Tag: khana kaaba

  • خانہ کعبہ اورمسجد نبوی میں تصاویر اورویڈیو بنانے پرپابندی

    خانہ کعبہ اورمسجد نبوی میں تصاویر اورویڈیو بنانے پرپابندی

    ریاض : سعودی عرب کی حکومت نے خانہ کعبہ اور مسجد نبوی کے اندر اور باہر کسی بھی قسم کی تصویر یا ویڈیو بنانے پر پابندی عائد کردی ہے، خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے حجاج اور عمرہ زائرین کیلئے ایک حکم جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حرمین شریفین کی حدود میں موبائل فون کے ذریعے کسی بھی قسم کی ویڈیو یا تصویر لینا قطعاً منع ہے۔

    اس حوالے سے سعودی وزارت خارجہ نے تمام سفارت خانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے شہریوں کو اس حکم کا سختی سے پابند بنائیں۔

    سعودی وزیر خارجہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق مملکت میں  آنے والے معتمرین اور عازمین حج کو اس بات سے آگاہ کر دیا جائے کہ وہ حرمین میں اپنے موبائل یا کیمروں سے سیلفیاں اور تصاویر نہ بنائیں۔ خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

    سعودی میڈیا کے مطابق مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین اور حجاج حرمین شریفین میں اپنا زیادہ وقت تصویر کشی میں ضائع کرتے ہیں جس سے ان کی اور دوسروں کی عبادت میں خلل پڑتا ہے۔

    لہٰذا اس ضمن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس حکم پر عمل درآمد کرائیں اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے کیمرے اور موبائل فون بحق سرکار ضبط کرلیے جائیں۔

  • دنیا کی سب سے بڑی افطاری خانہ کعبہ میں ہوتی ہے

    دنیا کی سب سے بڑی افطاری خانہ کعبہ میں ہوتی ہے

    مکہ مکرمہ : دنیا کی سب سے بڑی افطاری خانہ کعبہ میں ہوتی ہے۔

    رمضان المبارک کے مہینے میں روزانہ روزہ کھولنے کیلئے گھروں کے علاوہ مساجد میں بھی اہتمام کیا جاتا ہے لیکن تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی افطاری خانہ کعبہ میں ہوتی ہے، خانہ کعبہ میں افطاری کیلئے بچھائے جانے والے دسترخوان کی لمبائی بارہ کلومیٹرہوتی ہے۔

    افطاری کا دستر خوان خانہ کعبہ میں طواف کی جگہ بچھایا جاتا ہے، اس پر روزانہ بارہ لاکھ روزے دار افطاری کرتے ہیں، یومیہ افطاری پر دس لاکھ سعودی ریال کا خرچ آتا ہے جبکہ افطاری کے دوران روزہ داروں کو روزانہ بیس لاکھ آب زم زم کی بوتلیں بھی فراہم کی جاتی ہیں۔

    اس کے ساتھ ساتھ جوس، دودھ اور کیک سے بھی تواضع کی جاتی ہے۔

    دنیا کی اس سب سے بڑی افطاری کا دورانیہ صرف دس منٹ ہوتا ہے، دس منٹ بعد دستر خوان سمیٹ لیا جاتا ہے اور فرش دھویا جاتا ہے کیونکہ دس منٹ بعد یہاں نمازِ مغرب پڑھائی جاتی ہے۔