Tag: khana kaaba

  • غلاف کعبہ یکم محرم 1446 ہجری کو تبدیل ہوگا

    غلاف کعبہ یکم محرم 1446 ہجری کو تبدیل ہوگا

    غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں، غلاف کعبہ یکم محرم 1446 ہجری کو تبدیل ہوگا۔

    رپورٹ کے مطابق غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، کسوا کو تبدیل کرنے کیلئے 159 ہنر مند تکنیکی ماہرین اور کاریگر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ خانہ کعبہ کے غلاف کی تیاری میں 200 سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں۔

    اس میں دنیا کی سب سے بڑی 16 میٹر طویل سلائی مشین استعمال کی جاتی ہے، غلاف کعبہ کی تیاری میں  ایک ہزار کلو گرام خام ریشم استعمال ہوتاہے، غلاف کی تیاری کیلئے کنگ عبدالعزیز کسوہ کمپلیکس میں جدید مشینیں ہیں۔

    مشینیں قرآنی آیات کی کڑھائی، آیات، دعاؤں کیلئے کالا ریشم تیار کرتی ہیں، مشینیں سادہ ریشم بھی تیار کرتی ہیں جن پر آیات پرنٹ کی جاتی ہیں، سونے اورچاندی کے دھاگوں سے کشیدہ کاری بھی کی جاتی ہے، غلاف کی تیاری میں 120 کلو گرام سونا اور 100  کلو گرام چاندی کا دھاگہ استعمال کیا جاتا ہے۔

  • آج سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا

    آج سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا

    ریاض: آج بروز اتوار سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا جس سے کعبے کی سمت کا باآسانی تعین کیا جاسکے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق جدہ میں فلکیاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اتوار 28 مئی کو سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا۔

    جدہ کی فلکیاتی کمیٹی کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نظام شمسی کے مطالعے سے معلوم ہوا کہ اتوار کی دوپہر کو 12:18 پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔

    فلکیاتی کمیٹی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فلکیاتی حساب کے مطابق سورج خانہ کعبہ کے اوپر 90 ڈگری کے زاویے پر ہوگا جس سے کعبے کا سایہ ظاہر نہیں ہوگا، اس وقت خط استوا پر خانہ کعبہ کی سمت کا تعین باآسانی کیا جاسکے گا۔

    یاد رہے کہ قدیم زمانے کے لوگ اسی سادہ طریقے سے قبلے کا رخ متعین کیا کرتے تھے، یہ طریقہ کار نتیجے کے اعتبار سے جدید ٹیکنالوجی سے کم نہیں۔

  • خانہ کعبہ میں طواف کے دوران بارش، روح پرور مناظر کی تصاویر

    ریاض: سعودی عرب کے شہر مقدس مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کے طواف اور عبادت کے دوران بادل بھی برستے رہے، حرم کعبہ میں بارش کی خوبصورت تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی عرب میں مسجد الحرام مکہ مکرمہ میں سوموار کے روز شدید بارش ہوئی جس کے دوران بھی عمرہ زائرین طواف اور عبادت میں مصروف رہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ نے مسجد الحرام کی خدمت پر مامور متعدد سرکاری اداروں کے تعاون سے مسجد الحرام میں بارش کے مسائل سے نمٹنے کے لیے ہنگامی اسکیموں پر عمل درآمد شروع کر رکھا ہے۔

    حرمین شریفین انتظامیہ کی کوشش ہے کہ عبادت کے دوران زائرین کی سلامتی کو یقینی بنایا جائے۔

    انتظامیہ 200 سے زیادہ نگرانوں، 4 ہزار کارکنان اور 500 سے زیادہ مشینوں کے ذریعے بارش کے دوران پیش آنے والے مسائل سے نمٹ رہی ہے۔

    بارش کے دوران مطاف، نماز کے مقامات اور داخلی راستوں پر فوری طور پر پانی کی نکاسی اور فرش خشک کیے جانے کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

  • سعودی عرب : خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب

    سعودی عرب : خانہ کعبہ کو غسل دینے کی روح پرور تقریب

    مکہ مکرمہ : سعودی عرب میں آج بروز جمعرات غسلِ کعبہ انجام دیا گیا، اس موقع پر کورونا وائرس کے تناظر میں تمام تر احتیاطی تدابیر کا خاص خیال رکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق خانہ کعبہ کو  غسل دینے کے تقریب کا اہتما کیا گیا، مکہ مکرمہ کے گورنر شہزادہ خالد الفیصل شاہ سلمان کی نمائندگی کرتے ہوئے غسل کی کارروائی کی نگرانی کی۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزيز آل سعود نے بیت اللہ کے غسل کی منظوری دی تھی۔ مسجد حرام اور مسجد نبوی کے امور کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے زائرین کے لیے خصوصی توجہ اور دیکھ بھال پر دونوں شخصیات کا شکریہ ادا کیا۔

    خانہ کعبہ کو ہر سال آب زمزم میں عرقِ گلاب ملا کر غسل دیا جاتا ہے، غسل کے بعد طواف کعبہ اور نوافل بھی ادا کیے جاتے ہیں۔ فرش کو آب زم زم اور عرق گلاب بہا کر کھجور کے پتوں کی مدد سے تیار کردہ جھاڑو سے صاف کیا جاتا ہے جبکہ خانہ کعبہ کی اندرونی دیواروں کو خوشبووں میں بھیگے سفید کپڑے سے دھویا  گیا۔

    یاد رہے کہ عموماً سال میں دو مرتبہ غسل کعبہ انجام دیا جاتا ہے تاہم گزشتہ سال صرف ایک مرتبہ یعنی 15 محرم 1441 ہجری کو غسل انجام دیا گیا۔ مسجد حرام میں جاری توسیعی منصوبوں کے سبب شعبان کے مہینے میں مقررہ دوسرا غسل منسوخ کر دیا گیا تھا۔

    غسل کعبہ کا عمل رسول اللہ کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے انجام دیا جاتا ہے۔ آپ جب فتح مکہ کے موقع پر خانہ کعبہ میں داخل ہوئے تو آپ نے اس کو بتوں سے پاک کیا اور اس کو غسل دیا۔ بعد ازاں خلفاء راشدین نے بھی اس سنت کو جاری رکھا جو تاحال جاری ہے۔

    کسی بھی مسلمان کے لیے سب سے مقدس جگہ خانہ کعبہ ہے، کرہ ارض پر تعمیر کی گی پہلی عبادت گاہ کو حضرت ابرہیم علیہ السلام نے اپنے صاحبزادے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے ساتھ مل کر اُسی خدو خال اور بنیادوں پر دوبارہ تعمیرکیا جیسا کہ پہلی مرتبہ تعمیر کیا گیا تھا۔

    حضرت ابراہیم کی رہنمائی کے لیے جناب جبرائیلؑ موجود تھے جو کعبتہ اللہ کی گمشدہ بنیادوں کی نشاند ہی کرتے جاتے اور خلیل اللہ تعمیر کرتے جاتے جس کی ایک تاریخی سند مقام ابراہیم کی صورت میں آج بھی موجود ہے جسے اللہ نے قرآن میں جائے نماز بنانے کا حکم دے کر جاودانی بخش دی۔

  • سورج خانہ کعبہ کے اوپر آئے گا، قبلے کی سمت متعین کی جاسکے گی

    سورج خانہ کعبہ کے اوپر آئے گا، قبلے کی سمت متعین کی جاسکے گی

    ریاض: کل بدھ کے روز 12 بج کر 26 منٹ (مقامی وقت) پر سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا جس سے دنیا بھر میں قبلے کی سمت متعین کی جاسکے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں فلکیاتی انجمن کے سربراہ انجینیئر ماجد ابو زاہرہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ بدھ 15 جولائی 24 ذی قعدہ کو سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا۔

    ابو زاہرہ کا کہنا ہے کہ ظہر کی اذان پر مکہ مکرمہ میں دن کے 12 بج کر 26 منٹ پر سورج خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا، اس وقت سورج کا سایہ ختم ہوجائے گا۔

    ان کے مطابق یہ سال رواں 2020 کے دوران اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہوگا۔

    فلکیاتی انجمن کے سربراہ کا کہنا ہے کہ خانہ کعبہ کے اوپر سورج کے نمودار ہونے کے وقت کرہ ارض کے محور کا میلان 23.5 ڈگری کے زاویے پر ہوگا، اس کے باعث سورج بظاہر شمال میں السرطان اور جنوب میں الجدی کے درمیان منتقل ہورہا ہوگا۔

    ابو زاہرہ نے بتایا کہ جب بھی سورج خانہ کعبہ کے اوپر آتا ہے تب مکہ مکرمہ سے دور دراز علاقوں کے باشندوں کے لیے قبلے کی سمت متعین کرنے میں مدد ملتی ہے۔

  • چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا، لیکن کب؟

    چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا، لیکن کب؟

    ریاض: جدہ کی فلکیاتی سوسائٹی کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز چاند خانہ کعبہ کے بالکل اوپر ہوگا، اس سے قبلے کا رخ متعین کرنے میں آسانی ہوگی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں فلکیاتی علوم کی سوسائٹی نے بتایا ہے کہ 7 رمضان جمعرات 30 اپریل کو چاند خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا اور مملکت بھر میں کسی دوربین کے بغیر دیکھا جاسکے گا۔

    جدہ فلکیاتی سوسائٹی کے سربراہ ماجد ابو زاہرہ نے اپنے فیس بک صفحے پر کہا ہے کہ چاند رات کو گیارہ بج کر 39 منٹ پر مکہ مکرمہ کے افق پر نظر آئے گا۔

    انہوں نے بتایا کہ جس وقت چاند خانہ کعبہ کے اوپر ہوگا اس وقت وہ 895151 ڈگری کی اونچائی پر ہوگا، چاند 47.8 فیصد روشن ہوگا اور سورج سے 3 لاکھ 87 ہزار 154 کلو میٹر کے فاصلے پر ہوگا۔

    ابو زاہرہ نے مزید کہا کہ چاند کے خانہ کعبہ کے اوپر نظر آنے کا واقعہ ستاروں اور سیاروں کی گردش سے متعلق ماہرین فلکیات کے دقیق ترین حساب کا پتہ دیتا ہے۔ اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ ماہرین چاند سمیت تمام ستاروں اور سیاروں کے محل وقوع کی نشاندہی دقیق ترین شکل میں کر رہے ہیں۔

    ابو زاہرہ نے مزید کہا کہ چاند کے خانہ کعبہ کے اوپر نظر آنے کی مدد سے قبلے کا رخ آسانی سے متعین کیا جاسکتا ہے۔

    دور دراز ممالک کے باشندے اس وقت خانہ کعبہ کی طرف قبلے کا رخ ہونے یا نہ ہونے کا پتہ آسانی سے لگا سکتے ہیں، ماضی میں دنیا بھر کے لوگ اسی طرح قبلے کا رخ متعین کیا کرتے تھے۔

    یاد رہے کہ ا س سال چاند خانہ کعبہ پر دوسری مرتبہ نظر آئے گا اس سے قبل 6 مارچ 2020 کو چاند اس پوزیشن پر آیا تھا۔

  • کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے خانہ کعبہ میں صفائی کے سخت انتظامات

    ریاض: زائرین کی حفاظت کے پیش نظر خانہ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ میں صفائی کے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاہم کرونا وائرس کے خدشے کے تحت ان انتظامات میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی حکومت نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے انتظامات کے لیے جنرل پریذیڈنسی کے نام سے ایک ادارہ قائم کیا ہوا ہے جس کے سربراہ اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن السدیس احتیاطی تدابیر کی نگرانی کر رہے ہیں۔

    جنرل پریذیڈنسی کے سیکریٹری محمد بن مصلح الجابری نے احتیاطی تدابیر کے بارے میں بتایا ہے کہ ایک خصوصی مشین کا انتظام کیا گیا ہے جس سے مسجد الحرام کے فرش، چھتوں اور قالینوں پر جراثیم کش اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ مسجد الحرام کے دروازوں، نماز کی جگہوں اور تمام خالی مقامات پر جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے اور قالینوں پر بھی اس کا اسپرے کیا جا رہا ہے۔

    انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام میں قالین کی تبدیلی کا دورانیہ محدود کردیا گیا ہے اور یہ جلدی جلدی تبدیل کیے جارہے ہیں۔ مسجد الحرام کے اندرونی و بیرونی صحن 24 گھنٹے میں 6 مرتبہ دھوئے جا رہے ہیں۔

    الجابری کا کہنا ہے کہ ضرورت پڑنے پر صحنوں کی دھلائی الگ سے کی جاتی ہے، طہارت خانوں کی صفائی بھی 6 مرتبہ کی جارہی ہے۔ آب زمزم کی ٹونٹیوں پر جراثیم کش اسپرے بھی بار بار کیا جارہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آب زمزم کے کولر کے اسٹینڈز اور استعمال شدہ گلاس بھی فوراً تبدیل کیے جارہے ہیں، تازہ ہوا کا انتظام بھی صد فیصد کردیا گیا ہے۔

    مسجد الحرام و مسجد نبوی ﷺ کی جنرل پریذیڈنسی کی خصوصی ٹیموں نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عمرے اور زیارت کے لیے آنے والوں کو حفاظتی ماسک بھی پیش کرنا شروع کر دیے ہیں۔

  • حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    حرم شریف کا فرش روزانہ کتنی مرتبہ دھویا جاتا ہے؟

    ریاض: حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ حرم شریف میں آنے والے زائرین کی صحت و سلامتی کا خصوصی خیال رکھا جاتا ہے اور حرم شریف کی صفائی کے لیے سخت اصول اپنائے جاتے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ نے کہا ہے کہ حرم مکی شریف اور مسجد نبوی ﷺ کے زائرین کی سلامتی کے لیے روزانہ چار مرتبہ فرش کودھویا جاتا ہے جبکہ 13 ہزار 500 قالین روزانہ تبدیل کر دیے جاتے ہیں۔

    حرمین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جن قالینوں پر نماز پڑھی جاتی ہے انہیں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی آلات کے ذریعہ صاف کیا جاتا ہے، پھر انہیں جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے۔

    حرم مکی شریف میں قالینوں کے شعبے کے سربراہ جابر بن احمد ودعانی نے کہا ہے کہ حرم مکی میں بچھائے جانے والے تمام قالین صرف ایک دن استعمال کیے جاتے ہیں۔

    ان کے مطابق ان قالینوں کو روزانہ صاف کیا جاتا ہے اور انتہائی جدید آلات کی مدد سے جراثیم سے پاک کیا جاتا ہے، علاوہ ازیں حرم کے جن مقامات میں قالین نہیں بچھے وہاں روزانہ چار مرتبہ جراثیم کش مواد سے صفائی کی جاتی ہے۔

    اس سے قبل حرم شریف کی صفائی کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ طواف کرنے والوں کی راہ میں کوئی رکاوٹ پیدا کیے بغیر کس طرح منٹوں میں 5 لاکھ مربع میٹر رقبے کو دھو کر صاف کر دیا جاتا ہے۔

    ادارہ امور حرمین کے مطابق حرم کے فرش کو دھونے کے عمل کا مکمل دورانیہ 45 منٹ کا ہے، اس دوران پانچ لاکھ مربع میٹر فرش کو جراثیم کش ادویات سے دھونے کے بعد خوشبو والے محلول سے مہکایا جاتا ہے۔

    حرم کے فرش کی دھلائی میں 3 ہزار 76 کارکن حصہ لیتے ہیں جو مختلف شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دیتے ہیں۔

  • وزیراعظم عمران خان کی خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی کی تصویر وائرل

    وزیراعظم عمران خان کی خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی کی تصویر وائرل

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب میں خانہ کعبہ کے اندر نماز کی ادائیگی اور بیت اللہ میں عمرہ ادائیگی کی تصاویر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دورہ سعودی عرب کی تصاویر منٖظر عام پر آگئی، وزیر اعظم کے خصوصی مشیرو سابق انفارمیشن سیکرٹری نعیم الحق نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصویر شیئر کی، جس میں وزیر اعظم عمران خان خانہ کعبہ کے اندر نماز ادا کر رہے ہیں ۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصاویر شیئر کی ، جس میں وزیراعظم عمران خان وفد کے ہمراہ عمرے کی ادائیگی کررہے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا  میں خادم حرمین شریفین کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، جنہوں نے ہمیں روضہ رسول اور خانہ کعبہ کے اندر داخل ہونے کا موقع فراہم کیا اور ہم نے باب توبہ کے نوافل ادا کیے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو وفد کے ہمراہ روضہ رسولﷺ کی زیارت کی ، وزیراعظم کی آمد پر روضہ رسولﷺکے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم عمران خان کے لئے خانہ کعبہ کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا

    بعد ازاں وزیراعظم نے مکہ مکرمہ میں عمرہ ادا کیا، بیت اللہ پہنچنے پر وزیراعظم کے لئے خصوصی طور پر خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا گیا، جہاں وہ وفد کے ساتھ بیت اللہ شریف میں داخل ہوئے، نوافل ادا کیےاور پاکستان اور عالم اسلام کی سلامتی کے لئے دعائیں کیں۔

  • خانہ کعبہ کے اوپر کسی بھی شے کا پرواز کرنا نا ممکن، لیکن کیوں؟

    خانہ کعبہ کے اوپر کسی بھی شے کا پرواز کرنا نا ممکن، لیکن کیوں؟

    کیا آپ جانتے ہیں خانہ کعبہ کے عین اوپر کسی بھی ہوائی جہاز کا گزرنا منع ہے، ایسا کیوں ہے؟ اس کی وجہ جان کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔

    جدید سائنس کے تحت کی جانے والی تمام پیمائشوں اور پیمانوں کے مطابق خانہ کعبہ بلا شک و شبہ زمین کا مرکز ہے۔ یہ وہ مقام ہے جو زمین کے بالکل بیچ میں واقع ہے۔

    زمین کے درمیان کا مقام ہونے کی وجہ سے قدرتی طور پر زمین کی تمام کشش ثقل کا مرکز بھی یہی مقام ہے اور یہی وہ خاصیت ہے جو اسے دوسرے مقامات سے منفرد بناتی ہے۔

    زمین کی کشش ثقل کا مرکز ہونے کی وجہ سے یہاں شدید مقناطیسی کشش پائی جاتی ہے یہی وجہ ہے کہ یہاں کسی چیز کا پرواز کرنا نا ممکن ہے۔

    اگر آپ اپنے ہاتھ میں مقناطیس کا ٹکڑا لیں تو آپ دیکھیں گے کہ اس کے بالکل درمیان میں کوئی چیز نہیں چپک سکتی، مقناطیسی کشش کے اثر سے وہ شے ہوا میں جھولتی ہوئی مقناطیس کے دائیں یا بائیں طرف چپک جائے گی۔

    بالکل یہی فارمولہ خانہ کعبہ کے اوپر بھی لاگو ہوتا ہے۔ مرکزی مقام اور مقناطیسی کشش کی شدت ہونے کے سبب یہ نا ممکن ہے کہ کوئی طیارہ حتیٰ کہ پرندہ بھی خانہ کعبہ کے عین اوپر پرواز کرسکے۔ البتہ خانہ کعبہ کے ارد گرد لاتعداد پرندے پرواز کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: خانہ کعبہ ۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام سے آج تک

    یہاں ہم آپ کو ایک اور حیرت انگیز معلومات دیتے چلیں کہ خانہ کعبہ سے جو روشنی نکلتی ہے وہ آسمانوں اور خلاؤں کا سینہ چیر کر بنا کسی رکاوٹ کے سیدھا ساتویں آسمان تک جا پہنچتی ہے جہاں بیت المعمور واقع ہے۔

    قرآن کریم کے مطابق بیت المعمور فرشتوں کا خانہ کعبہ ہے اور ہر روز 70 ہزار فرشتے اس کعبے کا طواف کرتے ہیں۔ زمین پر بنایا گیا خانہ کعبہ اسی کعبے کی طرز پر بنایا گیا ہے جس کا حکم خدا نے دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔