Tag: khalid maqbool siddique

  • ایسے حالات ہوگئے کہ حکمران خود دھرنا دے رہے ہیں، خالد مقبول

    ایسے حالات ہوگئے کہ حکمران خود دھرنا دے رہے ہیں، خالد مقبول

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ اب ایسے حالات آگئے ہیں کہ حکومت خود دھرنے پر ہے، موجودہ نظام کو بڑی بے شرمی سے جمہوری نظام کہا جاتا ہے۔

    کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان پہلے دن سے کہتی رہی ہے کہ ہم جاگیرداروں کی جماعت نہیں ہیں، پاکستان کی سیاست کے جمعہ بازار میں سینیٹر کی قیمت74کروڑ تک بھی پہنچی، ہم نےخریداری نہیں کی بلکہ اپنے پڑھے لکھے سینیٹر سینیٹ میں بھیجے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی، آئینی، معاشی اور اخلاقی سمیت کئی بحران جمع ہوگئے ہیں کہ طوفان آجائے، ایسے حالات آگئے ہیں کہ حکمران خود دھرنا دے رہے ہیں، پرانے نسخوں سے تبدیلی نہیں آسکتی، قوم کو نیا نہیں ایک بہتر پاکستان چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ایک مضبوط جمہوری نظام کی ضرورت ہے، موجودہ نظام کو بڑی بےشرمی سے جمہوری نظام کہا جاتا ہے، ایسا ہونہیں سکتا کہ جاگیردارانہ نظام بھی اور جمہوریت بھی ہو، ملک کی تقدیر بدلنے کے لیے عوام کو آگے بڑھنا ہوگا۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں،4مرتبہ ایم این اے رہا ہوں،
    4مرتبہ الیکشن لڑے لیکن10 روپے بھی خرچ نہیں کیے، ایم کیوایم پاکستان مڈل کلاس امیدواروں کو بغیرخرچہ کے الیکشن لڑاتی ہے۔

    ایم کیوایم کے خلاف طاقت کا بھرپور استعمال کیا گیا، ہم کسی سے پیسے نہیں لیتے،ایم کیوایم کے خلاف بہت سے آپریشن ہوئے، جو لوگ خاندانی سیاست کرتے ہیں انہیں یہ دہشت گردی نظرآتی ہے، ایم کیوایم کی مخالفت لسان پر نہیں بلکہ طبقات کی وجہ سے ہے کیونکہ ایم کیوایم غریب اور مڈل کلاس کی جماعت ہے۔

  • ایم کیوایم ہر ظلم کیخلاف مزاحمت کرے گی، خالد مقبول صدیقی

    ایم کیوایم ہر ظلم کیخلاف مزاحمت کرے گی، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ پاکستان میں صرف دو قومیتیں آباد ہیں ایک ظالم دوسرا مظلوم، ہم اب ہر ظلم کیخلاف مزاحمت کریں گے۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے39ویں یوم تاسیس کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے غریبوں اور مظلوموں کو ایک پرچم تلے جمع کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کیا ہم پاکستان بنانے کا مقصد حاصل کرچکےہیں؟ ہم نے آزادی حاصل کرنے کی قدر نہیں کی، لاکھوں، کروڑوں لوگوں نے تاریخ کی سب سے بڑی ہجرت کی تھی، اب ایم کیوایم پاکستان ہر ظلم کے خلاف مزاحمت کرے گی۔

    خالد مقبول نے کہا کہ آج کراچی نے پورے پاکستان کو پیغام دے دیا ہے کہ پاکستان بنانے والوں کی اولادوں کو پاکستان بچانے کا وعدہ نبھانا پڑا، اگر 75سال بعد بھی عوام اپنے مقدر پرخوش ہیں تو پھر کچھ نہیں بدلنے والا۔

    ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر نے کہا کہ پاکستان کے بسنے والوں کی نمائندگی یہاں موجود ہے، اس ملک میں دو طرح کے لوگ ہیں ایک حاکم اور دوسرا محکوم، تمام محکوم ایک آوازہوکر اور ایک پرچم تلے جمع ہوکراپنی جدوجہد کریں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ طاقت ہماری تہذیب نہیں بلکہ تہذیب ہماری طاقت ہے، قوم کو غلامی سے بچانےکیلئے ایک نئی اور تازہ جدوجہدکا آغازکرنا ہے، مظلوموں کیلئے کوئی بھی تحریک شروع ہوگی تو ایم کیوایم ساتھ دے گی۔

    خالد مقبول صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ آپ کا بیانیہ کیا ہے؟ تو میں بتاتا چلوں کہ ہماری 35سال کی تاریخ ہمارا بیانیہ ہے، ہمیں سب سے پہلے پاکستان کے غریبوں کو آئینی تحفظ فراہم کرنا ہے۔

    باغ جناح کراچی میں ہونے والے جلسہ عام سے متحدہ قوممنٹ کے مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، نسرین جلیل اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

  • "جہاں چند خاندان حکمران ہوں وہاں کیسا انصاف اور کیسی تبدیلی”

    "جہاں چند خاندان حکمران ہوں وہاں کیسا انصاف اور کیسی تبدیلی”

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جاگیرداروں اور موروثی سیاست سے ملک میں تبدیلی نہیں لائی جاسکتی۔

    یہ بات انہوں نے کراچی میں ایم کیوایم کے مرکز بہادر آباد پر وکلاء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی میں ہی ریاست کا استحکام ہے۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان ان کے ہاتھ میں آیا جو تاریخ کے بہترین غلام اور بدترین آقا ثابت ہوئے یہاں کا آئین معذور، قانون مجبور، انصاف مفرور ہے، اسمبلیوں میں بیٹھے لوگوں کی ضمیر برائے فروخت کی تختیاں لگی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کمزور معاشرے جاگیرداروں سرمایہ داروں کے لیے قانون بناتے ہیں، خان ہو، زرداری یا شریف ان سے کہا ہے کہ پہلے اسمبلیوں میں تبدیلی لائیں، جہاں چند خاندان نمائندگی کررہے ہوں وہاں کیسا انصاف اور کیسی تبدیلی۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جس نے کبھی لاڑکانہ کے نلکوں کا پانی بھی نہ پیا ہو وہ عام شہری کیلئے کیا قانون بنائے گا؟ یہ نظام جبر، جاہلیت اور ملائیت پر پلتا ہے۔

    متحدہ کنوینئر نے کہا کہ اگر آپ کی عدالتیں آزاد ہیں تو گھر پر آرام سے جاکر سوجائیں، اگرعدالت آزاد نہیں تو ہم سب کو کھڑا ہونا ہوگا، آئین خود کو محفوظ نہ رکھ سکا تو پاکستان کو کیسے محفوظ رکھ سکتا ہے۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ملک میں ٹیکس دینے کا ٹھیکہ صرف کراچی نے نہیں لیا، بلدیاتی انتخابات میں ہماری خیرات سے کچھ لوگ کامیاب ہوئے، کامیاب ہونے والے اس شہر کے نمائندے نہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور ووٹر لسٹوں کے ساتھ نئے الیکشن کا مطالبہ کررہے ہیں، ہم سب کو دعوت دیتے ہیں کہ آئیں اور ہمارا ساتھ دیں۔

  • مہاجر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، خالد مقبول صدیقی

    مہاجر پاکستان کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : کنوینر ایم کیوایم پاکستان خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ مہاجر ملک کی نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہمارے ہوتے ہوئے پاکستان کے استحقاق کو کوئی خطرے میں نہیں ڈال سکتا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم پاکستان کے زیر اہتمام نشتر پارک کراچی میں خواتین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ اپنی عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ کراچی آمریت کے خلاف پاکستان کاسب سے مضبوط مورچہ اور جمہوریت کا سب سے بلند قلعہ ہے، مہاجرقوم حوصلہ رکھے، مہاجروں کو کوئی ختم نہیں کرسکتا آپ کی شناخت کوئی نہیں مٹاسکتا۔

    خالدمقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ جہاں ہم کھڑے ہیں وہ پاکستان ہے، ہم یہاں آئے ہیں تو یہ پاکستان ہے، ایم کیوایم کو ختم کرنے والے اپنا حوصلہ ختم کرچکے ہیں، جو راستہ روکتے تھے وہ اپنا راستہ بھول چکے ہیں۔

    کنوینر ایم کیوایم پاکستان نے کہا کہ ہم پاکستان بنانے والوں کی اولادیں ہیں، ہم نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں، ہم بھارت کو کہتے ہیں کہ ہم تمہاری سرحدوں کو توڑ کر آئے تھے۔

  • واپس کیسے اور کب آنا ہے؟ فیصلہ فاروق ستار بھائی کریں گے، خالد مقبول

    واپس کیسے اور کب آنا ہے؟ فیصلہ فاروق ستار بھائی کریں گے، خالد مقبول

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بارش کے بعد کراچی کی صورتحال بہتر نہیں اسے بہتر کرنا ہوگا۔

    کراچی میں نماز عید الاضحیٰ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران خالد مقبول صدیقی سے ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا ایم کیو ایم پاکستان میں ڈاکٹر فاروق ستار کی واپسی ہو رہی ہے؟

    جس کے جواب میں خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاروق ستار بھائی سے ملاقاتیں خفیہ نہیں تھیں، واپسی کیسے آنا ہے اور کب آناہے یہ فیصلہ فاروق ستار بھائی نے خود طے کرنا ہے۔

    ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کراچی شہر میں تو ابھی مزید بارشیں ہوں گی، گزشتہ دور میں سابق میئر وسیم اختر کے پاس اختیارات نہیں تھے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی صورتحال بہتر نہیں مزید بہتر کرنا ہوگی۔

  • دنیا میں کہیں بھی وزراء کے مقابلے نہیں کرائے جاتے، خالد مقبول صدیقی

    دنیا میں کہیں بھی وزراء کے مقابلے نہیں کرائے جاتے، خالد مقبول صدیقی

    کراچی : وفاقی وزراء میں کارکردگی کی بنیاد پر سرٹیفکیٹ بانٹنے کا معاملہ متنازع ہوگیا، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے طریقہ کار پر اعتراض اٹھا دیا۔

    ان خیالات کا اظہار  خالد مقبول صدیقی نے میڈیا نمائندوں ست گفتگو کرتے ہوئے کیا  اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ماضی میں نہ پاکستان اور نہ ہی بیرون ملک ایسی کوئی مثال دیکھی۔

    انہوں نے کہا کہ دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں جہاں وزراء کی کارکردگی جانچنے کیلئے مقابلے کرائے جائیں، ایسے اقدامات سے حکومت کی غیرسنجیدگی کا تاثر سامنے آتا ہے۔

    خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ حکومت کی اس غیرسنجیدگی کا ہم پہلے بھی گلہ کرتے رہے ہیں وزراء کا اہم مقام ہوتا ہے، ان کی عزت واحترام کو ملحوظ خاطر رکھنا چاہیے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے کنوینئر نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ جیسے حکومت کوئی کھلونا ہے جو کھیلنے کے لیے دی گئی ہے۔

    علاوہ ازیں ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس شروع ہوگیا، اجلاس کی صدارت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کر رہے ہیں، اجلاس میں رابطہ کمیٹی بڑھتی ہوئی مہنگائی پر اپنےلائحہ عمل کا فیصلہ کرے گی۔

  • ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں جانے کا اعلان کردیا

    ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں جانے کا اعلان کردیا

    کراچی : ایم کیوایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں جانے کا اعلان کردیا، خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہماری طرف سے امین الحق اور فیصل سبزواری وزارتوں میں ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کل اسد عمر کراچی آئے تھے ان کے ساتھ بھی میٹنگ تھی۔

    کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہبنما متحدہ قومی موومنٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف اور ہمارے درمیان کئی چیزوں کا طے ہونا باقی تھا، یہ طے ہوا کہ تمام معاملات کو حتمی شکل دے دی جائے۔

    تمام مطالبات میں اتنی پیش رفت ہوگئی کہ ہمیں اطمینان ہے، ہم بہتر سمجھتے ہیں اب کابینہ میں واپس جانا چاہئے، فیصلہ کیا ہے کہ ہم اب کابینہ کا حصہ ہوں گے۔

    جب دفاتر کھلیں گے، کارکنان واپس آئیں گے تو ہم کابینہ میں ہوں گے، ہماری طرف سے امین الحق اور فیصل سبزواری وزارتوں میں ہوں گے، ایم کیوایم اور پی ٹی آئی اتحاد یاد رکھا جائے گا۔

  • جہانگیر ترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دے دی

    جہانگیر ترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دے دی

    کراچی : پی ٹی آئی رہنما جہانگیرترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے مسائل اہمیت کے حامل ہیں لیکن کچھ چیزیں ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا۔

    یہ بات انہوں نے بہادرآباد کراچی میں متحدہ رہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر کہی، تفصیلات کےمطابق اتحادیوں کو منانے کے مشن پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیرترین اور وزیر دفاع پرویزخٹک ایم کیوایم کے مرکز بہادرآباد پہنچے جہاں انہوں نے متحدہ رہنماؤں سے ملاقات کی۔

    پی ٹی آئی کے وفد میں جہانگیرترین، وفاقی وزراء اسد عمر، پرویزخٹک کے علاوہ فردوس شمیم نقوی،خرم شیرزمان اورحلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ رہنماؤں کی گفتگو کے دوران جہانگیر ترین نے خالد مقبول کو کابینہ میں دوبارہ شمولیت کی دعوت دی۔

    ایم کیو ایم نے تمام مطالبات اور دونوں تحریری معاہدے جہانگیر ترین اور پرویز خٹک کے سامنے رکھ دئیے، وزارت کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ کابینہ میں شامل ہونا اتنا بڑا مسئلہ نہیں ایم کیوایم کے مسائل زیادہ اہم ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہمیں بتایا جائے کہ مسائل کب حل ہوں گے، ہم نے17ماہ تک انتظار کیا مگر صرف دعوے اور وعدے ملے۔

    جہانگیرترین نے کہا کہ ہمارے لیے بھی ایم کیوایم کے مسائل اہمیت کے حامل ہیں، لیکن کچھ چیزیں ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا، خالد بھائی ہم چاہتے ہیں کہ آپ ساتھ رہ کر ملک و کراچی کی خدمت کریں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک کی خدمت ہمیشہ کی ہے اور کریں گے، ملک کی خدمت کیلئے کسی وزارت کی ضرورت نہیں، ہمارے لئے عوام کے مسائل اہم ہیں ایم کیوایم کے دفاتر بھی کھلنے چاہئیں۔

    فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ فاٹا کو پیکج مل جاتا ہے، کراچی کو ایک ارب کیلئے ترسایا جارہا ہے جبکہ محمد حسین نے کہا کہ بتایا جائے کونسی آئینی شق ہے جو کراچی کو فنڈز دینے سے روکتی ہے۔

    اس موقع پر پرویز خٹک نے کہا کہ خالد بھائی ہم آپ کے مسائل حل کرنے آئے ہیں، وزیراعظم عمران خان نے خصوصی طور پر آپ کے پاس بھیجا ہے۔

    یاد رہے 12 جنوری کو ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی جانب سے استعفی کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے دوسرے ہی روز 13 جنوری کو وفاقی وزیر اسد عمر ایم کیو ایم پاکستان کو منانے بہادرآباد گئے تھے تاہم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے اپنا فیصلہ واپس لینے سے صاف انکار کردیا تھا اور پھر 16 جنوری کو اپنا استعفی بھی وزیر اعظم عمران خان کو ارسال کردیا تھا۔

  • متحدہ کے تحفظات دور کریں گے، اسد عمر، اب وزارت نہیں چاہیے، خالد مقبول

    متحدہ کے تحفظات دور کریں گے، اسد عمر، اب وزارت نہیں چاہیے، خالد مقبول

    کراچی : وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کے تحفظات کو دور کیا جائے گا جبکہ ایم کیو ایم رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اب وزارتیں نہیں بلکہ عوامی مسائل حل کئے جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی کے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد وفاقی وزیر اسد عمر نے ہنگامی طور پر خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کرلیا۔

    متحدہ رہنما سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات کو دور کیا جائے گا، کل ہمارا وفد ایم کیوایم کے بہادر آباد دفتر جائے گا۔

    اس حوالے سے ایم کیو ایم ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیلیفونک گفتگو میں خالد مقبول صدیقی نے اسد عمر کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا، خالد مقبول صدیقی نے اسد عمر سے گلے شکوے کیے۔

    ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ میئرکراچی کو ترقیاتی کاموں کیلئے25ارب روپے نہیں دئیے گئے۔

    وعدے کے مطابق حیدرآباد کے میئر کو بھی 5ارب روپے کی ادائیگی ہونا تھی، حکومت کی طرف سے صرف وعدے کئے جارہے ہیں جن پر عمل درآمد بھی نہیں کیا جارہا، اب تک ایک روپیہ بھی کراچی کو نہیں دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : خالد مقبول صدیقی کا وزارت چھوڑنے کا اعلان، ایم کیوایم حکومت کا حصہ رہے گی

    خالدمقبول صدیقی نے اپنے تحفظات ک ااظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان پر عوام کا بہت دباؤ ہے، ہمیں اب وفاق میں وزارتیں نہیں چاہئیں بلکہ عوامی مسائل حل کئے جائیں۔

  • خالد مقبول صدیقی کو بہت پہلے ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا، ڈاکٹر فاروق ستار

    خالد مقبول صدیقی کو بہت پہلے ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا، ڈاکٹر فاروق ستار

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے سابق رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ خالد مقبول صدیقی نے دیر کردی، انہیں پہلے ہی استعفیٰ دے دینا چاہیے تھا، وفاقی وزرا کو کراچی کے مسائل کا ادراک ہی نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر آئی ٹی خالد مقبول صدیقی کے مستعفی ہونے پر اپنے رد عمل میں کیا، اس حوالے سے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ تنظیم بحالی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ میری بات آج سو فیصد درست ثابت ہوئی ہے۔

    ہمیں 2018کے الیکشن نتائج کو ہی تسلیم نہیں کرنا چاہیے تھا، موجودہ وفاقی حکومت نے ڈیڑھ سال میں ایک پیسہ بھی کراچی کی ترقی کیلئے اب تک خرچ نہیں کیا، خالد مقبول صدیقی نے بہت دیر کردی انہیں یہ استعفیٰ پہلے دے دینا چاہیے تھا۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان آج اپنی پوزیشن سے نچلی سطح پر ہے، ایم کیوایم پاکستان کو کئی ماہ پہلے ہی وفاق کو چھوڑ دینا چاہیے تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پانی اب پلوں کے نیچے سے بہت سارا بہہ گیا ہے ،ایم کیوایم پاکستان کی ساکھ اب بہتر نہیں ہوگی، میرے خیال میں اب خالد مقبول کو پارٹی سے بھی مستعفی ہوجانا چاہیے۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان اور وفاقی حکومت کے پاس کراچی کے مسائل کاحل نہیں ہے، فردوس عاشق اعوان اور دیگر وفاقی وزرا کو بھی کراچی کے مسائل کا ٹھیک سے ادراک نہیں ہے، کراچی میں مینڈیٹ چوری ہوا، ایم کیوایم پاکستان اپنی ناکامی پر پردہ ڈال رہی ہے۔