Tag: #KashmirWantsFreedom

  • بھارت نے اپنے عوام کو کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے بھیج دیا ہے: مشال ملک

    بھارت نے اپنے عوام کو کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے بھیج دیا ہے: مشال ملک

    اسلام آباد: کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلے فوج قابض تھی، اب بھارت نے اپنے عوام کو کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے بھیج دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک کا کہنا ہے کہ آج مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے خلاف ڈیتھ وارنٹ جاری کیا گیا، ڈیتھ وارنٹ بھارت نے کشمیری عوام کے نہیں بلکہ اپنے خلاف جاری کیا۔

    مشال ملک کا کہنا تھا کہ بھارت نے دکھا دیا وہ عالمی قوانین اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کا بڑا مخالف ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلے فوج قابض تھی، اب بھارت نے اپنے عوام کو کشمیریوں کی جائیدادوں پر قبضہ کرنے بھیج دیا ہے۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 5 اگست کے یکطرفہ ظالمانہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان میں آج یوم استحصال منایا جا رہا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری جس دور سے گزر رہے ہیں اس کا اختتام آزادی ہے، حریت رہنما سید علی گیلانی کو نشان پاکستان سے نوازیں گے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 5 اگست 2019 کو مودی نے بہت بڑی غلطی کی، اس اقدام کے بعد کشمیریوں کی آزادی قریب ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ برس نریندر مودی نے جو قدم اٹھایا وہ اسٹریٹجک بلنڈر ہے، مودی نے پاکستان کی نفرت اور ہندو کارڈ کی بنیاد پر الیکشن جیتا تھا، کشمیریوں کی جدوجہد کے نتیجے میں کشمیر آزاد ہوگا۔

  • امریکی کانگریس مین کا اپنے حلقے کے کشمیری ووٹرز سے متعلق اہم بیان

    امریکی کانگریس مین کا اپنے حلقے کے کشمیری ووٹرز سے متعلق اہم بیان

    واشنگٹن: امریکی کانگریس مین ڈیوڈ ٹرون نے مقبوضہ کشمیر پر 5 اگست کے حوالے سے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے حلقے کے لوگ کشمیر میں اپنے خاندانوں کے لیے فکر مند ہیں۔

    کانگریس مین ڈیوڈ ٹرون کا کہنا تھا کہ بھارت نے 45 ہزار اضافی فوجی کشمیر میں منتقل کیے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ، ٹیلی فون سروس معطل ہے، مقبوضہ وادی میں ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جس کی وجہ سے وادی میں 45 فی صد آبادی کو ذہنی پریشانی کا سامنا ہے۔

    ڈیوڈ ٹرون کا کہنا تھا کہ کشمیر کی صورت حال پر ان کے حلقے کے لوگوں کو مقبوضہ وادی میں ان کے خاندانوں کی فکر لاحق ہے، کرونا کی وجہ سے کشمیریوں کو ایک اور لاک ڈاؤن کا سامنا ہے، مقبوضہ کشمیر میں حفاظتی سامان اور طبی عملے کی شدید کمی ہے، انٹرنیٹ کی بندش نے بھی معلومات تک رسائی کو روک رکھا ہے، اور وادی میں رہنے والوں کا معاش اور ان کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

    میری لینڈ سے امریکی کانگریس مین ڈیوڈ ٹرون

    بھارت کا غیر قانونی اقدام، آج دنیا بھر میں ”یوم استحصال“ منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 5 اگست کے یک طرفہ ظالمانہ اور غیر قانونی بھارتی اقدام کو ایک سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر، آزاد کشمیر اور پاکستان میں آج ”یوم استحصال“ منایا جا رہا ہے، اس سلسلے میں آج پورے پاکستان میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔

    آج دنیا بھر میں مودی سرکار کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی مذمت اور مظلوم کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کیا جائے گا۔