Tag: Khana Kaba

  • حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    حرمین شریف میں طویل عرصے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نماز جمعہ ادا کی جائے گی

    ریاض: مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں ڈیڑھ سال کے وقفے کے بعد آج سماجی فاصلے کے بغیر معمول کے مطابق نماز جمعہ ادا کی جائے گی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے حرمین شریفین کی انتظامیہ کو خصوصی ہدایت جاری کردی۔

    انہوں نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے عائد سماجی فاصلے اور تعداد کی پابندی کے خاتمے کے بعد جمعہ المبارک کی پہلی نماز کے لیے بہترین انتظامات کیے جائیں۔

    شیخ السدیس نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں آنے والے نمازیوں کی سہولت کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم رب کریم کے شکر گزار ہیں کہ وبا آخری مراحل میں ہے اور اب حرمین شریفین میں نماز باجماعت معمول کے مطابق بغیر سماجی فاصلے کے ادا کی جارہی ہے۔

    ادارہ امور حرمین شریفین کے نگران اعلیٰ نے حرمین کے انتظامی امور سے تعلق رکھنے والے تمام شعبوں کے سربراہوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ نمازیوں اور عمرہ زائرین کی سہولت کے لیے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

  • دو دن بعد چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    دو دن بعد چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا

    مکہ المکرمہ : سعودی عرب کی فلکیاتی سوسائٹی کے عہدیداران نے دعویٰ کیا ہے کہ دو دن بعد چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر ہوگا یہ خوبصورت نظارہ پہلی بار انسانی آنکھ سے براہ راست دیکھا جاسکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق دو دن بعد یعنی11 رجب بمطابق 6 مارچ کو چاند اپنے دائرے میں تیرتا ہوا عین خانہ کعبہ کے اوپر آجائے گا.

    اس حوالے سے سعودی عرب کی فلکیاتی سوسائٹی کا کہنا ہے کہ چاند خانہ کعبہ کے عین اوپر رات 9 بج کر 55 منٹ پر آئے گا جسے دیکھ کر دور سے کعبہ کی سمت کا تعین بھی کرنا آسان ہوگا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق رواں برس چاند کا کعبہ کے عین اوپر آنے کا یہ پہلا واقعہ ہوگا جسے عام آنکھ سے دیکھا جاسکے گا۔.

    مزید پڑھیں : سورج خانہ کعبہ کے عین اوپر آگیا

    واضح رہے کہ اس سے قبل چاند کے کعبہ کے عین اوپر دکھائی دینے کا منظر 2018 میں ہوا تھا جب کہ اسی برس 12 رمضان کو سورج عین کعبہ شریف کے اوپر دکھائی دیا تھا۔

  • خانہ خدا کے مہمانوں کے لیے آب زم زم کے نئے کولرز اور نئے قالین سجادیے گئے

    خانہ خدا کے مہمانوں کے لیے آب زم زم کے نئے کولرز اور نئے قالین سجادیے گئے

    ریاض: مکہ المکرمہ کی مسجد الحرام میں مہمانوں یعنی زائرین کے لیے آب زم زم کے نئے کولرز رکھ دیے گئے، مسجد کے فرش کو بھی نئے قالینوں سے سجا دیا گیا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حرم شریف کے خارجی صحنوں، دالانوں اور راہداریوں میں آب زم زم کے کولرز کی تعداد میں اضافہ کر کے 15 ہزار کر دیا ہے۔

    ان میں سے بعض ٹھنڈے آب زمزم کے کولرز ہیں جبکہ دیگر سادہ آب زم زم کے ہیں۔

    زم زم کولرز میں یہ اضافہ ان دنوں زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ موسم سرما کی تعطیلات کے باعث لاکھوں سعودی شہری، یہاں مقیم غیر ملکی اور خلیجی باشندے عمرہ کی ادائیگی کے لیے مکہ مکرمہ پہنچے رہے ہیں۔

    مسجد الحرام انتظامیہ کے ماتحت زم زم سبیل کے ادارے کے ڈائریکٹر مشاری المسعودی نے بتایا کہ ہمارے ادارے نے اسٹیل اور سنگ مرمر والی آب زم زم کی سبیلیں بھی شروع کردی ہیں جبکہ حرم شریف میں اہم مقامات پر بھی آب زم زم کے کولرز کی تعداد بڑھا دی گئی ہے۔

    دوسری جانب مسجد الحرام کی انتظامیہ نے حرم شریف کے دالانوں اور خارجی صحنوں میں پرانے قالین ہٹا کر نئے قالین بھی بچھوا دیے ہیں۔ انتظامیہ سال کے ان ایام میں قالین تبدیل کرنے کا اہتمام کرتی ہے۔

    مسجد الحرام انتظامیہ کے ماتحت زائرین کی خدمات پر مامور ادارے نایف الجحدلی نے بتایا کہ 1 لاکھ 25 ہزار قالین تبدیل کیے گئے ہیں۔ اس تبدیلی نے زائرین پر خوشگوار تاثر چھوڑا ہے۔