Tag: Kerala

  • بھارت کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری

    بھارت کی کئی ریاستوں میں موسلا دھار بارش کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوچکا ہے، کیرالہ، کرناٹک، مہاراشٹر، آسام سمیت کئی ریاستوں موسلا دھار بارشیں ہوئیں، ایسے میں محکمہ موسمیات نے کئی ریاستوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ دہلی میں کچھ دنوں تک آسمان میں بادل چھائے رہیں گے جبکہ جبکہ اگلے کچھ دنوں تک ہمالیائی مغربی بنگال اور میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں شدید بارش متوقع ہے، اس کے علاوہ اتر پردیش، ہریانہ اور پنجاب میں تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے اور گرج و چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

    محکمہ موسمیات نے پہاڑی علاقوں میں درمیانی سے شدید بارشوں کا امکان ظاہر کیا ہے جبکہ جموں کشمیرو لداخ میں تیز ہواؤں اور گرج-چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ہماچل پردیش، ہریانہ، چنڈی گڑھ اور دہلی میں بھی درمیانی سطح کی بارش کا امکان ہے۔ یکم جون تک ان ریاستوں میں مزید بارشیں ہوسکتی ہیں۔ گجرات، مراٹھواڑہ اور گوا میں بھی درمیانی بارش ہو سکتی ہے جبکہ کیرالہ میں بھی بارش کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال مئی کے آخر میں موسم اس کے بالکل برعکس تھا، 31 مئی کو بھی اتر پردیش کے تقریباً 50 ضلعوں میں بارش ہوسکتی ہے، 31 مئی اور 1 جون کو بادل چھائے رہیں گے۔ کئی جگہوں پر 45 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کئی ضلعوں میں ہلکی سے درمیانی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث درجہ حرارت میں کمی ہوسکتی ہے، ویشالی، پٹنہ، سیوان، چھپرہ، بھوجپور اور بکسر کے علاوہ کئی ضلعوں میں آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

    دوسری جانب نائیجیریا میں موسلادھار بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں، مکانات تباہ، مختلف حادثات میں 100 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے۔

    وسطی نائیجیریا کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کے بعد سیلاب نے نظام زندگی درہم برہم کردی اور کم از کم 115 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

    بھارت: مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل، نظام زندگی درہم برہم

    سیلاب بدھ کی رات سے جمعرات کی صبح تک ہونے والی موسلادھار بارشوں کے سبب آیا، جس نے ریاست نائیجر کے کنارے واقع شہر موکوا اور آس پاس کے علاقے شدید متاثر ہوئے۔

  • لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، کیرالہ میں ہلاکتیں 250 سے تجاوز کر گئیں

    لینڈ سلائیڈنگ سے تباہی، کیرالہ میں ہلاکتیں 250 سے تجاوز کر گئیں

    بھارت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 250 سے تجاوز کر گئیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارش کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی پھیلا دی، مختلف حادثات میں ڈھائی سو افراد سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

    ٹائمز آف انڈیا کے مطابق کیرالہ کے 2 گاؤں صفحہ ہستی سے مٹ گئے، صوبہ بھر میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا جب کہ 225 افراد تاحال لاپتا ہیں جن کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔

    ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں کے سبب ضلع وایناڈ میں متعدد گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے جس وجہ سے سیکڑوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

    سب سے زیادہ تباہی ضلع ویاناڈ میں ہوئی، جہاں کئی گاؤں ملیا میٹ ہوگئے، متعدد گھر لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئے جس وجہ سے سیکڑوں افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔

    حکام کا کہنا ہے نیلم بور میں آبی ریلا متعدد لوگوں کوبہا لے گیا،  کئی مکانات، دکانیں اور گاڑیاں ملبے تلے دب گئیں، پُل بہہ جانے کہ وجہ سے امدادی کارروائیوں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

    ریاستی حکام نے بتایا کہ تین ہزار سے زیادہ لوگوں کو راحتی کیمپوں میں منتقل کردیا گیا ہے۔ حکومت انہیں خوراک، پانی اور طبی امداد فراہم کررہی ہے۔

    دریں اثنا بھارتی فوج نے متاثرہ علاقوں کو قریبی علاقوں سے ملانے کے لیے ایک متبادل پل کی تعمیر شروع کردی ہے۔

  • ویڈیو : پیٹرول مفت نہ دینے پر پولیس اہلکار کی پمپ ملازم کو جان سے مارنے کی کوشش

    ویڈیو : پیٹرول مفت نہ دینے پر پولیس اہلکار کی پمپ ملازم کو جان سے مارنے کی کوشش

    کیرالہ : بھارتی پولیس اہلکار نے ایندھن کے پیسے مانگنے پر پیٹرول پمپ ملازم پر گاڑی چڑھا دی بونٹ پر گرنے والے ملازم کو دور تک لے گیا۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی پولیس اہلکار پیٹرول ڈلوانے کے بعد بدمعاشی پر اتر آیا ملازم کے پیسے مانگنے پر اس پر گاڑی چڑھا دی جس پر ملازم کار کے بونٹ پر گرگیا۔

    بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک پولیس اہلکار کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس نے پیٹرول پمپ کے ملازم کو پیٹرول کی رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کرنے کے بعد کار کے بونٹ پر بٹھا دیا۔

    ویڈیو میں پیٹرول پمپ ملازم انیل اور ملزم ڈرائیور سنتوش کمار کے درمیان بحث و مباحثہ ہوتا ہوا دکھایا گیا ہے جو اس حد تک بڑھ گیا کہ پولیس اہلکار نے گاڑی کے سامنے کھڑے انیل پر گاڑی چڑھادی جس کے بعد انیل خوش قسمتی سے زمین پر گرنے کے بجائے بونٹ پر گرگیا۔

    اہلکار نے اس پر ہی بس نہ کی بلکہ گاڑی کو تیزے چلاتے ہوئے بونٹ سے چمٹے ہوئے پیٹرول پمپ ملازم کو ایک کلو میٹر دور تک اسی طرح لے گیا۔

    اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا اور لوگ مطالبہ کیا کہ مذکورہ پولیس اہلکار کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    بعد ازاں متعلقہ پولیس حکام نے بتایا کہ پولیس اہلکار کے خلاف اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کو معطل کرکے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

  • ماں کے قاتل نے جیل سے آتے ہی چھوٹے بھائی کو بھی قتل کر ڈالا

    ماں کے قاتل نے جیل سے آتے ہی چھوٹے بھائی کو بھی قتل کر ڈالا

    اپنی ماں کے قتل کے الزام میں 19 سال سے قید مجرم نے پیرول پر گھر آتے ہی بھائی کو قتل کر دیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں قتل کا ایک گھناؤنا واقعہ سامنے آیا ہے، اپنی ماں کے قتل کے جرم میں جیل جانے والے بیٹے نے پیرول پر گھر آتے ہی بھائی کو قتل کر دیا

    بھارتی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 64 سالہ ملزم موہنن انییتھن گزشتہ 19 سال سے ماں کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔

    گزشتہ روز اسے پیرول پر رہا کیا گیا تو اس نے جاکر اپنے چھوٹے بھائی 58 سالہ ستیش کمار کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    رپورٹ کے مطابق کیرالہ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم انییتھن 2005 میں خاندانی تنازعہ کے باعث اپنی والدہ کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق اننیتھن پیرول پر باہر آنے کے بعد سیدھا تھا اپنے بھائی کے گھر گیا اور اس پر حملہ کردیا۔ واقعہ کے بعد فرار ہونے والے اننیتھن کو اڈور پولیس نے ایک گھنٹے کے اندر گرفتار کرلیا۔

  • چلتی بس میں مسافر موت کے منہ سے کیسے بچا؟ ویڈیو نے دل دہلا دیے

    چلتی بس میں مسافر موت کے منہ سے کیسے بچا؟ ویڈیو نے دل دہلا دیے

    ٹوٹی پھوٹی سڑک پر چلنے والی بس کے مسافر اپنا توازن برقرار رکھنے کیلئے بس میں لگے ڈنڈوں کا سہارا لیتے ہیں لیکن ذرا سی بے احتیاطی انہیں بہت بڑے حادثے سے دوچار کرسکتی ہے۔

    کچھ ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ میں ایک مسافر بس میں پیش آیا جس میں مسافر اپنی جان گنوانے سے بال بال محفوظ رہا۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بس کنڈیکٹر کی حاضر دماغی نے مسافر کو موت کے منہ میں جانے سے بچا لیا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے ایک مسافر جس نے ٹکٹ خریدنے کے لیے اپنے ہاتھ سے جیسے ہی ڈنڈا چھوڑا اوراپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا۔

    اس دوران وہ بس کو جھٹکا لگنے کے باعث چلتی بس کے دروازے کی جانب گرگیا، ابھی وہ بس سے باہر گرنے ہی والا تھا کہ خوش قسمتی سے پاس کھڑے بس کنڈکٹر نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے اس کا ہاتھ مضبوطی سے پکڑ لیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو پر صارفین کی جانب سے بس کنڈیکٹر کے اس بروقت اقدام کو سراہا جارہا ہے۔

  • بھارت میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے 22 افراد ہلاک

    بھارت میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے 22 افراد ہلاک

    کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ میں سیاحوں کی کشتی الٹنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ کے مقامی حکام نے بتایا ہے کہ ضلع ملاپورم کے ساحلی قصبے تنور کے قریب سیاحوں سے بھری ایک ڈبل ڈیکر کشتی الٹنے سے کم از کم 22 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

    ضلعی پولیس کے جونیئر سپرنٹنڈنٹ عبدالنذر نے روئٹرز کو بتایا کہ کشتی میں تقریباً 40 مسافر سوار تھے، جو گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہونے کی وجہ سے اتوار کی شام مقامی وقت کے مطابق تقریباً 7 بجے الٹ گئی۔

    ریسکیو ذرائع نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ 22 لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جب کہ ریسکیو آپریشن ابھی بھی جاری ہے۔

    تھووال تھیرم ساحل کے قریب سیاحوں کی کشتی الٹنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے، حکام نے اموات بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے، جب کہ الٹنے والی کشتی کو کیچڑ بھرے پانی سے باہر نکال لیا گیا ہے۔

  • بھارت میں سونے کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا قدم

    بھارت میں سونے کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا قدم

    کیرلا: بھارت میں سونے کی قیمتوں کے حوالے سے بڑا قدم اٹھایا گیا ہے، ریاست کیرلا کے تمام شہروں میں اب سونا یکساں قیمت پر فروخت ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سونے کی قیمتیں عام طور سے مختلف شہروں میں مختلف ہوتی ہیں، لیکن بھارتی ریاست کیرلا اب ملک کی پہلی ریاست بن گئی ہے جہاں تمام شہروں میں ’یونیفارم گولڈ پرائس‘ نافذ کی گئی ہے۔

    یونیفارم گولڈ پرائس کے نفاذ کے بعد اب ریاست کیرلا میں صارف کسی بھی شہر اور کسی بھی دکان میں چلا جائے، سونے کی قیمت یکساں ہوگی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیفارم گولڈ پرائس نافذ ہونے کے بعد ریاست کیرلا میں سونے کی قیمتیں بینک شرح کے مطابق ہی طے ہوں گی، اور یہ اصول صرف 916 کی شفافیت والے 22 قراط سونے پر ہی نافذ ہوگا، یعنی اس سے کم قراط والے سونے کی قیمت اب بھی کیرلا کے الگ الگ شہروں میں الگ الگ ہی ہوگی۔

    یہ فیصلہ کیرلا کے اہم جوئیلرز نے گزشتہ ہفتے کیا، واضح رہے کہ سونے کی خرید و فروخت کے معاملے میں کیرلا پورے ملک میں سرفہرست ہے۔

  • پولیس اہلکار نے دکان سے 10 کلو آم چوری کر لیے، فوٹیج وائرل

    پولیس اہلکار نے دکان سے 10 کلو آم چوری کر لیے، فوٹیج وائرل

    کیرلا: بھارتی ریاست کیرلا میں ایک پولیس اہلکار نے رات کے اندھیرے میں دکان سے 10 کلو آم چوری کر لیے، تاہم اس ’واردات‘ کی فوٹیج وائرل ہونے پر وہ بڑی مشکل میں پھنس گیا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق کیرلا پولیس کے شِہب نامی اہلکار نے دکان سے آم چرا لیے، جس کی فوٹیج وائرل ہو گئی، اور اس کے خلاف آم چوری کا مقدمہ درج ہو گیا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں وردی پہنے پولیس اہل کار کو سڑک کے کنارے دکان کے باہر رکھی آم کی پیٹیوں سے یکے بعد دیگرے آم نکال کر بائیک کے ڈبے میں رکھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    یہ واردات کنجیراپِلی کے ایک اسٹور پر کی گئی تھی، جب کہ پولیس اہل کار شِہب اِڈوکی اے آر کیمپ میں تعینات ہے۔

    رپورٹس کے مطابق شِہب آدھی رات کو گھر واپس جا رہا تھا جب اس نے ایک دکان کے سامنے اپنی بائیک روکی اور یہ دیکھنے کے بعد کہ آس پاس کوئی نہیں ہے، اس نے وہ کام کیا جس کی آپ کو کسی سرکاری ملازم سے توقع نہیں ہوگی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں اہل کار کو ایک دکان سے 600 روپے مالیت کے 10 کلو آم چوری کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ جب وہ اپنی بائیک کی سیٹ کے نیچے کی جگہ میں آم رکھ رہا تھا، تو وہ بار بار اپنے اردگرد کا جائزہ بھی لیتا رہا۔

    اہلکار اس بات سے بے خبر تھا کہ اس کی واردات قریب کی دکان پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں ریکارڈ ہو رہی ہے۔ پولیس کے مطابق انھوں نے اہل کار کو بائیک کے نمبر سے شناخت کیا ہے، تاہم وہ فرار ہے اور پولیس اس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

  • بھیانک حادثہ، موٹر سائیکل سوار خاتون کیمرے میں ہوا میں اڑتی ہوئی دکھائی دی (ویڈیو)

    بھیانک حادثہ، موٹر سائیکل سوار خاتون کیمرے میں ہوا میں اڑتی ہوئی دکھائی دی (ویڈیو)

    کیرلا: بھارت میں ایک بھیانک ٹریفک حادثہ پیش آیا ہے، تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی کو اس طرح ٹکر ماری کہ خاتون ہوا میں اڑتی ہوئی دور جا گری۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ہفتے کی شام ریاست کیرلا کے شہر مالاپورم میں سڑک پر ایک کار نے غلط ٹیک اوور کے نتیجے میں ایک موٹر سائیکل کو بری طرح ٹکر مار دی، جس سے ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

    اس حادثے کی فوٹیج قریب موجود سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہو گئی، فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون ٹکر لگتے ہی موٹر سائیکل سے ہوا میں اڑتی ہوئی دور جا گری ہے۔

    متوفی کی شناخت عبدالقادر کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنی اہلیہ رقیہ کے ساتھ گھر کی طرف جا رہا تھا، وہ ایک رشتے دار سے ملنے گئے تھے کہ واپسی پر مخالف سمت میں آنے والی کار نے انھیں ٹکر مار دی۔

    فوٹیج میں کار کے ڈرائیور کی نہایت غلط انداز میں ڈرائیونگ دیکھی جا سکتی ہے، اس نے غلط اوورٹیک کی کوشش کی جس کی وجہ سے ایک شخص کی جان چلی گئی۔ عبدالقادر کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ چند ہی روز قبل متحدہ عرب امارات سے چھٹی پر گھر آیا تھا۔

    حادثے کے نتیجے میں عبدالقادر نے موقع ہی پر دم توڑا، جب کہ ان کی اہلیہ رقیہ اس وقت نجی اسپتال میں زیر علاج ہے۔

  • ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    ہاتھی اپنے بچے کو لے کر پولیس اسٹیشن پہنچ گیا

    پولیس اسٹیشن میں یوں تو مختلف افراد اپنے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کی شکایات درج کروانے آتے ہیں لیکن بھارت میں ایک بھاری بھرکم ہاتھی اپنے بچے کے ساتھ پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست کیرالہ میں پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ہاتھی اور اس کا بچہ پولیس اسٹیشن کے دروازے سے اندر داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔

    پولیس اسٹیشن کا عقبی دروازہ جو لوہے کی جالیوں کا ہے، ہاتھی کے لیے تختہ مشق بنا ہوا ہے اور وہ اسے دھکے دے رہا ہے۔

    اس موقع پر پولیس اہلکار پریشان بھی دکھائی دیتے ہیں کہ کہیں ہاتھی دروازہ توڑنے میں کامیاب نہ ہوجائے، ہاتھی دروازہ تو نہ توڑ سکا تاہم اس کی زور آزمائی کی وجہ سے دروازے کو نقصان ضرور پہنچا ہے۔