Tag: KGF 2

  • کے جی ایف 2 کی آن لائن ریلیز سے متعلق خوش خبری

    کے جی ایف 2 کی آن لائن ریلیز سے متعلق خوش خبری

    یش کے شان دار ایکشن کے دیوانوں اور کے جی ایف فلم سیریز کے مداحوں کے لیے ‘کولار گولڈ فیلڈ چیپٹر ٹو’ آن لائن بھی ریلیز کر دی گئی۔

    ڈائریکٹر پرشانت نیل کی لکھی ہوئی اس پان انڈیا فلم ‘کے جی ایف: چیپٹر 2’ نے بھارت سمیت دنیا بھر میں باکس آفس پر بزنس کے نئے ریکارڈ قائم کر دیے ہیں، اب اسے مداحوں کے لیے آن لائن بھی ریلیز کر دیا گیا ہے۔

    کام یابی کے نئے ریکارڈ قائم کرنے والی اس فلم کو مختلف زبانوں میں آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم ایمیزون پرائم ویڈیو کے لیے جاری کیا گیا ہے، یہ فلم سنیماؤں پر 14 اپریل کو ریلیز کی گئی تھی، اور ریلیز کے پہلے ہی ہفتے اس نے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے بالی وڈ خانز کی سپرہٹ فلموں کے کئی ریکارڈ توڑ دیے تھے۔

    یہ فلم اب بھی عالمی سطح پر باکس آفس پر زبردست بزنس کر رہی ہے، فلم چھٹے ہفتے سے سینما گھروں میں کامیابی کے ساتھ چل رہی ہے اور اب بھی اس کی پوزیشن مستحکم ہے، حال ہی میں اس فلم نے دنیا بھر میں 1 ہزار 200 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کیا ہے اور یہ کارنامہ انجام دینے والی یہ تیسری ہندوستانی فلم بن گئی ہے۔

    اس سے قبل عامر خان کی دنگل اور ایس ایس راجا مولی کی باہو بلی: دی کنکلوژن وہ 2 فلمیں ہیں جنھوں نے دنیا بھر میں 1200 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا تھا۔

    یش کی کے جی ایف: چیپٹر 2 ایک پیریڈ ایکشن فلم ہے، جس کی تحریر اور ہدایت کاری پرشانت نیل نے دی ہے، یہ فلم ہومبیل فلمز کے وجے کیراگندور نے 100 کروڑ روپے کے بڑے بجٹ پر تیار کی ہے، فلم میں یش، سنجے دت، روینہ ٹنڈن اور سری ندھی شیٹی اہم کرداروں میں ہیں۔ پرکاش راج، مالاویکا اویناش، ایشوری راؤ اور سرن معاون کرداروں میں نظر آئے۔

    ایمیزون پرائم پر کے جی ایف 2 کو ایک ماہ بعد ویڈیو آن ڈیمانڈ پیش کیا گیا ہے، فلم ایمیزون پرائم پر Early Access اسکیم کے تحت اسٹینڈرڈ ڈیفینیشن ( SD) فارمیٹ میں پیش کی گئی ہے، جب کہ ناظرین کو ایک بار فلم شروع کرنے کے بعد اگلے 48 گھنٹے میں ختم کرنا پڑے گی، اور اسے کسی بھی طریقے سے ڈاؤن لوڈ کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

  • KGF چیپٹر 2 کا دھماکے دار ٹریلر جاری

    KGF چیپٹر 2 کا دھماکے دار ٹریلر جاری

    چار سال سے شائقین جس فلم کے سیکوئل کا انتظار کر رہے تھے، کنڑ زبان کی اس سپر ڈپر ہٹ فلم KGF چیپٹر 2 کا دھماکے دار ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

    کے جی ایف چیپٹر 2 کے تخلیق کاروں نے اتوار 27 مارچ کو بنگلورو میں دنیا کے سب سے بڑے ٹریلر کی نقاب کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا، فلم کی ٹیم نے دراصل پوری طاقت کے ساتھ پروموشن کا آغاز کر دیا ہے۔

    عام طور سے بالی ووڈ میں فلم کی ریلیز پر ایسی پروموشن تقریب منعقد کی جاتی ہے، لیکن KGF فلم کے لیے شائقین میں اتنا جنون پایا جاتا ہے کہ فلم کی ٹیم نے اس کے ٹریلر کی باقاعدہ بڑی تقریب یعنی تمام سپر اسٹارز کو ساتھ لے کر نقاب کشائی کا فیصلہ کیا۔

    2018 میں جب KGF فلم آئی تو اس نے فلم کے شائقین جنون کی حد تک اپنا گرویدہ بنایا، اور چار سال کے طویل انتظار کے بعد اب آخر کار ایک بڑی اسٹار کاسٹ کے ساتھ چیپٹر 2 کو سنیما گھروں میں 14 اپریل کو دیکھ سکیں گے۔ ہومبیل فلمز کے بینر تلے بننے والی اس تاریخی ایکشن مووی کو پرشانت نیل نے لکھا اور ڈائریکٹ کیا ہے، اور اس کے پروڈیوسر وجے کیراگندور ہیں۔

    آج بنگلورو میں فلم کے پروڈیوسرز نے فلم کی تشہیر کے لیے دنیا کے سب سے بڑے ٹریلر لانچ ایونٹ کی میزبانی کی، اور ٹریلر ریلیز کر دیا، جو ہوش اڑا دینے والے ایکشن اور دل چھونے والے ڈائیلاگز سے مزین ہے۔

    ٹریلیز لانچ تقریب میں لوگوں نے پوری کاسٹ اور عملے کے ساتھ ساتھ انڈسٹری کے بڑی شخصیات کو دیکھا۔

    KGF اور یش کے مداحوں نے ٹریلر لانچ ہونے سے پہلے ہی ٹویٹر پر اپنے جوش و خروش کا زبردست مظاہرہ کیا، ایک صارف نے لکھا ٹریلر کے لیے ایسا جنون پہلے کبھی نہیں دیکھا، ایک اور صارف نے لکھا آج وہ دن ہے جس کا ہمیں پچھلے 4 سال سے انتظار تھا۔

    واضح رہے کہ یہ کنڑ فلم تامل، تیلگو، ملیالم، اور ہندی میں بھی ریلیز کی جا رہی ہے، فلم کی شوٹنگ کنڑ میں کی گئی ہے، ہیرو یش فلم میں راکی بھائی کا کردار ادا کر رہے ہیں، وہ ہندی میں اپنی ڈبنگ خود کریں گے۔ فلم میں ان کے حریف ادھیرا کا کردار سنجے دت نے ادا کیا ہے، جب کہ روینہ ٹنڈن بھی فلم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔