کراچی (25 اگست 2025): شہر قائد میں کرنٹ لگنے سے 2 بھائیوں کی موت کے لیے سی ای او کے الیکٹرک اور دیگر افسران کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس نے سی ای او کے الیکٹرک اور دیگر افسران کے خلاف دو بھائیوں کی کرنٹ لگنے سے موت کے کیس میں ابتدائی رپورٹ سٹی کورٹ کے جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں جمع کرا دی۔
پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہ فیصل کالونی تھانے میں سلطان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں غفلت و لاپروائی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، اور ذمے داران میں سی ای او مونس علوی، آئی بی سی شاہ فیصل کے افسران شامل ہیں۔
کراچی: کرنٹ لگنے سے بھائیوں کی موت، بچے تڑپتے رہے کوئی نہ بچاسکا، والدہ
ابتدائی رپورٹ کے مطابق کرنٹ لگنے سے 10 سالہ سراج، اور 20 سالہ مراد جاں بحق ہوئے، سراج سودا لینے نکلا تو گلی میں کے الیکٹرک کی کیبل سے کرنٹ لگا، بھائی مراد نے سراج کو بچانے کی کوشش کی اور خود بھی کرنٹ کی زد میں آ گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اہلِ محلہ نے کوشش کر کے دونوں بھائیوں کو نکالا، تاہم سراج موقع پر جاں بحق ہو گیا، جب کہ مراد بعد میں دم توڑ گیا، کیوں کہ بارش، پانی اور ٹریفک جام کے باعث اسے بروقت اسپتال نہ پہنچایا جا سکا۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا کہناہے کہ شاہ فیصل کالونی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے کی ابتدائی تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں، حادثے میں کے الیکٹرک کا انفرا اسٹرکچر ملوث نہیں پایا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کرنٹ لیکیج جائے حادثہ کے سامنے والے گھر پر نصب لوہے کی گرل اور لوہے کے گیٹ میں کسٹمر کی میٹر پر نصب اندرونی تار سے پائی گئی۔