Tag: khalid maqbool sidddique

  • جنگ کی سازش کی تو بھارت کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، خالد مقبول صدیقی

    جنگ کی سازش کی تو بھارت کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی اس خطے کا مقدر بن کررہے گی، جنگ کی سازش کی تو بھارت کو اس کی بھاری قیمت چکانی پڑے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ایم کیو ایم کی مرکزی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم پاکستان کے زیراہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیاں نکالی گئیں، اس سلسلے میں سوک سینٹر میں مرکزی ریلی کے شرکاء سے خالد مقبول صدیقی، میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کشمیر کی آزادی اس خطے کا مقدر بن کررہے گی، بھارت نے کشمیرکی حیثیت تبدیل کرکے مذموم مقاصد کو اجاگر کردیا، مقبوضہ کشمیرکی آزادی تک ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔

    جنگ کی سازش کی تو بھارت کو بھاری قیمت چکانی پڑے گی، رلی کے شرکاء سے خطاب میں میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی حرکتوں سے باز نہ آیا تو کراچی کے3 کروڑ لوگ بارڈر کی طرف مارچ کریں گے۔

    مزید پڑھیں : کشمیر آور ، پاکستان کے کروڑوں عوام کا کشمیریوں سے فقید المثال اظہار یکجہتی

    یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر جمعہ کے روز 12 سے ساڑھے بارہ بجے تک مظلوم کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پوری قوم نے کشمیر آور منایا، پاکستانی قوم گھروں سے باہر نکل آئی اس موقع پر پاکستان اور کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔

  • ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے، لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیوایم پاکستان کے نئے کارکنان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، تقریب سے فیصل سبزواری، میئرکراچی وسیم اختر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

    اپنے خطاب میں ایم کیو ایم کے کنوینئر اور وفاقی وزیر آئی ٹی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ آج ایم کیو ایم ماضی کی طاقت سے بڑھ کر اور مزید مضبوط ہوکر سامنے آئی ہے کیونکہ ایم کیو ایم کو ختم کرنے والوں کا مشن اب خود بند ہوچکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم غریب اور متوسط طبقے کو ایوانوں میں لے کر آئے گی، خالد مقبول صدیقی  نے مطالبہ کیا کہ ہمارے لاپتہ کارکنوں کو بازیاب کرایا جائے۔

    استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ دھونس اور دھمکیوں سے جانے والے کارکنان ایم کیو ایم میں واپس آگئے ہیں۔

    ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ جبر اور طاقت کا زور ختم ہوگا تو کارکنان پارٹی میں واپس آ ئیں گے اور آج ہم سب نے دیکھا کہ سیکڑوں کارکنان نام نہاد جماعت پی ایس پی سے واپس آگئے ہیں۔

    فیصل سبزواری نے بتایا کہ ان کارکنان کو تشدد، گرفتاریوں اور مارنے کی دھمکیاں دے کر پارٹی چھڑائی گئی تھی، کراچی کے نوجوانوں کے لئے بھی عام معافی کا اعلان کیا جائے۔

    استقبالیہ سے مئیر کراچی وسیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پر شب خون مارنے والے آج کہیں نظرنہیں آرہے، آج بھی ایم کیو ایم ایک منظم اور متحد جماعت ہے۔

    میئر کراچی وسیم اختر کا مزید کہنا تھا کہ آج بھی مہاجر قوم پتنگ کے انتخابی نشان کے پیچھے کھڑی ہے، پارٹی میں واپس آنے والے تمام کارکنوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

  • ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    ہمارا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں نکھر رہی ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کےشہری علاقوں کامینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، ایم کیوایم بکھر نہیں بلکہ نکھر رہی ہے، انتخابی مہم کا آغاز کردیا ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادرآباد دفتر کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کے ہمراہ ڈاکٹر فاروق ستار، عامرخان، فیصل سبز واری اور دیگر بھی موجود تھے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کل سے ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغازکررہی ہے، ہمارےپاس انتخابی دفاترموجودنہیں ہیں، گھر گھر جاکر مہم چلائیں گے، پرامن جدوجہد سے ہی اپنے مقاصد حاصل کریں گے، ایم کیوایم بکھرنہیں رہی بلکہ نکھررہی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کاووٹ ایم کیوایم کو ہی ملےگا، ان علاقوں کا مینڈیٹ تبدیل نہیں ہوگا، انہوں نے بتایا کہ کئی سیاسی جماعتوں کے سربراہ کراچی سے الیکشن لڑرہے ہیں، سازشوں کے باوجود ایم کیوایم متحد ہوکر انتخابی مہم کا آغاز کررہی ہے، عدم تصادم اورعدم تشدد کی سیاست کے قائل ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ کوٹہ سسٹم کے خلاف عدالتوں تک گئی، اس کیس کا فیصلہ بھی آگیا ہےاب اس پر عمل درآمد ہونا باقی ہے، ہم سے زیادہ اس شہر کے درد کو کون سمجھ سکتا ہے، کراچی کو اس کا حق دیاجائے۔

    قبل ازیں خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس بہادرآباد آفس میں ہوا، اجلاس میں عامرخان، فاروق ستار، فیصل سبزواری سمیت اراکین اور امیدواربھی شریک تھے۔

    اجلاس میں انتخابی مہم، حکمت عملی اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایم کیوایم یکم جولائی سے سندھ بھرمیں اپنی انتخابی مہم شروع کرے گی۔

    مزید پڑھیں : آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ایم کیو ایم الیکشن میں اتر رہی ہے، خواجہ اظہار

    رابطہ کمیٹی اراکین، امیدواروں کو گھرگھر جاکر انتخابی مہم چلانےاور گلی گلی کارنرمیٹنگز کی ہدایت کی گئی، رابطہ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ انتخابات میں کسی سےسیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کریں گے البتہ سیاسی جماعتوں سے ملاقاتیں جاری رہیں گی، ذرائع ایم کیوایم کا کہنا ہے کہ اندرون سندھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ یاحمایت کا آپشن کھلا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیراہتمام غرباء و مساکین میں راشن، نقد رقوم تقسیم

    خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیراہتمام غرباء و مساکین میں راشن، نقد رقوم تقسیم

    کراچی : خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیراہتمام ماہ رمضان کے موقع پر امدادی پروگرام میں غرباء و مساکین میں راشن اور نقد رقوم تقسیم کی گئیں، خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ کے کے ایف کا ایم کیو ایم کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں بعض جماعتیں سیاست کے لیے خدمت کر رہی ہیں، کے کے ایف کا ایم کیو ایم کی سیاست سے کوئی تعلق نہیں، یہ فلاحی ادارہ بلا امتیاز رنگ و نسل اپنا کام کر رہا ہے۔

    یہ بات انہوں نے متحدہ قومی موومنٹ کے زیراہتمام ماہ رمضان میں غریبوں اور مستحقین میں راشن اور نقد رقوم تقسیم کرنے کی تقریب کے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایم کیو ایم کے فلاحی ادارے خدمت خلق فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام امدادی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، جس میں غرباء، یتیم، مساکین اور مستحقین میں کروڑوں روپے کا امدادی سامان، راشن اور نقد رقوم تقسیم کی گئی۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کے کے ایف کے ٹرسٹی خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ سیاست کی سزا فلاحی ادارے کو نہ دی جائے، کے کے ایف کو کھبی سیاست کے لیے استعمال نہیں کیا۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ کے کے ایف کے حوالے سے جو دور اندیشیاں یا الزامات ہیں ان کو بیٹھ کر دور کیا جا سکتا ہے، تاہم یہ فلاحی ادارہ خدا کی خوشنودی کے لیے اپناکام کرتا رہے گا، ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا تھا کہ متحدہ قومی موومنٹ ہی نے سیاست میں خدمت کو متعارف کرایا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔ 

  • پارٹی سربراہ کے پاس اختیارنہیں کردارہونا چاہئے، ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی

    پارٹی سربراہ کے پاس اختیارنہیں کردارہونا چاہئے، ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی

    کراچی :  ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد گروپ کے سربراہ خالدمقبول صدیقی نے کہا ہے کہ چہروں، ناموں، لیڈروں کی تقسیم سے ایم کیو ایم تقسیم نہیں ہوگی، سربراہ کے پاس اختیار نہیں کردار ہونا چاہئے۔

    ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کراچی میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ قوم کی تقسیم کے کسی عمل میں شریک نہیں ہوں گے، کارکنان کی تعداد بتارہی ہے کہ تقسیم کا تاثر غلط ہے، چہروں، ناموں، لیڈروں کی تقسیم سے ایم کیو ایم تقسیم نہیں ہوگی۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ اب پارٹی اصولوں آئین اور روایات کے مطابق کام ہوگا، اپنی قربانیاں گنوانے والے اپنے ماضی پر نظر ڈالیں، پارٹی سربراہ کے پاس اختیار نہیں بلکہ کردار ہونا چاہئے، آنے والا وقت ایم کیو ایم پاکستان کا ہے۔

    واضح  رہے کہ اس سے قبل پی آئی بی کالونی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستارکا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پی آئی بی میں واپس لوٹنے والی نگہت مرزا پر دباؤ ڈالنے اوردھکمياں دينے والے سینیٹرز کے خلاف خالد مقبول صدیقی سے کارروائی کا مطالبہ کرديا ہے، بيرسٹر فروغ نسيم اور بيرسٹر سيف نے ہمدردی کی آڑ میں نگہت مرزا پر دباؤ ڈالا۔

    فاروق ستار نے کہا کہ زور اور زبردستی میں خواتین کو بھی نہیں بخشا جارہا، خالد مقبول سے میں اورہماری خواتین بھی بات کرینگی، جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا، ایسی صورتحال میں جو بڑے لوگ ہیں وہ مجھے فون کرتے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ دنوں سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں بہادر آباد اور پی آئی بی ایک ساتھ کھڑے ہیں، ایم کیو ایم کے علاوہ کسی اور پلیٹ فارم سے آئیں تو مہاجر قوم ووٹ کی خیرات نہ دے۔

    مزید پڑھیں: فاروق ستار کہاں جائیں گے، انہیں بہادر آباد ہی آنا ہے، خالد مقبول صدیقی

    انہوں نے کہا کہ مل جل کر آگے بڑھیں گے تو بیرونی قوت نہ جھکا سکتی ہے اور نہ ہی ختم کر سکتی ہے، حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور اداروں کا نام استعمال ہونے کی تحقیقات کرے، تشدداور نفرت ہمارا طرز سیاست نہیں، جبر کی سیاست نہ کبھی کی ہے اور نہ قبول کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • ایم کیو ایم کنونیئر شپ کیس: آئندہ سماعت تک حکم امتناعی برقرار رکھنے کا حکم

    ایم کیو ایم کنونیئر شپ کیس: آئندہ سماعت تک حکم امتناعی برقرار رکھنے کا حکم

     اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کنونیر شپ کیس کی سماعت کے دوران ایڈوکیٹ فروغ نسیم نے کہا کہ منشور کے تحت کنونیئر پارٹی کا اجلاس طلب نہیں کرسکتا، جسٹس عامر فاروق نے آئندہ سماعت تک حکم امتناعی برقرار رکھنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے فاروق ستار کو کنوینئر شپ سے ہٹانے اور انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، ڈاکٹر فاروق ستار کی دائر درخواست کی سماعت جسٹس عامر فاروق نے کی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کی جانب سے عدالت میں بیرسٹر بابر ستار پیش ہوئے، دوران سماعت بابر ستار ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے رہنما خالد مقبول صدیقی کے پاک سر زمین پارٹی سے خفیہ تعلقات ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی کی جانب سے بیرسٹر فروغ نسیم ہائی کورٹ میں پیش ہوئے تھے، ایڈوکیٹ فروغ نسیم نے عدالت کو بتایا کہ متحدہ قومی موومنٹ کے منشور کے تحت کنونیئر کو پارٹی کا اجلاس طلب کرنے کے اختیارات نہیں ہیں۔

    دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد جسٹس عامر فاروق نے کیس سماعت کل تک ملتوی کردی ہے، جسٹس عامر فاوق کل کورٹ میں فاروق ستار کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بھی کریں گے۔

    فاروق ستار کے خلاف توہین عدالت کی درخواست بیرسٹر فروغ نسیم نے خالد مقبول صدیقی کی جانب سے دائر کی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دو یوم تاسیس ، کامران ٹیسوری پارٹی تقسیم کا باعث ہے، خالد مقبول صدیقی

    دو یوم تاسیس ، کامران ٹیسوری پارٹی تقسیم کا باعث ہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری متنازع ہوکر تنظیم کی تقسیم کا باعث بن رہا ہے، دو دو یوم تاسیس منائے جارہے ہیں، تاریخ کسی کو تو گناہ گار ٹھہرائے گی۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک کراچی میں ایم کیو ایم کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مجھے قیادت کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے، میں پارٹی کے قیادت کے لائق بھی نہیں ہوں.

    انہہوں نے کہا کہ آج بھی فاروق ستار بھائی سے کہتا ہوں کہ میری کنوینر شپ امانت ہے مجھ سے لے جائیں، تنظیم ابھی کہہ دے تو کنوینر شپ چھوڑ کر پچھلی صف میں بیٹھ جاؤں گا۔

    انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری متنازع ہوچکا ہے اور تنظیم کی تقسیم کا باعث بن رہا ہے، میں نے فاروق ستار سے کہا تھا کہ کامران ٹیسوری میں اور آپ عہدے چھوڑ دیتے ہیں، فاروق ستار مجھے بھی موقع دیں درجن ٹیسوری میں بھی ڈھونڈ لوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ کیا میں آج تک اپنے کسی دوست کو رابطہ کمیٹی میں لایا؟ کسی دوست یارشتے دار کو داخلے تک نہیں دلائے، نہ ہی کسی کو چپڑاسی کی نوکری دلائی،آج پارٹی کے دو دو یوم تاسیس منائے جارہے ہیں، تاریخ کسی کو تو گناہ گارٹھہرائے گی؟ آج تنظیم تقسیم ہورہی ہے یہاں کارکنان ہیں وہاں امیدوار بیٹھے ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں امیدوار معیار کے مطابق لایا جائے گا، ٹکٹ دینے کا اختیار رابطہ کمیٹی کے پاس ہے کسی فرد کے پاس نہیں۔

    انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیوایم پاکستان کبھی تبدیل نہیں ہوگی، حکمران جان گئے ہیں کہ مہاجروں کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، ہم مہاجروں کےصوبے کا مطالبہ نہیں کررہے مگر اس سے دستبردار بھی نہیں ہیں، مہاجروں کا نعرہ ہے متروکہ سندھ ہمارا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ یہاں جان بچا کر نہیں آئے تھے، ہم آئے تو ہی یہ خطہ پاکستان بنا۔ پاکستان بنا تو سندھ کے 25فیصد شہروں میں ہندوؤں کی اکثریت تھی۔

    خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی جمہوریت میں ہے، مردم شماری میں کی جانیوالی دھاندلی کو مسترد کرتے ہیں، جبری طور پر لاپتہ ایم کیوایم کے کارکنان کو رہا کیاجائے۔

    سندھ کے شہری علاقوں کیلئے فنڈز فراہم کئےجائیں، کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کی حالت بہتر بنائی جائے، اداروں کی نجکاری کے نام پر مزدوروں کا استحصال بند کیاجائے۔

    فاروق بھائی نے تقسیم کی بات کی جو قابل قبول نہیں، عامر خان

    یوم تاسیس کی تقریب سے ایم کیوایم بہادرآباد کے رہنما عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار بھائی نے پارٹی کو تقسیم کرنے کی شرط رکھی جو قابل قبول نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم نے فاروق ستار بھائی کی سب شرطیں مان لیں تھیں جب مزید بات کرنے جاتے تو ہر بار نئی شرائط سامنے رکھ دیتے،۔ اب وہ رابطہ کمیٹی کو ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔

    انہوں نے شرط رکھی کہ دس پی آئی بی اور دس بہادرآباد کے رہنما رابطہ کمیٹی میں رکھے جائیں، یہ ایم کیوایم رابطہ کمیٹی کی تقسیم نہیں پارٹی کی تقسیم ہے۔

  • الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی ایم کیوایم کا نیا کنوینئرتسلیم کرلیا

    الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی ایم کیوایم کا نیا کنوینئرتسلیم کرلیا

    اسلام آباد / کراچی : الیکشن کمیشن نے خالد مقبول صدیقی کو ایم کیو ایم کا کنوینئر تسلیم کرلیا، فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ رابطہ کمیٹی میں کوئی سرکاری ملازم نہیں، فاروق ستار چاہیں تو قانونی چارہ جوئی کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو الیکشن کمیشن نے ایم کیو ایم کا نیا کنوینئر تسلیم کرلیا ہے، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے پارٹی رجسٹریشن پرنظرثانی کیلئے الیکشن کمیشن میں قرارداد جمع کرائی گئی تھی۔

    قرارداد میں کہا گیا تھا کہ پارٹی کی رجسٹریشن خالد مقبول صدیقی کے نام کی جائے کیونکہ خالد مقبول ایم کیوایم پاکستان رابطہ کمیٹی کےنئے کنوینئر ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی نے بحیثیت کنوینئر الیکشن کمیشن کو پارٹی آئین کی کاپی بھی فراہم کی تھی جس پر ریٹرننگ افسر نے الیکشن کمیشن سے رہنمائی طلب کی تھی۔

    علاوہ ازیں ایم کیو ایم پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماایم کیوایم بیرسٹرفروغ نسیم نے کہا کہ فاروق ستار قانونی چارا جوئی کرنا چاہتےہیں تو ضرورکریں، ایم کیو ایم پاکستان کا ایک دفتر صرف بہادر آباد میں ہے، پارٹی کے دو دھڑےنہیں ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نوٹیفکیشن کی ضرورت نہیں، پارٹی آئین کےتحت رابطہ کمیٹی جسےچاہےٹکٹ دےسکتی ہے، ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نےدوتہائی اکثریت سےفیصلےکئےہیں، رابطہ کمیٹی میں کوئی سرکاری ملازم نہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیوایم کا جوآئین ہے اسی پر سب کوعمل کرنا چاہیے۔


    مزید پڑھیں: ایم کیوایم رابطہ کمیٹی نے خالد مقبول صدیقی کو کنونیر مقرر کردیا


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے، خالد مقبول صدیقی

    کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری اب رابطہ کمیٹی کے ممبر نہیں رہے،  ڈاکٹر فاروق ستار ہی ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ہیں۔ 

    یہ بات انہوں نے ایم کیو ایم کے عارضی مرکز بہادر آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کو6ماہ کے لئے معطل کیا گیا ہے، ڈاکٹر فاروق ستار ایم کیوایم پاکستان کے کنوینر ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کو رابطہ کمیٹی کا ممبر بنانے کی80فیصد لوگوں نے مخالفت کی ہے، عامرخان نےکہہ دیا تھا کہ وہ سینیٹ الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان نے سینیٹ الیکشن کیلئے چھ نام تجویز کئے تھے، جس میں نسرین جلیل، فروغ نسیم، امین الحق کے نام بھی تجویز کیے گئے تھے، اس کے علاوہ شبیر قائمخانی، عامرخان اور کامران ٹیسوری کا نام بھی تجویزکیا گیا۔

    فاروق ستار دو ساتھیوں کی قربانی دے کر کامران ٹیسوری کو سینیٹ ممبر بنانا چاہتے ہیں، فاروق ستار کا یہ فیصلہ بھی سرآنکھوں پر رکھا جاسکتا تھا، کیونکہ فاروق ستارکی کامران ٹیسوری سے طویل رفاقت رہی ہے،لیکن ایم کیوایم میں انفرادی خواہش پر کسی کو کبھی عہدے نہیں دیئےگئے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیوایم کو ایک بار پھرحیرت انگیز فیصلے کاسامنا کرنا پڑا، اس سے پہلے کامران ٹیسوری کو ڈپٹی کنوینر بنانے کا فیصلہ حیرت انگیز تھا.

    فاروق ستار نے بائیکاٹ کی دھمکی دیکر کامران کو ڈپٹی کنوینر بنایا تھا، حالانکہ اس وقت کامران ٹیسوری کوپارٹی میں آئے ایک سال بھی نہیں ہوا تھا.

    انہوں نے مزید کہا کہ جیلوں میں قربانیاں دینے والے بھی ڈپٹی کنوینر نہیں بنے، کنوینراور ڈپٹی کنوینر کو رابطہ کمیٹی کا فیصلہ تبدیل کرنے کا اختیار نہیں۔

  • انیس جون 92 کے شہداء کے لواحقین کو انصاف دیا جائے، خالد مقبول صدیقی

    انیس جون 92 کے شہداء کے لواحقین کو انصاف دیا جائے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے ڈپٹی کنونیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے 19 جون 1992ء کی 25 ویں برسی کے موقع پر اپنے خصوصی بیان میں کہا کہ 19، جون 1992ء کو ایم کیو ایم اور مہاجروں پر شب خون مارا گیا۔

    اس دن ایم کیو ایم کے سینکڑوں کارکنان کو حق پرستی کا علم بلند کرنے کی پاداش میں نہ صرف بے دردی سے شہید و لاپتہ کیا گیا بلکہ سینکڑوں مہاجروں کو پابند سلاسل کردیا گیا جوکہ تاحال اسیری کی کرب ناک زندگی گزرنے پر مجبور ہیں۔ 25 سال گزرجانے کے باوجود آج تک 19 جون 1992ء کے شہداء کے لواحقین اور لاپتہ و اسیر کارکنان کے اہل خانہ کو انصاف نہیں مل سکا۔

    انہوں نے کہا کہ 1992ء کے بعد آنے والی حکومتوں نے بھی مہاجر قوم اور انکی واحد نمائندہ جماعت ایم کیو ایم (پاکستان) کو تختہ مشق بناکر مسلسل اذیت و تکالیف کا شکار رکھا گیا اور یہ سلسلہ آج بھی ہنوز جاری ہے۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 19 جون 1992ء کا دن مہاجر قوم کے لئے سیاہ باب کی حیثیت رکھتا ہے، 19 جون کو شروع ہونے والے ریاستی جبر میں 20 ہزار سے زائد کارکنان شہید و لاپتہ اور ہزاروں اسیر ہوئے۔

    انہوں نے کہا کہ ہم آج بھی اپنے اس موٴقف کا اعادہ کرتے ہیں کہ یہ تحریک شہیدوں، اسیروں اور لاپتہ کارکنان کی امانت ہے اور ہم ان کی قربانیوں کو کبھی رائیگان نہیں جانے دینے کا عہد کرتے ہیں۔

    ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ارباب اقتدار سے مطالبہ کیا کہ 19 جون 1992ء سمیت تمام سانحات میں شہید ہونے والے مہاجروں کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے اسیر و لاپتہ کارکنان کے اہل خانہ کو بھی انصاف فراہم کیا جائے اور انکے پیاروں کو ان سے ملوایا جائے۔