Tag: Khaleda Zia

  • خالدہ ضیاء بنگلادیش واپس پہنچ گئیں، بڑا مطالبہ کردیا

    خالدہ ضیاء بنگلادیش واپس پہنچ گئیں، بڑا مطالبہ کردیا

    بنگلادیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء وطن واپس پہنچ گئیں، وطن پہنچنے کے بعد ملک میں انتخابات کروانے کا مطالبہ بھی کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء بیماری کے باعث علاج کیلیے لندن میں تھیں، 4 ماہ کے علاج کے بعد وہ منگل کی صبح لندن سے واپس وطن پہنچ گئیں۔

    غیرملکی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم کے استقبال کیلیے ڈھاکا میں ایئرپورٹ پر لوگوں کی بڑی تعداد جمع تھی، وہ اپنی 2 بہوؤں کے ساتھ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی طرف سے بندوبست کی گئی ایک خصوصی ایئر ایمبولینس میں وطن واپس پہنچی ہیں۔

    بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کی رہنما کی واپسی کے بعد حکومت پر انتخابات کے انعقاد کیلیے دباؤ بڑھ گیا ہے، عبوری حکومت پر اس سال دسمبر میں انتخابات کروانے کے لیے سخت دباؤ ہے۔

    رواں برس جنوری میں سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے کرپشن کیس میں بری کردیا تھا۔

    سابق وزیراعظم اور دیگر پر 2001 سے 2006 کے دوران غیرملکی عطیات میں سے مبینہ طور پر ایک لاکھ 73 ہزار ڈالر چوری کرنے کا الزام تھا۔

    گزشتہ سال نومبر میں سابق وزیر اعظم کو بدعنوانی کے ایک اور مقدمے میں بری کر دیا گیا تھا جس میں ان پر 2005 میں ایک اور ٹرسٹ سے 31.5 ملین ٹکا کے غلط استعمال کا الزام لگایا گیا تھا۔

    بھارت اور بنگلا دیش کی ایک دوسرے پر تجارتی پابندیاں

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں طلبا کے احتجاج کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت کا تختہ اُلٹنے کے بعد خالدہ ضیاء کو رہائی مل گئی تھی، رہائی کے بعد خالدہ ضیاء علاج کے لیے لندن روانہ ہوگئیں تھیں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم ضیاء 1991 سے 1996 تک اور پھر 2001 سے 2006 تک بنگلادیش کی وزیراعظم کے منصب پر فائز رہ چکی ہیں۔

  • بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم لندن روانہ

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم لندن روانہ

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء طبیعت خراب ہونے کے باعث علاج کے لیے منگل کی شب لندن روانہ ہوگئیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر اعظم حسینہ واجد پہلے بنگلہ دیش چھوڑ چکی ہیں اور اب خالدہ ضیاء بھی بنگلہ دیش چھوڑ کر جاچکی ہیں۔ انہیں لے جانے کیلئے قطر نے اپنا طیارہ بھیجا۔

    خالدہ ضیا کے ذاتی معالج زاہد حسین کے مطابق امیر قطر نے 79 سالہ سابق وزیراعظم کو علاج کی غرض سے لے جانے کے لیے طبی آلات سمیت قطر ائیرلائن کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی ائیر ایمبولنس کا بندوبست کیا۔

    اُنہوں نے بتایا کہ سابق بنگلادیشی وزیر اعظم کو صحت کے کئی سنگین مسائل درپیش ہیں، جن میں جگر کی بیماری، دل کے مسائل اور گردے کے مسائل شامل ہیں۔

    اس سے قبل بنگلا دیش کی عبوری حکومت کی جانب سے بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کا پاسپورٹ منسوخ کر دیا گیا۔

    یہ فیصلہ منگل کو ڈھاکا میں عبوری حکومت کی جانب سے کیا گیا جس کی سربراہی نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس کررہے ہیں۔

    رپورٹس کے مطابق ملک میں مجرمانہ کارروائیوں کے پیش نظر بنگلادیش کی عبوری حکومت کی جانب سے کل 97 افراد کے پاسپورٹ منسوخ کیے گئے ہیں، جن میں سابق وزیر اعظم حسینہ واجد بھی شامل ہیں۔

    جن افراد کے پاسپورٹ منسوخ کئے گئے ہیں ان میں سے 22 پر جبری گمشدگیوں میں مبینہ ملوث ہونے کے الزامات ہیں جبکہ 75 دیگر افراد پر گزشتہ سال بنگلا دیش میں طلبہ احتجاج کے دوران قتل کے الزامات ہیں۔

    یہ پیشرفت انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل (آئی سی ٹی) کی جانب سے شیخ حسینہ اور دیگر 11 افراد کے خلاف ان کی حکومت کے دوران جبری گمشدگی اور ماورائے عدالت قتل کے مقدمے میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔

    بنگلادیش کی سابق وزیراعظم حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری

    ٹریبونل کی جانب سے ملزمان بشمول حسینہ واجد کو گرفتار کرکے 12 فروری تک پیش کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کردی گئی ہے۔

  • 6 سال قید و بند کی اذیتوں کے بعد خالدہ ضیا پہلی مرتبہ منظرعام پر آگئیں

    6 سال قید و بند کی اذیتوں کے بعد خالدہ ضیا پہلی مرتبہ منظرعام پر آگئیں

    ڈھاکہ: 6 سال کی قید و بند اور نظر بندی کی اذیتوں کے بعد، بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء پہلی مرتبہ منظر عام پر آگئیں۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء نے گزشتہ روز مسلح افواج کی ایک تقریب میں شرکت کی، جہاں ان کا استقبال عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس نے کیا۔

    اس موقع پر بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس کا کہنا تھا کہ ہم خوش قسمت ہیں اور ہمارے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ آج بیگم خالدہ ضیا یہاں موجود ہیں، تمام لوگ ان کی یہاں موجودگی کی وجہ سے بے حد خوش ہیں۔

    خالدہ ضیاء نے معزول وزیراعظم حسینہ واجد کے طویل دور حکمرانی میں خالدہ ضیا کو 2018 میں بدعنوانی کے الزام میں قید کیا گیا تھا۔

    لیکن اگست میں طلبہ انقلاب کے نتیجے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کے 15 سالہ آمرانہ دور کے خاتمے کے کچھ گھنٹوں بعد خالدہ ضیاکو رہا کردیا گیا تھا۔

    79 سالہ خالدہ ضیا گزشتہ کئی سالوں سے علیل ہیں اور وہیل چیئر کے سہارے چلتی ہیں۔

  • بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی رہائی کا حکم

    بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی رہائی کا حکم

    ڈھاکا: بنگلہ دیش کے صدر نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیا کی رہائی کا حکم دے دیا۔

     غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کے صدر محمد شہاب الدین نے سابق وزیراعظم اور مرکزی اپوزیشن جماعت بی این پی کی سربراہ خالدہ ضیا کی رہائی کا حکم دیا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خالدہ ضیاکی رہائی کا حکم صدارتی اجلاس میں دیا گیا۔

    واضح  رہےکہ 79 سالہ خالدہ ضیا 2 مرتبہ بنگلادیش کی وزیراعظم رہ چکی ہیں، وہ 2020 میں17سال کی قید کی سزا سے رہائی کے بعد سے گھر میں نظر بندی کی زندگی گزار رہی ہیں اور گزشتہ کچھ عرصے سے اسپتال میں زیر علاج رہیں، وہ ذیابیطس اور دل کے مسائل کے ساتھ ساتھ جگر کی سوزش کے عارضےکا شکار ہیں۔

    واضح رہےکہ چند گھنٹے قبل ہی ان کی حریف بنگلادیشی وزیراعظم حسینہ واجد 36 روز سے جاری طلبا تحریک کے نتیجے میں اقتدار چھوڑ کر بھارت فرار ہوئی ہیں۔

    علاوہ ازیں بنگلہ دیشی فوج کا کہنا ہے کہ کل صبح سے کرفیو ختم کردیا گیا ہے، اسکول اور کاروبار کھول دیے جائیں گے۔

  • بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمٰن کو عمر قید

    بنگلادیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے بیٹے طارق رحمٰن کو عمر قید

    ڈھاکا : بنگلا دیشی عدالت نے حسینہ واجد پر گرینڈ حملہ کیس کی سماعت کرتے ہوئے اپوزیشن جماعت بی این پی کے سربراہ طارق رحمٰن کو عمر قید جبکہ دو وزراء سمیت 19 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کے مفرور بیٹے طارق رحمٰن کو عدالت نے بدھ کے روز سماعت کرتے ہوئے عمر قید کی سزا سنا دی جبکہ اپوزیشن جماعت کے دو سابق وزراء سمیت 19 افراد کو سزائے موت سنائی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کے بیٹے طارق رحمٰن سمیت دیگر افراد کو سنہ 2004 میں گرینڈ حملے کے الزام میں سزائیں سنائی گئی ہے، جس میں 24 افراد ہلاک جبکہ موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد سمیت 500 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائم کا کہنا ہے کہ 21 اگست 2004 میں عوامی لیگ کے زیر اہتمام نکالی گئی ریلی میں حسینہ واجد کو نشانہ بنایا گیا جب وہ اپوزیشن لیڈر تھیں، تاہم بم دھماکے میں حسینہ واجد زخمی ہوگئی تھی۔

    بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 50 سالہ طارق رحمٰن خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرکے برطانوی دارالحکومت لندن میں مقیم ہیں، لہذا بنگلا دیشی عدالت نے سابق وزیر اعظم کے بیٹے کی غیر موجودگی میں کیس کی سماعت کرتے ہوئے سزا سنائی اور طارق رحمٰن کو مفرور قرار دیا۔

    بنگلا دیش کے وزیر قانون نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سفارتی ذرائع استعمال کرکے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی کے سربراہ طارق رحمٰن کو گرفتار کرکے واپس وطن لائیں گے اور عدالت سے سزائے موت دینے کی درخواست کریں گے۔

    دوسری جانب سے بنگلادیش کی اپوزیشن جماعت بی این پی نے طارق رحمٰن سمیت دیگر افراد کو دی جانے والی سزاؤں کو سیاسی انتقام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصاف کے لیے عدالت عالیہ کا دروازہ کٹھکٹائیں گے۔

    خیال رہے کہ بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیاء کو رواں برس فروری میں کرپشن الزامات کے تحت 5 برس قید کی سزا سناتے ہوئے جیل منتقل کردیا تھا۔

  • سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیا ضمانت پر رہا

    سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیا ضمانت پر رہا

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی گرفتار شدہ سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کو 4 ماہ کی عبوری ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ انہیں کرپشن کیس میں 5 سال کی سزا سنائی گئی تھی۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی اپوزیشن لیڈر اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا کی 4 ماہ کی عبوری ضمانت منظور کرلی گئی جس کے بعد انہیں رہا کردیا گیا۔

    خالدہ ضیا کو گزشتہ ماہ کرپشن کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ 2 بار وزیر اعظم رہنے والی خالدہ ضیا پر یتیم خانے کے فنڈ میں خرد برد کا الزام عائد کیا گیا۔

    خالدہ ضیا کے خلاف فیصلہ آنے سے قبل 35 سو اپوزیشن کارکنان سماجی رہنماؤں کو بھی گرفتار کیا گیا۔

    سابق وزیر اعظم نے اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کر رکھی تھی تاہم ان کے وکیل کا کہنا ہے کہ ان کی ضمانت کا فیصلہ کرنے میں بہت تاخیر کی گئی۔

    خالدہ ضیا اپنے اوپر عائد الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی بنیادوں پر قائم کردہ الزامات قرار دیتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انہیں اور ان کے خاندان کو سیاست سے علیحدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیا کو کرپشن کیس میں 5 سال کی سزا

    سابق بنگلہ دیشی وزیر اعظم خالدہ ضیا کو کرپشن کیس میں 5 سال کی سزا

    ڈھاکہ: بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کو کرپشن کیس میں 5 سال کی سزا سنا دی گئی۔ خالدہ ضیا پر یتیم خانے کے فنڈ میں خرد برد کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کی اپوزیشن لیڈر اور بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی سربراہ خالدہ ضیا کو کرپشن کے الزام میں 5 سال قید کی سزا سنا دی گئی۔ 2 بار وزیر اعظم رہنے والی خالدہ ضیا پر یتیم خانے کے فنڈ میں خرد برد کا الزام ہے۔

    خالدہ ضیا سے متعلق کیس کے فیصلے کے موقع پر دارالحکومت میں سخت سیکیورٹی عائد کی گئی تھی۔ سڑکوں پر 5 ہزار سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔

    پیشی کے موقع پر خالدہ ضیا کی گاڑی کے ساتھ ان کی پارٹی کے ہزاروں کارکنان نعرے بازی کرتے ہوئے عدالت پہنچے۔

    نیشنلسٹ پارٹی کی جانب سے مظاہروں کی خدشات کی بنا پر شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

    فیصلہ آنے سے قبل 35 سو اپوزیشن کارکنان سماجی رہنماؤں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔

    دوسری جانب خالدہ ضیا نے اپنے اوپر عائد الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے انہیں سیاسی بنیادوں پر قائم کردہ الزامات قرار دیا اور کہا کہ انہیں اور ان کے خاندان کو سیاست سے علیحدہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔