Tag: kashti

  • کراچی کی سڑکوں‌ پر پانی جمع، شہری کشتی لے کر آگیا

    کراچی کی سڑکوں‌ پر پانی جمع، شہری کشتی لے کر آگیا

    کراچی: برساتی پانی کا مقابلہ کرنے کے لیے کراچی کے شہری نے انوکھا قدم اٹھایا، شہری کشتی لے کر سڑک پر نکل آیا اور چپو چلانے شروع کردیے۔

    تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں بارش ہوئی تو موسم بھی خوشگوار ہوگیا اورسب کے چہرے کھل اٹھے،بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی اور بارش سے لطف اندوز ہوتی رہی۔


    Citizens run boats in rainy water in Karachi by arynews

    بارش کا پانی سڑکوں پر کھڑا ہوگیا لیکن انتظامیہ سڑکوں سے پانی نہ نکال سکی تو ایک شہری کشتی لے کر نکل آیا۔ کراچی والوں نے برساتی پانی کاتوڑ نکال لیا۔ شہری انتظامیہ تو رین ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے ایمر جنسی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہی البتہ ایک شہری نے ہنگامی صورتحال میں سفر کے لئے کشتی کا استعمال شروع کردیا۔

    چند گھنٹے کی بارش کے بعد شاہراہیں پانی پانی ہوگئیں تو بڑی بڑی گاڑیاں بند ہوگئیں۔ کوئی کارسوار مکینک کو تلاش کرتا نظر آیا تو موٹر سائیکل مکینک کی دکانوں پر بھی رش نظر آیا۔

    ایسے میں جب شہر کا شہر مفلوج تھا ایک شہری نے اپنی کشتی نکالی بچہ بٹھایا اور بارش میں خوب انجوائے کیا۔

    علاوہ ازیں شہر کے بیشتر علاقوں میں آسمان پر گہرے سیاہ بادل اب بھی چھائے ہوئے ہیں۔ جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے رات تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

     

  • ملتان: کشتی الٹنے سے دولہا سمیت سترہ افراد ڈوب کر جاں بحق

    ملتان: کشتی الٹنے سے دولہا سمیت سترہ افراد ڈوب کر جاں بحق

    ملتان: شیرشاہ بند میں دولہا دلہن کی کشتی سیلابی پانی میں الٹ گئی۔ دولہا سمیت سترہ افراد جاں بحق ہو گئے ۔امدادی کارروائیوں کے دوران ایک فوجی جوان شہید ہوگیا۔ متعدد افراد کو بچالیاگیا امدادی سرگرمیاں اب بھی جاری ہے۔

    تین روزقبل نکاح کے بندھن میں بندھنے والی دلہن کو کیا معلوم تھا کہ شادی کی خوشیوں کو سیلابی پانی کی نظر لگ جائے گی اور اس کا جیون ساتھی زاہد اس کو سفر کے آغاز پر ہی تنہا چھوڑ جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق کشتی میں دولہا دلہن سمیت بائیس سے تیس باراتی شادی کی دعوت میں شرکت کے بعد ایک مقام سے دوسرے مقام جارہے تھے کہ سیلابی پانی کے دوش پر سوار ہچکولے کھاتی کشتی اچانک دریا برد ہوگئی ۔

    کشتی میں سوار پچیس سالہ زاہد کی شادی تین روز قبل ہوئی تھی،جس کی شہنائیاں ماتم میں تبدیل ہوگئیں، زاہد کی نئی نویلی دلہن کاصدمے سے نڈھال ہے ،زاہد کےماں باپ بھی بیٹے کے غم میں مبتلاہیں ۔

    دو ننھے معصوم بچوں سمیت ڈوبنے والے افراد کی تلاش میں ریسکیو اہلکارسرگرداں ہیں ،اٹھارہ افراد کوپاک آرمی کے جوانوں کی مدد سے نکالاگیا، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ریسکیو کرنے والا پاک فوج کا صوبیدار دوسروں کو بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کرگیا ۔ پاک بحریہ اور مقامی ریسکیو کی جانب سے شیرشاہ بند پر امدادی کارروائیاں جاری ہیں ۔