اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیراعظم عمران خان سمیت اہم سیاسی و مذہبی شخصیات نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی سربراہ کے انتقال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے علامہ خادم رضوی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا ہے اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کے درجات بلند فرمائے اور ان کو جوار رحمت میں جگہ دے۔
General Qamar Javed Bajwa,#COAS, expresses heartfelt condolence on the sad demise of Allama Khadim Hussain Rizvi. “May Allah Almighty bless the departed soul in eternal peace, Ameen” COAS.
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) November 19, 2020
وزیر اعظم عمران خان نے خادم حسین رضوی کے انتقال پر اہل خانہ اور کارکنان سے اظہار تعزیت کیا ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ میری تمام ہمدردیاں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہے۔
On the passing of Maulana Khadim Hussain Rizvi my condolences go to his family. Inna lillahi wa inna ilayhi raji'un.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) November 19, 2020
خادم حسین رضوی کے انتقال پر وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک بڑے عالم دین اور سچےعاشق رسول ؐسے محروم ہوگیا ہے، دین اسلام کیلئے مولانا خادم حسین کی خدمات کو تادیر یاد رکھاجائےگا۔
مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اور اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویزالٰہی کی جانب سے مولانا خادم حسین رضوی کےانتقال پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے، اپنے مشترکہ تعزیتی پیغام میں ق لیگی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مرحوم سچے عاشق رسول ؐتھے، مولانا خادم حسین رضوی کی دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی تحریک لبیک پاکستان کے قائد علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے، اپنے تعزیتی پیغام میں حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر ان کے اہل خانہ ان کے عقیدت مندوں سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، خادم حسین رضوی عاشق رسول تھے۔امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ علامہ خادم حسین رضوی نے پاکستان میں توہین رسالت ؐ کے خلاف تحریک میں لازوال کردار ادا کیا، ان کے انتقال سے پیدا ہونے والے خلا تادیر باقی رہے گا۔
علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر حافظ نعیم الرحمن نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور ان سے بھی خادم حسین رضوی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مفتی منیب الرحمن سے گفتگو میں حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ علامہ خادم حسین رضوی ناموس رسالت ؐ کے تحفظ کے حوالے سے دشمن کے ناپاک عزائم کی راہ میں آہنی دیوار تھے۔
وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بھی مولانا خادم حسین رضوی کےانتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالٰی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلٰی مقام عطافرمائے۔
واضح رہے کہ تھوڑی دیر قبل تحریک لبیک پاکستان کےسربراہ معروف عالم دین اور شعلہ بیان مقرر خادم حسین رضوی وفات پاگئے تھے، تحریک لبیک کی مرکزی قیادت نے خادم حسین رضوی کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مرحوم کی طبیعت ایک عرصے سےخراب تھی۔
اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ خادم حسین رضوی گزشتہ کئی روز سے بخار میں مبتلا تھے۔ ناسازی طبیعت کے باعث انہیں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرعلاج رہنے کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔