Tag: Khanpur

  • ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس آپے سے باہر، گھر مسمار کر دیا، 2 شیر خوار جاں بحق

    ملزمان کی عدم گرفتاری پر پولیس آپے سے باہر، گھر مسمار کر دیا، 2 شیر خوار جاں بحق

    خانپور میں پولیس نے ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مکان مسمار کر دیا جس کے باعث گھر میں موجود دو شیر خوار بچے جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خانپور کے گاؤں عالم خان میں پیش آیا جہاں پولیس نے ملزمان کی گرفتاری میں ناکامی پر مکان مسمار کر دیا۔

    لواحقین کا کہنا ہے کہ گھر کے ملبے تلے دب کر تین ماہ کا انیس اور آٹھ ماہ کی بچی امیرہ جان سے گئے، پولیس کے مطابق آپریشن قتل کیس کے ملزمان کی گرفتاری کیلئےکیا گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے فرار ہونے پر دو مکان مسمار کیے گئے، جاں بحق بچوں کے رشتے داروں نے بچوں کی لاشیں لےکر احتجاج کیا اور مطالبہ کی کہ حکام پولیس ایکشن کے دوران بچوں کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیں۔

  • اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے کم سن طالب علم جلنے کا افسوسناک واقعہ

    اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے کم سن طالب علم جلنے کا افسوسناک واقعہ

    خان پور: ضلع رحیم یار خان کے شہر خان پور میں ایک اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے کم سن طالب علم کے جلنے کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور کے علاقے نیل گڑھ کے خورشید آباد گرلز پرائمری اسکول میں کچرے کے ڈھیر میں آگ لگنے سے ایک کم سن طالب علم جل کر زخمی ہو گیا ہے۔

    واقعے کے فوراً بعد 5 سالہ طالب علم عبدالہادی کو طبی امداد کے لیے شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا، بتایا گیا ہے کہ نرسری کلاس میں پڑھنے والے عبدالہادی یا ہاتھ کچرے کی ڈھیری اٹھاتے ہوئے جھلس گیا تھا۔

    بچے کے والد نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے والے ٹیچرز کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ کچرے میں آگ لگنے پر ٹیچرز نے بچوں کو ڈھیریاں اٹھا کر باہر پھینکنے کا کہا تھا۔

    نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے کی انکوائری کا حکم دے دیا ہے، اور انسپکشن ٹیم کو 24 گھنٹوں میں انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

  • خان پور کی باہمت لڑکی، جس نے ماں کے انتقال کے بعد خود کو کمزور نہیں ہونے دیا

    خان پور کی باہمت لڑکی، جس نے ماں کے انتقال کے بعد خود کو کمزور نہیں ہونے دیا

    خان پور: پنجاب کے شہر خانپور سے تعلق رکھنے والی لڑکی یاسمین نے اتنی ہمت اور عزم سے گھر بار، تعلیم اور اپنی خواہشات کو سنبھالا کہ ان کی کہانی لڑکیوں کے لیے تقلید کی ایک مثال بن گئی ہے۔

    یاسمین خان پور کی ایک غریب فیملی سے تعلق رکھتی ہیں، لیکن اتنی باہمت ہے کہ انھوں نے ماں کے انتقال کے بعد خود کو کمزور نہیں ہونے دیا، اور تعلیم کے ساتھ ساتھ گھر بھر کی ذمہ داری بھی سنبھال لی۔

    خان پور کی یاسمین کسی سے پیچھے نہیں، یہ خود موٹر سائیکل چلا کر سودا سلف بھی لاتی ہیں اور گھر کے کام کاج کرتی ہیں، والدہ کے انتقال کے بعد گھر کے تمام کام کاج کی ذمہ داری بھی اس لڑکی نے احسن طریقے سے سنبھال رکھی ہے۔

    یاسمین نے لڑکی ہونے کو اپنی کمزوری بنانے کی بجائے اپنی طاقت بنایا ہے، دسویں کلاس کی طالبہ یاسمین اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ مختلف گیمز میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہیں۔

    دل میں مستقبل کے ہزاروں ارمان سجائے یاسمین حکومت وقت سے پُر امید ہے کہ حکومت کی مدد سے اپنی تعلیم مکمل کر کے اپنے ملک کی خدمت کر سکے گی۔

    یاسمین نے اے آر وائی نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ’’عموماً ہمارے معاشرے میں لڑکیوں کو کم زور سمجھا جاتا ہے، ایک سال پہلے جب میری والدہ کا انتقال ہوا تو میں نے کم زور ہونے کی بجائے خود کو پہلے سے بھی زیادہ مضبوط بنا لیا۔‘‘

    یاسمین نے کہا ’’میں نے گھر کے اخراجات پورے کرنے کے لیے گھر میں پرچون کی دکان کھولی، جس کی آمدنی سے گھر والوں کا گزر بسر ہو رہا ہے، لیکن حکومت سے اپیل ہے کہ وہ میرے تعلیمی اخراجات میں معاونت کرے۔‘‘

  • خوش و خرم زندگی بسر کرتا 3 فٹ کا جوڑا

    خوش و خرم زندگی بسر کرتا 3 فٹ کا جوڑا

    صوبہ پنجاب کے شہر خان پور میں 3 فٹ کا فقیر حسین اپنے ہی جیسے جیون ساتھی کے ساتھ نہایت خوش و خرم زندگی بسر کر رہا ہے، جوڑے کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خان پور کے رہائشی فقیر حسین کا قد 3 فٹ ہے تاہم اسے اپنے قد کا کوئی احساس محرومی نہیں۔

    سنہ 2015 میں اسے اپنے ہی جیسا جیون ساتھی بھی مل گیا جس کے بعد اب یہ جوڑا خوش و خرم زندگی گزار رہا ہے۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔

    فقیر حسین سبزیوں کا ٹھیلا لگاتا ہے اور اس سے اپنی زندگی کی گاڑی چلاتا ہے۔

    کم مالی وسائل، مہنگائی اور مشکل زندگی کے باوجود دونوں ایک دوسرے کی خدمت، پیار اور توجہ سے سادہ اور بھرپور زندگی گزار رہے ہیں۔

  • خانپور: باہمت کمسن بہن بھائی گھر کی کفالت کرنے لگے

    خانپور: باہمت کمسن بہن بھائی گھر کی کفالت کرنے لگے

    خان پور : دو کم سن بہن بھائی اپنے گھر کی کفالت کرنے لگے، اپنے والد کی وفات کے بعد بچوں نے ہمت نہ ہاری اور دنیا کو بتا دیا کہ اگر ارادہ مضبوط ہو تو کوئی بھی کام مشکل نہیں۔

    مشہور مثال ہے کہ ہمت مرداں مدد خدا، یہ مثال صادق آتی ہے خان پور کے ان دو ننھے بہن بھائیوں8 سالہ مریم اور 6 سالہ بادل پر جنہوں اپنے والد محمد یونس کی وفات کے بعد ہمت نہ ہاری اور کم عمری کے باوجود اپنے گھر کا خرچ چلانے کا بیڑا اٹھا لیا۔

    دونوں ننھے بہن بھائی خان پور کے سٹی پارک میں جھولے چلا کر اپنا اور اپنے خاندان کا گزر بسر کرتے ہیں، دونوں کمسن بہن بھائیوں نے بھیک مانگنے کی بجائے محنت کر کے رزق حلال کمانے کو فوقیت دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے فیاض بلوچ سے گفتگو کرتے ہوئے ننھی مریم نے شکوہ کیا کہ متعلقہ انتظامیہ کے اہلکار انہیں یہاں سے جھولا ہٹانے کیلئے دباؤ ڈال رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگر ہم جھولا ہٹا دیں گے تو کھائیں گے کہاں سے؟

    ارباب اختیار کو چاہیے کہ ایسے باہمت بچوں کے لیے وسائل پیدا کریں کہ وہ آسانی سے باعزت روزگار کما سکیں۔

  • خان پور: آوارہ کتوں نے گھر کے باہر کھیلتی بچی کو نوچ ڈالا

    خان پور: آوارہ کتوں نے گھر کے باہر کھیلتی بچی کو نوچ ڈالا

    خان پور: صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان میں آوارہ کتوں کے حملے میں پانچ سالہ بچی جاں بحق ہوگئی ہے۔

    میڈیا رپورٹ کے مطابق دل دہلا دینے والا واقعہ رحیم یار خان کے علاقے نواں کوٹ کے گاؤں ٹھارو والا میں گذشتہ روز پیش آیا تھا۔

    غم سے نڈھال والدین نے بتایا کہ پانچ سالہ آنیہ گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ آوارہ کتوں کے غول اس پرجھپٹ پڑے، موقع پر موجود افراد نے بڑی مشکل سے بچی کو کتوں کے غول سے بچایا، اس دوران بچی شدید زخمی ہوچکی تھی، جسے طبی امداد کے لئے ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخموں سے چور آنیہ آج انتقال کرگئی۔

    یہ بھی پڑھیں: پنجاب حکومت کا آوارہ کتوں‌ کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    ملک میں آوارہ کتوں کے حملوں سے معصوم بچی کے جاں بحق ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، اس سے قبل گذشتہ سال راولپنڈی کے علاقے کرتاپورہ میں کتوں کے حملے سے خاضق شدید زخمی ہوا جسے ہولی فیملی اسپتال میں ابتدائی طبی امداد دی گئی، بچہ 6 روز تک زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد دم توڑ گیا تھا۔

    رواں سال مئی میں سندھ کے ضلع جیکب آباد میں 5 سالہ معصومہ کھوسو کو کتوں بری طرح سے بھنبھوڑا تھا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوئی تھی۔

    یہی نہیں رواں سال آوارہ کتے خوراک کی تلاش میں کراچی ایئرپورٹ کے رن وے اور ایپرن ایریا میں داخل ہوگئے تھے، آوارہ کتوں کا آزادانہ مٹر گشت اس وقت رپورٹ ہوا تھا جب ایک نجی ایئرلائن کی پرواز اسلام آباد کےلیے ٹیک آف کررہی تھی۔

  • راولپنڈی: کرشنگ کے دوران مزدوروں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    راولپنڈی: کرشنگ کے دوران مزدوروں پر قیامت ٹوٹ پڑی

    راولپنڈی: خانپور میں کرشنگ کے دوران پہاڑ کا حصہ مزدوروں پر جاگرا، دلخراش واقعے کے باعث متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب بڑی تعداد میں مزدور اپنے کام میں مصروف تھے کہ اچانک پہاڑ کا ایک حصہ ان پر آگرا ، جس کے نتیجے میں متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی افراد جائے حادثے پر پہنچے اور انہوں نے امدادی ٹیموں کو واقعے کی اطلاع دینے کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت ملبے تلے مزدوروں کو نکالنا شروع کیا۔مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملبے سے ایک مزدور کی لاش کو نکال لیا گیا ہے جبکہ ملبے تلے دبے دیگر مزدوروں کو بحفاظت نکالنے کے لئے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

    پولیس حکام کا موقف ہے کہ کافی عرصے سے یہاں کرشنگ پلانٹ کے لئے بلاسٹنگ کرکے پہاڑ سے پتھر نکالے جارہے تھے اور بلاسٹنگ کے باعث پہاڑ کھوکھلا ہو چکا تھا جو صبح اچانک سرک گیا جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

  • خان پور: 7 ماہ قبل اغوا ہونے والی لڑکی نہ مل سکی

    خان پور: 7 ماہ قبل اغوا ہونے والی لڑکی نہ مل سکی

    رحیم یار خان: پنجاب کے شہر خان پور سے مبینہ طور پر اغوا ہونے والی ایک جوان لڑکی کو 7 ماہ ہو گئے، لیکن پولیس اسے بازیاب نہ کرا سکی۔

    تفصیلات کے مطابق ضلع رحیم یار خان کی تحصیل خانپور کے موضع محمود کوٹ سے 7 ماہ قبل مبینہ طور پر اغوا ہونے والی 26 سالہ لڑکی ساجدہ بی بی تاحال نہیں مل سکی ہے۔

    سات ماہ سے مبینہ مغوی لڑکی کی واپسی کے لیے پریشان ورثا نے لڑکی نہ ملنے پر آج مجبور ہو کر اہل علاقہ کے ہمراہ تھانہ صدر پولیس کے خلاف احتجاج بھی کیا۔

    لڑکی کی والدہ نے روتے ہوئے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں اور زندہ یا مردہ میری بیٹی کو بازیاب کرایا جائے۔

    دوسری طرف لاپتا لڑکی کے بھائی محبوب نے الزام لگایا ہے کہ ان کی بہن کو خالد لاڑ نے اغوا کیا ہے، پولیس نے مقدمہ تو درج کر لیا مگر ملزمان گرفتار کیے، نہ بہن بازیاب کرائی۔

    ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے با اثر ملزمان کو ایک بار تھانے بلایا تھا اور پھر انھیں چھوڑ دیا۔

    یاد رہے کہ 25 جنوری 2021 کو خان پور کے علاقے نہر کنارہ روڈ پر بھی ایک شہری کے اغوا کی واردات کی گئی تھی، 4 افراد نے ایک شہری کو اغوا کر لیا تھا۔ جنوری ہی میں چک 5 پی میں 14 سال کی لڑکی سویرا بی بی کو چھریوں کے وار سے قتل کیا گیا تھا۔

  • 11 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد

    11 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد

    خانپور: پنجاب کے ضلع خانپور میں گھریلو ملازم نے بچے کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خانپور میں 11 سالہ بچے عبداللہ کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے والے ملزم کو پولیس نے چند گھنٹوں میں گرفتار کرلیا۔

    سرکل پولیس آفیسر ڈی ایس پی فرخ جاوید کے مطابق تھانہ صدر خانپور کے علاقے موضوع گھنیاں بستی مڈ بنگلہ میں نثار احمد نامی مقامی زمیندار کے 11 سالہ بیٹے عبداللہ کو ان کے ملازم 18 سالہ پرویز نے پہلے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا بعدازاں اسے گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔

    اطلاع ملنے پر ایس ایچ او سیف اللہ کورائی نے چند گھنٹوں کی تحقیقات کے بعد ابتدائی طور پر تین مشکوک افراد کو گرفتار کیا جن سے تفتیش کے دوران گھریلو ملازم پرویز نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے فضل کماد کے علاقے سے بچے کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش برآمد کروادی۔

    یہ پڑھیں: فیصل آباد میں گھریلو ملازم نے مالک کے بچے کو قتل کردیا

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قتل، زیادتی اور اغوا کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کو سخت سزا دلائی جائے گی۔

    یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں فیصل آباد میں گھریلو ملازم فیضان نے ڈانٹ ڈپٹ سے تنگ آکر مالک کے بچے کو قتل کردیا، بچے کے قتل میں ملوث گھریلو ملازم کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔

    تھانہ ڈی ٹائپ کالونی پولیس کا کہنا تھا کہ شک کی بنیاد پر گھریلو ملازم فیضان کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا مالک ارشد اسے ڈانٹتا اور اپنے بچوں سے پیار کرتا تھا، میں نے اسی رنجش پر بچوں کو نہر میں پھینکا۔

  • خانپور، شالیمار ایکسپریس اور مال گاڑی کو حادثہ، 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

    خانپور، شالیمار ایکسپریس اور مال گاڑی کو حادثہ، 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

    خانپور: کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس خانپور کے قریب مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں ٹرین کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق خانپور کے قریب جیٹھہ بھٹہ اسٹیشن پر شالیمار ایکسپریس مال گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں شالیمار ایکسپریس کا انجن اور مال گاڑی کی تین بوگیاں پٹڑی سے اترگئیں۔

    ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے میں ٹرین کا ڈرائیور زخمی ہوا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق حادثے کے باعث ٹریک کے دونوں اطراف ٹریفک معطل ہوگئی، ریسکیو ٹیمیں اور انتظامیہ موقع پر پہنچ گئیں۔

    مزید پڑھیں: کراچی سے لاہور جانے والی ٹرین کی زد میں ویگن آگئی، 20 افراد جاں بحق

    شالیمار ایکسپریس کراچی سے لاہور جارہی تھی، حادثہ آٹو میٹک کانٹا چینج ہونے کے باعث پیش آیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی سے لاہور جانے والی شاہ حسین ایکسپریس کی زد میں وین آگئی تھی جس کے نتیجے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے، حادثہ شیخوپورہ میں فاروق آباد اور بحالی ریلوے اسٹیشن کے درمیان بغیر پھاٹک کی کراسنگ پر پیش آیا تھا۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثہ کوسٹر ڈرائیور کی جلد بازی کے باعث پیش آیا، حادثے میں ریل انتظامیہ کی کوئی کوتاہی سامنے نہیں آئی۔