Tag: kazakhstan

  • ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے قازقستان کی حکومت گرا دی، عوام کا غصہ کم نہ ہوا

    ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے قازقستان کی حکومت گرا دی، عوام کا غصہ کم نہ ہوا

    نور سلطان: ایندھن کی بڑھتی قیمتوں نے قازقستان کی حکومت گرا دی ہے، لیکن عوام کا غصہ پھر بھی کم نہ ہوا اور احتجاج بدستور جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان حکومت کا استعفیٰ بھی احتجاج پر قابو پانے میں ناکام رہا، بدھ کے روز مظاہرین نے قازقستان کے سب سے بڑے شہر میں عوامی عمارتوں پر دھاوا بول دیا کیوں کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے پر عوامی غصے کے جواب میں حکومت کے مستعفی ہونے کے بعد سیکیورٹی فورسز کنٹرول نافذ کرنے کے لیے جدوجہد کر رہی تھیں۔

    قازقستان میں ایل پی جی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے خلاف ہونے والے پرتشدد مظاہروں کے بعد قازقستان کے صدر قاسم جومارت توقائیف نے آج بدھ کے روز اپنی حکومت کا استعفی منظور کر لیا۔

    ایک بلاگر کے انسٹاگرام لائیو اسٹریم میں الماتی شہر کے میئر کے دفتر میں آگ بھڑکتی ہوئی دکھائی دی، جس کے قریب سے گولیوں کی آوازیں سنائی دے رہی تھیں، آن لائن پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں قریبی پراسیکیوٹر کے دفتر کو بھی جلتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق مظاہرین نے سیکیورٹی فورسز کے گھیرے کو توڑ دیا تھا، تاہم بعد میں فورسز نے اسٹن گرنیڈز بھی فائر کیے جن کے دھماکوں کی آواز پورے شہر کے مرکز میں سنی گئی۔

    الماتی کے مرکزی چوک سے سینکڑوں مظاہرین کو باہر نکالنے کے لیے پولیس نے گزشتہ روز آنسو گیس اور اسٹن گرنیڈز کا استعمال کیا تھا، اور آج صدر قاسم جومارت توقائیف نے حکومت کا استعفیٰ قبول کر لیا۔

    صدارتی دفتر سے جاری بیان کے مطابق توقائیف نے علی خان اسمائلوف کو عبوری وزیر اعظم نامزد کر دیا ہے، قبل ازیں ملک کے مختلف حصوں میں ہونے والے مظاہروں کے بعد بدھ کے روز توقائیف نے 2 ہفتے کی ملک گیر ایمرجنسی نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    منگل کے روز احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب حکام نے رقیق پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت مقرر کرنے کی حد ختم کر دی، جس کے نتیجے میں ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ سامنے آیا، اپنی حکومت کے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے توقائیف نے کہا کہ 180 دن کی مدت کے لیے قیمتوں کی حد مقرر کرنے کی خاطر ایک عارضی قانون دوبارہ لایا جائے گا۔

    سرکاری حکم نامے کے مطابق ایمرجنسی کے دوران رات 11 بجے سے صبح 7 بجے تک کرفیو بھی نافذ رہے گا، نقل و حمل کو محدود کر دیا جائے گا اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد رہے گی۔

    مظاہرے اس وقت شروع ہوئے جب تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد مانغیستاو صوبے کے جانااوزن شہر میں ہزاروں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، یہ احتجاجی مظاہرے مانغیستاو کے دیگر حصوں اور مغربی قازقستان کے دیگر شہروں تک پھیل گیا ہے۔

  • قازقستان میں ’برف کے آتش فشاں‘ نے دنیا کو حیران کر دیا

    قازقستان میں ’برف کے آتش فشاں‘ نے دنیا کو حیران کر دیا

    الماتے: وسطی ایشیا کے ملک قازقستان کے شہر الماتے میں قدرتی طور پر بننے والے ’برف کے آتش فشاں‘ نے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان کے الماتے ریجن میں حیرت انگیز 45 فٹ کا ’آئس آتش فشاں‘ تعمیر ہو گیا ہے، جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں کی تعداد میں لوگ آ رہے ہیں۔

    قدرتی طور پر تشکیل پانے والے اس عجیب و غریب آئس آتش فشاں کی جھلک دیکھنے کے لیے لوگ سخت موسمی حالات میں بھی الماتے کا دورہ کر رہے ہیں۔

    زمین سے مسلسل پانی پھوٹنے کی وجہ سے مذکورہ مقام پر برف کا پھسلواں تختہ بھی بن چکا ہے، اگرچہ یہ ایریا اب سردیوں کا تعجب خیز مقام بن چکا ہے تاہم گرمیوں کے دوران یہاں ہر طرف سبزہ بھی پھیل جاتا ہے۔

    یہ منجمد ڈھانچا دراصل 45 فٹ اونچائی میں ہے اور یہ ایک زیر زمین چشمے کے اوپر تشکیل پایا ہے جس سے پانی فوارے کی طرح نکلتا تھا، اور فوراً ہی جم جاتا تھا، جس کی وجہ سے وہاں کون کے ڈیزائن میں ’برف کا آتش فشاں‘ بن گیا۔

    زیر زمین چشمے کا یہ مقام قازقستان کے دارالحکومت نور سلطان سے چار گھنٹوں کی دوری پر واقع ہے۔ گزشتہ برس بھی یہاں ایک چھوٹا سا برفیلا آتش فشاں بن گیا تھا، لیکن یہ والا زیادہ واضح ہے اور دل چسپ بات یہ ہے کہ اب بھی اس کے دہانے سے چھینٹے اڑ کر نکلتے ہیں، تو ایسا ہی لگتا ہے جیسے آتش فشاں ہو۔

    لوگ اس کی دل چسپ تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرنے لگے ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس امریکا کی ریاست مشی گن کی مشہور جھیل میں بھی ایسا ’آتش فشاں‘ بن گیا تھا۔

  • قازقستان میں 20سال بعد سزائے موت کا قانون ختم

    قازقستان میں 20سال بعد سزائے موت کا قانون ختم

    قازقستان حکومت نے بین الاقوامی قوانین کی توثیق کرتے ہوئے20سال بعد سزائے موت کے قانون کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، قازقستان کے صدر نے پارلیمانی توثیق پر دستخط کردیے جو سزائے موت کے خاتمے کی پابند ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق قازقستان پریس سروس (کے پی ایس) کے مطابق قازقستان کے صدر کسیم مارٹ ٹوکائیف نے سول اور سیاسی حقوق سے متعلق بین الاقوامی عہد نامے کے پروٹوکول کی توثیق کرنے والے ایک قانون پر دستخط کردیے ہیں جس کے بعد بین الاقوامی عہد نامے کے پروٹوکول میں سزائے موت کو ختم کرنے کے عمل کا باضابطہ آغاز کردیا کیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال ستمبر کے آخر میں دوسرے اختیاری پروٹوکول پر اقوام متحدہ میں قازقستان کے مستقل مندوب کییرت عمروف نے دستخط کیے تھے۔

    اس دستخط کے بعد یہ دستاویز قازقستان کی پارلیمنٹ میں پیش کی گئی اور اس کی 29 دسمبر کو منظوری دی گئی جس کو آج سے نافذالعمل قرار دیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سال2003سے قازقستان میں پھانسیوں کے عمل کو موقوف کردیا گیا تھا لیکن عدالتوں نے دہشت گردی کی کارروائیاں سمجھے جانے والے جرائم سمیت غیر معمولی حالات میں مجرموں کو موت کی سزا سنائی تھی۔

    قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتی میں سال 2016 میں ہنگامے کے دوران آٹھ پولیس اہلکار اور دو عام شہریوں کو ہلاک کرنے والا تنہا بندوق بردار رسولان کولیک بائیف بھی ان مجرموں میں شامل تھا جن پر عائد کیا گیا تھا کہ اگر اس عہدنامے کو ختم کیا گیا تو اسے سزائے موت سنائی جائے گی مگر اب کلیک بائیف اس کی بجائے جیل میں عمر قید کی سزا بھگتے گا۔

  • کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ نامعلوم قسم کا جان لیوا نمونیا بھی پھیلنے لگا

    کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ نامعلوم قسم کا جان لیوا نمونیا بھی پھیلنے لگا

    وسطی ایشیائی ملک قازقستان میں کرونا وائرس کے ساتھ ساتھ ایک نامعلوم قسم کا نمونیا پھیلنے لگا، پڑوسی ملک چین نے ایک اور مرض کے پھیلاؤ پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    قازقستان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 29 جون سے 5 جولائی کے درمیان ملک بھر میں نمونیا کے 32 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں جبکہ 451 مریض ہلاک ہوچکے ہیں۔

    طبی حکام نے نمونیا کے 28 ہزار سے زائد مریضوں کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ کیا جو منفی آیا۔

    دوسری جانب قازقستان میں کرونا وائرس کے بھی 53 ہزار 21 مریضوں کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 296 افراد موت کے گھاٹ اتر چکے ہیں۔

    کرونا وائرس کیسز میں اضافے کے بعد قازقستان میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کیا جاچکا ہے اور اس بار پابندیاں نہایت سخت ہیں۔

    ایک برطانوی ایکسپرٹ کا کہنا ہے کہ نمونیا کے یہ کیسز غیر تشخیص شدہ کرونا وائرس کے کیس ہوسکتے ہیں۔

    نامعلوم نمونیا کے اس پھیلاؤ سے پڑوسی ملک چین میں سخت تشویش پائی جارہی ہے۔ بیجنگ میں ہیلتھ آفیشلز کا کہنا ہے کہ قازقستان میں نامعلوم قسم کا نمونیا پھیل رہا ہے اور یہ کرونا وائرس سے زیادہ خطرناک ثابت ہورہا ہے۔

    چین کے چوٹی کے ماہر وبائی امراض وو ژون یو کا کہنا ہے کہ طبی لحاظ سے یہ نمونیا کوویڈ 19 ہی لگتا ہے، دونوں امراض کی شرح اموات تقریباً یکساں ہے۔

    ادھر قازق دارالحکومت نور سلطان میں چینی سفارتخانے نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ مذکورہ نمونیا سے اب تک 17 سو 72 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جن میں سے 628 چینی شہری تھے۔

    مذکورہ تحریری بیان میں نمونیا کو قازق نمونیا لکھا گیا تاہم بعد میں اسے بدل کر غیر کوویڈ نمونیا کردیا گیا۔

    چین نے نئے مرض کے پھیلاؤ کے حوالے سے نور سلطان میں واقع اپنے سفارتخانے کے لیے وارننگ جاری کردی ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ اس نمونیا سے ہلاکتوں کی شرح کرونا وائرس کی ہلاکتوں کی شرح سے بھی بڑھ رہی ہے۔

    قازق حکام نے ملک میں طبی ایمرجنسی کے تحت 16 سو نئے وینٹی لیٹرز اور 800 ایمبولینسز کی خریداری کا عمل شروع کردیا ہے۔

  • معمولی جھگڑے نے پورے گاؤں کو میدان جنگ بنا دیا، متعدد ہلاک

    معمولی جھگڑے نے پورے گاؤں کو میدان جنگ بنا دیا، متعدد ہلاک

    قازقستان کے ایک گاؤں میں معمولی جھگڑے نے خونریز فسادات کی شکل اختیار کرلی، ہولناک تصادم میں 8 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ متعدد گھروں کو آگ لگا دی گئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فسادات قازقستان اور کرغزستان کی سرحد پر واقع ایک گاؤں میں ہوئے۔ واقعے کا آغاز ایک معمولی جھگڑے سے ہوا جس نے پورے گاؤں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

    تقریباً 400 کے قریب افراد آپس میں اور پولیس سے متصادم ہوگئے، بعد ازاں درجنوں گھروں کو آگ لگا دی گئی۔

    موقع پر موجود چند افراد نے ویڈیوز بنا کر مختلف میسیجنگ ایپس پر شیئر کیں جو تیزی سے پھیل گئیں اور پولیس فوراً حرکت میں آئی۔ اس دوران قریبی گاؤں سے بھی کئی افراد وہاں پہنچے اور تصادم کا حصہ بنے۔

    خونریز تصادم میں اب تک 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ ان گنت زخمی ہوگئے ہیں۔ مشتعل افراد نے درجنوں گھروں، عمارتوں اور گاڑیوں کو بھی آگ لگا دی جس کے بعد مذکورہ مقام میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

    مشتعل افراد نے پولیس پر بھی حملہ کیا جبکہ کچھ افراد نے فائرنگ بھی کی جس سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، بعد ازاں نیشنل گارڈز کے دستوں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کیا۔

    قازقستان کے صدر نے معاملے کی فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے ذمہ داران، اور جھگڑے کو بڑھاوا دینے والے افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ واقعے میں متاثر ہونے والے، زخمیوں اور ہلاک افراد کے لواحقین کا بھرپور خیال رکھا جائے۔

  • قازقستان میں 100 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ، 14 ہلاک

    قازقستان میں 100 مسافروں کو لے جانے والا طیارہ گر کر تباہ، 14 ہلاک

    الماتی: قازقستان میں ایک مسافر طیارہ الماتی ایئر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا ہے، حادثے کے شکار طیارے میں 100 مسافر سوار تھے، حادثے میں 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سو مسافروں کو لے جانے والا طیارہ بک ایئر آج صبح قازقستان میں الماتی ائیر پورٹ کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، قازقستان سول ایوی ایشن کمیٹی نے حادثے میں 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے جب کہ 22 کی حالت تشویش ناک ہے۔

    رپورٹس کے مطابق بک ایئر کا طیارہ الماتی ایئر پورٹ سے اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد گر کر تباہ ہوا، حادثے کے فوراً بعد ایمرجنسی سروس کا عملہ جائے حادثہ پر پہنچا، طیارے میں زندہ بچ جانے والوں کو ریسکیو کیا جا رہا ہے۔

    طیارہ قازقستان کے سب سے بڑے شہر الماتی سے ملک کے دارالحکومت نور سلطان جا رہا تھا، الماتی ایئر پورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ طیارے میں 95 مسافر اور پانچ عملے کے ارکان سوار تھے۔

    رپورٹس کے مطابق طیارہ اڑان بھرنے کے بعد مطلوبہ بلندی حاصل نہ کر سکا اور ایک کنکریٹ بیرئیر سے ٹکراتے ہوئے ایک دو منزلہ مکان پر گر گیا۔ طیارے میں آگ نہیں لگی، جس کی وجہ سے اموات زیادہ نہ ہونے کا امکان ہے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے کی وجہ جاننے کے لیے ایک خصوصی کمیشن قائم کیا جائے گا۔

  • جتنے زیادہ بچے اتنا زیادہ معاوضہ، حکومت کا بڑا اعلان

    جتنے زیادہ بچے اتنا زیادہ معاوضہ، حکومت کا بڑا اعلان

    دنیا بھر کے ممالک آبادی کنٹرول کرنے کےلیےمختلف قوانین کا نفاذ کررہے ہیں تو کچھ ممالک نے دو سے زائد بچوں کی پیدائش پر والدین کو سرکاری ملازمت کےلیے نااہل قرار دے دیا ہے لیکن ایک ملک ایسا بھی ہے دو سے زائد بچوں کی پیدائش پر نہ صرف معاوضہ دیتا ہے بلکہ زیادہ بچے پیدا کرنے والی ماں کو میڈل سے بھی نوازتا ہے۔

    جی ہاں قازقستان کی حکومت نے ’مدر ہیروئن پروگرام‘ کے نام سے یہ منصوبہ شروع کیا ہے جس کا آغاز سنہ 1944 میں سابق سوویت یونین میں ہوا تھا اور پہلا انعام دس بچوں کی والدہ کو دیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پروگرام حاملہ اور اکیلے بچوں کی پرورش کرنے والی خواتین کی معاونت کےلیے تشکیل دیا گیا ہے۔

    قازقستان حکومت نے بچوں کی افزائش کے حسابس ے ان کی ماؤں کو میڈل سے نوازنے کا سلسلہ بھی شروع ہوا ہے، چھ بچوں کی ماں کو چاندی کا میڈل جبکہ سات یا اس سے زیادہ بچوں کی پیدائش پر سونے کا میڈل دیا جاتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب زیادہ بچوں کو جنم دینے والی خواتین کو بچوں کی عمر 21 برس ہونے تک معاوضہ فراہم کیا جاتا ہے لیکن جن خواتین نے 4 سے کم بچوں کو جنا ہوتا ہے انہیں معاوضہ نہیں دیا جاتا۔ تاہم جو خواتین 7 یا اس سے زیادہ بچوں کو جنم دیتی ہیں انہیں زندگی بھر معاوضہ فراہم کیا جاتا ہے

    ایک چھ بچوں کی والدہ نے بتایا کہ مجھے حکومت کی جانب سے ماہانہ 370 ڈالر دئیے جاتے ہیں جو میرے لیے کافی ہیں۔

  • سیاحوں پر حملے سزا عمر قید، بھالو انسانی جیل میں‌ قید

    سیاحوں پر حملے سزا عمر قید، بھالو انسانی جیل میں‌ قید

    نورسلطان : کرغزستان کی عدلیہ نے انسانوں پر حملہ کرنے کے جرم میں مادہ بھالو کو عمر قید کی سزا سناتے ہوئے جیل میں قید کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ یہ عجیب و غریب فیصلہ وسطی ایشیائی ملک کرغزستان کی انتظامیہ کی جانب سے اٹھایا گیا تھا، جہاں عدالت نے 36 سالہ مادہ بھالو کاتیا کو انسانوں کی جیل میں قید کرنے کا حکم دیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اکاتیرینا عرف کاتیا نامی بھالو نے کو انسانوں پر حملہ کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، کاتیا پر الزام تھا کہ اس نے سنہ 2004 میں ایک 11 سالہ بچے پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ کاتیا کو کھانا کھلانے کے لیے پنجرے کے قریب گیا تھا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کاتیا نے بچے کی ٹانگ پکڑلی تھی جس کے نتیجے میں بچہ شدید زخمی ہوگیا تھا اور اسے ٹانگ پر شدید زخم آئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اسی برس مادہ بھالو نے نشے میں دھت 28 سالہ شخص کو بھی حملہ کرکے زخمی کردیا تھا جو پنجرے میں ہاتھ ڈال کر کاتیا سے مصافحہ کرنے کی کوشش کررہا تھا۔

    کاتیا کے پنجرے کے باہر ’خبردار پنجرے سے دور رہیے‘ کی تحریر موجود ہے لیکن اس کے باوجود لڑکے پنجرے میں ہاتھ ڈالا تھا۔

    دو انسانوں پر حملے کے بعد انتظامیہ نے کاتیا کو کسی اور جگہ منتقل کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم کسی بھی چڑیا گھر انتطامیہ یا جنگلی جانوروں سے دیکھ بھال کرنے والے ادارے سے کاتیا کو پناہ دینے سے انکار کردیا تھا جس کے باعث انسانوں کی جیل میں 700 قیدیوں کے درمیان کاتیا کو بھی قید کرنا پڑا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ مادہ بھالو اب اس پینل کالونی کی پہچان بن چکی ہے جس کی وجہ سے انتظامیہ نے پینل کالونی میں کاتیا کا ایک مجسمہ بھی نصب کردیا ہے جبکہ قیدیوں سے ملاقات کےلیے آنے والے افراد کو بھی کاتیا سے ملاقات کرنے کی اجازت ہے۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قیدیوں کے اہل خانہ کاتیا کے لیے مختلف اقسام کے کھانے لاتے ہیں جبکہ کاتیا مسکرا پر قیدیوں کے اہلخانہ کا استقبال کرتی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ کاتیا کےلیے جیل انتظامیہ کی جانب سے خصوصی طور پر تیار کیے گئے بیرک میں رکھا گیا ہے کہ جس کے ایک حصّے میں کاتیا کے لیے پانی کا تالاب بھی بنایا گیا ہے۔

  • قازقستان کا بدقسمت شہر، جس پر نیند کے آسیب نے حملہ کر دیا تھا

    قازقستان کا بدقسمت شہر، جس پر نیند کے آسیب نے حملہ کر دیا تھا

    الماتے: قازقستان کے شہر کلاچی کو ایک پراسرار  آسیب نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، عوام ہجرت پر مجبور ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کلاچی قازقستان کے صوبے اقمولا کا ایک بدقسمت دیہات ہے، جس کی آبادی کا بڑا حصہ نیند کی پراسر بیماری میں مبتلا ہے۔

    اس علاقے کے باسی اپنی روز مرہ کی سرگرمیاں انجام دیتے ہوئے اچانک نیند کی لپیٹ میں‌ آجاتے ہیں.

    کچھ لوگ سڑک پر چلتے چلتے فٹ پاتھ پر ڈھیر ہو تے ہیں، کچھ افراد دفتر میں اچانک سو جاتے ہیں، کچھ کے ساتھ یہ پراسرار  واقعہ ڈرائیونگ کے دوران پیش آیا.

    جلد ہی اس خبر نے پورے قازقستان کو لپیٹ میں لے لیا اور اسے کسی آسیب کا اثر قرار دیا جانے لگا.

    حکومت نے عوام میں‌خوف پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر فوری اپنی ٹیمیں‌کلاچی روانہ کیں، جنھوں نے جائزہ لیا کہ یہ مرض بچوں، بوڑھوں اور جوانوں‌ پر یکساں اثر انداز ہوتا ہے.

    اس کے اثرات جانوروں‌ پر بھی دیکھے گئے. یہ بھی نوٹ کیا گیا کہ نیند سے بیدار ہونے والے افراد کچھ دیر کے لیے اپنی یادداشت سے محروم ہوجاتے ہیں.

    مزید پڑھیں: کیا نیویارک پر خلائی مخلوق نے حملہ کر دیا؟

    حکومت کی تحقیقاتی ٹیم نے علاقے کی فضا میں‌کاربن ڈائی آکسائیڈ کی بڑھاتی مقدارکے باعث انسان کو آکسیجن نہیں ملتی اور وہ نیند کی آغوش میں چلے جاتے ہیں.

    رپورٹ میں قصبے سے چند میل دور یورینیم کی کانوں کو اس کی وجہ قرار دیا گیا، مگر حیرت انگیز طور پر ان کانوں کے نزدیک موجود گاؤں میں اس طرح کا کبھی کوئی واقعہ پیش نہیں آیا.

    حکومت کی جانب سے رپورٹ جاری کرنے کے بعد اس کیس کی فائل بند کر دی گئی ہے.

  • آستانہ : نوازشریف کی نریندرمودی سے ملاقات، گرمجوشی سے مصافحہ

    آستانہ : نوازشریف کی نریندرمودی سے ملاقات، گرمجوشی سے مصافحہ

    آستانہ : شنگھائی تعاون تنظیم کے موقع پر وزیراعظم نوازشریف اور نریندرمودی نے مصافحہ کیا۔ دونوں رہنماؤں کئے درمیان خوشگوارماحول میں بات چیت ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق قازقستان کے دارالحکومت آستانہ میں جاری شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی اور وزیراعظم میاں نوازشریف کے درمیان ایک مختصرسی ملاقات ہوئی۔

    دونوں رہنماﺅں نے گرمجوشی کے ساتھ ایک دوسرے سے مصافحہ کیا اورخیریت دریافت کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق دو سے تین منٹ جاری رہنے والی اس ملاقات میں بھارتی وزیراعظم نے نوازشریف سے سوال کیا کہ آپ کا آپریشن ہوا تھا اب آپ کی طبعیت کیسی ہے؟ جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ کافی بہتر ہوں شکریہ۔

    جواباً وزیراعظم نواز شریف نے بھی مودی کی خیریت دریافت کی جبکہ دونوں رہنما مصافحہ کرتے ہوئے میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔