Tag: KE

  • کے الیکٹرک نے بجلی کا کنیکشن حاصل کرنا آسان بنا دیا

    کے الیکٹرک نے بجلی کا کنیکشن حاصل کرنا آسان بنا دیا

    کراچی: صارفین کی سہولت کے لیے کے الیکٹرک نے نئے کنیکشن کا حصول ڈیجیٹلائز کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے صارفین کو بہترین کسٹمر سروس فراہم کرنے کے لیے اپنے آپریشنز کو خود کار اور ڈیجیٹائز کرنے کے لیے نمایاں سرمایہ کاری کی ہے۔

    15 لاکھ سے زائد صارفین پہلے ہی کمپنی سے ورچوئلی رابطہ کر رہے ہیں، اب کے الیکٹرک نے نئے کنیکشنز کے حصول کا طریقہ کار ڈیجیٹلائز کر دیا ہے، یہ نیا پلیٹ فارم رہائشی، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین کو نئے کنیکشن کے لیے درخواست دائر کرنے میں آسانی اور اپنی درخواست کی ریئل ٹائم ٹریکنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔

    درخواست گزار کو اس کے کیس کے بارے میں معلومات ایس ایم ایس اور ای میل کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، ادائیگی کے لیے چالان تک رسائی بھی دستیاب ہوگی، اور منظور شدہ بینکنگ چینلز کے ذریعے ڈیجیٹل ادائیگی بھی کی جا سکے گی، 80 کلوواٹ سے زائد کے کنیکشن کی درخواست دینے والے صارفین کی معاونت کے لیے ایک نمائندہ بھی مقرر کیا جائے گا۔

    ترجمان عمران رانا کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک کمپنی کو 2030 تک اپنے صارفین کی تعداد میں 30 فی صد تک اضافے کی توقع ہے، جس کے بعد صارفین کی تعداد 50 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل کے الیکٹرک نے KE لائیو ایپ اور KE واٹس ایپ سروس بھی متعارف کرائی تھی۔

  • کے الیکٹرک بل میں میونسپل ٹیکس کی وصولی پر اعتراضات اٹھ گئے

    کے الیکٹرک بل میں میونسپل ٹیکس کی وصولی پر اعتراضات اٹھ گئے

    کراچی: کے الیکٹرک بل میں میونسپل ٹیکس کی وصولی پر عدالتی معاون نے بھی اعتراضات اٹھا دیے، سندھ ہائی کورٹ نے کے الیکٹرک بل میں کے ایم سی میونسپل ٹیکس کی وصولی کے حکم امتناع میں توسیع بھی کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں کے الیکٹرک کے بل میں کے ایم سی میونسپل ٹیکس کی وصولی کے کیس کی سماعت ہوئی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سندھ ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

    سماعت کے دوران عدالتی معاون نے بھی کے الیکٹرک بل میں میونسپل ٹیکس کی وصولی پر اعتراضات اٹھا دیے، منیر اے ملک ایڈووکیٹ نے کہا کے الیکٹرک کو ٹیکس وصولی کا کنٹریکٹ دینے کا عمل شفاف نہیں، یہ نجی ادارہ ہے جسے وفاقی ادارے ریگولیٹ کرتے ہیں، اس ادارے سے کنٹریکٹ کے لیے صوبائی کابینہ کی منظوری کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

    عدالتی معاون نے کہا کے الیکٹرک صرف انرجی واجبات پر بجلی منقطع کر سکتی ہے، میونسپل ٹیکس کے الیکٹرک کے ذریعے وصولی سے عام آدمی کو مشکلات ہوگی۔

    مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کے الیکٹرک کو کنٹریکٹ شفاف طریقے سے دیا گیا ہے، ہم عدالت کو مطمئن کریں گے کہ یہ طریقہ کار عوام کے مفاد میں ہے، مسائل حل کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، اس لیے کیس کو ترجیحی بنیادوں پر سنا جائے۔

    جسٹس ندیم اختر نے کہا سردیوں کی چھٹیوں کے بعد کیس کو سنا جائے گا، اور کسی دوسرے بینچ کو کیس منتقل نہیں کر سکتے۔ وکیل جماعت اسلامی نے عدالت میں مؤقف پیش کیا کہ کے ایم سی کے پاس خود ٹیکس وصولی کا طریقہ کار ہے اسی کو اختیار کرنا چاہیے۔ عدالت نے فریقین کا مؤقف سننے کے بعد سماعت 16 جون تک ملتوی کر دی، عدالت نے کے الیکٹرک کی جانب سے میونسپل ٹیکس وصولی کے حکم امتناع میں بھی توسیع کر دی۔

  • کے الیکٹرک کو بجلی فراہم کرنے والی دوسری ٹرانسمیشن لائن بھی بحال

    کے الیکٹرک کو بجلی فراہم کرنے والی دوسری ٹرانسمیشن لائن بھی بحال

    لاہور: این ٹی ڈی سی نے کے الیکٹرک کو بجلی فراہم کرنے والی دوسری ٹرانسمیشن لائن بھی بحال کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان این ٹی ڈی سی کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان سے 500 کے وی کے ٹو کے تھری، اور این کے آئی لائن کا کنڈکٹر متاثر ہوا تھا، دونوں لائنیں بحال کر دی گئی ہیں۔

    این ٹی ڈی سی اور کے الیکٹرک کے انجینئرز اور اسٹاف نے بحالی کاکام رات گئے تک مکمل کیا، پہلی ٹرانسمیشن لائن گزشتہ روز 2 بجے بحال کر دی گئی تھی۔

    ترجمان نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے مطابق اس وقت کے الیکٹرک کو 3 ٹرانسمیشن لائنوں سے بجلی کی ترسیل جاری ہے۔

  • کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت 20 سال بعد آخر کار ختم ہونے والی ہے

    کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت 20 سال بعد آخر کار ختم ہونے والی ہے

    اسلام آباد: کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک کے لائسنس کی مدت 20 سال بعد آخر کار ختم ہونے والی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے لائسنس کی بیس سالہ مدت ختم ہونے والی ہے، جس پر کمپنی نے ڈسٹری بیوشن لائسنس کی تجدید کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) سے رجوع کر لیا ہے۔

    کے الیکٹرک کی جانب سے نیپرا میں مزید 20 سال کے لیے ڈسٹری بیوشن لائسنس کی تجدید کی درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست کے مطابق کے الیکٹرک کے لائسنس کی 20 سالہ مدت 20 جولائی 2023 کو ختم ہو رہی ہے۔

    نیپرا سے درخواست کی گئی ہے کہ لائسنس میں مزید 20 سال 20 جولائی 2043 تک توسیع کی جائے، کے الیکٹرک نے کہا کہ وہ 34 لاکھ صارفین کو خدمات فراہم کر رہا ہے، لائسنس کی تجدید صارفین اور الیکٹرک پاور انڈسٹری کے مفاد میں ہے۔

    درخواست موصول ہونے کے بعد نیپرا نے تمام اسٹیک ہولڈرز اور شہریوں سے اس پر 14 روز میں رائے طلب کر لی ہے۔

  • کے الیکٹرک اور چینی کمپنی کے مابین اہم معاہدہ ہو گیا

    کے الیکٹرک اور چینی کمپنی کے مابین اہم معاہدہ ہو گیا

    کراچی: کے الیکٹرک اور چینی کمپنی کے درمیان 1000 میگا واٹ قابل تجدید توانائی کا معاہدہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک اور چائنا تھری گورجز کارپوریشن کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔

    ترجمان کے الیکٹرک نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت کے الیکٹرک کے نیٹ ورک میں بڑے گرڈز پر بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم لگانے کی حکمت عملی بنائی جائے گی۔

    سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ ایم او یو کراچی کے صارفین کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ہم ملکی جنریشن مکس میں صاف، پائیدار، اور سستی توانائی کا حصہ بڑھانے کے لیے پُر عزم ہیں۔

    مونس علوی نے کہا کہ ایم او یو کے مطابق آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں قابل تجدید توانائی کے منصوبے لگائے جائیں گے۔

    کراچی میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح، وزیر اعظم نے چینی بھائیوں سے بجلی کی قیمت میں کمی کی امید باندھ لی

    مونس علوی کے مطابق معاہدے کے تحت چائنا تھری گورجز کارپوریشن پاکستان میں 6 ارب مالیت سے 2.6 گیگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے گی۔

  • کے الیکٹرک صارفین کو 12 ارب سے زائد کا ریلیف ملنے کا امکان

    کے الیکٹرک صارفین کو 12 ارب سے زائد کا ریلیف ملنے کا امکان

    کراچی: کے الیکٹرک نے نیپرا کو بجلی 10 روپے 26 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کی جانب سے دسمبر 2022 کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 10 روپے 26 پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی گئی ہے۔

    نیپرا کی جانب سے کے الیکٹرک کی درخواست پر 30 جنوری کو سماعت ہوگی، اگر نیپرا کی جانب سے اس درخواست پر من و عن کمی کی گئی، تو کے الیکٹرک صارفین کو 12 ارب روپے سے زائد کا ریلیف ملے گا۔

    یاد رہے کہ آج بہ روز بدھ پی آر ایل گرڈ پر صبح 8:00 سے رات 8:00 بجے تک مینٹیننس شٹ ڈاؤن کیا جائے گا، ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ گرڈ سے منسلک صارفین کو عارضی طور پر بجلی کی فراہمی معطل کی جا سکتی ہے۔

  • کے الیکٹرک صارفین کے لیے ایک ساتھ بجلی سستی اور مہنگی ہونے کا امکان

    کے الیکٹرک صارفین کے لیے ایک ساتھ بجلی سستی اور مہنگی ہونے کا امکان

    اسلام آباد: کراچی کے صارفین کے لیے بجلی ایک ساتھ سستی اور مہنگی ہونے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک نے ایک ماہ کے لیے فی یونٹ قیمت میں 7 روپے 4 پیسے کمی کی درخواست کی ہے، دوسری طرف وفاقی حکومت نے بھی کراچی کے لیے بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کر دی ہے۔

    کے الیکٹرک نے نومبر کے ایف سی اے کی مد میں نیپرا میں درخواست دائر کی ہے، جب کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کے الیکٹرک کے لیے بجلی 3 روپے 21 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    ادھر نومبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ملک بھر میں بجلی 20 پیسے مہنگی ہونے کا امکان ہے، ایک ماہ کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست پر نیپرا میں سماعت آج ہوگی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ نومبر میں ہائیڈل سے 29 فی صد، کوئلے سے 12 فی صد بجلی پیدا کی گئی، نومبر میں آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 12.09 فی صد رہی، جوہری ایندھن سے 27.94 فی صد، گیس سے 14.21 فی صد پیداوار رہی۔

  • بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، شہری کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے پر مجبور

    بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ، شہری کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے پر مجبور

    کراچی: شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بجلی کی عدم فراہمی پر شہری سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق نارتھ کراچی میں رات گئے علاقہ مکینوں نے کے الیکٹرک آفس کے سامنے دھرنا دیا، قائد آباد، داؤد چورنگی اور ملیر معین آباد میں بھی بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر نکل آئے۔

    کراچی میں بارش کے موسم میں بھی 10 سے 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے بجلی کے ستائے شہریوں کو دھرنا دینے پر مجبور کر دیا، احتجاج کے دوران مظاہرین نے کے الیکٹرک کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    قائد آباد داؤد چورنگی کے قریب بجلی کی بندش کے خلاف مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر ٹائر جلائے اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا۔

    کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے، مظاہرین کا کہنا تھا کہ رات 11 سے صبح 5 بجے تک لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رہتا ہے، جس نے ہماری زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

    احتجاج کے دوران نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی 2،3، سیکٹر الیون سی ون، ٹو میں لوڈ شیڈنگ کی جا رہی تھی، لیاری، رامسوامی، لانڈھی، ملیر، معین آباد، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد میں بھی بجلی بند رہی۔

    کورنگی، لیاقت آباد، پاک کالونی، پی ای سی ایچ ایس، کلفٹن، ڈی ایچ اے، قیوم آباد اور بھٹائی کالونی میں بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔

  • کے الیکٹرک نے رات کو اچانک لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کر دیا

    کے الیکٹرک نے رات کو اچانک لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کر دیا

    کراچی: کے الیکٹرک نے شہر میں رات کو اچانک لوڈ شیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق شہر کراچی میں درجہ حرارت میں اضافے اور بن قاسم پاور پلانٹ 3 بند ہونے کے بعد لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔

    کے الیکٹرک نے لوڈ شیڈنگ سے مستٹنیٰ علاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ڈیڑھ گھنٹے سے بڑھا کر 2 گھنٹے کر دیا، ان علاقوں میں دو گھنٹے کی 3 بار یعنی 6 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    جن علاقوں میں رات کے وقت لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے ان میں لیاری، جیل روڈ، حیدر آباد کالونی، پرانی سبزی منڈی، لیاقت آباد ڈاکخانہ، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، اختر کالونی، محمود آباد، کشمیر کالونی، اعظم بستی، اسکیم 33 کے مختلف علاقے، کاٹھور، گلستان جوہر، رضویہ سوسائٹی، گلبہار، پاک کالونی، منگھو پیر، منظور کالونی، پہاڑ گنج، قصبہ، اورنگی، کورنگی لانڈھی، سائٹ میٹروول، نارتھ کراچی، یو پی موڑ، کلیانہ ٹاؤن، بہادر آباد طارق روڈ، احسن آباد، گلشن معمار، رزاق آباد، گلشن حدید، شاہ لطیف ٹاؤن، کیماڑی اور ماریپور شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت اور نیپرا کی ہدایت کے خلاف رات کو بلا تفریق مختلـف علاقوں میں بجلی بند کی جا رہی ہے۔

    ادھر بن قاسم کا نیا پلانٹ بند ہونے کی وجہ سے پرانے بن قاسم ون پاور پلانٹ سے صرف 250 سے 300 میگا واٹ بجلی پیداوار حاصل ہو رہی ہے۔

    ذرائع کے مطابق کے الیکٹرک کی بلنگ کی مکمل ریکوری والے علاقوں میں بھی بجلی بند کی جا رہی ہے، شہر کے مختلف علاقوں دن اور رات میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 سے 15 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔

    دوسری جانب سے حسب معمول کے الیکٹرک نے تردید کی ہے کہ شہر میں کہیں بھی اضافی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔

  • بن قاسم پاور پلانٹ بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں‌ بڑی کمی، لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع

    بن قاسم پاور پلانٹ بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں‌ بڑی کمی، لوڈ شیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع

    کراچی: بن قاسم کا نیا کمیشن ہونے والا پاور پلانٹ 3 بند ہونے سے 450 میگا واٹ بجلی کی کمی ہو گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں بن قاسم کے نئے پاور پلانٹ تھری کی بندش سے 450 میگا واٹ بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ پاور پلانٹ کے ٹربائن کی مرمت میں 2 سے 3 ماہ کا عرصہ لگ سکتا ہے، اس کے لیے پرزے بیرون ملک سے منگوائے جائیں گے۔

    بن قاسم ون پاور پلانٹ پرانا ہونے کی وجہ سے صرف 250 سے 300 میگا واٹ بجلی بنا رہا ہے۔

    کےالیکٹرک کی گیس ٹربائن غیر فعال ، 450 میگاواٹ بجلی کی فراہمی بند

    بجلی کی کمی کی وجہ سے شہر میں بدترین لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے، شہر کے مستثنیٰ علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، جہاں تین بار ڈیڑھ گھنٹے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہونے لگی ہے۔

    شہر کے دیگر مختلف علاقوں میں 10 سے 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گیس ٹربائن بند ہونے سے بجلی کی پیداوار میں کمی ہو گئی ہے، بن قاسم کے پرانے گیس سے چلنے والے 2 یونٹس سے فرنس آئل سے بجلی کی پیداوار شروع کی گئی ہے۔

    دوسری طرف ترجمان کے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں اضافی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات میں کراچی کے علاقوں کورنگی، لانڈھی، بھینس کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، اورنگی، بلدیہ، کیماڑی، لیاقت آباد، سائٹ، اولڈ سٹی ایریا، ملیر، شاہ فیصل کالونی، یوسف گوٹھ، تیسر ٹاؤن، گڈاپ، کاٹھور، اسکیم 33، رزاق آباد، گلشن حدید، شاہ لطیف ٹاؤن، ماریپور، لیاری میں لوڈ شیڈنگ دورانیے میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔