Tag: kashmiris Protest

  • حسن نصر اللہ کی شہادت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیل مخالف مظاہرے

    حسن نصر اللہ کی شہادت، مقبوضہ جموں و کشمیر میں اسرائیل مخالف مظاہرے

    حزب اللّٰہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سری نگر سمیت متعدد اضلاع میں مظاہرین سیاہ جھنڈے اٹھائے سڑکوں پر نکل آئے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین نے اسرائیل اور امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    اس دوران احتجاجی مظاہرین نے غزہ اور لبنان میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کا مطالبہ بھی کیا۔

    کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر واعظ عمر فاروق نے حسن نصر اللہ کو خراج عقیدت پیش کیا اور سوشل میڈیا پر ان کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ”شہید مرتے نہیں، دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔”

    واضح رہے کہ دہشت گرد ریاست اسرائیل نے غزہ کے ساتھ ساتھ لبنان میں بھی بے گناہوں کا خون بہانا شروع کردیا ہے، تازہ حملوں میں ایک ہی خاندان کے 17 افراد شہید ہوگئے۔

    رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے لبنان میں حملوں کا دائرہ بھی بڑھا دیا، جنوبی مضافاتی علاقے کولا میں اسلحے کے ڈپو کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

    اسرائیل کی شمالی وادی بیکا کے شہر زبود میں تازہ کارروائی کے دوران ایک ہی خاندان کے سترہ افراد شہید ہو گئے، چوبیس گھنٹے کے دوران اسرائیلی حملوں میں 105 لبنانی شہری شہید ہو ئے۔

    اسرائیل کے یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر فضائی حملے

    104 بچوں اور 194 خواتین سمیت شہداء کی مجموعی تعداد 1600 ہوگئی، 8408 زخمی ہیں، جبکہ 20 لاکھ لبنانی شہری بے گھر ہوچکے ہیں۔

  • کشمیریوں کا انوکھا احتجاج، سیب پر نعرے لکھ کر بھارت بھیج دئیے

    کشمیریوں کا انوکھا احتجاج، سیب پر نعرے لکھ کر بھارت بھیج دئیے

    سرینگر/نئی دہلی :مقبوضہ کشمیر کے شہر کٹھوعہ میں بھارتی ریاستی جبر کیخلاف کشمیریوں نے سیبوں پر نعرے لکھ کر بھارت بھیج دیئے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و جبر، مہینوں پر محیط جاری لاک ڈاؤن اور مکمل تاریکی کے ماحول میں مظلوم کشمیریوں نے مزاحمت کے اظہار کا نیا راستہ اختیار کرتے ہوئے سیبوں پر بھارت مخالف اور پاکستان کے حق میں نعرے لکھ کر بھارت بھیج دیئے۔

    تاجروں کو حالیہ موصول ہونیوالے سیبوں پر جو نعرے لکھے گئے تھے ان میں ہم کیا چاہتے آزادی، میری جان عمران خان، پاکستان زندہ باد، میں برہان وانی سے محبت کرتا ہوں، موسیٰ واپس آجاؤ شامل ہیں، جس نے ہلچل مچا دی ہے۔

    ایک مقامی تاجر کے مطابق جب وہ صبح فروٹ منڈی گئے اور وہاں سے سیب لے کر آئے اور لڑکوں کو دکان پر سیب لگانے کو کہا تو جب انہوں نے سیبوں کے کریٹ کھولے تو ان پر نعرے لکھے ہوئے تھے، جس کی وجہ سے فروٹ منڈی اور پورے بازار میں دہشت اور خوف کا ماحول بنا ہوا ہے، جس سے خریداروں کا رش کم ہو گیا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے رواں سال اگست میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے کے لیے آرٹیکل میں ترمیم کی جس کے بعد سے وہاں پر مسلسل کرفیو نافذ ہے، وادی میں بھارتی اقدامات کی وجہ سے مواصلات بند ہے جبکہ اشیائے خوردونوش اور ادویات کی بھی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیر : آزادی کے حق میں مظاہرہ، عمران خان کے حق میں نعرے

    مقبوضہ کشمیر : آزادی کے حق میں مظاہرہ، عمران خان کے حق میں نعرے

    سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں68 روز سے جاری کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے احتجاج کیا اور نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے، فضا آزادی کے نعروں سے گونج اٹھی، کشمیریوں نے حمایت کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکا آج 68 واں دن ہے، مسلسل کرفیو کے باعث مختلف علاقوں میں کھانے پینے کی اشیا اور دواؤں کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

    مقبوضہ وادی میں کشیدگی برقرار ہے، بھارت مخالف مظاہرے روکنے کیلئے انتظامیہ نے ہندواڑہ، کپواڑہ،سوپور سمیت متعدد علاقوں میں کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کرفیو کے باوجود کشمیریوں نے احتجاج کیا اور نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی فوج کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وزیر اعظم کی حمایت میں نعرے لگائے اورکشمیریوں نے حمایت کرنے پر عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

    اس موقع پر فضا کشمیر بنے گ اپاکستان کے نعروں سے گونج اٹھی، اس کے علاوہ پلوامہ، شوپیاں، بڈگام، گاندر بل اور دیگر مقامات پر کشمیریوں نے احتجاج کیا۔

    کئی مقامات پر کشمیریوں اور قابض بھارتی فورسز میں چھڑپیں ہوئیں ،قابض بھارتی فورسز نے کشمیریوں پر فائرنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

  • لندن : بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ

    لندن : بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیریوں کا زبردست احتجاجی مظاہرہ

    لندن/ برمنگھم : مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کیخلاف لندن میں مقیم کشمیریوں نے بھارت کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا، ریڈ فورڈ سٹی سینٹر میں بھی اوورسیز کمیونٹی بھارتی جارحیت کیخلاف سڑکوں پر نکل آئی۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی جداگانہ حیثیت کے باقاعدہ خاتمے پر دنیا بھر میں مقیم کشمیری سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ لندن میں بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے کشمیریوں نے مظاہرہ کیا۔

    مظاہرین نے بھارت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ کشمیریوں نے آزادی کے حق میں نعرے لگائے، اس کے علاوہ برمنگھم بریڈ فورڈ سٹی سینٹر میں اوورسیز کمیونٹی نے بھی بھارت کے خلاف مظاہرہ کیا۔

    مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے اور مزید فوج کی تعیناتی پر لندن میں سراپا احتجاج مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر آپریشن کرنے جا رہا ہے۔

    واضح رہے کہ بھارت نے آئین کے آرٹیکل 370 کا خاتمہ کر کے مقبوضہ کشمیر کی جداگانہ حیثیت کا خاتمہ کردیا ہے جس پر دنیا بھر کے کشمیری سراپا احتجاج ہیں۔

    برسلز میں یورپی کشمیر کونسل کے چیئرمین علی رضا نے اپنے بیان میں کہا کہ اب جموں و کشمیر کی حیثیت 1947 جیسی ہو گئی ہے، جموں و کشمیر کی جداگانہ حیثیت ختم کر کے کشمیر کا بھارت سے مشروط الحاق ختم کر دیا گیا ہے، اس لیے اقوام متحدہ اپنی امن فوجیں مقبوضہ وادی روانہ کرے۔