Tag: kazim malik

  • عمران خان کنٹینر پرچڑھنے کے بجائے چندے میں ہیر پھیر کا جواب دیں، پرویز رشید

    عمران خان کنٹینر پرچڑھنے کے بجائے چندے میں ہیر پھیر کا جواب دیں، پرویز رشید

    اسلام آباد: پرویز رشید کا کہنا ہے عمران خان بار بار کنٹینر پر چڑھنے کی بجائے چندے میں ہیر پھیر کا جواب دیں۔

    وفاقی وزیر اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران کا نوے روز میں کرپشن ختم کرنے کا وعدہ جھوٹا تھا اور اب بھی اگر عمران خان نے عوامی خدمت کے ایجنڈے پر توجہ نہ دی تو دو ہزار اٹھارہ کے انتخابات میں ان کی سیاست کا خاتمہ ہو جائے گا۔

    پرویز رشید کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان احتساب تحریک چلانے سے پہلے خیبرپختونخوا کے سابق ڈی جی احتساب کمیشن کی چارج شیٹ کا جواب دیں۔

    وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کی تحریک نہ حکومت کو نقصان پہنچا سکتی ہے اورنہ پاکستان کو کوئی نقصان پہنچا سکتی ہے تحریک میں پاکستان کے عوام شامل نہیں اگر لوگوں کو عمران خان کے الزامات پر کوئی یقین ہوتا تو وہ عمران کے کنٹینر کے منتظر نہ رہتے بلکہ کنٹینر پیچھے ہوتا اور پاکستان کے عوام آگے سڑکوں اور گلیوں میں نکل آتے۔

  • دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گا، سابق جج کاظم ملک کا پرویز رشید کو خط

    دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گا، سابق جج کاظم ملک کا پرویز رشید کو خط

    لاہور : الیکشن ٹریبونل کے سابق جج کاظم ملک نے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کو خط تحریر کیا ہے جس میں کہا گیا ہے انہوں نے متعصبانہ فیصلہ دینے کا الزام عائدکرکے نفرت انگیز تقریر کی، جس میں دھمکیاں دی گئیں۔

    کاظم ملک نے خط میں وزیر اطلاعات پرویز رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے میرے دو بیٹوں فہد رضا اور ظہیر عباس کو سول سروسز کی نوکری سے نکالنے کا کہا ہے۔

    پرویز رشید نے نفرت انگیز تقریر کے ذریعے دھمکی دی ہے جس سے ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گا، انہوں نے کہا کہ وہ اس الزام تراشی پر قانونی نوٹس بجھوائیں گے۔

    کاظم ملک نے خط میں کہا کہ بتایا جائے کہ میں نے کس تعصب کی بنا پر خواجہ آصف کے حق میں فیصلہ دیا۔ علامہ اقبال کے پوتے کی پٹیشن خارج کرکے شیخ روحیل اصغر کے حق میں فیصلہ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ میں نے بطور جج پی ٹی آئی لیڈر حامد خان کے خلاف الیکشن کمیشن کو ریفرنس بھیجا جو آپ لہک لہک کر میڈیا کے سامنے پڑھتے رہے۔

    کاظم ملک کا کہنا تھا کہ جج کا صرف فیصلہ بولتا ہے مگر جب جج کی ذات کو نشانہ بنایا جائے تو پھر جج بھی بولتا ہے۔

  • الیکشن ٹربیونل میں نئے ججز کی تعیناتی کی درخواست مسترد

    الیکشن ٹربیونل میں نئے ججز کی تعیناتی کی درخواست مسترد

    لاہور: چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے ٹریبونلز کے لیے ججز کے نام دینے کی استدعا مسترد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو درخواست دی گئی تھی کہ الیکشن ٹریبونلز کے تین ججوں کاظم ملک ، جاوید رشید محبوبی اور رانا زاہد محمود کی مدت ملازمت 31 اگست کو ختم ہورہی ہے اور الیکشن کمیشن ان تینوں ٹریبونلز کی مدت میں مزید توسیع نہیں چاہتا۔

    درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ جو مقدمات ان ٹریبونلز کے پاس زیرالتواء ہیں ان کی سماعت کے لئے لاہورہائی کورٹ کے ججز پر مشتمل ٹریبونلز تشکیل دیے جائیں۔

    چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے درخواست مسترد کرتے ہوئے قراردیا کہ قانون کے مطابق صرف ریٹائرڈ سیشن ججز ہی الیکشن ٹریبونلز میں تعینات کیے جاسکتے ہیں اس لیے الیکشن کمیشن کی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

  • جسٹس (ر) کاظم ملک نے راناثناء اللہ کے الزامات مسترد کردیئے

    جسٹس (ر) کاظم ملک نے راناثناء اللہ کے الزامات مسترد کردیئے

    لاہور : این اے ایک سوبائیس دھاندلی کیس کا فیصلہ دینے والے الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ کاظم ملک نے پنجاب کے وزیر قانون راناثناء اللہ کے الزامات مسترد کردیئے۔

    انہوں نے صوبائی وزیرقانون کو چلینج کیا کہ وہ الزامات کے ثبوت دیں، تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ کاظم ملک نے راناثناء اللہ کے الزامات کو یکسر مسترد کردیاہے۔

    وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ جسٹس کاظم اپنےبیٹے کو الیکشن میں ٹکٹ دلوانا چاہتے تھے۔

    جسٹس کاظم فیصلہ تعصب پر مبنی ہے،جسٹس کاظم کو ن لیگ سےپرانی عداوت ہے، جس کے جواب میں جسٹس کاظم ملک نے رانا ثنا ءاللہ  کے الزامات کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیتے ہوئے جواب دیا کہ رانا ثنا اللہ اُن کے بیٹے کی طرف سے دی گئی پارٹی ٹکٹ کی درخواست کی کاپی فراہم کریں۔

    انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ ثبوت دیں،سب کےسامنےمعافی مانگوں گا،انہوں نے کہا کہ تعصب کاجواب مانگنے کےلئے پرویزرشید کوخط لکھ دیاہے، جواب کا انتظار ہے۔

    جسٹس کاظم ملک نے کہا کہ کیا خواجہ آصف،دانیال عزیز،روحیل اصغر کےحق میں فیصلے راناثناء کے دباؤ پر دیئے؟؟ 30فیصلے ن لیگ کےحق میں دیئے تو ایک پر اختلاف کیوں؟

    ان خیالات کا اظہار جسٹس ریٹائرڈ کاظم  ملک نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں کیا ۔

    علاوہ ازیں الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس ریٹائرڈ کاظم ملک کے خلاف حکومتی وزراء کی سخت زبان پر ان کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔

    جسٹس ریٹائرڈ کاظم نے ملک نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر سیکیورٹی ادارے حرکت میں آئے ۔

    جسٹس کاظم علی ملک کی سکیورٹی کے لئے لاہور میں ان رہائش گاہ کے اردگرد سفید کپڑوں میں ملبوس اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں ۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انصاف کرنے والے جج صاحبان کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے یہ اقدامات کئے گئے ہیں ۔