Tag: kenya

  • ویمپائر : بچوں کو قتل کرکے خون پینے والے درندے کو علاقہ مکینوں نے مار ڈالا

    ویمپائر : بچوں کو قتل کرکے خون پینے والے درندے کو علاقہ مکینوں نے مار ڈالا

    نیروبی : کمسن بچوں کو قتل کرکے ان کا خون پینے کے الزام میں سزا یافتہ قیدی جیل سے فرار ہونے کے بعد بھی سزا سے نہ بچ سکا مشتعل علاقہ مکینوں نے سفاک درندے کو گلا گھونٹ کر مار ڈالا۔

    کینیا کے علاقے کاموکنجی میں بچوں کا خون پینے والا "ویمپائر” جیل سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، مجرم جیل سے فرار ہوگر اپنے گھر آگیا تھا،  20سالہ سفاک درندے کو گزشتہ ماہ دس بچوں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیس سالہ ملزم مسٹن میمو وانگالا کو عدالت میں پیشی پر لے جایا جانا تھا، تاہم جب جیل حکام کو پتہ چلا کہ وہ یہاں موجود ہی نہیں تو ان کے ہوش اڑ گئے۔

    Masten Milimo Wanjala, 20, (pictured) who was dubbed a vampire after confessing to the killings of ten children and sucking the blood out of at least one has escaped from prison in the Kenyan capital of Nairobi

    جیل حکام نے فرائض میں غفلت برتنے پر ڈیوٹی پر تعینات تین افسران کو معطل کرکے حراست میں لے لیا، نیروبی کے گورنر مائیک سونکو نے ملزم کی نشاندہی کرنے والے شخص کیلئے بھاری انعام کا اعلان کیاتھا۔

    تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ایک عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ وہ جیل سے بھاگ کرمبینہ طور پر اپنے والدین کے گھر واپس آیا تھا اور بعد میں علاقے کے مشتعل افراد نے اس کا گلا گھونٹ کر مارڈالا۔

    مقامی تھانے کے پولیس آفیسر کا کہنا ہے کہ ہمیں یقین نہیں ہے کہ وہ نیروبی سے اپنے گاؤں تک کیسے سفر کرنے میں کامیاب رہا، یہ علاقیہ مکین ہیں جنہوں نے پہلے اس کی شناخت کی اور پولیس کو اطلاع دینے کے بجائے خود ہی اسے جان سے مارنے کا قدم اٹھایا۔

    واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں کینیا کی پولیس نے کمسن بچوں کا خون پینے والا ایک ملزم گرفتار کیا تھا، جس نے  دو بچوں کو قتل کرنے کے بعد ان کا خون  پینے کا اعتراف کیا۔

    کینیا کے فوجداری انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ کے مطابق دوبچوں کی لاشیں دارالحکومت نیروبی کے جنگلات سے ملی تھیں۔ تحقیقات کے بعد بیس سالہ ملزم مسٹن میمو وانگالا کو دو بچوں کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔

    بچوں کا قاتل یہ جرم پانچ سال سے کرتا آ رہا ہے جب اس کی عمر 16سال تھی۔ اس نے مختلف موقعوں پر مزید آٹھ افراد کو بھی قتل کیا جن میں سے بیشتر کی لاشیں تاحال نہیں مل سکیں۔

    کینیا میں ہونے والے اس وہشت ناک اور ناقابل یقین واقعے نے سوشل میڈیا صارفین میں غم و غصہ کی لہر دوڑا دی ہے، اس واقعے نے مشہور افسانوی کردار’ڈریکولا‘ کی یاد تازہ کردی، لوگوں کی جانب سے سخت سے سخت سزا کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

  • کینیا نے  پاکستانی مسافروں پر ویزے  کی شرط عائد کردی

    کینیا نے پاکستانی مسافروں پر ویزے کی شرط عائد کردی

    کراچی: کینیا نے پاکستانی ٹرانزٹ مسافروں کے داخلے پر بنا ویزا کے پابندی عائد کردی ، داخلے کے لئے 14روزہ قرنطینہ کی وجہ سے ویزا کی شرط عائد کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وبا کی روک تھام کیلئے کینیا حکومت نے فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ ویزا فری ٹرانزٹ بند کردیا، کینیا نے پاکستانی ٹرانزٹ مسافروں کے داخلے پر بنا ویزا کے پابندی عائد کردی۔

    کینیا نے پیشگی ویزا نہ رکھنے والے پاکستانی مسافروں کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا، داخلے کے لئے 14روزہ قرنطینہ کی وجہ سے ویزا کی شرط عائدکی گئی ہے۔

    دوسری جانب کینیا کی وزارت داخلہ نے غیر قانونی پاکستانی تارکین وطن کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیا سے تعلق رکھنے والے غیر ملکیوں کی آمد ہوئی ہے جو پہلے افغان مہاجرین تھے۔

    داخلہ کے پرنسپل سکریٹری نے پولیس کو ہدایت کی ہے کہ وہ امیگریشن سروسز کے ساتھ مل کر غیر قانونی طور غیر ملکیوں کی آمد کو کنٹرول کرے۔

  • ٹوکیو اولمپکس: کینیائی خواتین کا دوڑ میں کارنامہ

    ٹوکیو اولمپکس: کینیائی خواتین کا دوڑ میں کارنامہ

    ٹوکیو اولمپکس: خواتین میراتھن میں کینیائی رنرز نے سونے اور چاندی دونوں میڈلز اپنے نام کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹوکیو اولمپکس میں کینیائی خواتین رنرز نے کارنامہ انجام دے دیا ہے، میراتھن میں دو تمغوں پر قبضہ جما لیا۔

    خواتین میراتھن میں کینیائی ایتھلیٹ پیریز جیپچیرچیر نے میراتھن میں اپنے سیزن کے بہترین وقت کو 2 گھنٹے 27 منٹ 20 سیکنڈ کے ساتھ سونے کا تمغا اپنے نام کیا۔

    پیریز کی ہم وطن اور عالمی ریکارڈ یافتہ بریگیڈ کوسگی نے 2 گھنٹے 27 منٹ اور 36 سیکنڈ کے ساتھ چاندی کا تمغا جیتا، لیکن وہ اپنے عالمی ریکارڈ سے بہت دور رہ گئیں۔

    کانسی کا میڈل امریکی ایتھلیٹ نے حاصل کیا، لمبی دوری کی رنر مولی سیڈل نے پہلی مرتبہ مراتھن میں حصہ لیا، مولی سیڈل اپنے سیزن کو بہترین وقت دینے میں بھی کامیاب رہیں، اور 2 گھنٹے 27 منٹ 46 سیکنڈ میں میراتھن مکمل کر کے برونز میڈل اپنے نام کیا۔

    خیال رہے کہ آج پاکستان کے ایتھلیٹ ارشد ندیم ٹوکیو اولمپکس میں جیولین تھرو کے مقابلے میں میڈل تو نہ جیت سکے مگر انھوں نے اپنی شان دار کارکردگی کے ذریعے فائنل تک رسائی حاصل کر کے قوم کے دل ضرور جیت لیے ہیں۔

    پاکستان کے ارشد ندیم میڈل کی دوڑ سے باہر، دل جیت لیے

    جیولین تھرو کا گولڈ میڈیل بھارت کے نیرج چوپڑا نے 87.58 میٹر کی تھرو کر کےجیتا، جمہوریہ چیک کے جیکب 86.67 میٹر کی تھرو کر کے سلور میڈل لے اڑے، جب کہ جمہوریہ چیک ہی کے ویزلے 85.44 میٹر کی تھرو کر کے برونز میڈل کے حق دار ٹھہرے۔

  • ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    ویڈیو: صبح صبح اسکول جانے والے بچوں کو شیر نے سرپرائز دے دیا

    افریقی ملک کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے نواحی علاقے میں صبح صبح ایک شیر نے پہنچ کر علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق شیر کا تعلق شہر کے جنوب میں واقع نیشنل پارک سے ہے جو اچانک رہائشی علاقے میں نکل آیا۔ خوفزدہ افراد نے فوری طور پر پولیس اور کینین وائلڈ لائف سروس کو مطلع کیا۔

    شہریوں کی حفاظت کے لیے انتظامی حکام نے فوری طور پر رینجرز کی تعیناتی بھی کر دی جبکہ شیر کے زخمی ہونے کی صورت میں خصوصی ویٹرنری ڈاکٹر کو بھی موقع پر روانہ کر دیا گیا۔

    بعد ازاں وائلڈ سروس کے اہلکاروں نے شیر کو دور سے انجیکشن ڈارٹ کے ذریعے بے ہوش کر کے اپنی تحویل میں لے لیا۔ شیر کو نیشنل پارک منتقل کردیا گیا اور نیشنل پارک کے حکام کے مطابق ہوش اآنے پر شیر کو واپس جنگلاتی علاقے میں چھوڑ دیا جائے گا۔

    مقامی افراد کا کہنا ہے کہ صبح کے وقت بچے اسکولوں کی طرف جبکہ دیگر افراد اپنے روزگار و دفاتر کی جانب روانہ ہورہے تھے۔

    نیشنل پارک سے صرف 7 کلو میٹر دوری پر واقع اس علاقے کے شہریوں کا کہنا ہے کہ نیشنل پارک کی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے تاکہ کسی خوفناک اور ناخوشگوار حادثے سے بچا جاسکے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق دسمبر سنہ 2019 میں بھی ایک شیر نے نیشنل پارک سے باہر نکل کر ایک شخص پر حملہ کر کے اسے ہلاک کر دیا تھا۔ مارچ سنہ 2016 میں نیشنل پارک سے نکلنے والے شیر کو اس وقت گولی مار دی گئی جب اس نے ایک شہری کو حملہ کر کے زخمی کر دیا تھا۔

  • کینیا میں 10 بچوں کا خون پینے والا ’ڈریکولا‘ پکڑا گیا (ویڈیو)

    کینیا میں 10 بچوں کا خون پینے والا ’ڈریکولا‘ پکڑا گیا (ویڈیو)

    نیروبی: کینیا میں رگوں سے خون چوس کر 10 بچوں کو قتل کرنے والے ’ویمپائر‘ کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کینیا میں پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کیا ہے جسے ’خون کا پیاسا ویمپائر‘ کہا جاتا ہے، اور اس پر کم از کم دس بچوں کو بہت بھیانک طریقے سے قتل کرنے کا الزام ہے۔

    اے ایف پی کے مطابق ملزم میسٹن ملیمو کی عمر 20 برس ہے، اسے بدھ کو 2 بچوں کو قتل کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا، جن کی لاشیں نیروبی کے قریب جنگل سے برآمد ہوئیں، پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے دس بچوں کو قتل کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔

    بچوں کے لاپتا ہونے کے کیسز میں اضافے کے بعد اس ملزم کی گرفتاری کو پولیس نے ایک اہم پیش رفت قرار دیا، کرمنل انویسٹی گیشن ڈائریکٹوریٹ نے بدھ کو ایک ٹویٹ میں اس شخص کو ’خون کا پیاسا ویمپائر‘ لکھتے ہوئے کہا کہ اس نے اپنے شکار کو بہت بھیانک طریقے سے قتل اور بعض بچوں کو مارنے سے پہلے ان کی رگوں سے خون چوسا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے پانچ سے 13 برس کے بچوں کو اپنا شکار بنایا، میسٹن ملیمو کی گرفتاری کی خبر کینیا کے بڑے اخبارات نے صفحہ اول پر شائع کی، پولیس کے مطابق ملزم نے سب سے پہلے ایک 12 سالہ لڑکی کو قتل کیا تھا جسے اس نے پانچ برس قبل اغوا کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے ہاتھوں قتل ہونے والے متعدد بچوں کی لاشیں تاحال برآمد نہیں ہو سکی ہیں۔

  • مردہ خانے میں لائی گئی ’لاش‘ زندہ ہوگئی، ویڈیو دیکھیں

    مردہ خانے میں لائی گئی ’لاش‘ زندہ ہوگئی، ویڈیو دیکھیں

    افریقی ملک کینیا میں مردہ قرار دیا گیا ایک شخص 3 گھنٹے بعد اس وقت زندہ ہوگیا جب اسے مردہ خانے لے جایا جارہا تھا۔

    کینیا کا 32 سالہ شہری پیٹر ایک روز قبل اپنے گھر میں اچانک بے ہوش ہو کر گر گیا تھا جس کے بعد اس کے اہلخانہ اسے فوراً اسپتال لے کر پہنچے۔

    مذکورہ شخص کے بھائی کے مطابق اسپتال پہنچنے پر اسے نہایت معمولی انداز سے چیک کیا گیا اور ایک نرس نے کہا کہ وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ چکا تھا۔

    بعد ازاں جب اسے مردہ خانے میں رکھنے کی تیاری کی جارہی تھی تو وہ اچانک ہوش میں آگیا اور درد سے چلانے لگا۔

    https://youtu.be/yicer5HmPWA

    مردہ خانے کا اسٹاف یہ سمجھ کر کہ ایک مردہ زندہ ہوگیا ہے، خوف سے بھاگ کھڑا ہوا، تاہم جلد ہی انہیں احساس ہوا کہ مذکورہ شخص زندہ ہے جس کے بعد اسے فوری طور پر طبی امداد دی گئی، تب تک اسے بے ہوش ہوئے 3 گھنٹے گزر چکے تھے۔

    ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص معدے میں تکلیف کا شکار تھا۔

    32 سالہ پیٹر کا کہنا ہے کہ وہ نئی زندگی ملنے پر بے حد خوش ہے، دوسری جانب اہلخانہ نے اسپتال انتظامیہ پر غفلت کا الزام عائد کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

  • حکمت عملی تبدیل کرتےہوئے افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا ، وزیرخارجہ

    حکمت عملی تبدیل کرتےہوئے افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا ، وزیرخارجہ

    اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ حکمت عملی تبدیل کرتےہوئےافریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا، دو روزہ "انگیج افریقہ معاشی سفارتکاری کانفرنس ‘‘میں شرکت کروں گا،امیدہےکانفرنس سے پاکستان کےلیےبہترثمرات سامنے آئیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی 2روزہ سرکاری دورے پر کینیا روانہ ہوگئے، کینیا روانگی سے قبل وزیرخارجہ نے دورہ کینیا سے متعلق ویڈیو پیغام میں کہا ایک آزاداورخودمختارخارجہ پالیسی کےلیےمعاشی استحکام لازم ہے، وزارت خارجہ نےمعاشی سفارت کاری کوبطوراصول اپنایا ہے۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ معاشی سفارت کاری کےتحت "انگیج افریقہ” کانفرنس منعقدکرائی، افریقہ میں تجارت اورسرمایہ کاری کے بےشمارمواقع ہیں، ماضی میں افریقہ کی طرف وہ توجہ نہیں دےسکےجو دینی چاہیےتھی، حکمت عملی تبدیل کرتےہوئے افریقہ کی طرف توجہ دینے کا فیصلہ کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا صدر نےانگیج افریقہ کانفرنس کاافتتاح،وزیر اعظم نےخطاب کیا، حکمت عملی کوآگےبڑھاتےہوئےکینیاروانہ ہورہاہوں، دو روزہ "انگیج افریقہ معاشی سفارتکاری کانفرنس ‘‘میں شرکت کروں گا، عبدالرزاق داؤد کانفرنس کی صدارت کریں گے، 100 کےقریب ہمارےتاجروں کاوفد بھی ان کے ہمراہ ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم نےافریقہ کی اہم کاروباری شخصیات کوبھی مدعوکررکھاہے، کوشش ہےتبادلہ خیال کےذریعےافریقہ میں اپنی رسائی کوفروغ دیں، کینیا، افریقہ کا گیٹ وے ہے، اس سےگہرےاور دیرینہ مراسم ہیں۔

    وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ کینیا کے صدر کنیاٹا اور ان کے وزیر خارجہ سےملاقات کروں گا، کوشش ہوگی کانفرنس سے افریقی ممالک سے تعلقات مضبوط ہوں، کانفرنس میں افریقی ممالک میں موجود ہمارے سفراء شریک ہورہے ہیں ، امید ہے کانفرنس سے پاکستان کےلیےبہترثمرات سامنے آئیں گے۔

  • کینیا میں خاتون رکن اسمبلی کو شیر خوار بچہ ساتھ لانے پر ایوان سے باہر نکال دیا گیا

    کینیا میں خاتون رکن اسمبلی کو شیر خوار بچہ ساتھ لانے پر ایوان سے باہر نکال دیا گیا

    نیروبی : کینیا میں خاتون رکن اسمبلی کو شیر خوار بچہ ساتھ لانے پر ایوان سے باہر نکال دیا گیا ، خاتون نے کہا میرے پاس بچے کو پارلیمنٹ میں لانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھاجبکہ  ایم پی اے زلیخہ حسن سے اظہاریکجہتی کرتے ہوئےاحتجاجاباقی خواتین ممبران بھی باہر آگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق کینیا کی خاتون رکن پارلیمنٹ زلیخا حسن اپنے پانچ ماہ کے بچے کو گود میں لے کر پارلیمنٹ کے سیشن میں حصہ لینے پہنچیں تو اسپیکر نے انہیں باہر نکل جانے کی ہدایت کی جب کہ اسپیکر کے فیصلے پر ایوان میں موجود دیگر اراکین نے شدید احتجاج کیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیا کی پارلیمنٹ میں پڑوسی ملک صومالیہ کے ساتھ سرحدی تنازع پر بحث جاری تھی کہ خاتون کے بچہ ساتھ لانے پر اسپیکر نے ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں باہر جانے کا کہا جس پر ایوان میں شور شرابا ہوگیا۔

    خاتون رکن پارلیمنٹ کا کہنا تھا ان کے پاس بچے کو پارلیمنٹ میں لانے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا اور وہ پارلیمنٹ کے سیشن سے غیر حاضری نہیں چاہتی تھیں۔

    تایم اسپیکر نے خاتون کا مؤقف ماننے سے انکار کرتے ہوئے بچہ ایوان میں لانے کو ایک بے نظیر اقدام قرار دیا اور کہا کہ پارلیمنٹ بچے کا خیال رکھنے کی جگہ نہیں ہے۔

    اسپیکر کے فیصلے پر اراکین پارلیمنٹ نے اجلاس کا واک آؤٹ کردیا اور اسپیکر کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا۔

    خیال رہے یہ واقعہ بچوں کو ماؤں کا دودھ پلانے کے عالمی ہفتے کے دوران پیش آیا، پارلیمنٹ میں اس واقعے کے پیش آنے کے بعد بعض اراکین اسمبلی نے پارلیمنٹ میں بچوں کو دودھ پلانے کے لیے ایک الگ جگہ مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق 2007 میں کینیا کی پارلیمنٹ میں ایک بل پاس کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ ملک کی خاتون ملازمین کو بچوں کو دودھ پلانے اور کپڑے تبدیل کرنے کے لیے ایک علیحدہ جگہ فراہم کی جانی چاہیے۔

    واضح رہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں خاتون اراکین اسمبلی کے اپنے شیر خوار بچوں کو اسمبلی میں ساتھ لانے کی مثالیں موجود ہیں جبکہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈنر نے اپنی 3 ماہ کی شیر خوار بیٹی کے ساتھ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کرکے تاریخ رقم کی تھی۔

  • گائے کا خون پینے کی انوکھی روایت

    گائے کا خون پینے کی انوکھی روایت

    دنیا بھر میں کھانے پینے کے حوالے سے ایسی انوکھی روایات پائی جاتی ہیں جو دیگر افراد کے لیے حیران کن ہوتی ہیں، لیکن بعض روایات ایسی بھی ہوتی ہیں جو دیگر افراد کو کراہیت میں مبتلا کرسکتی ہیں۔

    کینیا میں ایسی ہی ایک روایت گائے کا خون پینے کی ہے۔

    افریقی ملک کینیا میں یہ روایت صدیوں پرانی ہے، صدیوں قبل مختلف خانہ بدوش قبائل جب صحراؤں میں سفر کرتے تھے تو پانی اور خوراک کی عدم دستیابی کی وجہ سے گائے کا خون پیا کرتے تھے۔

    گائے کا خون ان کی جسمانی توانائی بحال کردیتا اور وہ صحرا میں کئی کئی دن بغیر کچھ کھائے پیے صرف اس خون کے سہارے سفر کیا کرتے تھے۔

    یہ روایت آج بھی کینیا کے جنگجو ماسائی قبیلے میں موجود ہے۔ آج کے جدید دور میں جب یہاں کسی تہوار کا انعقاد ہوتا ہے تو اس موقع پر گائے کا خون پیا جاتا ہے۔

    اس کے لیے گائے کو ہلاک نہیں کیا جاتا بلکہ گائے کے جسم پر زخم لگا کر اس سے نکلتے خون کو ایک مخصوص برتن میں جمع کرلیا جاتا ہے اور پھر فوراً اسے پیا جاتا ہے۔ لوگ اس خون کو دودھ کے ساتھ ملا کر بہت شوق سے نوش کرتے ہیں۔

    اس مشروب کو نہایت طاقتور اور غذائیت بھرا خیال کیا جاتا ہے۔ قبیلے کے چھوٹے بچوں اور حاملہ خواتین کو باقاعدگی سے یہ خون پلایا جاتا ہے۔

    دوسری جانب اس خون کو بطور مشروب استعمال کرنے کا تعلق اس قبیلے کی روحانی و مذہبی عقیدت سے بھی ہے۔ قبیلے کے لوگ نہایت عقیدت و احترام سے یہ مشروب نوش کرتے ہیں۔

  • طویل دانتوں والے ہاتھی کی آخری تصاویر

    طویل دانتوں والے ہاتھی کی آخری تصاویر

    افریقی ملک کینیا میں طویل ترین دانت رکھنے والی 60 سالہ ہتھنی کی آخری تصاویر نے لوگوں کو دم بخود کردیا۔

    کینیا کے میدانوں میں گھومتی یہ ہتھنی جسے ’ایف_ایم یو 1‘ کا نام دیا گیا، اس قدر بڑے دانت رکھتی تھی کہ یہ زمین کو چھوتے تھے، اور جب یہ چلتی تھی تو اس کے دانت زمین کو کھرچتے ہوئے آگے بڑھتے تھے۔

    برطانوی فوٹو گرافر ول بررڈ لوکس نے اس کی مرنے سے قبل آخری تصاویر کھینچیں جنہوں نے لوگوں کو حیران کردیا۔

    ول کا کہنا ہے کہ اگر وہ اپنی آنکھوں سے اس عظیم جانور کو نہ دیکھتے تو کبھی اس کے وجود پر یقین نہ کرتے۔ ’اگر ہاتھیوں کی کوئی ملکہ ہوتی، تو یقیناً وہ یہی ہتھنی ہوتی‘۔

    اس طرح کے بڑے اور مکمل دانت رکھنے والے ہاتھی افریقہ میں چند ہی پائے جاتے ہیں جنہیں ’سپر ٹسکرز‘ کہا جاتا ہے۔ ہاتھی دانت کی بڑھتی ہوئی طلب کی وجہ سے اکثر ہاتھی شکاریوں کے ہاتھوں اپنے دانتوں سے محروم کردیے جاتے ہیں۔

    اس ہتھنی کی موت کے بعد اب افریقہ میں بڑے دانتوں والے صرف 30 ہاتھی رہ گئے ہیں، تاہم یہ بھی شکاریوں کی نظر میں ہیں۔

    ول کا کہنا ہے کہ اطمینان کی بات یہ ہے کہ یہ ہتھنی کسی شکاری پھندے، گولی یا زہریلے تیر کا شکار نہیں ہوئی بلکہ طبعی موت مرگئی۔ اب سے 2 سال قبل ایسے ہی ایک 50 سالہ سپر ٹسکر ہاتھی کو شکاریوں نے زہریلے تیر کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

    خیال رہے کہ کچھ دن قبل کینیا میں خطرے کا شکار جنگلی حیات بشمول ہاتھی کا شکار کرنے والوں کے لیے سزائے موت کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

    کینیا کے وزیر برائے سیاحت و جنگلی حیات نجیب بلالا کے مطابق اب تک جنگلی حیات کا شکار کرنے پر عمر قید کی سزا اور 2 لاکھ امریکی ڈالر کا جرمانہ عائد تھا تاہم یہ بھی جنگلی حیات کا شکار روکنے کے لیے ناکافی رہا جس کے بعد اب سزائے موت کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب گزشتہ کچھ عرصے سے افریقی جانوروں کے شکار میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا تھا جس کے بعد ان جانوروں کی نسل معدوم ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔ ان جانوروں کے شکار کا بنیادی سبب دنیا بھر میں ہاتھی دانت کی بڑھتی ہوئی مانگ تھی جس کے لیے ہاتھی اور گینڈے کا شکار کیا جاتا اور ان کے دانتوں اور سینگ کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا۔

    عالمی ادارہ برائے تحفظ ماحولیات آئی یو سی این کے مطابق ایک عشرے قبل پورے براعظم افریقہ میں ہاتھیوں کی تعداد 4 لاکھ 15 ہزار تھی، لیکن ہاتھی دانت کے لیے ہاتھیوں کے بے دریغ شکار کی وجہ سے اب یہ تعداد گھٹ کر صرف 1 لاکھ 11 ہزار رہ گئی ہے۔

    تاہم کینیا اور دیگر افریقی ممالک میں اس شکار کو روکنے کے لیے ہنگامی طور پر اقدامات کیے گئے جس کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے۔ کینیا میں شکار کے خلاف سخت قوانین کے نفاذ کے باعث ہاتھیوں کے شکار میں 78 فیصد جبکہ گینڈوں کے شکار میں 85 فیصد کمی آئی۔