Tag: Kevin Pietersen

  • لمبا چھکا : ٹی 20 کرکٹ کے قانون میں ترمیم کیلئے کیون پیٹرسن کا آئی سی سی کو انوکھا مشورہ

    لمبا چھکا : ٹی 20 کرکٹ کے قانون میں ترمیم کیلئے کیون پیٹرسن کا آئی سی سی کو انوکھا مشورہ

    لندن : انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کیون پیٹرسن نے مطالبہ کیا ہے کہ لمبا چھکا لگانے پر کھلاڑی کو مزید رنز دیئے جائیں، یہ انوکھا مطالبہ انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے کیا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے آئی سی سی کے قانون میں ترمیم کی سفارش کی ہے۔ کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ میں آئی سی سی کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے اصولوں میں ترمیم چاہتا ہوں۔

    انہوں نے آئی سی سی کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں اگر کوئی کرکٹر 100 میٹر سے لمبا چھکا مارے تو اسے 6 کے بجائے 12 رنز دیے جائیں۔

    سابق انگلش کرکٹر کے مطابق ایسا کرنے سے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا جوش و خروش مزید بڑھے گا، انہوں نے کہا کہ انگلش کرکٹ بورڈ دی ہنڈریڈ لیگ میں بھی یہ تجربہ کرسکتا ہے۔

    واضح رہے کہ کیون پیٹرسن سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر اکثر فعال رہتے ہیں اور کرکٹ سے متعلق اظہارِ خیال کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

  • کیون پیٹرسن کا کھلاڑیوں کو اپنی عادت بدلنے کا مشورہ

    کیون پیٹرسن کا کھلاڑیوں کو اپنی عادت بدلنے کا مشورہ

    انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں شائقین کی موجودگی میں کرکٹ میچز کا انعقاد ممکن نہیں، اس لیے کھلاڑیوں کو خالی میدانوں میں کھیلنے کی عادت ڈال لینی چاہیئے۔

    کرونا وائرس کی وجہ سے جہاں تمام کاروبار زندگی معطل ہوچکا ہے اور کھیلوں کی سرگرمیاں بھی رک گئی ہیں ایسے میں خالی اسٹیڈیمز میں میچز کروانے کی بھی تجویز دی جارہی ہے۔

    انگلینڈ کے سابق بلے باز کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ کرکٹرز کو خالی اسٹیڈیم میں کھیلنے کی عادت ڈال لینی چاہیئے۔

    انہوں نے کہا شائقین ہمارا سب سے بڑا سرمایہ ہیں اور اس وقت ان کے حوصلے پست ہیں، ایسے میں کھیل لوگوں کے حوصلے بلند کرنے کا کام کریں گے۔

    پیٹرسن کا کہنا تھا کہ حالات کو دیکھتے ہوئے ہمیں شائقین کے بغیر خالی میدانوں میں کھیلنا ہوگا۔ کھلاڑیوں کو حالات کو سمجھنا چاہیئے، کئی کھلاڑی اپنے کھیل کے عروج پر ہیں اور انہیں ضرور کھیلنا چاہیئے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ اگر شائقین اسٹیڈیم میں نہیں ہوئے تو کیا ہوا، لوگ اپنے گھروں میں ٹی وی کے ذریعے میچ دیکھ سکتے ہیں۔