Tag: Kerala Floods

  • کیرالہ بارش: موت بھی ماں بیٹے کو جُدا نہ کرسکی، رقت آمیز منظر

    کیرالہ بارش: موت بھی ماں بیٹے کو جُدا نہ کرسکی، رقت آمیز منظر

    نئی دہلی: بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں اور اس کے نتیجے میں ہونے والی لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اب تک تیس سے زائد افراد موت کی وادی میں جاچکے، امدادی کارروائیوں کے دوران دیکھے گئے دلخراش مناظر نے دل دہلادئیے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق کیرالہ میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے بعد امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا گیا تو اڈوکی ضلع کے گاؤں کوکیئر میں ماں بیٹے کی لازوال محبت کا منظر دیکھنے کو ملا، جسے دیکھ کر امدادی کارکنان بھی فرط جذبات سے رودئیے۔

    امدادی کارکنوں نے بتایا کہ ملبے تلے افراد کی تلاش کے دوران ماں اور بیٹے کی لاشیں ایک دوسرے سے گلے ملتے ہوئے ملی، جن کی شناخت اٹھائیس سالہ فوزیہ اور دس سالہ امین کے نام سے ہوئی، جبکہ ایک بچہ جھولے میں مردہ حالت میں ملا۔

    یہ بھی پڑھیں: بھارت: آگ میں لپٹی فیکٹری سے ملازمین کی مدد کی پکار (کمزور دل حضرات نہ دیکھیں)

    امدادی کارکنوں کے مطابق گذشتہ روز بھی کیچڑ اور ملبے کے ڈھیر سے انھیں نہایت ہی درد ناک منظر دیکھنے کو ملا تھا جب ملبے تلے دبنے والی تین بچوں کی لاشیں نکالی گئیں تو موت کے باوجود وہ ایک دوسرے کے گلے میں ہاتھ ڈالے ہوئے تھے، بچوں کی شناخت سات سال کی آمنہ ، آٹھ سال کی افسان اور چار سال کے اہیان کے ناموں سے ہوئی۔

    واقعہ کا دلخراش پہلو یہ ہے کہ یہ تمام افراد ایک ہی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔

    دوسری جانب کیرالا ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی تازہ ترین معلومات کے مطابق اکیس اکتوبر تک ریاست میں بارشوں اور تیز ہواؤں کی پیش گوئی کی گئی ہے، اس دوران 40 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  • بھارت میں طوفانی بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ 25 افراد ہلاک

    بھارت میں طوفانی بارشیں، لینڈ سلائیڈنگ 25 افراد ہلاک

    کیرالہ : بھارت ریاست کیرالہ میں شدید بارش اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے، مقامی انتظامیہ نے ریلیف کیمپ قائم کردیئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں شدید بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی ہلاکتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جہاں اب تک پچیس افراد جان کی بازی ہار گئے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق موسلادھار بارش اور لینڈ سلائیڈنگ سے ضلع کوٹایم میں مٹی کا تودہ گرنے سے تیرہ افراد ہلاک ہوئے۔ مزید بارشوں کے پیش نظر لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

    اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے کیرالہ کے پانچ اضلاع میں موسم کا ریڈ الرٹ اور سات اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ کیرالہ کے کچھ حصوں میں فوج، بحریہ اور فضائیہ نے امدادی کام کیلئے ریلیف کیمپ قائم کردئیے ہیں۔

    کیرالہ میں سیلاب کی صورتحال بہت سنگین ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق 20 تاریخ سے ریاست میں پھر زبردست بارش کے امکان ہیں، دوسری جانب کیرالہ کے وزیراعلیٰ پنارائی وجین نے اتوار کو کہا کہ ریاستی حکومت نے سیلاب زدہ علاقوں سے نکالے گئے لوگوں کی بحالی کے لیے یہاں 105 امدادی کیمپ کھولے ہیں۔