خانیوال : صوبہ پنجاب کے شہرخانیوال میں موٹروے ایم فور پر دھند کے باعث مسافربس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جاں بحق جبکہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق خانیوال میں ایم فور موٹروے پردھند کے باعث مسافر بس اور ٹرالر میں تصادم کے نتیجے میں 10 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق بس حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ بس میں 40 سے زائد مسافر سوار تھے، مسافربس لاہور سے راجن پور جارہی تھی کہ حادثے کا شکار ہوگئی۔
خیال رہے کہ چار روز قبل صوبہ پنجاب کے شہر قصور میں تیزرفتار کار اور رکشے میں تصادم کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ رواں برس 6 اگست کو پنجاب کے شہر حافظ آباد میں کوٹ سرور انٹر چینج کے قریب وین اور کار میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 6 زخمی ہوگئے تھے۔
اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں
خانیوال: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجرموں نےملک پر قبضہ کرلیا، پاکستان تبدیلی کیلئے جاگ چکاہے، روک سکو تو روک لو، ہماری حکومت آئے گی، نواز شریف کو ضیاء الحق نے چوسنی دے کر پالا تھا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال میں پی ٹی آئی کے زیر اہتمام بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان نے کہا کہ باریاں لینے والےحکمرانوں نے ملک کو پستی کی طرف دھکیلا، دنیا کی بہترین ایئرلائن پی اےآئی کو تباہ کردیا گیا۔
مجرموں نےملک پرقبضہ کرلیا ہے، لیکن اب عوام نئے پاکستان کیلئے جاگ گئی ہے، عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اب ملک کو ایسےنہیں چلنے دیں گے، نوازشریف آپ مائنس ہو نہیں رہے بلکہ ہوچکے ہو۔
پنجاب میں دھند نہیں آلودگی ہے
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اس طرح کی دھند نہیں پڑی، پنجاب میں دھند نہیں آلودگی ہے اور
3لاکھ پاکستانی آلودگی سےمرتےہیں، آج تک کسی نے ملک کی ہوا صاف کرنے کیلئےکچھ کیا ہی نہیں، آلودگی سے صرف صحت نہیں فصلوں پربھی فرق پڑےگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کی پہلی جماعت ہوگی جوماحول کاصاف کرے گی، ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے ہم نے خیبرپختونخوامیں ایک ارب 18کروڑدرخت اگائےہیں، یہ درخت ووٹوں کیلئےنہیں بلکہ آئندہ آنے والی نسلوں کیلئےاگائے گئے ہیں، روک سکو تو روک لو،ہماری حکومت ہی آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسی خوبصورتی پوری دنیا میں کہیں نہیں دیکھی، اللہ نےپاکستان کوبہت سی نعمتوں سےنوازاہے، اللہ نےپاکستان کو12موسم دیئےہیں، خیبرپختونخوا میں 4نئی وادیاں ڈھونڈی ہیں۔
شاہد خاقان عباسی جیسا بزدل وزیراعظم نہیں دیکھا
عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاہدخاقان عباسی! ملک کوقرضوں میں دھکیل رہےہو، آپ جیسا کمزور اور بزدل وزیراعظم نہیں دیکھا،نوازشریف! آپ کوسپریم کورٹ نےمائنس کردیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی تھوڑی غیرت دکھاؤ، یہ قوم بکنے والی نہیں ہے، تم نےشوکت عزیز کا بھی ریکارڈ توڑدیا، شاہد خاقان عباسی نااہل وزیراعظم کےقدموں میں گرے ہوئےہیں، تھوڑی سی دلیری دکھائیں۔
نوازشریف کو ضیاءالحق نےچوسنی دے کر پالاتھا
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ عدلیہ نے سابق وزیر اعظم کے خلاف میرٹ پرفیصلہ دیا ہے، نوازشریف کو ضیاءالحق نےچوسنی دے کر پالاتھا، نوازشریف ماضی میں پیسے لے کر حکومتیں گراتے تھے، نوازشریف نےفاروق لغاری سے مل کربینظیر کی حکومت گرائی، نوازشریف! سن لو آپ کے خلاف سازش نہیں یہ اللہ کی پکڑہے، تمہاری سیاست کی قبر کھودی جاچکی ہے۔
میرا وعدہ ہے ملک میں سرمایہ کاری لیکرآؤں گا
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کاسب سےبڑااثاثہ ہیں، وہ اپناسرمایہ پاکستان لیکر آگئےتو سب خوشحال ہوجائیں گے، بیرون ملک مقیم پاکستانی اپنا سرمایہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان نہیں لاتے، میرا وعدہ ہے ملک میں سرمایہ کاری لیکرآؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں اتناپیسہ اکھٹا کروں گا کہ قرضہ نہ لینا پڑے اور وہ پیسہ عوام پر خرچ کریں گے، اقتدار ملا تو مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائی نہیں کریں گے۔
اقلیتی برادری سےبھارت جیساسلوک نہیں کیا جائے گا، اقلیتوں کو برابرکے حقوق دیں گے۔ وہ وقت بھی آئے گا جب دبئی اور دیگر ممالک سے لوگ یہاں روزگار کیلئےآئیں گے۔
خانیوال : سی ٹی ڈی نے خانیوال میں کارروائی کرکے مبینہ مقابلے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جن کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پنجاب جنوبی سے تھا۔
اسٹاف رپورٹر سے ملنے والی تفصیلات کے مطابق کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے خانیوال میں کارروائی کرکے مبینہ 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پنجاب جنوبی سے تھا، ملزمان کے قبضے سے دستی بم،رائفل اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
مبینہ دہشت گردوں بارے اطلاع تھی کہ وہ ملتان میں بڑی کارروائی کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ پولیس مقابلے کے دوران دہشت گردوں کے 2 سے تین ساتھی اسلحہ چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
خانیوال : پاکستان ایکسپریس حادثے کا شکار ہوگئی۔ ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ جس سے چوبیس سے زائد مسافر زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی سے کراچی آنے والی پاکستان ایکسپریس خانیوال میں حادثے کا شکار ہوگئی، مخدوم پور کے مقام پر تیز گڑگڑاہٹ کے ساتھ ٹرین کی پانچ بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔
لوگوں کی چیخ و پُکار سن کر قریبی بستی سے لوگ مدد کو پہنچ گئے، حادثے میں متعدد افراد زخمی ہوئے جنہیں ریسکیو کر کے ڈی ایچ کیو اسپتال پہنچایا گیا۔
زخمیوں میں 3 کی حالت تشویشناک ہے جن میں سے 2 کو ڈسٹرکٹ ہسپتال خانیوال اور 1 کو نشتر اسپتال ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔ حادثے کے معمولی زخمیوں کو فرسٹ ایڈ کے بعد فارغ کر دیا گیا۔
حادثے کا شکار ہونے والے افراد عید کی چھٹیاں منانے اپنے آبائی علاقوں میں جا رہے تھے۔ خوفناک حادثے اور امدادی کاموں میں سُستی پر ٹرین کے مسافر وزیر ریلوے پر برس پڑے۔
حادثے کی جگہ پر امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مسافروں کو ملتان ریلوے اسٹیشن شفٹ کردیا گیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کوٹری کے مقام پر کراچی سے ملتان جانے والی بہاؤالدین زکریا ایکسپریس کی چار بوگیاں بھی پٹڑی سے اترگئی تھیں۔
ملتان : وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ میٹرواورموٹروےخوشحالی کی ضمانت ہیں۔ پاکستان کی ترقی کا پہیہ جام کرنا بدترین سلوک ہے۔موٹر وے کی تعمیر میں کسی کرپشن یا کک بیکس کی مثال نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خانیوال موٹروےسیکشن فورکی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وزیر اعظم نے کہا کہ اب بجلی ملک سے جانے کا نام نہیں لےگی۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ 1999 میں ہماری حکومت ختم ہونے کے ساتھ ہی موٹروے کی تعمیر کا سلسلہ بھی ختم ہوگیا،اس خطے میں موٹروے کو بہت پہلے آجانا چاہیئے تھا۔
خوشی ہے کہ موٹروے اس خطے میں پہنچی۔ہم سے پہلے کسی حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کام نہیں کیا، موٹروے بنانا تو دور کی بات کسی نے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے کیلئے اقدامات تک نہ کئے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے ترقی کا جو ایجنڈا پیش کیا تھا اس سے کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ آمریت جاری رہتی تو پاکستان نہ جانے کہاں ہوتا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے لوڈشیڈنگ دو ڈھائی سال میں بالکل ختم ہوجائے گی اور لوگ یاد کریں گے کہ کبھی لوڈشیڈنگ بھی ہوا کرتی تھی جب کہ موٹرویز اور میٹرو نہیں بجلی کے کارخانے بھی ملک میں لگ رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہوا، دھوپ، کوئلے اور پانی سےبجلی پیداکرنےکےمنصوبے بنا رہے ہیں لیکن سابق حکمرانوں نے گھر گھر لوڈشیڈنگ کا تحفہ دیا، موٹروے بنانے تو دور کی بات ملک میں دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا مسئلہ پیدا کردیا۔
انہوں نے امن و امان کے حوالے سے کہا کہ کراچی آپریشن ہر صورت جاری رہے گا امن کے لئے لازوال قربانیاں دے رہے ہیں۔
ملتان: جنوبی پنجاب کے شہرملتان میں انٹرکالج گرلزفٹ بال میچ ایک معمولی تنازعے پرمیدانِ جنگ کا منظرپیش کرنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق میچ ملتان اور خانیوال کی ٹیموں کے درمیان جاری تھا جس کے دوران ایک کھلاڑی اور کھلاڑی سے ٹکراگئی جس کے سبب دونوں کے درمیان انتہائی سخت جملوں تبادلہ ہوا اور نوبت جھگڑے تک آگئی۔
ایک لڑکی نے مخالف ٹیم کی کھلاڑی کو مارا جس سے ہاتھا پائی شروع ہوئی اس موقع پر کچھ اور کھلاڑیوں نے ہاتھا پائی کو روکنا چاہا تاہم انہیں دھکے دئیے گئے اور باقی لڑکیاں بھی اس جھڑپ میں کود پڑٰیں۔
اساتذہ اور میچ ریفری نے بلیوں کی اس جھڑپ کوروکنے کی کوشش کی لیکن وہ بھی ناکام رہے۔
کافی دیر بعد کالجز کی انتظامیہ معاملے کو رفع دفع کرنے میں کامیاب ہوئی۔
کالجوں کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ معاملے کو جلد حل کرلیا جائے گا اور واقعے کی ذمہ دار ٹیم معافی مانگے گی۔
خانیوال: نامعلوم افراد نے خانیوال میں ایک بچے اور اس کے والد پر تیزاب پھینک دیا جس کے نتیجے میں دونوں باپ بیٹے بری طرح جھلس گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق نامعلوم افراد نے گھر میں داخل ہوکر پانچ سال کے بچے پرتیزاب پھینک دیا، حملے میں بچے کاباپ بھی جھلس گیا۔
ذرائع کا مطابق بچے کا نام عرفان ہے جبکہ اس کے والد کا نام اقبال بنایا جارہا ہے دونوں کو ڈسٹرکٹ اسپتال خانیوال منتقل کیا گیا جہاں بچے کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔
بچے اور اس کے والد کو بعد ازاں سنگین حالت کے پیش نظر نشتر اسپتال ملتان منتقل کیا گیا۔
لاہور: فیصل آباد سے ملتان جانے والی بس کے اغواء کی جھوٹی خبر دینے والے شخص کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم نے بھاری رقم غبن کرنے کے لئے بس کےاغواء کی جھوٹی خبر پھیلائی۔
ڈی پی اوخانیوال جہانزیب نزیر کا کہنا ہے کہ ملزم تنویر یوسف نے بس کے اغواء کی خبر اپنے پاس موجود بھاری رقم غبن کرنےکے لیےکی، ملزم کو تفتیش کے لئے فیصل آباد پولیس کے حوالے کیا جائے گا، بس کے مسافروں کی جانچ پڑتال کر لی ہے اور مسافروں کو جانے کی اجازت دے دی گئی ہے۔
بس کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ بس کے اغواء کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
واضح رہے کہ نجی کمپنی کی مسافر بس کو فیصل آباد سے ملتان جانے والی بس کو مسافروں سمیت خانیوال کے قریب اغواء کرلیا گیا، پولیس نے اطلاع ملتے ہی علاقے کی ناکہ بندی کرکے بس کی تلاش شروع کردی تھی۔
موٹروے پولیس کے مطابق بس 7 بج کر 40 منٹ پر فیصل آباد سے روانہ ہوئی، جسے 4 ڈاکوؤں نے اغوا کرکے لوٹنے کی کوشش کی تاہم اسے ناکام بنادیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ بس کو کچا کھو کےقریب سے بازیاب کرایا گیا۔
ملتان : خانیوال پولیس نے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمد کرکے بین الصوبائی گروہ کے چھ ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفس ملتان میں پریس کا نفر نس کرتے ہو ئے آر پی او ملتان امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ خا نیوال پو لیس نے مشکوک گاڑی کاتعاقب کرتے ہو ئے 6افراد کو گاڑی سمیت حراست میں لیکر بھاری مقدار میں غیر قا نو نی اسلحہ بر آمد کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں دہشت گرد تنظیموں اور جرائم پیشہ عناصر کو اسلحہ بھاری مقدار میں فراہم کرتے ہیں ۔
گرفتارملزمان یوسف ،سعید،حا مد رضا،عاشق حسین،شبیر ،عابد کا تعلق لکی مروت ،خیبر پختونخواہ اور جنو بی پنجاب سے ہے ۔
امجد جاوید سلیمی کا کہنا تھا کہ ملتان ریجن میں سرچ آپریشن کے دوران 76 مشکوک لوگوں کو حراست میں لیا ہے انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں گے وہیں آپریشن کیا جائے گا چاہے وہ مدرسہ ہو یا پھر کوئی اور جگہ۔
خانیوال :آپریشن ضرب عضب کے دوران خانیوال کے لانس نائک محمد علی نے جا م شہادت نوش کیا ،ان کا جسد خاکی صبح خانیوال سی او ڈی کے میجر عباس اور شہید کے گھر والوں نے وصول کیا اور انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان بستی احمد نگر میں دفنایا گیا اورسلامی پیش کی گئی۔
اس موقع پر میجر عمران اور میجر ناصر کے ہمراہ درجنو ں فوجی جوان بھی مو جو دتھے ،شہید کی قبر پر صدر پاکستان ممنون حسین اور چیف آف آرمی اسٹاف جنر ل راحیل شریف کی طرف سے سی او ڈی کے میجر عباس نے پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور شہید کے والد کو پاکستان کا جھنڈا پیش کیا گیا ۔
،شہید محمد علی عید سے دو روز قبل ہی ڈیو ٹی سے واپس آپریشن ضرب عضب میں حصہ لینے واپس گئے تھے انہوں نے سوگوران میں ایک بیوی اور دوسالہ ریحان اور نو ماہ کا فرحان علی چھوڑے ہیں اس موقع پر اہل علاقہ کے سیکٹروں لو گوں نے انکی نماز جنازہ ادا کی۔