Tag: KashmirBlackDay

  • پاک فوج ایسا سبق سکھائے گی کہ مودی پوری زندگی یاد رکھے گا: شہباز شریف

    پاک فوج ایسا سبق سکھائے گی کہ مودی پوری زندگی یاد رکھے گا: شہباز شریف

    لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ مودی کے اوچھے ہتھکنڈوں پر پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، پاک فوج ایسا سبق سکھائے گی کہ مودی پوری زندگی یاد رکھے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے یوم سیاہ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرکی داستان نہتے کشمیریوں کے خون سے بھری پڑی ہے، مقبوضہ وادی کو پاکستان نے آزاد کرانا ہے، وہ دن آئے گا جب ہم نواز شریف کی قیادت میں کشمیر فتح کریں گے۔

    شہباز شریف کا کہنا تھا مودی سرکار نے ریاستی دہشت گردی کی بد ترین مثال قائم کی ہے، 27 اکتوبر 1947 کے بعد بھارت نے 5 اگست 2019 کو ایک اور وار کیا، دنیا کی تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا کہ مقبوضہ کشمیر کو جیل بنا دیا گیا، پوچھنا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر پر دنیا کا ضمیر کیوں سویا ہوا ہے۔

    تازہ ترین:  وزیر اعظم عمران خان نے آزادیٔ کشمیر کا پیڑ لگا دیا

    انھوں نے کہا مغربی دنیا کو آج مقبوضہ کشمیر کی کوئی پرواہ نہیں، آج کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ شہباز شریف وزیر اعظم پر بھی تنقید سے باز نہیں آئے کہا مودی امریکا جاتا ہے اور ٹرمپ کے ساتھ جلسہ کرتا ہے، عمران خان امریکا جا کر کہتے ہیں کہ میں جیلوں میں اے سی بند کردوں گا۔

    یوم سیاہ کے جلسے میں حکومت پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا آج معیشت کو تباہ کر دیا گیا ہے، لوگ دال روٹی سے بھی محروم ہیں، آپ ملک سے باہر صلح اور اندر لڑائی کرا کر کشمیر فتح کرنا چاہتے ہیں، حکمرانوں سے کہتا ہوں دوغلی پالیسی نہیں چل سکتی۔

    واضح رہے کہ آج جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو 72 سال مکمل ہو گئے ہیں، پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری یوم سیاہ منا رہے ہیں۔

  • انشاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں  رنگ لائیں گی، ڈی جی آئی ایس پی آر

    انشاء اللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی، ڈی جی آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : یوم شہداء کشمیر پر مسلح افواج نے شہدا کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا انشااللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی،بھارتی فوج جبر سے کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد نہیں دبا سکتی۔

    تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے یوم شہداءکشمیر کے موقع پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مسلح افواج کی جانب سے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسزکاظلم جاری ہے، انشااللہ کشمیریوں کی قربانیاں رنگ لائیں گی،بھارتی فوج جبر سے کشمیریوں کی سیاسی جدوجہد نہیں دبا سکتی اور کشمیریوں کو حق خودارادیت سے کوئی محروم نہیں کرسکتا۔

    یاد رہے مقبوضہ کشمیر میں یوم شہدا جموں آج منایا جا رہا ہے، چھ نومبر کو ڈوگرہ فوج نے لاکھوں کشمیریوں کو بدترین تشدد کر کے شہید کیا تھا۔

    اس دن ڈوگرہ فوج اور ہندو بلوائیوں نے ایک سازش کے تحت جموں کے نہتے مسلمانوں کا قتل کیا، مسلمانوں کا خون اس بے دردی سے بہایا گیا جس کی تاریخ انسانی میں مثال نہیں ملتی ۔

    یوم شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے لیے منایا جاتا ہے کہ جموں کے مسلمانوں نےقیمتی جانوں کا نذرانہ جس مقصد کے حصول کے لیے پیش کیا تھا اس مقصد کو نہ تو فراموش کیا جائے گا اور نہ ہی اس کے حصول میں آئندہ کسی بڑی سے بڑی قربانی سے دریغ کیا جائے گا۔

    چھ نومبر یوم شہداء جموں تحریک آزادی کشمیر کا سنگ میل ہے ، اس دن لاکھوں کشمیریوں نے پاکستان کی محبت ، بھارت سے وطن کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔