Tag: Kerala India

  • بھارت میں چمگادڑ سے پھیلنے والے ایک اور وائرس سے اموات

    بھارت میں چمگادڑ سے پھیلنے والے ایک اور وائرس سے اموات

    کیرالہ: بھارتی ریاست کیرالہ میں نپاہ وائرس سے ایک طالب علم کی موت ہوئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیرالہ کے ضلع ملاپورم کے ایک علاقے میں ایک پوسٹ گریجویٹ طالب علم نپاہ وائرس کے انفیکشن سے ہلاک ہو گیا۔

    ریاست کے وزیر صحت وینا جارج نے اتوار کے روز کیس کی تصدیق کی، طالب علم کا تعلق بنگلورو کے آچاریہ کالج سے تھا، 24 سالہ ایم ایس سی طالب علم کی موت 9 ستمبر کو ایک پرائیویٹ اسپتال میں ہوئی تھی، شک کے بنا پر ڈاکٹروں نے نپاہ وائرس کے لیے ٹیسٹ کرایا تو وہ مثبت نکل آیا۔

    حکام کے مطابق انفیکشن کے خطرے سے دوچار افراد سے رابطہ کرنے اور ان کا پتا لگانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اور 151 افراد کو مریض کے ساتھ بنیادی رابطہ فہرست میں شامل کیا گیا ہے، جن میں طالب علم کے رشتہ دار اور قریبی دوست شامل ہیں۔

    حکام کا کہنا تھا کہ ترووالی پنچایت میں ماسک پہننے سمیت سخت نپاہ پروٹوکول پابندیاں عائد کی گئی ہیں، بخار سے متاثرہ افراد سے متعلق ڈور ٹو ڈور ڈیٹا اکٹھا کرنے کا کام جاری ہے۔

    واضح رہے کہ 2018 کے بعد سے ریاست کیرالہ میں نپاہ وائرس کی یہ چھٹی وبا ہے، اس کی وجہ سے ریاست میں گزشتہ چھ سالوں میں 22 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

    نپاہ وائرس کیا ہے؟

    نپاہ وائرس (NiV) ایک زونوٹک (جانوروں سے انسان میں منتقل ہونے والا) وائرس ہے جو چمگادڑ سے انسانوں میں پھیلتا ہے، یہ ساحلی علاقوں اور بحر ہند، ہندوستان، جنوب مشرقی ایشیا اور اوشیانا کے کئی جزیروں میں پایا جاتا ہے۔ یہ وائرس جنگلی اور گھریلو جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہو سکتا ہے، اب تک صرف ایشیا میں پھیلنے کی اطلاع ملی ہے۔

    ابتدائی علامات میں بخار، سر درد، کھانسی، گلے کی سوزش، سانس لینے میں دشواری، قے، انتہائی کمزوری اور پٹھوں میں درد شامل ہیں جب کہ شدید علامات میں الجھن، غنودگی یا بدحواسی، دورے، بے ہوشی، دماغ کی سوجن شامل ہیں۔

    40 سے 75 فی صد کیسز میں موت واقع ہو سکتی ہے، نپاہ وائرس کے انفیکشن سے بچ جانے والوں نے طویل مدتی ضمنی اثرات کی اطلاع دی ہے۔

  • سفاک ملزم نے دن دہاڑے خاتون کے گلے پر چھری پھیر دی، ویڈیو وائرل

    کیرالہ : بھارت میں ایک عورت کو سفاکانہ انداز سے قتل کرنے کا واقعہ پیش آیا ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق کیرالہ کے ارناکولم ضلع میں ایک شخص نے دن دہاڑے ایک خاتون کا گلا کاٹ دیا، یہ واقعہ ایک ٹریول ایجنسی میں ویزا کے تنازعہ پر پیش آیا، زخمی خاتون آئی سی یو میں داخل ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو ایک ریکروٹمنٹ ایجنسی میں ملازمت کرنے والی خاتون پر قاتلانہ حملے کے الزام میں گرفتار کرلیا گیا ہے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    ملزم کی شناخت 47 سالہ جولی جیمز کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی خاتون کا نام سوریا ہے جس کی عمر 27سال ہے۔ اس کے پورے جسم پر خراشوں کے علاوہ گردن پر دو بڑے زخم ہیں۔

    زخمی خاتون کو فوری طور پر مقامی اسپتال لے جایا گیا، جہاں اسے انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں داخل کرلیا گیا، اس کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔

    پولیس حکام نے بتایا کہ اہلکار جائے وقوعہ سے قریب ہی ڈیوٹی پر موجود تھے جنہوں نے ملزم کو حراست میں لے لیا تاہم واردات میں استعمال ہونے والا چاقو جلد ہی برآمد کرلیا جائے گا۔

    پولیس کے مطابق ملزم نے ویزا پروسیسنگ کے لیے درخواست دی تھی اور 2019 میں ریکروٹمنٹ ایجنسی میں فیس ادا کی تھی اور تین سال سے کام نہ ہونے کی وجہ سے وہ شدید غصے میں تھا۔

    مذکورہ ملزم ریکروٹمنٹ ایجنسی میں اپنی فیس کی رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے آیا تھا، خیال کیا جارہا ہے کہ اس کا نشانہ ایجنسی کا مالک تھا اور بدقسمت خاتون اس کے غصے کا شکار ہوگئی۔

  • سائیکل سوار بچے کو خونخوار کتے نے بھنبھوڑ ڈالا، خوفناک ویڈیو وائرل

    سائیکل سوار بچے کو خونخوار کتے نے بھنبھوڑ ڈالا، خوفناک ویڈیو وائرل

    اکثر یہ دیکھا گیا ہے کہ گلی محلوں میں آوارہ پھرنے والے کتے راہ گیروں کیلیے تکلیف کا باعث بنتے ہیں، اور ان کی موجودگی خصوصاً خواتین اور بچوں کو خوف میں مبتلا کردیتی ہے۔

    بہت سے مقامات پر کتا مار مہم بھی باقاعدگی سے چلائی جاتی ہے لیکن کچھ ہی عرصے بعد یہ کتے دوبارہ اپنی نسل بڑھا کر گلیوں میں اپنا قبضہ جاری رکھتے ہیں۔

    کچھ ایسا ہی واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک گاؤں میں پیش آیا، جہاں خونخوار کتے نے سائیکل پر سوار ایک نو عمر لڑکے پر اچانک حملہ کردیا۔

    Viral Video: Dog Jumps On Boy Riding Bicycle, Attacks Him Viciously in Kerala Village

    حالیہ دنوں میں کتے کے کاٹنے کے کئی واقعات رپورٹ ہوئے ہیں، جس سے مقامی انتظامیہ میں شہریوں کی حفاظت کے حوالے سے تشویش پیدا ہوئی ہے۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو نے دیکھنے والوں کو مزید خوفزدہ کردیا کیونکہ بچے کی جانب سے کسی قسم کی کوئی شرارت نہ کرنے کے باوجود کتے نے اچانک اس کا ہاتھ دبوچ لیا۔

    مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکا ساتویں جماعت کا طالب علم ہے اور یہ واقعہ گزشتہ روز دوپہر کو پیش آیا۔ ویڈیو کلپ میں دکھایا گیا ہے کہ لڑکا ایک گلی میں داخل ہوتا ہے۔

    ایک منٹ سے بھی کم دورانیے پر مشتمل سی سی ٹی وی نے فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مذکورہ لڑکا ایک گھر کے قریب جیسے ہی اپنی سائیکل روکتا ہے تو کالا کتا اس پر حملہ کرکے اس کا ہاتھ اپنے جبڑوں میں جکڑ لیتا ہے۔

    لڑکا ایک جھٹکے سے زمین پر گر جاتا ہے جب کہ کتا اپنے جبڑے سے لڑکے کے ہاتھ پر مضبوطی سے گرفت رکھتا ہے، وہاں موجود دوسرے بچے خوفزدہ ہوکر اپنے گھروں کے اندر بھاگ جاتے ہیں۔

    زخمی ہونے والا لڑکا بھی بھاگنے کی کوشش کرتا ہے لیکن کتے کے جبڑے کی گرفت اس کے لیے بہت مضبوط ثابت ہوتی ہے۔ وہ اٹھتا ہے لیکن پھر گر جاتا ہے۔ تاہم بہت کوشش کے بعد وہ کتے سے ہاتھ چھڑا کر جان بچاکر ایک گھر میں داخل ہوجاتا ہے۔