Tag: khaqan abbasi

  • شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 7 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل

    شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت 7 افراد کے نام ای سی ایل میں شامل

    اسلام آباد : ایل این جی اسکینڈل میں سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت7افرادکا نام ای سی ایل میں ڈال دیا گیا ، اس سے قبل تمام افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق ایل این جی اسکینڈل میں وزارت داخلہ کی جانب سے سابق وزیراعظم شاہدخاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل سمیت7افرادکےنام ای سی ایل میں شامل کر لئے گئے، نیب کی سفارش پرنام ای سی ایل میں ڈالے گئے۔

    جن افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے گئے ان میں چیئرپرسن اوگراعظمیٰ عادل خان ، سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق ، مبین صولت، شاہد اسلام الدین اور عامر نسیم شامل ہیں۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے نیب کو باقاعدہ ایک خط بھیجا گیا ہے جس میں تمام نام ای سی ایل میں ڈالنے سے آگاہ کیا گیا ہے، اس سےقبل تمام افراد کے نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالے گئے تھے۔

    مزید پڑھیں : ایل این جی کیس، شاہد خاقان عباسی نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کےسامنے پیش

    خیال رہے قومی احتساب بیورو راولپنڈی کی جانب سے ایل این جی اسکینڈل کیس میں تحقیقات جاری ہیں، اس سلسلے میں شاہد خاقان کئی مرتبہ نیب میں پیش بھی ہوچکے ہیں جب کہ مفتاح اسماعیل نے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے، اس سے قبل نیب کراچی نے یہ کیس بند کردیا تھا۔

    یاد رہے جون 2018 میں من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزرائے اعظم و دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دی تھی، ترجمان نیب کا کہنا تھا ملزمان پر من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا 15 سال کے لئے ٹھیکے دینے، مبینہ طور پر ملکی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔

    واضح رہے سابق وزیراعظم نوازشریف کے دور حکومت میں سابق وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے قطرکے ساتھ ایل این جی درآمد کے معاہدے پردستخط کیے تھے، جس کے تحت پاکستان ہرسال قطر سے 3.75 ملین ٹن ایل این جی خریدے گا جو کہ پاکستان کی قومی ضرورت کا کل 20 فیصد ہے۔

  • شہبازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے: شاہدخاقان عباسی

    شہبازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے: شاہدخاقان عباسی

    لاہور: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہدخاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہبازشریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے، ملک میں آج لوٹوں کی حکومت ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شاہدخاقان عباسی کا کہنا تھا کہ شہبازشریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود ان سے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آج لوٹوں کی حکومت ہے، حکومت عوام کو مہنگائی کے تحفے دے رہی ہے، موجودہ حکومت نے عوام سے جھوٹے وعدے کیے۔

    شہبازشریف کے صاحبزادے سلمان شہباز بھی نیب کے ریڈار پر آگئے

    ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ 14 اکتوبر کو شیر کی فتح ہوگی، عوام مسلم لیگ ن کو ووٹ دیں گے۔

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر کو نیب نے آشیانہ اسکینڈل میں گرفتار کیا تھا، نیب نے موقف اختیار کیا تھا کہ شہبازشریف نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب اپنے اختیارا ت کا غلط استعمال کیا۔

    ن لیگ کی جانب سے اس فیصلے پر کڑی تنقید کرتے ہوئے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی، شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر ن لیگی کارکنوں‌ نے ہلڑ بازی کی۔

  • وزیراعظم خاقان عباسی کی سبیکا شیخ کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت

    وزیراعظم خاقان عباسی کی سبیکا شیخ کے گھر جاکر اہل خانہ سے تعزیت

    کراچی : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی امریکی اسکول میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کے گھرپہنچے اور متوفی طالبہ کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاھد خاقان عباسی کراچی آمد کے فوری بعد امریکہ میں ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر پہنچے ان کے ہمراہ گورنر سندھ محمد زبیر بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان نے سبیکا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور سانحہ پر تعزیت کا اظہار کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ ہونہار طالبہ سبیکا کی موت پر پوری قوم سوگوار ہے، اللہ تعالیٰ سبیکا کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔

    شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ انتہا پسندانہ رجحانات کسی ایک ملک یاخطے کا نہیں بلکہ عالمی مسئلہ ہے ،ایسے رجحانات کےاسباب کے تدارک کی ضرورت ہے، عالمی سطح پر تجربات سے استفادہ کرنے کی بھی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل امریکی ریاست ٹیکساس میں شہرہوسٹن کے سانٹا فے ہائی اسکول میں طالبعلم کی فائرنگ سے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ سمیت 10 طالبعلم جاں بحق ہوگئے تھے۔

    مزید پڑھیں: امریکا، اسکول میں فائرنگ 10 افراد ہلاک، حملہ آور گرفتار

     گلشن اقبال کراچی کی رہائشی  17سالہ سبیکا شیخ سانتافے ٹیکساس میں ایکسچینج ایئر پروگرام کی طالبہ تھی، وہ 21 اگست 2017 کو یوتھ ایکسچیج اینڈ اسٹڈی پروگرام کے تحت تعلیم حاصل کرنے امریکا گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

     

  • نیو اسلام آباد ایئرپورٹ افتتاح کے لیے تیار‘ نام نہیں رکھا جاسکا

    نیو اسلام آباد ایئرپورٹ افتتاح کے لیے تیار‘ نام نہیں رکھا جاسکا

    اسلام آباد: دس سال  کے عرصے میں مکمل ہونے والے نئے اسلام آباد ایئرپورٹ کا نام تاحال تجویز نہیں کیا جاسکا‘ ایئرپورٹ کی تعمیر پر 90 ارب روپے لاگت آئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دس سال کے طویل عرصے میں 90 ارب روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اسلام آباد ایئر پورٹ کا افتتاح وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کریں گے ‘ تاہم ابھی تک ایئرپورٹ کے لیے کوئی نام تجویز نہیں کیا جاسکا ہے۔

    نیو اسلام آباد ایئرپورٹ 7اپریل 2007ء میں اس کا سنگ بنیادجنرل ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نے رکھا تھا اور اسے تین سال کے عرصے میں مکمل ہونا تھا ‘ تاہم تعطل کا شکار رہنے کے سبب کام وقت پر مکمل نہیں کیا جاسکا اور اب دس سال بعد 20 اپریل 2018 کو وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اس کا افتتاح کریں گے۔

    وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے لیے متعدد نام زیر بحث رہے ہیں ‘ جن میں عبدالستار ایدھی،لیاقت علی خان،فاطمہ جناح گندھارا اور نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے نام زیر بحث آئے لیکن کابینہ نے کسی بھی نام کی حتمی منظوری تاحال نہیں دی ہے۔

    دوسری جانب نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے کی جانب سے گرونڈ ہینڈلنگ کے انتظامات نہیں کئے جاسکے، جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام ایئرلائنز نے گراونڈ ہینڈلنگ کے انتظامات مکمل کرلئے۔پی آئی اے انتظامات کرنے میں ناکام رہی ہے ۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تمام ایئرلائنز کو 18اپریل تک نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر اپنے تما م تر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    نئے ایئرپورٹ کی تصویری جھلکیاں


    ایئرپورٹ کا بیرونی منظر
    پاسپورٹ کاؤنٹر
    فضا سے لیا گیا حسین منظر
    ایئرپورٹ کی آرائش و زیبائش کی ایک جھلک
    ایئرپورٹ اور اس کے عقب میں اسلام آباد کا پہاڑی سلسلہ

    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • نوازشریف، مریم نواز اور شاہدخاقان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    نوازشریف، مریم نواز اور شاہدخاقان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

    لاہور: لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور وزیراعظم شاہدخاقان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیمرا کوعدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سےروکے اور شاہدخاقان عباسی، نوازشریف، مریم نواز کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور وزیراعظم شاہدخاقان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ نواز شریف اورمریم نوازنے ہری پورجلسےمیں عدلیہ مخالف تقاریر کیں، نواز شریف،مریم نواز،شاہد خاقان مسلسل عدلیہ مخالف تقاریرکررہےہیں۔

    درخواست گزار کا کہنا ہے کہ پیمراعدلیہ مخالف تقاریرروکنے کے اقدامات نہیں کر رہا، درخواست گزار

    دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیمرا کوعدلیہ مخالف تقاریر نشر کرنے سےروکے اور شاہدخاقان عباسی، نوازشریف، مریم نواز کے خلاف کارروائی کا حکم دے۔


    مزید پڑھیں : چند افراد نے مجھےاقامے پر گھربھیج دیا، نواز شریف


    یاد رہے کہ ہری پور جلسے میں سابق وزیراعظم نوازشریف نے عدلیہ پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند افراد نے مجھےاقامے پر گھربھیج دیا، ان ججزکوسلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نےعمران کوصادق اورامین قراردیا۔

    مریم نواز نے عدلیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ منتخب کردہ وزیراعظم کو5ججزنےاقامہ پرگھربھیجا، سازشوں کےباوجود ہرانتخابات میں عوام نے نوازشریف کو منتخب کیا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • افغان صدر کا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون، منصب سنبھالنے پر مبارکباد

    افغان صدر کا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون، منصب سنبھالنے پر مبارکباد

    اسلام آباد : افغان صدر اشرف غنی کا وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا اور منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ، دونوں رہنماؤں نے خطے کر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

    ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق افغان صدر اشرف غنی نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو فون کرکے منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، افغان صدر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پُرامن انتقال اقتدار جمہوریت کے استحکام کے لئے ضروری ہے۔

    وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغان صدر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دہشت گرد پاکستان اور افغانستان کے مشترکہ دشمن ہیں۔ خطے کی سیکیورٹی, امن خوشحالی کےلئے افغانستان کے ساتھ ملکر کام کریں گے اور دہشت گردی کا خطے سے خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔

    دونوں رہنماؤں نے توانائی سمیت دیگر شعبوں میں بھی درپیز چیلنجز سے ملکر نمٹنے پر اتفاق کیا۔


    مزید پڑھیں : نو منتخب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ںے اپنے عہدے کا حلف اُٹھا لیا


    یاد رہے کہ نواز شریف کے پاناما کیس میں نااہل ہونے کے بعد اسمبلیاں تحلیل ہوگئی تھی ، جس کے بعد مسلم لیگ نواز کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو بطور عبوری وزیر اعظم نامزد کیا تھا۔

    قومی اسمبلی کے اجلاس میں نئے وزیر اعظم کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوئی، جس میں مسلم لیگ ن کے نامزد کردہ امیدوار شاہد خاقان عباسی نے 221 ووٹ حاصل کر کے فتح حاصل کی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔