Tag: khadim hussain Rizvi

  • علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ ادا، ہزاروں افراد شریک

    علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ ادا، ہزاروں افراد شریک

    لاہور : علامہ خادم حسین رضوی کی نماز جنازہ گریٹراقبال پارک میں ادا کردی گئی اس موقع پر ہزاروں افراد نے شرکت کی، مرحوم کی تدفین بعد نماز عصر کی جائے گی۔

    تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی جو گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے تھے کی نماز جنازہ لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں ادا کردی گئی۔

    مرحوم کی نماز جنازہ ان کے صاحبزادے علامہ سعد رضوی نے پڑھائی، اس موقع پر ملک بھر سے آئے ہوئے تحریک لبیک پاکستان کے کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

    جنازے سے قبل علامہ خادم حسین رضوی کی میت ان کی رہائش گاہ پر کارکنوں اور عقیدت مندوں کے دیدار کے لیے رکھ دی گئی تھی۔

    نماز جنازہ سے قبل شہریوں کو نقل و حرکت میں دشواری سے بچانے کے لیے ٹریفک کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

    یتیم خانہ چوک سے ان کے جسد خاکی کو مینار پاکستان پہنچانے میں چھ گھنٹے سے زائد کا وقت لگا، مینار پاکستان میں لوگوں کی آمد کا سلسلہ کل رات سے ہی شروع ہو چکا تھا ۔

    اس حوالے سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مرحوم کی تدفین بعد نماز عصر کی جائے گی۔

    مرحوم کے خاندانی ذرائع نے گزشتہ روز تصدیق کی تھی کہ علامہ خادم حسین رضوی گزشتہ چند روز سے بخار میں مبتلا تھے اور وہ آج قضائے الہی سے انتقال کرگئے۔

    خادم رضوی کو طبعیت بگڑنے پر شیخ زاید ہسپتال لے جایا گیا  تاہم ہسپتال انتظامیہ کے مطابق وہ ہسپتال پہنچنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔

    قبل ازیں ٹی ایل پی کے اجلاس میں مرحوم علامہ خادم حسین رضوی کے بڑے صاحبزادے سعد رضوی کو تحریک لبیک کا امیر مقرر کیا گیا، جماعت کے نئے امیر علامہ سعد رضوی نے حلف بھی اٹھا لیا ہے۔

    نماز جنازہ سے قبل شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سعد رضوی نے کہا کہ ہم علامہ خادم حسین رضوی کی نصیحت پر عمل کریں گے،گستاخی رسول کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور مرحوم کا مشن جاری رکھیں گے۔

  • خادم حسین رضوی کی نمازِجنازہ آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی

    خادم حسین رضوی کی نمازِجنازہ آج مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی

    لاہور : تحریک لبیک کےسربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نمازِ جنازہ آج دن گیارہ بجے مینار پاکستان کے میدان میں ادا کی جائے گی۔

    تفصیلات کےمطابق تحریک لبیک کےسربراہ علامہ خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ آج صبح 11 بجے ادا کی جائےگی ، میت نمازجنازہ کی ادائیگی کیلئے مینارپاکستان روانہ کردی گئی ہے۔

    خادم حسین رضوی کی نمازجنازہ مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی، کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے اور کارکنوں کی بڑی تعداد ملتان روڈ پر مسجد رحمت العالمین کے باہر موجود ہیں۔

    یاد رہے 2 روز قبل تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ مولانا خادم حسین رضوی لاہور میں وفات پاگئے تھے ، خادم رضوی چند روز سے بخار میں مبتلا تھے، طبیعت زیادہ خراب ہونےپرمولانا خادم رضوی کو شیخ زید اسپتال پہنچایا گیا، اسپتال انتظامیہ کاکہنا تھا خادم رضوی جب اسپتال پہنچے تو انتقال کرچکے تھے۔

    بعدازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان سمیت اہم سیاسی و مذہبی شخصیات نے تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

    خیال رہے خادم حسین رضوی سیاست میں آنے سے قبل لاہور میں محکمہ اوقاف کی مسجد میں خطیب تھے، ممتاز قادری کی سزا پر عملدرآمد کے بعد انہوں نے کھل کر حکومت وقت پر تنقید کی جس کی وجہ سے انہیں محکمہ اوقاف نے ان کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

  • خادم رضوی سمیت تحریک لبیک کے رہنماؤں پر بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج

    خادم رضوی سمیت تحریک لبیک کے رہنماؤں پر بغاوت اور دہشت گردی کے مقدمات درج

    اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا سب کا آئینی اور قانون حق ہے، مگر  احتجاج میں کسی کو نقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دے سکتے.

    وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کو کسی کی جان سے کھیلنے کا حق نہیں.

    انھوں نے کہا کہ کچھ شرپسندعناصرنےنظام تہہ وبالا کرنے کی کوشش کی، آئین وقانون سے متصادم احتجاج پر ریاست خاموش نہیں رہے گی، ٹی ایل پی نے جس سیاست کی ابتدا کی، وہ قانون کے خلاف تھی، پاکستان کے آئین کو للکارا گیا، دھرنےمیں 6،7 کروڑروپے کی املاک کا نقصان ہوا.

    انھوں نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف ایک بڑا آپریشن کیا گیا، ریاستی ادارے اور اپوزیشن بھی آپریشن پر آن بورڈ تھی.


    مزید پڑھیں: خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے، فواد چوہدری


    ان کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کےتمام رہنماؤں کےخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، خادم رضوی کو بغاوت اور دہشت گردی کے ایکٹ میں چارج کر دیا گیا ہے، بغاوت ودہشت گردی دفعہ عائد کی گئی ہیں، افضل قادری ، عنایت حسین شاہ اور حافظ فاروق حسن کے خلاف بھی بغاوت اور دہشت گردی کے الزام پر چارج کر دیا گیا ہے،عدالتوں میں ٹرائل ہوگا، قانون کے مطابق سزا دی جائے گی. 

    انھوں نے کہا کہ ٹی ایل پی رہنماؤں کےخلاف مقدمات انسداد دہشت گردی عدالتوں میں چلیں گے، پنجاب میں ٹی ایل پی کے 2899 افراد کوحفاظتی تحویل میں لیا گیا، سندھ میں 139، اسلام آباد میں 126 افراد کو تحویل میں لیا گیا.

    انھوں نے کہا کہ پی ٹی ایم کے دو ایم این ایز کو کل دبئی جانے سے روکا گیا، انھیں ایف آئی آر  درج ہونے کی وجہ سے روکا گیا تھا، صوابی میں درج یف آئی آر پر ضمانت نہیں کرائی گئی.

  • خادم حسین رضوی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    خادم حسین رضوی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

    لاہور : لاہور کی سیشن عدالت نے خادم حسین رضوی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے ۔

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج رائے محمد کھرل نے عبداللہ ملک کی خادم حسین رضوی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر سماعت کی ۔

    تھانہ سول لائنز کی جانب سے مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا گیا، جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ خادم حسین رضوی کے خلاف پہلے ہی 31 اکتوبر کو مقدمہ درج کیا جا چکا ہے جس میں توڑ پھوڑ ، ہنگامہ آرائی کی دفعات شامل ہیں ۔

    درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ خادم حسین رضوی نے آسیہ کیس کے فیصلے کے بعد ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر کر کے عوام کو اکسایا اور شاہراہیں بند کر کے اربوں کی املاک کو نقصان پہنچانا گیا تحریک لبیک کا یہ عمل بغاوت کے زمرے میں آتا ہے ۔

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی خادم حسین رضوی سمیت دیگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی مگر پولیس نے کارروائی نہیں کی اس لیے عدالت خادم حسین رضوی کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔

  • خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے، فواد چوہدری

    خادم حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولوی خادم  حسین رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے، یہ کارروائی 25نومبر کی احتجاجی کال واپس نہ لینے پر کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کو پولیس نے حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کردیا ہے، تحریک لبیک نے25نومبر کو اسلام آباد میں جلسے کا اعلان کر رکھا تھا جس کی کال خادم رضوی نے دی تھی۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے جان ومال اور املاک کی حفاظت حکومت کا اولین فرض ہے، تحریک لبیک عوام کےجان ومال کیلئے خطرہ بن گئی ہے اور مذہب کی آڑ لے کر سیاست کررہی ہے۔

     انہوں نے کہا کہمولوی خادم رضوی کو حفاظتی تحویل میں لے کر مہمان خانے منتقل کیا گیا ہے، یہ کارروائی 25نومبر کی احتجاجی کال واپس نہ لینے پر کی گئی ہے۔

    فوادچوہدری کا مزید کہنا ہے کہ موجودہ کارروائی کا آسیہ بی بی کیس سے کوئی تعلق نہیں، صورت حال مکمل کنٹرول میں ہے، عوام پر امن رہیں اورحکام سے تعاون کریں۔

  • فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی و دیگر ملزمان اشتہاری قرار

    فیض آباد دھرنا کیس، خادم رضوی و دیگر ملزمان اشتہاری قرار

    اسلام آباد : انسداد دہشت گردی کی عدالت نے  تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی و دیگر رہنماؤں کو مسلسل عدم حاضری پر اشتہاری قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں جج شاہ ارجمند نے فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت کی، دورانِ سماعت استغاثہ کے وکیل نے  مؤقف اختیار کیا کہ تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ اور چار ملزمان کے خلاف تھانہ آبپارہ میں مقدمات درج ہیں مگر بار بار طلبی کے باوجود وہ عدالت میں پیش نہیں ہورہے۔

    عدالت نے طلبی کے باوجود عدم حاضری پر تحریک لبیک کے خادم حسین رضوی ، پیر افضل قادری، مولانا عنایت اللہ اور شیخ اظہر  کو  اشتہاری قرار دیا۔


    مزید پڑھیں : فیض آباد دھرنا: خادم حسین رضوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری


    یاد رہے کہ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں تحریک لبیک کے رہنما خادم حسین رضوی اور پیر افضل قادری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

    گزشتہ سماعت پر پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ ملزمان کو مفرور قرار دیا جائے اور عدم حاضری کی صورت میں اشتہاری ٹھہرایا جائے۔

    اس سے قبل سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔

    واضح رہے کہ ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی پر گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دھرنا دیا گیا تھا جو تقریباً 22 روز بعد ختم ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • فیض آباد دھرنا: خادم حسین رضوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    فیض آباد دھرنا: خادم حسین رضوی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

    اسلام آباد: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے فیض آباد دھرنا کیس میں خادم حسین رضوی سمیت 3 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں فیض آباد دھرنے کے دوران پولیس چوکی پر حملے اور مقدمات کی سماعت ہوئی، عدالت نے خادم حسین رضوی سمیت تین ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے خادم حسین رضوی، مولانا عنایت اللہ، شیخ اظہر اور ضیاء اللہ خیری کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری تھانہ کھنہ میں درج تین مقدمات میں جاری کیے، ملزمان پر درج مقدمات میں پولیس پر تشدد، کار سرکار میں مداخلت سمیت دیگر سنگین نوعیت کی دفعات شامل ہیں۔

    مزید پڑھیں: فیض آباد دھرنا:عدالت میں سیکورٹی اداروں کی رپورٹس غیرتسلی بخش قرار

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے فیض آباد دھرنے سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران سیکورٹی اداروں کی رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیا تھا۔

    یاد رہے کہ ختم نبوت حلف نامے میں تبدیلی پر گزشتہ سال نومبر میں اسلام آباد کے علاقے فیض آباد میں تحریک لبیک پاکستان کی جانب سے دھرنا دیا گیا تھا جو تقریباً 22 روز بعد ختم ہوا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • لاہوردھرنا ختم کرانا بھی خادم حسین رضوی کی ذمہ داری ہے، رانا ثناء اللہ

    لاہوردھرنا ختم کرانا بھی خادم حسین رضوی کی ذمہ داری ہے، رانا ثناء اللہ

    لاہور : وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ لاہور کا دھرنا ختم کرانا بھی مولانا خادم حسین رضوی کی ذمہ داری ہے، حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان یہی معاہدہ ہوا ہے، مظاہرین میرا استعفیٰ مانگتے تو میں بھی دے دیتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ فیض آباد دھرنے والوں کا مطالبہ زاہد حامد کا استعفیٰ تھا، ان کا مطالبہ مان لیا گیا، اگر مظاہرین میرے استعفے کا مطالبہ کرتے تو میں بھی استعفی دے دیتا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور دھرنا ختم کرانا مولانا خادم حسین رضوی کی ذمہ داری ہے کہ وہ معاہدے کی عمل داری کرائیں، یہ اسلام آباد اور لاہور والے مظاہرین کا آپس کا معاملہ ہے۔


    مزید پڑھیں: لاہورمیں مذہبی جماعت کا دھرنا ختم کرنے سے انکار


    یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کے باہر دھرنا دیئے بیٹھے مظاہرین نے فیض آباد کا دھرنا ختم ہونے کے باوجود اپنا دھرنا ختم کرنے سے انکار کردیا ہے۔

    دھرنا قائدین کا مطالبہ ہے کہ وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کو بھی برطرف کیا جائے، انہوں نے واضح کیا کہ ہمارا دھرنا فیض آباد دھرنے سے مشروط نہیں ہے۔

  • آئندہ الیکشن ناموس رسالت کے نام پر لڑیں گے، خادم حسین رضوی

    آئندہ الیکشن ناموس رسالت کے نام پر لڑیں گے، خادم حسین رضوی

    کراچی : سربراہ تحریک لبیک یارسول اللہ علامہ خادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ اب ناموس رسالت کے نام پر الیکشن لڑیں گے، انتخابات فوج کی نگرانی میں اور مردم شماری صحیح اور درست انداز میں ہونی چاہئیے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک میں لبیک یا رسول اللہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، علامہ خادم حسین رضوی نے کہا کہ پاکستان مقروض سےخوشحال تب ہوگا جب گورنر حضرت سلمان فارسی جیسے ہوں آنے والا وفد انہیں نہ پہچان سکے کہ مزدور کون ہے اور گورنر کون؟

    ڈاکٹرعافیہ سے متعلق انہوں نے کہا کہ جو شخص پانامہ والا ہو وہ اوبامہ کو خط نہیں لکھ سکتا۔ خط وہ لکھ سکتا ہے جو سترہ سال کی عمر میں ایک بہن کی پکار پر سندھ آجائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ٹرمپ بھی سن لے تم نے کیا اسلام کی بنیاد پرستی ختم کرنی ہے تم محمد عربی کے شیروں کو نہیں جانتے، محمد عربی کے غلاموں کے سامنے آئے تو لگ پتہ جائے گا۔

    غازی تنویر کو پورا یورپ نہیں سنبھال پا رہا خوفزدہ ہیں ہمیں نیا دین مت پڑھاؤ پاکستان صرف اسلام اور نبی کے لیے بنا یہ کسی لبرل عیاش یا بدمعاش کے لیے نہیں بنا، کانفرنس سے ملک بشیراعوان، کراچی کے امیر علامہ سید زمان جعفری اور دیگر نے خطاب کیا۔