Tag: KASHMOOR

  • کشمور سانحہ: متاثرہ بچی روبہ صحت

    کشمور سانحہ: متاثرہ بچی روبہ صحت

    کراچی: ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سانحہ کشمور کی متاثرہ معصوم بچی اب روبہ صحت ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کشمور سے تعلق رکھنے والی، قومی ادارہ صحت اطفال میں زیر علاج 4 سالہ بچی تیزی سے رو بہ صحت ہے، بچی کی چیسٹ ٹیوب بھی نکال دی گئی ہے۔

    ڈائریکٹر قومی ادارہ صحت اطفال ڈاکٹر جمال رضا کا کہنا ہے کہ بچی نے نرم غذا کا استعمال بھی شروع کر دیا ہے، ڈاکٹر مزید غذا فراہم کرنے کے لیے پلان پر عمل کر رہے ہیں۔

    انھوں نے کہا بچی اب صحت کے اعتبار اچھا محسوس کر رہی ہے، ماہرین کی ٹیم آج دوبارہ صحت کی صورت حال کا جائزہ لے گی۔

    واضح رہے کہ رواں ماہ کراچی کے جناح اسپتال میں ملازمت کرنے والی خاتون کو 40 ہزار روپے تنخواہ کی ملازمت کا جھانسہ دے کر کشمور بلایا گیا تھا، وہ اپنی 4 سالہ بچی کے ساتھ ملازمت کی غرض سے کشمور پہنچیں تو معلوم ہوا کہ وہ درندہ صفت انسانوں کی چنگل میں پھنس گئی ہیں۔

    سانحہ کشمور، اے ایس آئی کو سول ایوارڈ، ماں کو سرکاری ملازمت، بچی کو اسکالر شپ دینے کا اعلان

    بے رحم ملزمان نے خاتون اور ان کی معصوم بچی کو کئی دنوں تک زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر چند دن قبل انھوں نے خاتون کو مزید خواتین لانے کی شرط پر رہا کیا اور بچی کو اپنے پاس روک لیا، ملزمان نے خاتون کو دھمکی دی تھی کہ اگر اُس نے واقعے سے متعلق کسی کو بتایا تو وہ بچی کو قتل کر دیں گے۔

    تاہم خاتون نے رہا ہوتے ہی سیدھا کشمور تھانے کا رخ کیا، اور پولیس کو اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے متعلق آگاہ کیا، جس پر کشمور تھانے میں تعینات سندھ پولیس کے اے ایس آئی محمد بخش نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ملزمان کو پھانسنے کے لیے اپنی بیوی اور بیٹی کے ذریعے متاثرہ خاتون کے موبائل سے بات کروائی اور ایک ہوٹل پر بلوا لیا، یوں پہلا ملزم رفیق گرفتار ہوا جس کے گھر سے بچی بھی بازیاب ہوگئی۔

    اس کے بعد بلوچستان کے علاقے سوئی سے دوسرے ملزم رحمت اللہ بگٹی کو بھی گرفتار کیا گیا، تاہم اس کی فائرنگ سے رفیق ہلاک ہو گیا۔

  • رہنما پیپلز پارٹی میر شبیر بجارانی بلامقابلہ رکن سندھ اسمبلی منتخب

    رہنما پیپلز پارٹی میر شبیر بجارانی بلامقابلہ رکن سندھ اسمبلی منتخب

    کشمور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما میر شبیر بجارانی سندھ کے حلقہ پی ایس 6 سے بلامقابلہ رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق شبیر بجارانی حال میں ہی انتقال کرنے والے پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان بجارانی کے بیٹے ہیں جو کمشور کے حلقہ پی ایس 6 سے رکن منتخب ہوئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے شبیر علی بجارانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، خیال رہے کہ اس حلقے میں میر شبیر علی بجارانی کے مدمقابل واحد امیدوار کے کاغذات نامزدگی ریٹرننگ افسر نے مسترد کر دیے تھے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اگر کسی حلقے میں صرف ایک ہی امیدوار ہو تو پھر اس کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کا پبلک نوٹس جاری کر دیا جاتا ہے۔

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل سندھ کے وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی اور پیپلز پارٹی کے رہنما میر ہزار خان اور ان کی اہلیہ کی کراچی میں واقع رہائش گاہ سے لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔

    نومنتخب رکن سندھ اسمبلی میر شبیر بجارانی گذشتہ کئی مہینوں سے اپنی پارٹی سے ناراض تھے بعد ازاں انہوں نے پیپلز پارٹی کو خیرباد بھی کہہ دیا تھا، تاہم آصف علی زرداری سے حال ہی میں ہونے والی ملاقات کے بعد وہ دوبارہ پارٹی میں شامل ہوگئے۔

    قبل ازیں ستائیس جون کو پی ایس چھ سے پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنما میر ہزار خان بجارانی کے صاحبزادے میر شبیر بجارانی نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔