Tag: KATI

  • کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک کی اہم ہدایات

    کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک کی اہم ہدایات

    کراچی: کاٹی فیکٹری ورکرز کی موٹر سائیکلوں اور بسوں سے متعلق ایس ایس پی ٹریفک نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک کورنگی علی رضا نے چیئرمین اور صدر کاٹی کو علیحدہ علیحدہ خط لکھے ہیں، جن میں کہا گیا ہے کہ کاٹی کے تحت چلنے والی فیکٹری کے ورکرز کی موٹر سائیکلوں کی حالت خراب ہے، ان کی زندگی کی حفاظت کے لیے انھیں ہدایات دی جائیں کہ وہ اپنی موٹر سائیکلیں ٹھیک کروا لیں۔

    خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ زیادہ تر اسٹاف اپنی موٹر سائیکلیں انتہائی خراب حالت میں چلاتے ہیں، ان کو درست ڈرائیونگ لائسنس، ہیلمٹ کا لازمی استعمال کروائیں، ہیڈلائٹ، ٹیل لائٹ اور انڈیکیٹرز درست حالت میں رکھنے کے ساتھ ساتھ سائیڈ مررز لگائیں اور فینسی نمبر پلیٹ لگانے سے اجتناب کریں، موٹر سائیکل پر 3 افراد بیٹھ کر سفر نہ کریں۔

    کاٹی ایس ایس پی ٹریفک

    خط میں کہا گیا ہے کہ عملہ غلط پارکنگ بھی کرتا ہے، ایک لین کی جگہ چار چار لینوں میں پارکنگ کی جاتی ہے، جس سے نہ صرف لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے بلکہ ٹریفک جام بھی ہوتا ہے اور حادثات بھی ہوتے ہیں۔

    دوسرے خط میں کہا گیا ہے کہ مزدوروں کو لانے لے جانے والی زیادہ تر بسیں اور کوسٹرز جو کنٹریکٹ کی ہیں یا کمپنی اور فیکٹری کی ملکیت ہیں، وہ انتہائی خراب حالت میں ہیں، ان گاڑیوں کی وجہ سے سڑک پر چلنے والی دیگر گاڑیاں خطرے میں پڑ سکتی ہیں۔

    خط میں ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر گاڑیوں کی حالت ٹھیک کروا لیں، گاڑی کے درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیور کے لائسنس اپڈیٹ کروائیں، گاڑیوں کی مکینیکل حالت بھی ٹھیک کروائیں، اور گاڑی کے ڈرائیور یا مالکان تعاون کریں، کیوں کہ ایک ہفتے بعد خلاف ورزی کرنے پر قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

  • پی آئی اے اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

    پی آئی اے اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

    کراچی : پی آئی اے اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے درمیان مفاہمت کی یاداشت پر دستخط ہوگئے، سی ای او پی آئی اے ایئرمارشل ارشد ملک اور کاٹی کے صدر دانش خان نے دستخط کئے۔

    ائیر مارشل ارشد ملک نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے ملاقات کی، یونائیٹڈ گروپ کے سرپرست اعلی ایس ایم منیر نے تقریب میں خصوصی شرکت کی۔

    کاٹی کے صدر دانش خان کی جانب سے خطبہ استقبالیہ میں پی آئی اے کی حالیہ کارکردگی کو سراہا گیا۔ دانش خان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے ساتھ بھر پور تعاون کیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کاٹی سے منسلک تمام صنعت کاروں کی پہلی ترجیح پی آئی اے ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ہم پی آئی اے کے ساتھ ہر ممکن تعاون کے لئے تیار ہیں۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ ہمیں کاروباری افراد کی مدد کی ضرورت ہے تا کہ ہم اپنے کارگو بزنس میں مزید اضافہ کر سکیں، اگلے چھ ماہ میں تمام بوئنگ777 طیاروں میں انٹرٹینمنٹ سسٹم فعال ہو جائے گا۔

    ایئر مارشل ارشد ملک نے مزید کہا کہ اگلے ماہ کے اندر دو مزید طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہو جائیں گے، کاروباری برادری کے ساتھ قریبی رابطے سے پی آئی اے کے بزنس کو فروغ حاصل ہوگا۔

  • چوکیوں پرحملوں کے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں، اے آئی جی کراچی

    چوکیوں پرحملوں کے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں، اے آئی جی کراچی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے کہا ہے کہ پولیس اور رینجرزکی چوکیوں پر حملوں کے پیچھے کچھ لوگوں کے سیاسی مقاصد ہو سکتے ہیں۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر کا کہنا تھا کہ کراچی میں پولیس اوررینجرزکی چوکیوں پرحملے کو بڑی دہشت گردی سے نہ جوڑا جائے، کچھ لوگوں کے سیاسی مقاصد ہوسکتے ہیں۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم کی وارداتوں میں ستر فیصد تک کمی آئی ہے، اسٹریٹ کرائم میں کمی لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

    موبائل فون اسنیچنگ روکنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کی مدد لے رہے ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ شہر میں گٹر کے پانی اورسگنلز کی خرابی سے ٹریفک جام ہوتا ہے جس سے لوٹ مار کی وارداتیں بڑھتی ہیں۔

     

  • کرپشن اسکینڈل کیس:ملزمان سے ساڑھے تئیس کروڑ روپے وصول کرلئے،ڈی جی ایف آئی اے

    کرپشن اسکینڈل کیس:ملزمان سے ساڑھے تئیس کروڑ روپے وصول کرلئے،ڈی جی ایف آئی اے

    کراچی: ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے غالب علی نے کہا ہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں اربوں روپے کرپشن کے اسکینڈل میں ملزمان سے ساڑھے تئیس کروڑ روپے وصول کر کے ٹی ڈی اے پی کو واپس کر دیئے ہیں۔

    کراچی میں کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ 35ارب کے گولڈ اسمگل کیس کے4ملزمان گرفتارکئے ہیں،مزید پیسے کی واپسی کے لئے طریقہ کار بنارہے ہیں۔

    ٹڈاپ میں اربوں کا فراڈ ہواشرم آتی ہے کہ کئی اہم شخصیات گرفتار ہوئیں اورضمانت کروالی گئی،انہوں نے کہا کہ معاشرے کو بہتر بنانے کیلئے نیکی کی قوتوں کو جمع کرنا ہوگا،بدی کی قوتیں مکمل ختم نہیں ہوسکتی، تاہم نیکی کی قوتوں کا ساتھ دینا ہے۔

    غالب علی نے کہا کہ ایف آئی اے جعلی ادویات کیخلاف خصوصی مہم چلائے گی،جبکہ سائبر کرائم کے حوالے سے قانون بن چکے ہیں جس میں سخت سزائیں ہیں تاہم قوانین ابھی اسمبلی سے پاس نہیں ہوئے ہیں۔

    ڈی جی ایف آئی اے کاکہنا تھا کہ پانچ سال میں ایف آئی اے میں کوئی بھرتی نہیں ہوئی،ایک ہفتہ میں بھرتی کا عمل مکمل ہو جائے گا،انہوں نے کہا کہ ایئرپورٹ پر تمام امیگریشن کاؤنٹر کام کریں گے۔

    صدر کاٹی راشد احمد صدیقی کاکہنا تھا کہ تاجروں کو دیئے گئے نوٹسزہراساں کی کیفیت پیدا کر رہے ہیں،شفاف طریقہ اپنانے کیلئے تاجروں کے ساتھ مشترکہ کمیٹی بنائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے کرپشن23.5کروڑ روپے ٹڈاپ کو واپس دلوائے جوذمہ دارانہ ادارتی عمل ہے۔

  • کراچی میں قیام امن کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی،آئی جی سندھ

    کراچی میں قیام امن کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی،آئی جی سندھ

    کراچی: آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ انڈسٹری (کاٹی)میں تاجروں سے ملاقات کی اورسیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا،اس موقع پر کاٹی کے تاجروں کی جانب سے آئی جی سندھ کو شیلڈ پیش کی گئی۔

    شرافی گوٹھ میں گینگ وار ملزمان کی جانب سے تاجروں کے اغواء اور ڈکیتیوں پر کورنگی ایسو سی ایشن کے تاجروں نے آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی سے اپنے تحفظات کااظہار کرتے ہوئےایس ایس پی کورنگی نذیر میربہر کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا۔

    کورنگی ایسو سی ایشن کے رہنماء میاں زاہد حسین نے کہا کہ فاروق اعوان ایس ایس پی اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ محکمہ پولیس کا فخر ہیں اللہ ان کی عمر دراز رکھے، انہوں نے کہا کہ فاروق اعوان پر حملے میں شہید ہونیوالے افراد کو پچاس ہزار روپے فی کس دیں گے۔

    آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے میڈیاکو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں امن قائم کرناہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے،شہر میں دہشت گردی اور انتہا پسندی سمیت کئی چیلنجز کا سامنا ہے۔

    سندھ حکومت اور وفاقی حکومت سے سندھ پولیس کے لئے بم پروف گاڑیاں،بلٹ پروف جیکٹ اور دیگر سازو سامان طلب کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی سمز کی وجہ سے امن و امان کے مسائل بڑھ رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی میں غیر قانونی سمز کی تعداد سات سے آٹھ ملین ہے۔

    کراچی کو اسلحہ سے پاک کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرلی ہے،کراچی میں چند ماہ کے د وران پولیس آپریشن میں تیزی آئی ہے،ٹارگٹ کلنگ بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم کی وارداتوں میں کمی ہوئی ہے۔

    آئی جی سندھ نے کہا کہ کراچی میں دھرنوں کی وجہ سے ٹریفک جام کے مسائل پیدا ہورہے ہیں،دھرنا دینے والی جماعتوں سے گذارش ہے کہ عوامی مسائل کا خیال کریں ۔

    گرومندر پر مذہبی جماعت کے دھرنے سے واقف ہیں،اعلیٰ پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ دھرنا دینے والی جماعت کی بات سنیں،دھرنا دینے والی جماعت کے جائز مطالبات مانیں گے۔