سے تر اور خون سے رنگین صفحہ 11 جون 1991 کا بھی ہے، جب بھارتی فورسز نے سرینگر کے علاقے چھوٹا بازار میں عوام پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

    اس واقعے میں بھارتی فوج کی فائرنگ کی زد میں آ کر عورتوں اور بچوں سمیت 32 بے گناہ کشمیری جاں بحق ہو گئے تھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اس حوالے سے خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سری نگر میں ہونے والے سانحہ چھوٹا بازار کو آج 30 برس مکمل ہو گئے لیکن سانحے کے متاثرین تیس برس بعد بھی انصاف کے منتظر ہیں۔

    ‘ کیا اقوام متحدہ آخری کشمیری کے مرنے کا انتظار کر رہا ہے؟’

    ترجمان نے کہا کہ بھارت کی طرف سے کشمیریوں کو قتل کرنے کا سلسلہ آج بھی جاری ہے، لیکن بھارتی مظالم کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبا نہیں سکتے، مطالبہ ہے کہ عالمی برادری بھارتی مظالم کا سلسلہ بند کرائے۔

    واضح رہے کہ گیارہ جون 1991 کا یہ ایک واقعہ ہے، جس میں نہتے اور معصوم کشمیریوں کو بھرے بازار میں گولیوں سے چھلنی کر دیا گیا تھا، جو سفاکیت کا منہ بولتا ثبوت ہے، گزشتہ 30 برس میں کشمیریوں نے اس طرح کے سینکڑوں واقعات کا سامنا کیا ہے، سانحہ چھوٹا بازار ہو یا سانحہ کنن پوش پورہ یا کوئی اور واقعہ یہ سب واقعات بھارت کی سفاکیت اور درندگی کا ثبوت ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیر: ہوٹل کا بل ادا نہ کر پانے پر پورا خاندان سڑک پر

    مقبوضہ کشمیر: ہوٹل کا بل ادا نہ کر پانے پر پورا خاندان سڑک پر

    سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں نئی دہلی سے آئے ہوٹل میں مقیم ایک خاندان کو پیسے نہ ہونے کے سبب ہوٹل مالک نے نکال باہر کیا، مذکورہ خاندان سڑک پر رہنے پر مجبور ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع ادھم پور میں ایک خاندان پیسے نہ ہونے کے سبب سڑک پر آگیا، یہ خاندان نئی دہلی سے یہاں پہنچ تھا اور اسکولوں میں پینٹنگ کا کام کرتے تھے۔

    تاہم لاک ڈاؤن کے دوران اسکول بند ہونے سے ان کا کام بے حد متاثر ہے، یہ خاندان گزشتہ ایک مہینہ سے ایک نجی ہوٹل میں مقیم تھا، لیکن اب معاشی بدحالی کی وجہ سے ہوٹل کے مالک نے انہیں ہوٹل سے باہر نکال دیا ہے۔

    متاثرہ خاندان کا کہنا ہے کہ وہ پچھلے ایک مہینے سے اس ہوٹل میں رہ رہے تھے لیکن اب ان کے پاس نہ کھانے پینے کے لیے پیسے ہیں اور نہ ہی ٹھہرنے کی جگہ ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل کے مالک نے انہیں ہوٹل سے نکال دیا ہے اور کہا ہے کہ اپنے رہنے کا انتظام کہیں اور کرلیں۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ایسے کئی خاندان ہیں جو کرونا وائرس اور لاک ڈاؤن کے دوران مالی بحران کا شکار ہوگئے ہیں اور شدید مشکلات سے دو چار ہیں۔

  • وزیر اعظم اور صدر مملکت کا بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار

    وزیر اعظم اور صدر مملکت کا بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور صدر مملکت عارف علوی نے بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما اشرف صحرائی کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے داعی اور حریت رہنما محمد اشرف صحرائی بھارتی قید میں 77 برس کی عمر انتقال کر گئے ہیں، وہ جموں کورٹ بلوال جیل میں اسیر تھے اور انھیں علاج معالجے کی سہولت بھی دستیاب نہیں تھی۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ٹوئٹ میں بھارتی غیر قانونی حراست میں کشمیری رہنما کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا مقبوضہ کشمیر میں بھارتی تسلط عالمی برادری کے ضمیر پر دھبہ ہے، ہم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، یو این قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔

    حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کا بھارتی جیل میں انتقال

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کی وفات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ مرحوم نے کشمیر کے حق خود ارادیت کی جدوجہد میں گراں قدر خدمات سر انجام دیں، بھارت حریت قیادت کو قید میں رکھ کر آزادی کے جذبے کو دبا نہیں سکتا۔

    حریت رہنما کی بھارتی جیل میں شہادت پر پاکستان کا ردعمل آگیا

    انھوں نے کہا بھارت کی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اشرف صحرائی کی جدوجہد کو یاد رکھا جائے گا، صدر مملکت نے جدوجہد آزادئ کشمیر کے لیے مرحوم کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، اور مطالبہ کیا کہ بھارت قید حریت قیادت اور بےگناہ کشمیریوں کو فی الفور رہا کرے۔

    صدر مملکت نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی قیادت سے مطالبہ کیا کہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے، بین الاقوامی برادری کشمیر سے متعلق اپنے وعدوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرے، دریں اثنا، صدر مملکت نے مرحوم کی درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

  • جموں: غیر قانونی شراب کے ساتھ ایک گرفتار

    جموں: غیر قانونی شراب کے ساتھ ایک گرفتار

    کشتواڑ: جموں و کشمیر کے علاقے کشتواڑ میں پولیس نے غیر قانونی شراب کے ساتھ اشرداس نامی ایک شخص کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق جموں کے ضلع کشتواڑ میں پولیس نے شراب کی 20 بوتل کے ساتھ ایک شخص کو گرفتار کر لیا، پولیس کا کہنا کہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ٹاگود میں ناکہ بندی کر کے اشرداس نامی شخص کو شراب کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا، جس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران کشتواڑ پولیس نے منشیات مخالف مہم کو تیز کرتے ہوئے 20 سے زائد افراد کو منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔

    کشتواڑ پولیس کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف ان کی مہم جاری رہے گی، یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع کشتواڑ کے شالیمار ناکے پر پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 130 گرام چرس ضبط کی تھی۔

    جنوبی کشمیر میں منشیات کے خلاف جموں و کشمیر پولیس کے جاری کریک ڈاؤن میں 16 اپریل کو 24 گھنٹوں کے دوران 6 منشیات اسمگلروں کو الگ الگ آپریشنز کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔

    پولیس نے ان منشیات اسمگلروں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد کی جس میں ہیروئن، کوڈین فاسفیٹ اور سائکوٹراپک ادویات بھی شامل تھیں۔