Tag: kemari gas

  • پراسرار گیس سے اموات، علی زیدی اورعبدالقادر پٹیل کے درمیان گرما گرمی

    پراسرار گیس سے اموات، علی زیدی اورعبدالقادر پٹیل کے درمیان گرما گرمی

    اسلام آباد: قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی بحری امور کا میرعامر مگسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر علی زیدی اور پیپلزپارٹی رہنما عبدالقادر پٹیل کے درمیان گرما گرمی دیکھنے میں آئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا تھا کہ گیس کا معاملہ کیماڑی کے اندر پیش نہیں آیا، کیماڑی سے باہر واقعہ پیش آیا تو ذمہ دار سندھ حکومت ہے، عبدالقادر پٹیل کا کہنا تھا کہ 10 روز بعد بھی جواب یہی ہے گیس کی جگہ اور وجہ معلوم نہیں ہے۔

    علی زیدی نے کہا کہ اسلام آباد میں کچھ ہوگا تو بھی ذمہ دار وزارت بحری امور ہوگی؟ آپ مجھ پر الزام نہ لگائیں جگہ اور وجوہات کا بتائیں۔

    عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ساری گیس کیماڑی کے ارد گرد کے علاقوں میں ہی کیوں پھیلی، سویابین جہاز سے ان لوڈ کرتے ہوئے گیس دیکھی جاسکتی ہے، ان لوڈنگ شروع کی جاتی لوگ گرنا شروع ہوجاتے تھے، وفاقی حکومت اب بھی وجہ تلاش کررہی ہے۔

    اجلاس میں ڈاکٹر عطا الرحمان کی تکنیکی گفتگو کا خط پیش کیا گیا، چیئرمین کے پی ٹی نے کہا کہ ڈاکٹر عطا الرحمان کی گفتگو دنیا میں مختلف واقعات پر مبنی تھی۔

    چیئرمین کے پی ٹی کے مطابق سویابین سے ہلاکتیں ہوتیں تو کراچی پورٹ کے ورکر بھی متاثر ہوتے، کیماڑی میں پورٹ کی پٹی ہے مگر وہاں اموات نہیں ہوئیں۔

    عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ تین لوگوں کے نمونوں سے پتا چلا سویابین کا اثر ہے جس پر چیئرمین کے پی ٹی کا کہنا تھا کہ مرنے والوں کے پوسٹ مارٹم نہیں ہوئے۔

  • کراچی، کیماڑی میں دوبارہ زہریلی گیس پھیلنے لگی، 10 افراد اسپتال منتقل

    کراچی، کیماڑی میں دوبارہ زہریلی گیس پھیلنے لگی، 10 افراد اسپتال منتقل

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں ایک بار پھر زہریلی گیس پھیلنے لگی، زہریلی گیس سے متاثرہ 10 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں ایک بار پھر زہریلی گیس شہریوں کو متاثر کرنے لگی، گزشتہ روز کے مقابلے میں زیادہ شدت سے گیس کا اخراج ہورہا ہے، گیس سے متاثرہ 10 افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ ہورہا ہے، اسپتال لائے گئے 3 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس سے متاثرہ ایک اور شخص دم توڑ گیا ہے جس کے بعد زہریلی گیس سے اموات کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔

    مزید پڑھیں: کے پی ٹی کی حدود میں کوئی گیس لیکیج نہیں ہے، جمیل اختر

    واضح رہے کہ چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر کا کہنا تھا کہ کے پی ٹی کی حدود میں کوئی گیس لیکیج نہیں ہے، تمام ٹرمینل کو چیک کیا ہے کہیں گیس کا اخراج نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ کیماڑی میں نجی اسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ڈاکٹر فہیم نے کہا تھا کہ اسپتال میں 100 سے زائد متاثرہ افراد لائے گئے، زیادہ تر مریضوں کو سانس کی تکلیف تھی۔

    ڈاکٹر فہیم کا کہنا تھا کہ سگریٹ پینے والے اور سانس کے مرض کے شکار افراد زیادہ متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ افراد میں سے کافی تعداد کو پیٹ درد کی شکایت بھی ہے، مریضوں کو علاج معالجے کی مفت سہولت دے رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ لیبارٹری تجزیے کے لیے بھی مریضوں کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں، نتائج آنے پر معلوم ہو سکے گا کہ کون سی گیس جسم میں داخل ہوئی۔

  • کراچی میں زہریلی گیس کا اخراج، 4 افراد جاں بحق، 25 کی حالت غیر

    کراچی میں زہریلی گیس کا اخراج، 4 افراد جاں بحق، 25 کی حالت غیر

    کراچی: شہر قائد کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے کیماڑی میں زہریلی گیس پھیل گئی جس کے نتیجے میں 2 خواتین سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے، زہریلی گیس سے 25 افراد متاثر ہوئے۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زہریلی گیس سے متاثرہ افراد کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

    ایس پی کیماڑی کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کی شناخت میمار بیگم، رضوان، احسن کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

    ریسکیو ذرائع کے مطابق زہریلی گیس سے متاثرہ افراد کو سانس لینے میں شدید دشواری کا سامنا ہے۔

    ایس ایچ او جیکسن ملک عادل کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس سے متاثر 60 سالہ خاتون جاں بحق ہوئی ہیں جبکہ متاثرہ افراد کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، واقعے کی تفصیلات معلوم کررہے ہیں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    مقامی شہری سلمان خان کا کہنا ہے کہ گیس کی بو کیماڑی کے دور دراز علاقوں میں پھیلی ہوئی ہے اور لوگوں نے ماسک پہن لیے ہیں۔

    ترجمان کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس کوئی جہاز آیا ہی نہیں جس سے بو پھیلے، پورٹ پر کوئی ایسا جہاز لگا بھی نہیں ہے جس سے بو پھیلی ہو۔

    ترجمان کے پی ٹی کا کہنا ہے کہ تمام متاثرہ افراد کو سڑک سے اٹھایا گیا ہے، پورٹ پر بو پھیلنے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

    وفاقی وزیر علی زیدی کا کہنا ہے کہ کیماڑی میں زہریلی گیس کے اخراج سے اموات پر صدمہ پہنچا ہے، واقعہ پورٹ کی حدود میں پیش نہیں آیا، کے پی ٹی حکام معاملے کی انکوائری کے لیے روانہ ہوگئے ہیں، حقائق سامنے آنے تک میڈیا قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔

    وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے فوری رپورٹ طلب کرلی، مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ متاثرہ افراد کو بہتر سہولتیں فراہم کی جائیں، ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی اسٹاف کے ذریعے عوام کی مدد کریں۔