Tag: KE

  • کے الیکٹرک نے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی

    کے الیکٹرک نے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی

    کراچی: کے الیکٹرک نے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی الیکٹرک نے کمشنر کراچی اور عوامی نمائندوں کو پورے شہر میں رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔

    کراچی میں علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے سنگین ہوتے مسئلے پر بدھ کی شام کو کمشنر کراچی کے نوٹس کے بعد کمشنر ہاؤس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس بلایا گیا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی آصف خان، ڈی آئی جی ساؤتھ شرجیل کھرل، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ، ڈپٹی کمشنر کیماڑی، اور کراچی الیکٹرک کے سی ڈی او عامر ضیا نے شرکت کی۔

    اجلاس میں شہر میں بجلی کی علانیہ اور غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کے بحران پر قابو پانے کی تجاویز پیش کی گئیں، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ مسئلے کے حل کے لیے عوامی نمائندوں، اہل علاقہ اور KE کے افسران کی ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔

    کراچی میں بدترین لوڈشیڈنگ پر کےالیکٹرک کا مؤقف

    کے ای انتظامیہ کے مطابق تیل اور گیس کے بحران کی وجہ سے کراچی الیکٹرک کے 2 فیڈرز بند ہیں، جس کے باعث کراچی الیکٹرک شہر کی بجلی کی کھپت کو پورا کرنے سے قاصر ہے۔

    کے الیکٹرک نے اجلاس کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ 2 سے 3 روز میں شہر بھر کے رہائشی علاقوں سے رات کی لوڈ شیڈنگ ختم کردیں گے۔

    کمشنر کراچی اقبال میمن نے کہا بجلی کے بحران کو ہر قیمت پر حل کرنا ہوگا، شہریوں کو ان کی بنیادی سہولیات پہنچانے کے لیے کراچی انتظامیہ ہمہ وقت تیار ہے، میں وزیر اعلیٰ سند ھ کی ہدایت کی روشنی میں اس مسلئے کے حل کے لیے ہر قسم کی کوشش کروں گا۔

  • غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ جاری، کے الیکٹرک کی تردید

    غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ جاری، کے الیکٹرک کی تردید

    کراچی: شہر قائد میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ جاری ہے، دوسری طرف کے الیکٹرک نے اس کی تردید جاری کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، ملیر لیاقت اسکوئر، جناح اسکوائر، بسم اللہ چوک، کھوکھرا پار میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    بلدیہ اتحاد ٹاؤن، قائمخانی کالونی، گلشن غازی اور اطراف میں بھی بجلی غائب رہنے لگی، اے بی سینیا لائن گلشن ظہور، نصرت بھٹو کالونی، کورنگی الیاس گوٹھ میں بھی بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

    بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کے باعث شہریوں کو پانی کی کمی کا بھی سامنا ہے۔

    تاہم دوسری طرف ترجمان کے الیکٹرک نے کہا ہے کہ شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نہیں کی جا رہی، گرمی میں شدت کے باعث بجلی کی طلب میں اضافہ ہوا۔

    ترجمان نے کہا کے الیکٹرک کو اوسطاً 350 سے 400 میگا واٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے، ایندھن کی خریداری میں دشواری ہے، اور ایندھن کی فراہمی میں کمی سے پیداواری صلاحیت متاثر ہو گئی ہے۔

    کے الیکٹرک کے مطابق لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ علاقے میں نقصان کی شرح پر منحصر ہے، جب کہ لوڈ شیڈنگ کا مکمل شیڈول کے الیکٹرک کی ویب سائٹ پر موجود ہے، ترجمان نے کہا کہ لوڈ شیڈنگ سے متعلق صارفین کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جاتا ہے۔

  • مارکیٹیں جلد بند ہونے کا حکومتی اعلان ہوتے ہی نئی لوڈ شیڈنگ

    مارکیٹیں جلد بند ہونے کا حکومتی اعلان ہوتے ہی نئی لوڈ شیڈنگ

    کراچی: مارکیٹیں جلد بند ہونے کا حکومتی اعلان ہوتے ہی لوڈ شیڈنگ کا بھی نیا شیڈول جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے مارکیٹیں جلد بند کرنے کا اعلان ہوتے ہی 3 گھنٹے روزانہ لوڈ شیڈنگ کا اعلان ہو گیا ہے۔

    کراچی اور لاہور سمیت کئی شہروں میں رات میں بھی بجلی غائب رہنے لگی، جب کہ کے الیکٹرک نے مستثنٰی علاقوں میں بھی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی۔

    الیکٹرک کمپنی نے تجارتی علاقوں میں بھی بجلی کی بندش کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، پہلے ہی سے بدترین لوڈ شیڈنگ کے شکار تاجر مزید پریشان ہو گئے ہیں۔

    چوں کہ حکومت کی جانب سے اعلان کے بعد اب مارکیٹیں رات 8 بجے بند ہو جایا کریں گی، اس لیے لوڈ شیڈنگ بھی دن میں کر دی گئی ہے، جو تاجروں کے لیے مزید پریشانی کا باعث ہے۔

    عوام کو زوردار جھٹکا، بجلی کی قیمت میں بڑا اضافہ

    کے الیکٹرک کی جانب سے لوڈ شیڈنگ کے باعث گزشتہ روز پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ اندھیرے میں ڈوبے رہے۔

    ادھر ملک کے دیگر شہروں لاہور، کوئٹہ، پشاور سمیت مختلف شہروں میں بجلی کا بدترین بحران جاری ہے، شہروں میں 6 سے 8 اور دیہات میں 10 سے 12 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ہے۔

    صوبوں میں مارکیٹیں رات 8 بجے بند کرنے پر اتفاق ہوگیا

    واضح رہے کہ قومی اقتصادی کونسل اجلاس میں ملک بھر میں رات ساڑھے 8 بجے مارکیٹیں بند کرنے پر صوبوں میں اتفاق ہوگیا ہے، چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر اصولی طور پر اتفاق کیا، تاہم سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے وزراے اعلیٰ نے 2 دن کی مہلت مانگ لی ہے، تاکہ وہ اپنے اپنے صوبوں میں تجارتی و کارباری تنظیموں سے مشاورت مکمل کریں۔

  • کے الیکٹرک کے نئے پاور پلانٹ سے بجلی کی جانچ کا عمل شروع

    کے الیکٹرک کے نئے پاور پلانٹ سے بجلی کی جانچ کا عمل شروع

    کراچی: کے الیکٹرک کے نئے پاور پلانٹ سے بجلی کی جانچ کا عمل شروع ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کے نئے بن قاسم پاور پلانٹ تھری کے 450 میگا واٹ یونٹ ون کی ٹیسٹنگ کا عمل شروع کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بن قاسم پاور پلانٹ تھری کے پہلے یونٹ سے بجلی کی پیداوار کی جانچ جاری ہے، 450 میگا واٹ میں سے اب تک 300 میگا واٹ بجلی کی جانچ کی جا چکی ہے۔

    کے الیکٹرک حکام کا کہنا ہے کہ بن قاسم پاور پلانٹ تھری کی ٹیسٹنگ کا عمل جلد مکمل ہونے کا امکان ہے، تاہم نئے پاور پلانٹ سے شہر کو بجلی فراہمی کے حوالے سے حتمی تاریخ نہیں دے سکتے۔

    کے الیکٹرک نے بتایا کہ کرونا وبا کے دوران لاک ڈاؤن کی وجہ سے اس پلانٹ کو آپریشنل کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔

    حکام کے مطابق بی کیو پی ایس تھری یونٹس ون سے 450 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، 450 میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہونے سے شہر میں بجلی کی فراہمی بہتر ہو جائے گی۔

    بی کیو پی ایس تھری کے دونوں یونٹس کی پیداواری گنجائش 900 میگا واٹ ہے، لیکن بجلی کے ستائے اور لوڈ شیڈنگ سے پریشان شہریوں کے لیے یہ سوال تاحال قائم ہے کہ کیا انھیں لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات مل سکے گی؟

  • جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک ’مافیا‘ کا لائسنس کینسل کرنے کا پُر زور مطالبہ

    جماعت اسلامی کا کے الیکٹرک ’مافیا‘ کا لائسنس کینسل کرنے کا پُر زور مطالبہ

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کی پرائیویٹائزیشن ناکام عمل ہے، پھر منصوبہ بن رہا ہے کہ اس مافیا کو دوبارہ کراچی پر مسلط کیا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں اس مافیا کا لائسنس کینسل کیا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پانی و بجلی کے شدید بحران کے خلاف امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کل تمام ڈسٹرکٹس میں کے الیکٹرک کے دفاتر پر احتجاج کریں گے، اور 20 مئی کو شارع فیصل پر بہت بڑا دھرنا دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا ثابت ہو گیا ہے کہ کے الیکٹرک کی پرائیویٹائزیشن ایک ناکام عمل ہے، کراچی کے لوگوں کو اس سے بہت نقصان ہوا، اب کے الیکٹرک کا لائسنس کینسل نہ کرنے کی وجہ نہیں، کے الیکٹرک سے معاہدے میں جو بھی شامل رہے وہ سب ذمہ دار ہیں۔

    حافظ نعیم کے مطابق گورنر ہاؤس کے الیکٹرک مافیا کا سہولت کار بنا رہا، اب پھر منصوبہ بن رہا ہے کہ اس مافیا کو دوبارہ کراچی پر مسلط کیا جائے، ہم مطالبہ کرتے ہیں اس مافیا کا لائسنس کینسل کیا جائے، کراچی کے عوام بلبلاتے ہیں کہ میٹر تیز چل رہا ہے کس کے پاس جائیں۔

    امیر جماعت نے کہا جب اتنی لوڈ شیڈنگ ہوگی تو بچے کیسے پڑھیں گے، کے الیکٹرک صنعتی لوگوں سے بات چیت کر کے معاہدہ کرتا ہے، صنعت کاروں کو سمجھنا چاہیے کہ مسئلہ صرف آپ کا نہیں ہے، کے الیکٹرک نے کراچی کے لوگوں کے 42 ارب روپے کھائے ہوئے ہیں، چیئرمین نیپرا نے کہا تھا کہ ہم آپ کے پاس ایک ٹیم بھیجیں گے، لیکن اب تک کوئی ٹیم کراچی نہیں پہنچی۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ٹینکر مافیا کو بھی کھلی چھوٹ دی گئی ہے، ہمیں ٹینکر میں نہیں نلکوں میں پانی چاہیے، شہباز شریف آنسو بہاتے ہوئے آئے تھے لیکن ہمیں آنسو نہیں پانی چاہیے، ہمارا آبادی کا مسئلہ اہم ترین ہے، کتنی آبادیاں ہیں جہاں پانی آتا ہی نہیں، دریائے سندھ کے پانی میں ہمارے ایک کوٹے کا اضافہ کیا جائے۔

    حافظ نعیم نے اعلان کیا کہ ہم 29 مئی کو بہت بڑا کراچی کاررواں چلائیں گے، 20 مئی کو شارع فیصل پر بہت بڑا دھرنا دیں گے، واٹر بورڈ کے ہیڈ آفس کے سامنے بیٹھیں گے۔

  • کے الیکٹرک کو اضافی بجلی ملنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ دورانیہ کم نہ ہو سکا

    کے الیکٹرک کو اضافی بجلی ملنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ دورانیہ کم نہ ہو سکا

    کراچی: نیشنل گرڈ سے اضافی بجلی ملنے کے باوجود کے الیکٹرک شہر کی بجلی کی طلب پوری کرنے میں ناکام رہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کے الیکٹرک کو اضافی بجلی ملنے کے باوجود لوڈ شیڈنگ دورانیہ کم نہ ہو سکا، رات گئے بجلی کی غیر علانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی رات کے وقت بجلی غائب کر دی گئی۔

    کے الیکٹرک کے تمام گرڈ اسٹیشن اوور لوڈ ہو گئے، ڈیمانڈ پوری کرنے کے لیے اضافی لوڈ شیڈنگ شروع کر دی گئی، ذرائع کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کے سائٹ۔کورنگی اور بن قاسم پاور پلانٹس سے مطلوبہ بجلی پیداوار حاصل نہ ہونے سے شہر میں اضافی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے۔

    شدید گرمی میں بجلی نہ ہونے سے بالخصوص رات کے وقت شدید گرمی میں بدترین لوڈ شیڈنگ کے سلسلے سے شہری اذیت میں مبتلا ہو گئے ہیں، شہر میں لوڈ شیڈنگ سے مستثنٰی علاقوں میں بھی رات کے وقت غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، اور شہر کے مختلف علاقوں لوڈ شیڈنگ دورانیہ 10 سے 14 گھنٹے تک جا پہنچا۔

    لوڈ شیڈنگ والے علاقوں میں دن میں 4 مرتبہ ساڑھے 3 سے 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، نارتھ کراچی سر سید ٹاؤن، یو پی موڑ، سٹی ریلوے کالونی، سلطان آباد، اسکیم 33، گلستان جوہر، ملیر کینٹ، ماڈل کالونی، شاہ فیصل کالونی، میٹروول سائٹ، گلشن اقبال، گلشن معمار، گڈاپ، کاٹھور، احسن آباد کورنگی کے مختلف سیکٹر، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں لوڈ شیڈنگ جاری ہے۔

    دیگر جن علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ان میں اورنگی ٹاؤن، تیسر ٹاون، سرجانی، کیماڑی، بھینس کالونی، گارڈن، رزاق آباد سولجر بازار، لانڈھی، ابراہیم حیدری، منوڑہ مشرف کالونی، قائد آباد، الفلاح سوسائٹ، ملت ٹاؤن، معین آباد، ایئر پورٹ کے علاقے شامل ہیں۔

    دوسری طرف لیاری میں علاقہ مکینوں کے احتجاج کے بعد بجلی بحال کر دی گئی۔

  • حافظ نعیم کا مطالبہ، عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے  نیپرا کی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان

    حافظ نعیم کا مطالبہ، عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے نیپرا کی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان

    کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کے مطالبے پر نیپرا نے عید کے بعد کلا بیک کے حوالے سے اپنی ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطاب حافظ نعیم الرحمٰن نے نیپرا کی لیگل ٹیم کو کراچی کے صارفین کے کلا بیک کی مد میں 42 ارب روپے واپسی کے لیے کراچی بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا۔

    انھوں نے کہا نیپرا کی لیگل ٹیم کراچی آئے تاکہ کے الیکٹرک کا کلا بیک کے خلاف عدالتی اسٹے ختم کرنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے، جس پر چیئرمین نیپرا نے حافظ نعیم کے دلائل کی تائید کرتے ہوئے عید کے بعد نیپرا ٹیم کراچی بھیجنے کا اعلان کیا، انھوں نے کہا ہم آپ کی بات اور دلائل کی قدر کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ حافظ نعیم الرحمٰن نے کراچی کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے نیپرا کی آن لائن سماعت میں شرکت کی تھی، اس دوران انھوں نے دلائل دیے اور کہا جماعت اسلامی بڑی ذمہ داری اور تیاری کے ساتھ سماعت میں عوام کی نمائندگی کرتی ہے۔

    انھوں نے کہا کے الیکٹرک پاکستان کی مہنگی ترین بجلی بناتی ہے، کراچی کے شہری لوڈ شیڈنگ سے تنگ آ چکے ہیں، بن قاسم پلانٹ تھری بار بار اعلان کے باوجود اب تک مکمل آپریشنل نہیں ہوا، کے الیکٹرک نے اپنے معاہدے کے مطابق بجلی کی پیداوار میں اضافہ نہیں کیا، سوال یہ ہے کہ نیپرا کے پاس کے الیکٹرک کی کپیسٹی ناپنے کا کیا پیمانہ ہے؟

    انھوں نے کہا کے الیکٹرک بس نمبر فراہم کرتا ہے عملی طور پر کچھ نہیں کرتا، کے الیکٹرک کا میٹر ویریفائی کرنے کا کوئی غیر جانب دار ادارہ بھی موجود نہیں ہے، کے الیکٹرک ہر بات پر عدالت سے اسٹے آرڈر لے لیتا ہے، لیکن نیپرا کی لیگل ٹیم اسٹے آرڈرز پر کیا کردار ادا کر رہی ہے؟

    امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کلا بیک کے 42 ارب روپے صارفین کو اب تک ادا نہیں کیے گئے، جماعت اسلامی نیپرا کی لیگل ٹیم کو کراچی میں سپورٹ کرے گی۔

    انھوں نے سوالات اٹھائے کہ کیا 2023 میں کے الیکٹرک کا معاہدہ ختم ہوگا؟ کراچی والوں کی کے الیکٹرک سے جان کب چھوٹے گی؟ نیپرا نئی کمپنیوں سے رابطے کے لیے کیا کام کر رہی ہے؟

    حافظ نعیم نے کہا صنعتوں کے گیس کنکشن کاٹ دیے گئے ہیں مگر اب ان سے کہا جا رہا ہے کہ اپنی بجلی خود پیدا کر لیں، صنعتوں کو پہلے مجبور کیا گیا تھا کہ وہ کے الیکٹرک سے ہی بجلی خریدیں، کے الیکٹرک کو مزید ایک دن کے لیے بھی لائنسس نہیں جاری کرنا چاہیے۔

    انھوں نے کہا یہ کیسے ممکن ہے کہ کسی علاقے سے ریکوری کم ہو رہی ہو تو پورے علاقے کی بجلی کاٹ دی جائے، کم ریکوری پر پورے علاقے کی بجلی کاٹنا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، کے الیکٹرک کی اجارہ داری ختم کی جائے۔

  • کے الیکٹرک آفس میں شہری پر تشدد، معافی نامہ بھی لکھوا لیا

    کے الیکٹرک آفس میں شہری پر تشدد، معافی نامہ بھی لکھوا لیا

    کراچی: شہر قائد کے علاقے گلستان جوہر میں کے الیکٹرک آفس میں ایک شہری کو تشدد کا نشانہ بنا دیا گیا، آفس عملے نے شہری کو زبردستی اندر لے جا کر معافی نامہ بھی لکھوا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق رمضان کے مقدس مہینے میں بھی کراچی میں ایک طرف بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ جاری ہے، دوسری طرف شکایت درج کرانا بھی جرم بنا دیا گیا ہے، اس سلسلے میں گلستان جوہر کے ایک شہری کو بجلی کی شکایت کے لیے کے ای دفتر جانا بہت مہنگا پڑ گیا۔

    شہری نے تشدد کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے، جس میں اس پر کے ای آفس میں ہونے والے تشدد کو دیکھا جا سکتا ہے، شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ تشدد کے بعد انھیں اندر لے جایا گیا اور معافی نامہ بھی لکھوایا گیا۔

    شہری کے مطابق وہ آئی بی سی 2 گلستان جوہر میں شکایت لے کر کے الیکٹرک دفتر پہنچا تھا، لیکن شہری کو دفتر اندر جانے سے روکے جانے پر گارڈز کے ساتھ تلخ کلامی ہوئی۔

    شہری نے دعویٰ کیا ہے کہ گارڈز نے ان سے رشوت لے کر شکایت دور کرنے کا کہا تھا لیکن انھوں نے پیسے دینے سے منع کر دیا، جس پر تلخ کلامی ہوئی اور دیکھتے ہی دیکھتے سیکیورٹی گارڈز نے شہری پر تشدد شروع کر دیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہل کار تشدد کے دوران سیکیورٹی گارڈ کو دور کرتا رہا، متاثرہ شہری کو اندر لے جایا گیا تھا اور اس پر آفس کے اندر تشدد کیا گیا۔

    شہری نے کہا کہ پولیس بھی پہنچ گئی تھی اور بلیک میل کر کے مجھ سے زبردستی تحریری معافی نامہ لکھوایا گیا، میں نے اس ڈر سے معافی نامہ لکھا کہ کہیں کے الیکٹرک والے میرے گھر پر ہک کنیکشن کا بل نہ ڈال دے۔

    متاثرہ شہری نے مطالبہ کیا کہ اعلیٰ حکام اس واقعے کا نوٹس لیں تاکہ مجھ پر جرمانہ نہ لگایا جا سکے، میرے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، کے الیکٹرک حکام بھی ویڈیو دیکھ کر معاملے کی تحقیق کریں اور گارڈز کے خلاف کارروائی کی جائے۔

  • کے الیکٹرک کا عملہ بن کر 7 ڈاکو گھر میں گھس گئے، ایک ہلاک

    کے الیکٹرک کا عملہ بن کر 7 ڈاکو گھر میں گھس گئے، ایک ہلاک

    کراچی: شہر قائد کے علاقے ڈیفنس فیز 2 کے ایک بنگلے میں 7 ڈاکو کے الیکٹرک کا عملہ بن کر گھس گئے، تاہم بنگلے کے مالک کے بیٹے نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقےگزری کے قریب ڈاکوؤں نے ایک بنگلے میں داخل ہو کر واردات کرنی چاہے، پولیس کا کہنا ہے کہ سات ڈاکو خود کو کے الیکٹرک کا عملہ ظاہر کر کے داخل ہوئے تھے، لیکن بنگلے کے مالک کے بیٹے نے ان پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس حکام کے مطابق مسلح ڈاکوؤں کی جانب سے بھی فائرنگ کی گئی، اس دو طرفہ فائرنگ میں ایک ڈکیت مارا گیا جب کہ 2 زخمی ڈکیتوں سمیت 6 مسلح ملزمان نے فرار کی کوشش کی۔

    زخمی ڈاکوؤں کوگرفتار کر لیا گیا ہے، تاہم 4 ملزمان فرار ہو گئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بنگلے کے مالک کا بیٹا بھی زخمی ہوا، پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    کے الیکٹرک کا بیان

    گزری کے علاقے میں ڈاکوؤں کی خود کو کے الیکٹرک کے ملازمین ظاہر کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش کی اطلاع پر ترجمان کے الیکٹرک نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ڈکیتوں کی جانب سے کے الیکٹرک کے بھیس کو استعمال کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    ترجمان نے کہا کے الیکٹرک کا عملہ کسی صورت بلا اجازت گھر میں داخل نہیں ہوتا، عملے کی منفرد پہچان اس کا یونیفارم، بیج اور کمپنی کی جانب سے جاری کاردہ شناختی کارڈ ہے۔

    ترجمان نے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ایسے عناصر کے خلاف کارروائی میں بھرپور مدد کریں گے۔

  • کے الیکٹرک نے صارفین کو واٹس ایپ پر بھی سروس فراہم کر دی

    کے الیکٹرک نے صارفین کو واٹس ایپ پر بھی سروس فراہم کر دی

    کراچی: کے الیکٹرک نے صارفین کی سہولت کے لیے واٹس ایپ سروس بھی متعارف کر ادی۔

    تفصیلات کے مطابق کے ای کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے واٹس ایپ سروس کی شان دار سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

    کے الیکٹرک کی چیف مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکشن آفیسر سعدیہ دادا کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک واٹس ایپ استعمال کرنے والی ملک کی پہلی پاور یوٹیلٹی بن گئی ہے، کے الیکٹرک اپنے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو جدید بناتے ہوئے صارفین سے رابطہ مزید بہتر بنا رہی ہے۔

    انھوں نے کہا صارفین شکایات کے اندراج اور معلومات حاصل کرنے کے لیے اس سہولت کے ساتھ 24 گھنٹے واٹس ایپ سروس استعمال کر سکیں گے۔

    سہولت کے استعمال کے لیے کے الیکٹرک کے صارفین اپنے بل پر موجود 13 ہندسوں کے اکاؤنٹ نمبر کو 92348000018+ پر ارسال کر کے رجسٹریشن حاصل کریں۔

    صارفین بلنگ کی شکایات، بل کی نقل، انکم ٹیکس سرٹیفکیٹ، نئے کنکشن کے فارم اور متعلقہ دستاویزات حاصل کر سکیں گے۔

    صارفین کے الیکٹرک کے کال سینٹر 118، ایس ایم ایس سروس 8119 کے ای لائیو ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

    واضح رہے کہ متبادل ڈیلیوری چینلز کے ذریعے مالی سال 20-21 میں کے الیکٹرک کو 4.7 ارب روپے بلوں کی ادائیگی کی گئی۔