Tag: keamari

  • گٹکا ماوا بنانے والی بڑی فیکٹری پکڑی گئی

    گٹکا ماوا بنانے والی بڑی فیکٹری پکڑی گئی

    کراچی: کیماڑی کے جزیرے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گٹکا ماوا بنانے والی بڑی فیکٹری پکڑی لی۔

    تفصیلات کے مطابق کیماڑی کے جزیرے میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر بنائی گئی فیکٹری کے اندر بھاری مقدار میں گٹکا اور ماوا برآمد ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں موجود سامان تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ کارروائی کے لیے پولیس اس جزیرے تک کشتی میں پہنچی تھی۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے ماوا بنا کر کراچی کے مختلف علاقوں میں سپلائی کیا جاتا تھا، ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جزیرے سے فرار ہو گئے۔

    https://urdu.arynews.tv/karachi-international-mail-office-narcotic-pills-seized/

    دوسری جانب کراچی کے علاقے پاک کالونی میں پولیس کے آپریشن کے دوران گٹکا اور ماوا بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی تھی، ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس کے آپریشن کے دوران علاقے کی ناکہ بندی کی گئی اور مخصوص گھروں کی تلاشی بھی لی گئی تھی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری سے بڑی مقداد میں چھالیہ برآمد ہوئی، آپریشن کئی گھنٹے جاری رہا، کارروائی کے دوران گٹکا اور ماوا بنانے کی مشینیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گٹکا اور ماوا بنانے کا سامان بھی پولیس نے تحویل میں لے لیا، سامان اس قدر زیادہ تھا کہ اسے ٹرک کی مدد سے تھانے منتقل کیا گیا۔

  • کراچی کے نئے ضلع کے ڈپٹی کمشنر کا اعلان

    کراچی کے نئے ضلع کے ڈپٹی کمشنر کا اعلان

    کراچی: شہر قائد کے نئے ضلع کے ڈپٹی کمشنر کا اعلان ہو گیا، اٹھارہ گریڈ کے افسر مختیار علی کو ڈپٹی کمشنر کیماڑی تعینات کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری نے نئے ڈپٹی کمشنر مختیار علی کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، مختیار علی کو نئے ضلع کیماڑی کا ڈپٹی کمشنر مقرر کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ حکومت نے کراچی کے کمشنراور ایڈمنسٹریٹر افتخار شلوانی کو عہدے سے ہٹا کر لئیق احمد کو کراچی کا نیا ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا تھا، جب کہ نوید احمد شیخ کو کمشنر کراچی تعینات کیا گیا تھا۔

    گزشتہ روز سندھ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر تبادلے و تقرریاں کی گئی تھیں، افتخار شلوانی کو محکمہ ایس این جی اے ڈی رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی، عبدالحلیم شیخ کو سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا اضافی چارج دیاگیا، جب کہ سیکریٹری ایکسائز لئیق احمد ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی تعینات کیے گئے۔

    تمیز الدین کھیڑو سیکریٹری ٹریننگ اینڈ ریسرچ مقرر کیے گئے، تقرری کے منتظر روشن علی شیخ سیکریٹری محکمہ سماجی بہبود، نوید احمد شیخ کمشنر کراچی، ریاض الدین سیکریٹری محکمہ صنعت و تجارت، سجاد حسین عباسی کو ممبر صوبائی الیکشن اتھارٹی مقرر کیاگیا۔

    ڈاکٹر سیف الرحمان کوگورنر سندھ کا پرنسپل سیکریٹری تعینات کیا گیا، سعید منگریجو کو سیکریٹری سروسز، نسیم الغنی سہتو سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن، جب کہ محمد نواز شیخ کو چیئرمین وزیر اعلیٰ انسپیکشن ٹیم مقرر کیا گیا۔

  • سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    سندھ حکومت نے کراچی میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی: سندھ حکومت نے شہر قائد میں نیا ضلع بنا دیا، نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے کیماڑی کو باضابطہ طور پر ضلع کا درجہ دے دیا، جس کے بعد کراچی میں اضلاع کی تعداد 7 ہو گئی ہے۔

    کیماڑی کا نیا ضلع، ضلع غربی کو تقسیم کر کے بنایا گیا ہے، اس نئے ضلع میں 4 سب ڈویژنز شامل کیے گئے ہیں، جن میں سائٹ، بلدیہ، کیماڑی اور ماڑی پور شامل ہیں، سب ڈویژن ہاربر کا نام تبدیل کر کے کیماڑی رکھا گیا ہے۔

    ضلع غربی اب منگھو پیر، اورنگی اور مومن آباد کے سب ڈویژنز پر مشتمل ہوگا، جن میں تیسر، سرجانی اور منگھوپیر کے علاقے آئیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کراچی کے لیے 1100 ارب کے پیکج کا اعلان

    یاد رہے کہ 20 اگست کو وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری دی تھی، آبادی کے حساب سے ضلع غربی پورے سندھ کا سب سے بڑا ضلع تھا۔

    24 اگست کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت نے سندھ ہائی کورٹ میں ضلع کیماڑی کی تشکیل چیلنج کر دی تھی، عدالت میں دی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ضلع کیماڑی کی تشکیل پیپلز پارٹی نے عصبیت کی بنیاد پر کی ہے۔

    واضح رہے کہ ضلع کیماڑی کا نوٹیفکیشن ایک ایسے دن جاری کیا گیا ہے جب کراچی میں وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شہر کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا ہے۔