Tag: Kashmir

  • سری نگر: آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ، 2 کشمیری شہید

    سری نگر: آپریشن کے دوران بھارتی فوج کی فائرنگ، 2 کشمیری شہید

    سری نگر : مقبوضہ کشمیر کے علاقے سوپور میں بھارتی افواج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری جوانوں کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر میں ظالم بھارتی فورسز نے سوپور کے علاقے میں محاصرے کے دوران فائرنگ کرکے مزید دو کشمیریوں کو بے دردی سے شہید کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے دو کشمیری جوانوں کو شہید کردیا۔

    سرچ آپریشن کے دوران فورسز کی جانب سے علاقے میں گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے جب کہ علاقے میں انٹر نیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

    کشمیری میڈیا کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز ہندواڑہ میں دو نوجوانوں کی بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مظلومانہ شہادت کے بعد مختلف علاقوں میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کی جارہی ہے، ہڑتال کے باعث سڑکوں پر ٹریفک معطل ہے جبکہ نہتے اپنے حق کے لیے مظاہرے کرنے والے کشمیریوں کو روکنے کے لیے بھارتی فورسز کی بڑی تعداد موجود ہے۔


    مزید پڑھیں : مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 1 نوجوان شہید


    یاد رہے کہ چار روز قبل مقبوضہ کشمیر کے علاقے اسلام آباد میں بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا تھا۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا تھا جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی تھی۔


    مزید پڑھیں : کشمیر: برہان وانی کی برسی منانے پر پابندی، تین کشمیری شہید


    یاد رہے کہ 7 جولائی کو شہید برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں عملاً پابندی لگاتے ہوئے تین کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 1 نوجوان شہید

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 1 نوجوان شہید

    سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو شہید کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے اسلام آباد میں بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے کشمیری نوجوان کو شہید کردیا۔

    کشمیری میڈیا کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے نوجوان کی شہادت کے بعد علاقے میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، جبکہ انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی بند کردی گئی ہے۔

    کشمیری میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے جنوبی علاقوں میں ٹرین سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔

    کشمیر: برہان وانی کی برسی منانے پر پابندی، تین کشمیری شہید

    یاد رہے کہ 7 جولائی کو شہید برہان وانی کی برسی کے موقع پر بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر میں عملاً پابندی لگاتے ہوئے تین کشمیریوں کو شہید کر دیا تھا۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 5 کشمیری نوجوان شہید

    واضح رہے کہ رواں سال 22 جون کو بھارتی افواج کےاہلکاروں نے مقبوضہ کشمیر کے ضلع اسلام آباد میں فائرنگ کرکے 5 کشمیری نوجوانوں کو شہہید کردیا تھا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوگئے تھے۔

  • گورنر سندھ سے صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    گورنر سندھ سے صدر آزاد کشمیر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

    کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آزاد کشمیر کے صدر مسعود خان نے ملاقات کی، اس دوران اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے درمیان ملاقات ہوئی، ملاقات میں مسئلہ کشمیر، عوامی فلاح و بہبود اور باہمی دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔

    اس موقع پر گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا حق ہے جسےغصب نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کو مرضی کے مطابق زندگی گزارنے کا حق دینا ضروری ہے۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی، کشمیروں کے حقوق چھینے نہیں جاسکتے۔

    صدر آزاد کشمیرنےمسئلہ کشمیرکےحل کےلیے6 نکاتی ایجنڈا پیش کردیا

    دریں اثنا صدر آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت پر حکومت پاکستان اور عوام کے مشکور ہیں۔

    خیال رہے کہ رواں سال مئی میں صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان نے کہا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل میں تمام اسٹیک ہولڈرز کو مذاکرات میں شامل کیا جائے۔

    صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے پاک امریکی کانگرس سے خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے 6 نکاتی ایجنڈا بھی پیش کیا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں مسعود خان نے کہا تھا کہ بھارتی قابض افواج کی جانب سے قتل وغارت اورظلم و بربریت کے باوجود کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خودارادیت حاصل کرنے سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

  • کشمیر کمیٹی کا چیئرمین کسی کشمیری کو بنایا جائے، برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ

    کشمیر کمیٹی کا چیئرمین کسی کشمیری کو بنایا جائے، برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ

    لندن: برطانوی ارکانِ پارلیمنٹ نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین کسی کشمیری کو بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کشمیر کے معاملے پر برطانوی پارلیمان کے ارکان کا مطالبہ سامنے آ گیا ہے، لارڈ قربان اور لارڈ نذیر نے کہا ہے کہ کشمیر کی بہتر نمائندگی کے لیے ضروری ہے کہ کشمیر کمیٹی کا چیئرمین کسی کشمیری کو بنایا جائے۔

    لارڈ قربان حسین نے ماضی میں کشمیر کمیٹیوں کے عالمی سطح پر کردار کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کہا ’کشمیری چیئرمین دنیا میں کشمیر کا کیس بہتر طریقے سے پیش کر سکے گا۔‘

    لارڈ قربان کا کہنا تھا کہ ماضی میں کشمیر کمیٹی کی کارکردگی مایوس کن رہی، مسئلہ کشمیر کا عالمی سطح پر اچھے مؤثر طریقے سے پیش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ کمیٹی کا چیئرمین کشمیری ہو۔

    لارڈ نذیر احمد نے بھی کشمیر کمیٹی کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ’سابق چیئرمین کشمیر کمیٹی مولانا فضل الرحمان نے کوئی کام نہیں کیا۔‘


    مزید پڑھیں:  صدرآزاد کشمیر کو حمایت اورتعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرادی: دفترِخارجہ


    تاہم لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ چیئرمین کا انتخاب وزیرِ اعظم کے ہاتھ میں ہے، انھوں نے کہا ’چیئرمین کشمیر کمیٹی کی تعیناتی وزیرِ اعظم عمران خان کی صوابدید ہے۔‘

    برطانوی رکن پارلیمنٹ نے وزیرِ اعظم کو یو این اجلاس کے سلسلے میں بھی مشورہ دیا، کہا کہ اقوامِ متحدہ کے جنرل اسمبلی میں وزیرِ اعظم عمران خان کو شریک ہونا چاہیے۔

  • کشمیرپرسلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ ہونا سوالیہ نشان ہے‘ ملیحہ لودھی

    کشمیرپرسلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ ہونا سوالیہ نشان ہے‘ ملیحہ لودھی

    نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ یواین چارٹر کے تحت عالمی امن اورسیکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق تنازعات کے ثالثی اور ان کے حل سے متعلق سیمینار سے ملیحہ لودھی کا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیرپرسلامتی کونسل کی قراردادوں پرکئی دہائیوں سے عملدرآمد نہیں ہوا۔

    پاکستانی سفیرکا کہنا تھا کہ کشمیرپرسلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل نہ ہوناسوالیہ نشان ہے۔

    ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ یواین چارٹر کے تحت عالمی امن اورسیکیورٹی یقینی بنائی جائے، خطے میں دیرپا امن کے مقاصد میں ناکام نہیں ہونا چاہیئے۔

    مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز بچوں کو گرفتار کر رہی ہے‘ملیحہ لودھی

    یاد رہے کہ 10 جولائی کو اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض فورسز 18 سال سے کم عمر بچوں کو گرفتار اور قید کر کے تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے۔

    پاکستانی مشن اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی آواز ہے‘ ملیحہ لودھی

    واضح رہے کہ رواں سال 7 اپریل کو اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ پاکستانی مشن اقوام متحدہ میں کشمیریوں کی آواز ہے، پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیریوں کا مقدمہ اخلاقی اور قانونی بنیاد پرلڑرہا ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئی: مشعال ملک

    مقبوضہ کشمیر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئی: مشعال ملک

    سرینگر: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے پاکستان اور عالم اسلام کو کشمیری قوم کی جانب سے عید الاضحیٰ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں قربانی دینے والوں کو سزائیں دی جارہی ہیں، بھارتی فوج مسلمانوں کو قربانی سے روک رہی ہے۔

    مشعال ملک نے کہا کہ بھارتی فوج گھروں سے زبردستی جانوروں کو لے جا رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں سنت ابراہیمی کی ادائیگی پر پابندی لگا دی گئی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مذہبی تہوار منانے پر پابندی اور سزا کا کہیں تصور نہیں ملتا۔

    انہوں نے پاکستان اور عالم اسلام کو کشمیری قوم کی جانب سے عید الاضحیٰ کی مبارکباد بھی دی۔

  • بھارت کا یوم آزادی، کشمیری عوام آج یومِ سیاہ منارہے ہیں

    بھارت کا یوم آزادی، کشمیری عوام آج یومِ سیاہ منارہے ہیں

    سری نگر: بھارت کے یوم آزادی پر کشمیر پر غاصبانہ فوجی تسلط کے خلاف کشمیری عوام دنیا بھر میں یوم سیاہ منارہے ہیں ، پاکستانی عوام بھی ان سے اظہارِ یکجہتی کرنے کے لیے احتجاجی مظاہروں میں شریک ہورہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے یوم آزادی پر حریت رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال کی کال دی گئی، سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک کی جانب سے دی جانے والی اس کال پر پوری وادی میں کاروبارِ زندگی معطل ہوگیا۔ تعلیمی ادارے، کاروباری مراکز، دفاتر اور پٹرول پمپ بند رہے جبکہ سڑکوں پر بھی سناٹے کا راج رہا۔

    دوسری جانب قابض بھارتی افواج، پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے شہر سری نگر اور جموں سمیت تمام قصبوں میں بھارتی تسلط کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہرے روکنے کے لیے بھاری نفری تعینات کی اور سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔

    سری نگر کے سوناوار کرکٹ اسٹیڈیم میں بھارتی یوم آزادی کی پریڈ منعقد کی گئی تھی ، اسٹیڈیم کی جانب جانے والی سڑکوں پر ہزاروں کی تعداد میں مسلح سپاہی تعینا ت کیے گئے تھے ، جبکہ احتجاج کے لئے جمع ہونے والے مظاہرین کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی بھی کی جارہی تھی ، اس موقع پر وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔

    دریں اثنا بھارتی پولیس نے حریت رہنما محمد یاسین ملک کو گرفتار کرکے کوٹھی باغ پولیس اسٹیشن منتقل کردیا جبکہ دیگر کشمیری رہنما جن میں سید علی گیلانی، محمد اشرف صحرائی، غلام نبی سمجھی، غلام احمد گلزار، بلال صدیقی، حکیم عبدالرشید، محمد یوسف نقاش، اور دیگر کو ان کے گھروں پر نظر بند رکھا گیا۔

    مقبوضہ کشمیر کے باسیوں سے اظہار ِ یکجہتی کے لیے آزاد کشمیر کے علاقے کوٹلی میں بھی بھارتی تسلط کے خلاف ڈپٹی کمشنر آفس سے احاطہ کچہری تک ریلی نکالی گئی اور مظاہرین نے مظاہرین نے عالمی طاقتوں سے مطالبہ کیا کہ نہتےکشمیریوں پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیا جائے۔

    دوسری جانب پاکستان میں آج کا دن یومِ سیاہ کے طور پرمنایا جارہا ہے، اسلام آباد میں حریت رہنما مشال ملک کی قیادت میں چائنا چوک سے نیشنل پریس کلب تک ریلی نکالی گئی ، ریلی کے شرکاء نے علامتی دھرنا بھی دیا۔ احتجاج میں شریک بچوں نے اپنے چہروں پر بھارتی فورسز کی جانب سے استعمال کی جانے والی پیلٹ گن کے چھروں کے علامتی نشان بھی بنا رکھے تھے۔

    اس کے ساتھ دنیا کے مختلف ممالک میں رہائش پذیر کشمیریوں نے آج کا دن یومِ سیاہ کے طور پر منایا اور متعدد ممالک میں بھارتی سفارت خانوں کے سامنے مظاہرے بھی کیے گئے۔

  • قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کا تحفہ دیا: وزیراعظم آزاد کشمیر

    قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کا تحفہ دیا: وزیراعظم آزاد کشمیر

    مظفرآباد: وزیر اعظم آزاد کشمیر فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کا پرچم کشمیریوں کا قومی پرچم ہے، قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو پاکستان کا تحفہ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ان دنوں آزاد کشمیر میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر پاکستانی پرچم لینے بازار پہنچے اور سبزہلالی پرچم خرید کر شہریوں میں تقسیم کیے۔

    اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ قائد اعظم محمد علی جناں نے مسلمانوں کو ایک عظیم تحفہ دیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پرچم کشمیریوں کا قومی پرچم ہے، کشمیریوں کا پاکستان سے رشتہ اٹوٹ ہے، مقبوضہ کشمیر جلد بھارتی جارحیت سے آزاد ہوگا۔


    جشن آزادی کشمیر کی آزادی کے نام کرتے ہیں، پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط


    وزیراعظم آزاد کشمیر کا مزید کہنا تھا کہ دعا ہے اگلا جشن آزادی سرینگر میں منائیں، سرینگر میں پاکستانی پرچموں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی تحریک کو کوئی نہیں دبا سکتا۔

    خیال رہے کہ ملک میں 14 اگست قریب آتے ہیں لوگوں نے جشن آزادی کی تیاریاں شروع کردی ہیں، قومی دن کے موقع پر لوگوں نے اپنے گھروں اور محلوں کو سبز ہلالی پرچم سے سجانا شروع کردیا ہے۔

    ملک کے دیگر علاقوں کی طرح آزاد کشمیر میں بھی لوگ جشن آزادی کے لیے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں، جبکہ مختلف بازاروں میں بھی قومی پرچم، بچوں کے بیجز، ہری چوڑیا و دیگر اشیا آزادی کی مناسبت سے فروخت کی جاری ہیں۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 5 کشمیری نوجوان شہید

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ ‘ 5 کشمیری نوجوان شہید

    سری نگر: مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید اور10 کو زخمی کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فوج نےمقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا میں نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران 4 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جس کے بعد 2 روز میں شہید والوں کی تعداد 5 ہوگئی۔

    بھارتی فوج نے آپریشن کے دوران گن شپ ہیلی کاپٹربھی استعمال کیے جبکہ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا۔

    کشمیری نوجوانوں کی شہادت پراحتجاج کرنے والے شہریوں پربھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گنوں، آنسو گیس شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا گیا جس کی زد میں آکر10 افراد زخمی ہوئے۔

    مقبوضہ کشمیرمیں ایک ماہ کے دوران 21 کشمیری شہید

    خیال رہے کہ گزشتہ ماہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج نے 21 کشمیریوں کو شہید جبکہ 310 افراد کو زخمی کیا تھا۔

    مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کی فائرنگ‘ 20 نوجوان شہید

    یاد رہے کہ رواں سال 2 اپریل کو مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے سرچ آپریشن کے نام پر فائرنگ کرکے 20 کشمیری نوجوانوں کو شہید جبکہ 300 سے زائد افراد کو زخمی کردیا تھا۔

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جولائی 2016 میں حریت رہنما مظفروانی کی شہادت کے بعد سے وادی میں بھارتی فورسز کی جانب سے کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور اس دوران درجنوں کشمیری نوجوان بھارتی فورسز کی فائرنگ سے شہید ہوچکے ہیں۔

  • مسلم آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش، مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی ہڑتال

    مسلم آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی بھارتی سازش، مقبوضہ کشمیر میں دوسرے روز بھی ہڑتال

    سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلم آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی مکروہ بھارتی سازش کے خلاف وادی میں دوسرے روز بھی ہڑتال رہی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے لیے آئین میں ترمیم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے، جس کے خلاف گزشتہ روز حریت رہنماؤں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی کال دی تھی۔

    مقبوضہ جموں و کشمیر آج دوسرے روز بھی ہڑتال جاری ہے، کٹھ پتلی حکومت نے حریت قیادت کو گھروں میں نظر بند کر دیا ہے، جب کہ کشمیری جگہ جگہ احتجاج کر رہے ہیں۔

    دوسری طرف بھارتی سپریم کورٹ نے آرٹیکل 35 اے پر فیصلہ 27 اگست تک مؤخر کر دیا ہے، قانون کے تحت غیر کشمیری وادی میں جائیداد نہیں خرید سکتے۔

    مقبوضہ کشمیر: بھارتی سازش سامنے آنے پر پہیہ جام ہڑتال

    واضح رہے کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے لیے وادی میں نافذ العمل بھارتی آئین کی دفعہ 370 کی شق 35 اے میں ترمیم کرنے کے لیے پر تول رہی ہے، جس کے بعد ہندوؤں کو کشمیر منتقل کرنے کی راہ میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں رہے گی، اور ریاست جموں و کشمیر کی مسلم اکثریت اقلیت میں بدل جائے گی۔

    گزشتہ روز مختلف علاقوں میں احتجاج کرنے والے پُر امن کشمیریوں پر بھارتی فورسز نے فائر کھول دیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک کشمیری شہید ہو چکا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو  زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔