Tag: Khans

  • بالی ووڈ کے تینوں خانز بھی نواز الدین صدیقی کے مداح

    بالی ووڈ کے تینوں خانز بھی نواز الدین صدیقی کے مداح

    معروف بالی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی نے اپنی منفرد اداکاری سے اپنا علیحدہ مقام بنا لیا ہے، بالی ووڈ میں ہر شخص ہی ان کے کام کا معترف ہے اور بالی ووڈ کے سپر اسٹارز تینوں خانز بھی ان میں شامل ہے۔

    نواز الدین صدیقی حال ہی میں ہدایتکار سدھیر مشرا کی فلم افواہ میں نظر آئے، لیکن نواز اس فلم کی ڈسٹری بیوشن پر غیر مطمئن نظر آ رہے ہیں، کیونکہ لوگ ان سے فلم افواہ کی محدود ریلیز کے بارے میں فون کر کے پوچھ رہے تھے۔

    ایک انٹرویو کے دوران فلم ساز پر برس پڑے، انہوں نے کہا کہ جب میکرز کوئی فلم بناتے ہیں اور اگر وہ اسے ریلیز کررہے ہیں تو انہیں ہمت سے اسے ریلیز کرنا چاہیئے۔

    نواز الدین صدیقی نے کہا کہ بہت سے لوگ مجھے فون کر کے پوچھ رہے ہیں کہ فلم کہاں ریلیز ہوئی ہے، کیا میں انہیں بتاؤں کہ یہ کہاں ریلیز ہوئی ہے؟ انڈسٹری کے لوگ بھی مجھ سے یہی پوچھ رہے ہیں اور میں یہ نہیں بتا سکتا کہ اسے کہاں ریلیز کیا گیا ہے۔

    فلم افواہ میں بھومی پیڈنیکر نے بھی مرکزی کردار نبھایا ہے، یہ فلم خطرناک افواہوں سے لڑنے اور ان کے لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے نتائج کے موضوع پر مبنی ہے، رپورٹس کے مطابق فلم کی تھیٹر کی اسکرینیں کم کردی گئیں، جس کی نشاندہی لوگوں نے سوشل میڈیا پر بھی کی۔

    انٹرویو کے دوران نواز الدین صدیقی نے بالی وڈ سپر اسٹارز کے ساتھ کام سے متعلق کہا کہ تینوں خانز کے ساتھ کام کرنا ایک بہت ہی تفریحی تجربہ ہے، چاہے وہ سلمان ہو، شاہ رخ یا عامر، جب بھی کوئی فلم ہوتی ہے تو وہ مجھے فون کرتے ہیں، کیونکہ وہ مجھے اور میرے کام کو جانتے ہیں۔

    نواز کا کہنا تھا کہ وہ مجھے ذاتی طور پر جانتے ہیں اور اسی وجہ سے ان کے ساتھ مضبوط رشتہ ہے، اگر اتنا بڑا سپر سٹار اتنی عاجزی سے مجھ سے بات کرتا ہے تو یقیناً مجھے لگے گا کہ وہ مجھے اپنا سمجھتے ہیں۔

  • مودی سرکار نے خانز کو بالی وڈ سے آؤٹ کر دیا، تصویر نے بھانڈا پھوڑ دیا

    مودی سرکار نے خانز کو بالی وڈ سے آؤٹ کر دیا، تصویر نے بھانڈا پھوڑ دیا

    ممبئی: انتہا پسند مودی سرکار نے تینوں‌ خانز کو انڈسٹری سے آؤٹ کر دیا، متعصبانہ تصویر نے سب عیاں کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق نریندر مودی کے حکومت میں‌ آنے کے بعد جہاں زندگی کے دیگر شعبوں میں مسلمان زیر عتاب آئے اور قوم پرستی کو فروغ ملا، وہیں مسلمان اداکاروں‌ کے لیے بھی مشکلات پیدا کی گئیں.

    تینوں خانز  (عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان) ایک عرصے سے انڈسٹری پر راج کر رہے تھے، کئی اداکار آئے اور گئے، مگر ان تین کا سحر نہیں ٹوٹا.

    انڈسٹری کو بین الاقوامی سطح پر متعارف کروانے کا سہرا بھی ان ہی خانز کے سر تھا، مگر اب یوں لگتا ہے کہ خانز کے کیریر پر فل اسٹاپ لگا دیا گیا۔

    تجزیہ کاروں کے مطابق اس ضمن میں پہلے مرحلے پر اکشے کمار اور  اجے دیوگن کی فلموں کی پذیرائی کا سلسلہ شروع کیا گیا، دوسرے مرحلے میں خانز کے پراجیکٹس پر بے جا تنقید اور ان کی منفی تشہیر کو ہتھیار بنایا گیا.

    جن سیکرلر حلقوں کا خیال ہے کہ یہ مودی سرکار کی سوچی سمجھے سازشی تھی، وہ اس منصوبے میں کئی بڑے فلمی پنڈتوں کی شمولیت کے بھی دعوے دار ہیں.

    نریندی مودی کی تازہ تصویر بھی اس کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس میں انھوں نے بھارتی فلم انڈسٹری کی مختلف شخصیات سے ملاقات کی، تصویر میں کرن جوہر اور روہت شیٹھی مودی جی کے دائیں بائیں موجود ہیں.

    اس تصویر میں جہاں رنویر سنگھ، رنبیر کپور اور ورن دھون موجود ہیں، وہیں راج کمار راؤ اور آیوشمان کھرانا بھی دکھائی دے رہے ہیں.

    واضح رہے کہ ان ہی پانچ اداکاروں کو انڈسٹری کا مستقبل قرار دیا جارہا ہے اور ان کی کامیاب فلموں کی بنیاد پر خانز کے زوال کا اعلان کیا جا رہا ہے.

    یہ تصویر معروف بھارتی فلمی پنڈت ترن آردش نے ٹیوٹ کی ہے، جنھوں نے رواں برس خانز کی فلموں‌کو انتہائی منفی ریوز دیے. دل چسپ بات یہ ہے کہ وہ خود اس تصویر میں نہیں ہیں۔

  • عرفان خان کی بیماری، کنگ خان نے حق ادا کردیا

    عرفان خان کی بیماری، کنگ خان نے حق ادا کردیا

    لندن: موذی مرض کینسر سے لڑنے والے بالی ووڈ اداکار عرفان خان کی کنگ خان بالکل خاموشی کے ساتھ مدد کررہے ہیں جسے جان کر سب کے دلوں میں شاہ رخ خان کی عزت مزید بڑھ جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق بالی ووڈ اداکار عرفان خان گزشتہ تین ماہ سے لندن کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور وہ کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔

    عرفان خان نے گزشتہ دنوں اپنی بیماری کے حوالے سے ایک جذباتی خط تحریر کیا  جس میں انہوں نے کھل کر بیماری اور موت کے خوف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتنی جلدی میرا سفر ختم نہیں ہوسکتا۔

    اداکار نے اعتراف کیا کہ کینسر کی تشخیص کے بعد انہیں تکلیف دہ مراحل سے گزرنا پڑ رہا ہے اور وہ ہر گزرتے دن کے ساتھ موت کے خوف و درد کی شدت کو محسوس کررہے ہیں۔

    مزید پڑھیں: ایسا لگتا ہے زندگی کا سفر ختم ،منزل قریب ہے، عرفان خان کا مداحوں کے نام کھلا خط

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عرفان خان کینسر علاج کے لیے لندن جانے سے قبل کنگ خان سے ملاقات کے خواہش مند تھے مگر یہ ممکن نہیں ہوسکا تاہم اداکار کی اہلیہ نے شاہ رخ خان سے رابطہ کیا تھا۔

    کنگ خان کو جب عرفان خان کی خواہش کا علم ہوا تو وہ فلم کی شوٹنگ روک کر اداکار کے گھر پہنچے اور 2 گھنٹے تک اُن کے ساتھ وقت گزارا، عرفان خان نے جب شاہ رخ خان کو لندن روانگی کا بتایا تو انہوں نے فوراً برطانوی دارالحکومت میں واقع اپنے گھر کی چابیاں انہیں تھما دیں۔

    شاہ رخ خان نے وراسٹائل اداکار کو ہدایت کی کہ وہ جب تک لندن میں موجود رہیں اس گھر کو استعمال کریں، عرفان خان نے چابیاں لینے سے انکار کیا مگر کنگ خان نے انہیں قائل کرلیا۔

    اطلاعات کے مطابق عرفان خان اور اُن کی فیملی لندن میں کنگ خان کے گھر پر ہی قیام پذیر ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔